مسئلہ بالوں کا

مرسلہ: فرزانہ امین

عام طور پر خواتین بال دھونے میں احتیاط نہیں کرتیں۔ اس بے احتیاطی سے بال اکثر الجھ جاتے ہیں اور دھونے کے بعد اور دھونے کے درمیان کافی ٹوٹ جاتے ہیں۔ اس کا اندازہ اس وقت ہوتا ہے جب الجھے بالوں میں کنگھی کی جائے۔ اس سلسلے میں یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ بال دھونے سے قبل انہیں کسی برش کی مدد سے اچھی طرح سلجھائیں۔ شیمپو براہِ راست سر میں نہ ڈالیں بلکہ کسی پلاسٹک کے مگ میں تھوڑے سے پانی کے ساتھ پتلا کرکے سر میں لگائیں۔ شیمپو سے پہلے بالوں کی جڑیں اور سر کی کھال میں مساج کریں پھر نیچے کناروں تک آئیں۔ بالوں کے سرکے اوپر کے حصے میں ایک ساتھ جمع کرکے نہ دھوئیں بلکہ قدرتی طریقے کی طرح پشت کی جانب لٹکے ہوئے انداز میں شیمپو کریں۔ بالوں کو رگڑ رگڑ کر دھونے سے گریز کریں کیونکہ گیلے بال نہایت حساس ہوجاتے ہیں اور جلد جڑوں سے نکل جاتے ہیں۔

آخر میں ٹھنڈے پانی سے سردھوئیں، اس سے دورانِ خون بڑھتا ہے کیونکہ ٹھنڈا پانی کھلے مسامات کو بند کرتا ہے۔ گیلے بالوں کو باندھنا نہیں چاہیے بلکہ کھلا رہنے دیں تاکہ بال کھلی ہوا میں خشک ہوں۔ شیمپو کرنے کے بعد بالوں کو تولیے سے خشک کرلیں۔ بالوں کو رگڑنے کی بجائے ان کے گرد تولیہ لپیٹ دیں۔ کنڈیشنر بالوں کے ان حصوں پر ضرور لگائیں جو کیمیکلز کی وجہ سے خراب ہوگئے ہوں جیسے بالوں کی نوکیں اور سر کی کھال کے نزدیک والا حصہ کبھی نظر انداز نہ کریں۔

دوشاخہ بالوں کی حفاظت

دوشاخہ بالوں کی شکایت اکثر خواتین کو ہوتی ہے۔ خاص طور پر ایسی خواتین جو بالوں میں تیل نہیں لگاتیں یا اپنے بالوں میں کنگھا کم کرتی ہیں۔ سب سے پہلے بالوں کی جڑوں میں تیل سے مساج کریں۔ اگر آپ بالوں میں ایلوویرا کی جیل لگائیں تو آپ کے بال سلکی ہوجائیں گی۔ ایلوویرا کی جیل آدھا کپ، ایک چمچہ بیکنگ پاؤڈر ایک چمچہ زیتون کا تیل ڈال کر مکس کریں اور بالوں میں لگائیں۔ ایک گھنٹے کے لیے لگا رہنے دیں اس کے بعد بال آپ کو ریٹھے کے پانی یا صابن سے دھونے ہیں۔

ریٹھے کا صابن بنانے کی ترکیب

۱۰ گرام ریٹھے، دو گلاس پانی میں خوب ابالیں اور پھر اس سے بال دھوئیں۔ کنڈیشنر کے لیے دو گلاس پانی ایک چمچہ مہندی کا پاؤڈر ڈال کر ابالیں اور پھر یہ پانی نتھار کر بالوں میں لگائیں تیل روزانہ کا معمول بنالیں۔ ہم آپ کو ایسا تیل بنانے کا طریقہ بتاتے ہیں، جس کو لگانے سے آپ کے بال لمبے سلکی اور گھنے ہوں گے بلکہ دوشاخہ بال بھی ختم ہوجائیں گے۔

زیتون کا تیل ۳۰۰ گرام اور ۳۰ گرام مہندی کے خشک پتے زیتون کے تیل میں ڈال کر ایک ابال دے دیں اور ٹھنڈا کرنے کے بعد چھان کر تیل بوتل میں محفوظ کرلیں اور روزانہ یہ تیل بالوں میں لگائیں۔ بال لمبے، گھنے اور خوبصورت ہوجائیں گے۔ نہانے سے پہلے بالوں میں تیل لگالیا کریں تو بال ملائم ہوجائیں گے اور اس طرح بالوں کی جڑیں بھی مضبوط ہوں گی۔ بیری کے پتوں کو چٹنی کی طرح باریک پیس کر اور جھاگ نکال کر بیس منٹ تک سر میں خوب ملیں۔ اس سے بال چمکیلے اور گھنے ہوجائیں گے۔

پہلے چہرے کی فکر

سب سے پہلے چہرے کی شادابی کے لیے اس پر توجہ بہت ضروری ہے۔ اگر آپ کے چھائیاں یا جھریاں نمودار ہوگئی ہیں تو ایلوویرا کے گودے میں تھوڑا سا روغنِ بادام ملا کر ہلکے ہاتھ سے اس آمیزے کو چہرے پر لگائیں۔تھوڑی دیر بعد منہ دھولیں۔ جھریوں کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ چہرے کی خشکی دور کرنے کے لیے انڈے کی زردی میں بادام کا تیل، ایلوویرا کا رس اور جو کا آٹا ملا کر پیسٹ بنائیں۔ اس آمیزے کو چہرے پر پھیلالیں۔ آدھے گھنٹے بعد منہ دھولیں۔

چکنی جلد کے لیے

چکنی جلد کے لیے انڈے کی سفیدی میں بغیر بالائی والی دہی، عرق گلاب، لیموں کا رس اور جو کا آٹا شامل کرکے اس آمیزے کو بطور ماسک لگائیں اور بعدمیں پانی سے چہرہ دھولیں۔

آنکھوں کی خوبصورتی کے لیے

تھکن کا احساس سب سے زیادہ آنکھوں سے ابھرتا ہے۔ جس سے مجموعی تاثر دب سا جاتا ہے۔ آنکھوں کا پھیکا پن اور تھکاوٹ دور کرنے کے لیے ایک کھیرے کا پیسٹ بنالیں اور اس کی پوٹلی بناکر آنکھوں پر رکھیں اور اطمینان سے لیٹ جائیں آدھے گھنٹے بعد یہ پوٹلیاں ہٹا کر تازہ پپیتے کی قاشیں آنکھوں پر رکھ لیں کچھ دیر بعد پانی سے آنکھیں اور چہرہ دھولیں۔

گلابی ہونٹ

ہونٹوں کی سیاہی اور کٹا پھٹا پن دور کرنے کے لیے بالائی عرق گلاب، روغن بادام پسی ہوئی دار چینی اور زعفران ملاکر ہونٹوں پر لگائیں۔ خشک ہونے پر دوبارہ لگائیں دو سے تین مرتبہ یہ عمل دہرائیں صبح اٹھ کر کسی اچھے صابن سے منہ دھولیں۔

ہاتھوں اور پیروں کی دلکشی کے لیے ہاتھوں اور پیروں کی جلد کی خوبصورتی اور نرمی کے لیے روغن بادام، زیتون کے تیل میں لیموں کا رس شہد اور زعفران ملاکر اچھی طرح لگائیں۔ بلکہ ہلکے ہاتھ سے جذب کریں نیم گرم پانی میں نمک اور زیتون کا تیل ملا کر دونوں ہاتھ اور پیر بیس منٹ تک ڈبوئے رکھیں۔ بعدمیں کسی اچھے صابن سے ہاتھ دھوکر کوئی بہتر لوشن لگائیں۔

صاف اور چمکدار دانتوں کے لیے

دانتوں کی پیلاہٹ دور کرنے کے لیے نمک میں ذرا ساتیل ملاکر دانتوں پر ملیں یا پھر میٹھے سوڈے کو برش پر لگا کرملیں۔ چند دنوں میں فرق صاف نظر آئے گا۔

چمکدار ناخن

ناخنوں کا پیلا پن دور کرنے کے لیے ۵ قطرے روغنِ بادام، ۵ قطرے لیموں کا رس اور تھوڑا سا دودھ ایک چٹکی پسی ہوئی پھٹکری ملا کر اس آمیزے کو باری باری ہاتھوں اور پیروں کے ناخنوں پر لگائیں۔ ناخن صاف اور چمکدار ہوجائیں گے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں