چہرے کے مسام
سوال: میں ملازمت کرتی ہوں، اس لیے روزانہ بناؤ سنگھار کرنا پڑتا ہے۔ دو ماہ سے میرے چہرے کے مسام کھل گئے ہیں اور چہرہ عجیب سا لگتا ہے۔ دو تین ماہرِ حسن خواتین سے رابطہ کیا مگر ان کا علاج بہت مہنگا ہے۔ یہ مسام کیوں کھلتے ہیں اور کیا کسی گھریلو طریقۂ علاج سے ٹھیک ہوسکتے ہیں؟ (بیگم قیوم)
lآپ روزانہ سنگھار کرتی ہیں، یاد رکھیے اسے روز صاف کرنا بھی ضروری ہے۔ مساموں میں آہستہ آہستہ چکنائی جمع ہوجائے، تو وہ جلد کی لچک ختم کردیتی ہے اور مسام کھل جاتے ہیں۔ آج کل نت نئی کریموں کے اشتہار آتے ہیں، خواتین خوبصورت نظر آنے کے چکر میں انھیں خرید لیتی ہیں۔ بار بار کریم بدلنے سے بھی یہ تکلیف جنم لیتی ہے۔ چہرے پر پاؤڈر کی تہ رہنے سے بھی مسام پھیلتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے ہم پر پانچ وقت کی نماز فرض کی ہے، اس کا ایک فائدہ یہ ہے کہ وضو سے چہرہ صاف رہتا ہے اور نور بھی چھلکتا ہے۔ اب آپ اپنی جلد کا دھیان رکھیے اور مساموں میں مزید چکنائی جمع نہ ہونے دیجئے۔ تلی ہوئی اور چربی والی چیزیں بالکل نہ کھائیے۔ کھانے میں سلاد، موسمی پھل اور آدھا پیالہ دہی شامل کیجیے۔ رات کو اچھی طرح منہ دھوکر سوئیے تاکہ مساموں میں پھنسا ہوا میل نکل جائے۔
تھوڑا سا دودھ پیالی میں ڈالیے اور اس میں روئی بھگو کر چہرہ صاف کیجیے۔ روئی بھگو بھگو کر لگائیے تاکہ مسام بندنہ ہوں۔ ہفتہ میں ایک بار انڈے کی سفیدی خوب پھینٹ کرچہرے پر پندرہ منٹ لگائیے، پھر ٹھنڈے پانی سے منہ دھولیجیے۔ پھٹکری بھی مسام بند کرتی ہے۔ آدھے پیالے گرم پانی میں تین چٹکی پسی پھٹکری ڈالیے۔ پانی نیم گرم ہوجائے تو روئی سے چہرے پر اچھی طرح لگائیے اور پانچ منٹ بعد منہ دھولیجیے۔
مزید برآں کھیرے کدوکش کرلیجیے۔ تین چمچ کھیرے میں چوتھائی چمچ لیموں کا رس ملا کر چہرے پر لگائیے اور دس منٹ بعد منہ دھولیجیے۔ یہ گھریلو نسخے آپ بلا خوف و خطر آزمائیے۔ گرمی میں برف کی ٹکور سے بھی مسام سکڑتے ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ آپ گھر آتے ہی منہ ہاتھ دھولیا کریں۔ احتیاط کرنے سے آپ کا چہرہ صاف ہوجائے گا۔
قبض کی تکلیف
سوال: میری بیٹی بارہ سال کی ہے۔ اجابت کے دوران اسے سخت درد ہوتا ہے۔ میں پریشان ہوں کہ کہیں اسے بواسیر ہوجائے۔ اس کی یہ تکلیف کیسے دور ہوگی؟ (ثمینہ کریم)
انجیر کے دو تین دانے گرم پانی سے اچھی طرح صاف کرلیں، اس میں مٹی اور تنکے ہوتے ہیں۔ اب شیشے کے صاف گلاس میں تازہ پانی بھر کر انجیر رات بھر بھگوئیں اور صبح بچی کو کھلادیں۔ دوبارہ دو تین انجیر بھگوئیے اور شام کو کھلا دیجیے، اس نسخے سے اجابت آسانی سے ہوگی اور قبض بھی دور ہوجائے گا۔ اکیس دن سے ایک ماہ تک انجیر کھلانے سے بواسیر کا خدشہ نہیں رہے گا۔ کئی لوگوں کو اس نسخے سے افاقہ ہوا ہے۔
کالا جادو
سوال: میں شوہر کی دوسری بیوی ہوں۔ انھوں نے اولاد کی خاطر شادی کی ہے۔ بدقسمتی سے شادی کے بعد میں ایک عجیب مرض میں مبتلا ہوگئی ہوں۔ ماہانہ بے قاعدگی ایسی ہے کہ نماز نہیں پڑھ سکتی۔ سب کہتے ہیں کہ جادو کا اثر ہے تاکہ میرے ہاں اولاد نہ ہو۔ میری صحت بھی خراب ہورہی ہے۔ ڈاکٹر کی دوا بھی اثر نہیں کرتی۔ دوچار دن ٹھیک رہتی ہوں پھر وہی حال۔ میرے شوہر بھی پریشان ہیں۔ شادی سے قبل میں بالکل ٹھیک تھی اور طبی رپورٹ دیکھ کر انھوں نے شادی کی۔ مجھے بتائیے کہ جادو کا اثر کیسے دور ہوگا اور کیا میں ٹھیک ہوسکوںگی؟ (بیگم الف)
آپ لوگوں کی باتوں پر یقین نہ کیجیے، اسلام میں جادو ٹونے کی کوئی گنجائش نہیں۔ ایک اور خاتون کو بھی آٹھ ماہ سے یہی شکایت تھی۔ میں نے انھیں سنگھاڑے کھانے کو کہا تو وہ تندرست ہوگئیں۔ آپ بھی روزانہ سنگھاڑے کھائیے۔ پنساری سے سوکھے بھی مل جاتے ہیں۔مگر وہ زیادہ پرانے اور خراب نہ ہوں۔ آپ آٹھ دس سنگھاڑے پیس کر تھوڑے سے آٹے میں ملائیے اور پھر روٹی پکاکر کھائیں۔ یہ شکایت دور ہوجائے گی۔ بعد میں تھوڑا سا گڑ یا شکر کھا لیجیے تاکہ کسی ضرر کا اندیشہ نہ رہے۔ سنگھاڑا کمزور صحت اور بلغمی مزاج لوگوں کو نقصان دیتا ہے اور جلد ہضم نہیں ہوتا۔ اسی لیے ایک وقت میں پانچ چھ سے زائد سنگھاڑے نہ کھائیے۔ آپ کسی اچھی ڈاکٹر سے مشورہ کیجیے کہ آخر وجہ کیا ہے۔ علاج بھی کرائیے، انشاء اللہ آپ ٹھیک ہوجائیں گی۔
پنساری سے گیرو اور سنگ جراحت تیس پینتیس گرام خریدئیے۔ باریک پیس کر چھ چھ گرام کی پڑیاں بنالیں اور دن میں دو بار ایک ایک پڑیا استعمال کیجیے۔ آپ کے لیے معجونِ سپاری پاک بھی مفید ہے، رات سوتے وقت کھائیے۔
ایڑیاں پھٹ گئی ہیں
سوال: میری ایڑیاں بری طرح پھٹ گئی ہیں اور خون نکلتا ہے۔ سردی کا موسم اسی تکلیف میں گزرتا ہے۔ جوتی تک نہیں پہنی جاتی۔ مجھے کوئی دیسی ٹوٹکا بتائیے، بہت اذیت میں رہتا ہوں۔ رات کو سویا نہیں جاتا۔
(عبدالصمد، کوٹہ)
یہ تکلیف دہ بیماری ہے ۔ آپ تھوڑا سا موم اور قصائی سے بکرے کی تھوڑی سی چربی خرید لیجیے۔ چربی برتن میں گرم کیجیے۔ جب پگھل جائے، تو اس میں موم ڈال دیجیے تاکہ وہ بھی پگھل سکے۔ بعد ازاں یہ نیم گرم آمیز ہ پھٹی ایڑیوں میں اچھی طرح بھرئیے اور رات کو موزے پہن کر سوجائیے۔ آٹھ دس دن میں پاؤں ٹھیک ہوجائیں گے۔ چربی نہ ملے تو سرسوں کے تیل میں موم پگھلا لیجیے اور لگاتے وقت گرم کرلیں۔ اس سے بھی فائدہ ہوگا۔ پانی میں چھلکوں سمیت شلجم کے قتلے پکا کر تھوڑا سا نمک ملائیے پھر اس پانی میں پاؤں ڈبوئیے۔ پانی ہلکا گرم رہے۔ ایک شلجم کافی ہے۔ یہ بھی مفید ٹوٹکا ہے۔
ہچکی کی مصیبت
ایک خاتون نے پریشانی کے عالم میں فون کرکے بتایا کہ انھیں دو ہفتوں سے ہچکی لگی ہوئی ہے اور کسی طرح بند نہیں ہورہی۔ مجھے ہلدی کا ٹوٹکا یاد آگیا جو انھیں بتادیا۔ تھوڑی سی ہلدی کوٹ کر چلم میں بھر کر پلائیے یا سگریٹ میں بھرکر پیجیے ، یوں ہچکی رک جاتی ہے۔ اچانک کوئی خبر سنانے سے بھی ہچکی کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ چٹکی بھر ہلدی شہد میں ملا کر چاٹنے سے بھی آرام آتا ہے۔ ایک گرام ہلدی میں چھ گرام شہد ملائیے۔ پانچ بادام، پانچ کالی مرچیں اور شکر بارہ گرام پیس کر بصورتِ چٹنی دن میں تین بار چاٹیے، افاقہ ہوگا۔ قرصِ پودینہ بھی دو بار کھانا مفید ہے۔ کسی اچھے حکیم کو دکھا کر دوا لیجیے، بار بار ہچکی آنا خطرناک امر ہے۔
سردی سے بچاؤ
lمنیرہ خاتون کا خط آیا ہے۔ لکھتی ہیں کہ ’’سردی پڑتے ہی کئی بیماریاں ساتھ چلی آتی ہیں۔ نزلہ، زکام، کھانسی کے ساتھ ساتھ گلے کی خراش بھی تنگ کرتی ہے۔ بچوں کو بخار ہوتا اور سینہ جکڑ جاتا ہے۔ میں بہت تنگ آگئی ہوں۔ اوسط درجے کی آمدنی ہو تو اخراجات بڑھ جاتے ہیں۔ ان سے بچاؤ کے گھریلو ٹوٹکے ضرور لکھئے، بہتوں کا بھلا ہوگا۔‘‘
موسم بدلنے کے منفی اثرات انسانی صحت پر بھی پڑتے ہیں۔ میں نے دیکھا ہے کہ کچھ خواتین موسم سرما میں بچوں کو مچھلی کے تیل کے کیپسول ضرور کھلاتی ہیں۔ یہ مفید غذا ہے کیونکہ بچے نزلے سے محفوظ رہتے ہیں۔ ساتھ ساتھ لہسن کا استعمال بھی بہتر ہے۔ ناشتے کے بعد لہسن کی دو کلیاں چھیل کر کھائیں۔ بچوں کے لیے یخنی فائدےمند ہے۔ بڑے کے گوشت کی ہڈیاںمنگوائیے اور دھوکر پر پکائیے۔ اس میں دارچینی کے تین چار ٹکڑے ڈالیے۔ ایک چمچی کالی مرچ، پانچ لونگ، ایک چمچی سفیدہ زیرہ، ادرک کا ایک ٹکڑا، ایک بڑی پیاز کاٹ لیں اور پورا لہسن چھیل کر ڈالیے۔ آخر میں پسا دھنیا چوتھائی چمچی ملا کر یخنی پکنے رکھ دیجیے۔ ہلکی آنچ پر چار پانچ گھنٹے پکائیے، ہڈیوں کا رس نکل آئے گا۔ ہڈیاں پھینک کی یخنی محفوظ کرلیں۔
یہ یخنی روزانہ غذا میں شامل کیجیے۔ بچوں کو پلائیے اور خود بھی پئیں، فائدہ ہوگا۔ لہسن کی چٹنی میں تھوڑا سا پودینہ ملاکر کھانے کے ساتھ ضرور کھائیے۔ لہسن نزلے، کھانسی اوربخار سے بچاتا ہے نیز سینے کے تمام امراض میں مفید ہے۔ نظام ہضم بھی طاقتور بناتا ہے۔ اگر وسط نومبر سے لہسن کا استعمال شروع کردیا جائے، تو موسم سرما بیماریوں سے پاک گزرتا ہے۔ دال کے بگھار میں لہسن ڈالیے۔ تاہم دو سے زیادہ کلیاں نہ کھائیے ورنہ نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کام کی تھکن
سوال: میں ایک کارخانے میں کام کرتی ہوں۔ چند ماہ سے شام کو مجھ پر عجیب تھکن طاری ہوجاتی ہے۔ ہاضمہ بھی ٹھیک نہیں رہتا اور پیٹ میں گیس بہت بنتی ہے۔ کبھی کبھی سانس سے بدبو آتی ہے۔ ان تکالیف سے نجات کے لیے کوئی اچھا سے نسخہ بتائیے۔ (مہوش)
بی بی! تھکن دور کرنے کے لیے آپ پودینہ کی چائے پیجئے۔ پودینے کے پتے چھری سے نہ کاٹیے ہاتھ سے توڑئیے اور اس میں تھوڑی سی ڈنڈی بھی لگی رہنے دیں۔ اسٹین لیس اسٹیل کی دیگچی میں پانی پکنے رکھیئے اور اس میں چوتھائی پیالی سے بھی کم پتے ڈال دیں۔ پانی کو جوش آئے تو اسے ڈھانک دیں۔ اب ایک چمچ شہد پیالی میں ڈالیے اور پودینے کا قہوہ ڈال کر آہستہ آہستہ پی جائیے۔ آپ خود حیران ہوں گی کہ بستر پر جانے سے قبل آپ کی تھکن دور ہوگئی۔ پودینے کا یہ قہوہ کئی بیماریوں میں مفید ہے۔ بعض دفعہ سر میں درد ہو تو متلی ہونے لگتی ہے۔ ایسے میں تھوڑا سا لیموں کا رس ملا کر قہوہ بنائیے، شکایت نہیں رہے گی۔
چھوٹے بچوں کو اگر قے کی شکایت ہو، تو پودینے کے چھ سات پتے، ایک چھوٹی الائچی اور سونف کے سات دانے پانی میں پکائیے، ٹھنڈا کرکے پلانے سے طبیعت ٹھیک ہوجاتی ہے۔ آپ ایک دو ہفتے پودینے کا قہوہ پی لیں، تو آپ کی تمام شکایتیں دور ہوجائیں گی۔ ہاضمہ ٹھیک ہو، تو بھوک بھی لگتی ہے۔ پودینے کے پندرہ بیس پتے مع چھوٹی ڈنڈی ایک پیالی قہوہ کے لیے کافی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس میں کئی خصوصیات رکھی ہیں۔
منہ کے چھالے
سوال: میرے بیٹے کی عمر چودہ سال ہے۔ اس کے منہ میں اکثر چھالے ہوجاتے ہیں۔ کبھی گرم تاثیر والی خوراک کھا لے تو یہی مسئلہ در پیش ہوتا ہے۔ یہ خرابی کیونکر دور ہوتی ہے؟ (ام سعید)
lچار گلاس پانی میں مہندی کے مٹھی بھر پتے خوب ابالیے۔ رنگ آجائے تو پانی چھان کر رکھ لیں اور اس سے غرارے کیجیے، منہ کے چھالے ٹھیک ہوجائیں گے۔ اسی طرح کلونجی ایک چمچ لے کر دو گلاس پانی میں پکائیے۔ ٹھنڈا کرکے غرارے کرنے سے آرام آتا ہے۔ تاہم کسی اچھی حکیم کو دکھا کر بیٹے کی دوا بھی تجویز کرائیے۔ معدے میں خرابی سے بھی بار بار یہ تکلیف ہوتی ہے۔ معدہ ٹھیک رہے، تو چھالے نہیں پڑتے۔ بیٹے کی غذا میں سبزیاں اور دہی شامل کیجیے اور گوشت کم سے کم کھلائیے۔
اصلی شہد
سوال: میری امی نے مجھے اصلی شہد بھجوایا ہے لیکن میرے بچے شہد نہیں کھاتے اور مجھے بھی پسند نہیں۔ ایسا کوئی طریقہ ہے کہ شہد مزے میں اچھا لگے اور مفید بھی ثابت ہو؟ (شبنم شکیل)
شہد تو بہت مفید غذا ہے۔ قرآن پاک کی سورۃ’نحل‘ کے نام سے نازل ہوئی ہے، اس میں شہد کو شفا دینے والا بتایا گیا ہے۔ ہم لوگ ملٹی وٹامن ادویہ کھاتے ہیں تاکہ جسم میں طاقت آئے حالانکہ شہد ان سے کہیں زیادہ مفید اور کئی امراض کا شافی علاج ہے۔ مثلا ابلتے پانی میں چمچ بھر شہد ملا کر بار بار پلانے سے دمے کے مریضوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ یہ دل کو طاقت دیتا ہے۔ طویل بیماری کے باعث جسمانی کمزوری ہو جاتی ہے، ایسے میں روزانہ شہد کا استعمال قوت بڑھاتا ہے۔
آج کل سردی کا موسم ہے، آپ گرم دودھ میں چینی کے بجائے ایک چمچ شہد ڈال کر بچوں کو دیں۔ نوزائیدہ بچے کو بعض دفعہ ہچکی لگ جاتی ہے، اسے تھوڑا سا شہد چٹائیں، وہ ختم ہوجائے گی۔ دانت نکلتے وقت بچوں کے مسوڑھے سوج جاتے ہیں۔ تھوڑا سا بھنا سہاگا شہد میں ملا کر لگائیے، آرام ملے گا۔ شدید زکام میں گرم پانی میں شہد ڈال کر پینے سے سکون ملتا ہے۔
آپ تو خوش قسمت ہیں کہ آپ کو اصلی شہد مل گیا، اس سے فائدہ اٹھائیے۔ مثلاً صبح توس پر جام کے بجائے شہد لگا کر بچوں کو دیجیے، ان کی توانائی برقرار رہے گی۔ کھانسی ہو، تو پسی سیاہ مرچ شہد میں ملا کر چاٹنے سے آرام آتا ہے۔ سردیوں میں بلغمی کھانسی بہت تنگ کرتی ہے، آپ ادرک کچل کر اس کا رس نکال لیں۔ جتنے چمچ ادرک کا رس ہو، اتنے ہی شہد کے چمچ ملا کر رکھ لیں۔ دن میں تین چار بار ایک چمچ چاٹنے سے کھانسی میں افاقہ ہوتا ہے۔
دمہ دور کیجیے
ثمینہ سعید نے ڈربن، افریقہ سے دمے اور سانس کے امراض دور کرنے کے لیے ایک نسخہ بھیجا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ فوری اثر کرتا ہے:
سونف 100 گرام، مصری100 گرام، کالی مرچ 25 گرام۔ تینوں اشیاء پیش کر رکھ لیجیے۔ بڑوں کو ایک چمچ اور بچوں کو ایک چمچی صبح شام گرم پانی کے ساتھ دیجیے۔ پانی میں تھوڑا سا شہد بھی ملایا جاسکتا ہے۔