مشورہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

جوڑوں کا درد

سمیرا، فرزانہ کوٹلی سے لکھتی ہیں: ’’جوڑوں کا درد بہت بے چین رکھتا ہے۔ اس کا غذائی علاج تو ہوگا، اس بارے میں کچھ بتائیے۔‘‘

 جوڑوں کے درد میں ایسے پھل مفید ہیں، جو حیاتین سے بھرپور ہوں۔ آپ اپنی روزانہ غذا میں آم، چکوترا، پپیتا شامل کیجیے۔ سنترہ، مالٹا، کینو بھی موسم میں خوب استعمال کریں۔ پھلوں کی سلاد بنا کر کھائیے، اگر نہ ملے تو ڈاکٹر سے پوچھ کر مچھلی کے تیل کے کیپسول لیجیے۔ آج کل بازار میں سوہا مل رہا ہے، وہ غذا میں شامل کیجیے۔ طب مشرق میں جوڑوں کا درد دور کرنے والی عمدہ دوائیاں موجود ہیں۔ آپ استعمال کریں گی تو ضرور فائدہ ہوگا۔ ان شاء اللہ۔

پاؤں کا سن ہونا

عمرانہ پوچھتی ہیں کہ میرا پاؤں کبھی کبھی سن ہو جاتا ہے۔ چٹکی دو تب بھی پتا نہیں چلتا، پھر خود ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔ یہ خلل کیسے دور ہوگا؟

گھریلو ٹوٹکا یہ ہے: ثابت لہسن کوٹ لیں۔ اس میں تھوڑی سی سونٹھ ملا کر باریک کریں، لیپ بن جائے گا۔ اب پاؤں پر اسے اچھی طرح لگائیں۔ دس دن یہ لیپ لگائیے۔ صبح تلسی کی چٹنی کھائیے۔ سبز تلسی کے پتے مٹھی بھر لیں۔ دو کالی مرچ، سونٹھ یا ادرک کا ٹکڑا اور نودانے چھلے لہسن کے لے کر چٹنی پیس لیں۔ صبح نہار منہ یہ چٹنی کھائیے۔ توس یا روٹی کے ساتھ لیجیے۔ تھوڑی سی چٹنی چاٹ بھی لیں۔ ناریل کے تھوڑے سے تیل میں ایک جائفل جلا کر رکھیے۔ اس کی مالش بھی کرسکتی ہیں۔ آپ اپنے ڈاکٹر سے ضرور پوچھئے کہ سن ہونے کی کیا وجہ ہے؟

خون کی خرابی

خالدہ اکرم، سوال کرتی ہیں کہ گرمی کے موسم میں جلدی بیماریاں کیوں ہوتی ہیں؟ پھنسیاں بچوں کو تنگ کرتی ہیں، کیا کرنا چاہیے؟

موسم گرما میں عموماً دانے نکلتے ہیں۔ جو لوگ گوشت، بینگن، مرچ کھٹائی وغیرہ زیادہ استعمال کرتے ہیں، انہیں یہ تکلیف ہو جاتی ہے۔ ٹھنڈی اشیاء استعمال کیجیے مثلاً جو کے ستو، عناب کا شربت بھی مفید ہے۔ وہی، چھاچھ روزانہ غذا میں استعمال کیجیے۔ گھیا، توری، ٹینڈے، پالک پکائیے۔ کچنار کے پھول بہت مفید ہیں۔ اس سے فساد خون دور ہوتا ہے۔ موسم میں یہ سبزیاں ضرور پکائیے۔ ساتھ میں پھول خشک کر کے رکھ لیں، پھر انہیں شہد میں ملائیے۔ تھوڑا سا یہ شہد روزانہ کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔ نیم کے پتے پانی میں پکا کر اس پانی سے غسل کیجیے۔ اہم بات یہ ہے کہ غذا میں تبدیلی کیجیے۔ گوشت کم کھائیے اور سبزیاں، دہی اور پھلوں کا استعمال زیادہ کیجیے۔ پانی زیادہ پینے کی کوشش کیجیے۔

چھپا کی کا علاج

شہزاد نے سے پوچھا ہے کہ میرے بیٹے کو اکثر چھپاکی ہوجاتی ہے اور شدید خارش رہتی ہے۔ علاج بتائیے۔

بیٹے کو چھپاکی کس وجہ سے ہوئی ہے؟ یہ غذا، دوا، گرمی، غصہ، ہاضمہ کی خرابی اور کیڑوں کے کاٹنے سے بھی ہوجاتی ہے۔ وقتی طور پر دور کرنے کے لیے دیسی پودینے کے پتے چھ سات گرام لے کر ایک بڑے گلاس پانی میں پکائیے۔ اس میں وہ چمچہ، پھر دیسی شکر بھی ملا دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر پلائیے۔ اسی طرح دو حصہ گلاب کے عرق میں پھلوں کا سرکہ ایک حصہ، اسپرے کی بوتل میں بھر کر جسم پر پھوار کرنے سے سکون ملتا ہے۔ پھلوں کا استعمال کیجیے۔ قبض نہ ہونے دیں اور پانی خوب پلائیے۔

لوکی کا تیل

بیگم جلیل اصغر نے پوچھا ہے کہ میرا بیٹا کہیں سے لوکی کا تیل لایا ہے۔ اس کے لگانے سے بال چمک دار اور مضبوط ہوگئے۔ مسئلہ یہ ہے کہ تیل کسی نے تحفتاً دیا ہے۔ گھر میں کیسے بنا سکتے ہیں، ضرور بتائیے۔

تین پاؤ لوکی خریدئیے۔ دھوکر کدو کش کرلیجیے۔ کسی بڑی کڑاہی میں ایک کلو سرسوں کا تیل ڈال کر گرم کیجیے۔ اس میں لوکی تھوڑی تھوڑی ڈالیے۔ آگ تیز نہ ہو، جب لوکی گندمی ہوجائے تو چولہا بند کردیں۔ اُتار کر ٹھنڈا کیجیے اور چھان کر رکھ لیں۔ یہ لوکی کا تیل ہے، اس کے لگانے سے بال مضبوط ہوتے ہیں۔ کچھ لوگ اس میں مٹھی بھر منہدی کے پتے بھی ڈالتے ہیں۔

کھردرے اور میلے ہاتھ

کرن خالد نے پوچھا ہے کہ میرے ہاتھ برتن اور کپڑے دھونے سے کھردرے ہوچکے ہیں۔ میں صابن اور سوڈے سے برتن صاف کرتی ہوں، کیوں کہ مہنگے پاؤڈر نہیں خرید سکتی۔ کوئی سستا سا آزمودہ ٹوٹکا بتائیے، جس سے ہاتھ صاف ہوجائیں۔

کرن بی بی! اپنے ہاتھوں کا خیال رکھیے۔ آپ کو تھوڑے پیسے تو خرچ کرنے ہوں گے۔ گلاب کا عرق منگائیے اور گلیسرین کی چھوٹی بوتل، دو حصہ گلاب کا عرق، ایک حصہ گلیسرین میں ملائیے۔ اس میں ایک لیموں کا رس نچوڑ دیں اور یہ آمیزہ اپنے باورچی خانے میں رکھیے۔ کام کاج کے بعد ہاتھ دھولیں پھر ان پر چند قطرے آمیزہ ڈال کر دونوں ہاتھ اچھی طرح مل لیں۔ یوں ہاتھ نرم و ملائم رہیں گے۔

رات کو سونے سے قبل ہاتھ پر ایک چمچہ چینی ڈالیے پھر آدھے لیموں کا رس ڈال کر دونوں ہتھیلیوں کو اچھی طرح رگڑئیے۔ جب چینی گھل جائے تو پانچ منٹ بعد ہاتھ دھولیں۔ خشک ہونے پر گلیسرین والا آمیزہ لگا کر سوجائیے۔ چار پانچ دن میں ہاتھوں کا میلا پن دور ہوجائے گا۔ پھر لیموں چینی نہ لگائیں۔ صرف وہی آمیزہ استعمال کیجیے۔ برتن دھونے کے بعد آپ آٹا گوندھ لیا کریں یا دودھ کی ذرا سی بالائی پورے ہاتھ پر مل لیں۔ یہ سب مفید گھریلو ٹوٹکے ہیں۔

سیاہ کیلے اور سیب

بیگم شہناز حسین نے پوچھا کہ گھر میں چاٹ بنانے کے لیے کیلے خریدے جاتے ہیں مگر وہ فریج میں دو تین دن بعد سیاہ پڑ جاتے ہیں۔ یہی حال سیبوں کا ہے۔ انہیں کیسے محفوظ رکھا جائے؟

گھر میں بعض دفعہ خاکی موٹے لفافے آتے ہیں۔ پنساری انہی لفافوں میں جڑی بوٹیاں دیتے ہیں۔ یہ لفافے بڑے کام کے ہیں۔ جھاڑ کر رکھ لیں۔ کیلوں کو اس میں اچھی طرح لپیٹئے پھر لفافے کا منہ اچھی طرح بند کر کے رکھ دیں۔ فریج کے نچلے خانے میں محفوظ رہیں گے اور چھلکا کالا نہیں ہوگا۔

اس طرح سیب کاٹئے پھر ایک پیالے میں ٹھنڈا پانی ڈالیے، اس میں ایک چمچہ نمک ڈالیے اور سیب کے قتلے بھگو کر فریج میں رکھ دیں۔ جب ضرورت ہو نکال کر ٹھنڈے پانی سے دھوئیے اور کسٹرڈ میں ڈال دیں۔ چاٹ میں ڈالنا ہو تو نمک والے پانی سے ہی نکال کرپھلوں میں ملادیں، سیب کالے نہیں ہوں گے۔

بنفشے کے فوائد

جاوید رانا نے پوچھا ہے کہ بنفشہ سے کیا فائدے ہوتے ہیں؟ اس بارے میں لکھئے۔

بنفشہ کے پھول اور پتے، تازہ یا خشک برسوں سے مختلف امراض میں مستعمل ہیں۔ اس کا شربت بھی بنتا ہے۔ پتوں کا لیپ ہوتا ہے۔ یہ عفونت دور کرتے ہیں۔ شربت کھانسی کے مریضوں کو شفا دیتا ہے۔ پہلے زمانے میں طبیب بنفشہ کے تازہ پتے پیس کر سرطان کے زخموں پر لگاتے تھے۔ پتوں کا جوشاندہ صبح شام پلاتے۔ میں نے خود اپنی والدہ کو دیکھا۔ گلا خراب ہوتا یا ٹانسلز بڑھ جاتے تو وہ رات کو بنفشہ کی چائے بنا کر پی لیتیں۔ پتے ململ کے کپڑے کے ساتھ گلے میں باندھ لیتیں، صبح گلا صاف ہوتا۔ بنفشہ گلے اور سینہ کی جلن، کھانسی، زکام وغیرہ میں مفید ہے۔ اس کا خمیرہ بھی بنتا ہے۔ اسی طرح بادام کے تیل میں اس کے پھول ڈال کر روغن بنفشہ بناتے ہیں۔

غذائیت سے بھرپور سستے پھل

عنبرین انور پوچھتی ہیں۔ سب لوگ کہتے ہیں، سیب ضرور کھانا چاہیے مگر مہنگائی کے اس دور میں سیب بہت مہنگا ہے۔ اس طرح وٹامن سی کینو، موسمی وغیرہ سے ملتا ہے۔ اب ہم اپنے بچوں کو کیا دیں جس سے مہنگائی کا توڑ ہو اور بچوں کی صحت بھی ٹھیک رہے۔

سیب کے مقابلے میں کیلا سستا ہے۔ بچوں کو ایک دو کیلے کھلائیے، ان کی صحت ٹھیک رہے گی۔ سیب سے زیادہ حرارے کیلے میں ہیں۔ اسی طرح آپ کینو، مالٹے وغیرہ کے بجائے بچوں کو امرود دیجیے۔ امرود کی چاٹ بنا کر کھلائیے تو وٹامن سی اور فولاد کی کمی دور ہوگی۔ امرود سستا پھل ہے۔ اسی طرح موسم سرما میں بادام کے بجائے مونگ پھلی بچوںکو کھلائیے۔ ایک دو اخروٹ کھانے سے بھی صحت ٹھیک رہتی ہے۔ مہنگائی کے دور میںایک سلیقہ شعار خاتون امرود، کیلے اور چھلکے والی دالیں غذا میں شامل کر کے اپنی اور اہل خانہ کی صحت برقرار رکھ سکتی ہیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146