مشورہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

میری گردن کے سامنے والے حصہ پر ایک مسہ بن گیا ہے جو بہت برا لگتا ہے۔ اس کی وجہ سے گلے میں کچھ نہیں پہن سکتی۔ اسے دور کرنے کا کوئی ٹوٹکا بتائیے۔ میری جلد حساس ہے، تیز دوا سے نشان پڑ جاتے ہیں۔

٭بی بی! آپ رات کو ایک کیلا اچھی طرح پانی سے دھوئیے اور خشک کر کے چھلکا اتارئیے اور چھلکے کے اندر کا سفید حصہ مسّے کے اوپر آہستہ آہستہ رگڑیے۔ چار پانچ ٹکڑے ملئے پھر ایک ٹکڑے کا سفید حصہ مسّے پر رکھئے اور اوپر ٹیپ لگا دیجیے۔ صبح اتار لیجیے، مسلسل یہ عمل کرنے سے مسہ تحلیل ہوجائے گا۔ آپ کی جلد حساس ہے اس لیے یہ ٹوٹکا لکھا۔ اس سے جلد کو نقصان نہیں ہوگا۔

گردن میں درد

کچھ دنوں سے میری گردن میں درد ہے۔ میرا کام ایسا ہے کہ فون کرتے ہوئے ہینڈل کو گردن اور کندھے کے درمیان دبا کر بات کرتا ہوں۔ بعض دفعہ تو آدھ گھنٹہ بھی لگ جاتا ہے۔ گردن کا درد بڑھتا جا رہا ہے، اسے دور کرنے کا ٹوٹکا بتائیے؟

٭۔۔۔۔۔ زیتون کا تیل تھوڑا سا لے کر رات کو گردن میں مالش کریں۔ اکثر لوگوں کو دیر تک باتیں کرنے کی عادت ہوتی ہے۔ ایک ہی طرف گردن جھکا کر رکھنے سے بھی درد ہو جاتا ہے۔ بعض دفعہ یہ بڑھ بھی جاتا ہے۔ آپ دس منٹ سے زیادہ گردن پر بوجھ نہ دیجیے۔ کوشش کیجیے کہ فون کا ریسیور ہاتھ میں پکڑ کر بات کریں۔ آپ کا درد چند دن میں ختم ہوجائے گا۔ اصل میں گردن سے ریسیور پکڑنے کی عادت پختہ ہوجاتی ہے۔ ایک صاحب اپنا مفلر تہ کر کے گردن پر رکھتے اور پھر بات کرتے تھے۔ بڑی مشکل سے ان کی یہ عادت ختم ہوئی۔ مختصر بات کرنے کی کوشش کیجیے۔ وقت بہت قیمتی ہے، لوگ اسے بیکار کی باتوں میں گنوا دیتے ہیں۔

موٹاپا کیسے دور ہو؟

میرا وزن بڑھ گیا ہے۔ اٹھارہ سال کی ہوں۔ پتا نہیں ایک دم چربی چڑھ رہی ہے۔ میں کافی پیتی ہوں، لیکن اس سے تو مٹاپا نہیں ہوتا۔ میں کس طرح دبلی ہوسکتی ہوں؟

٭ ۔۔۔۔۔ موٹاپا ایک دم نہیں آتا۔ آپ ضرور تلی ہوئی چیزیں چاول اور چینی کا بے دریغ استعمال کرتی ہیں۔ اپنی غذا پر توجہ دیں تو بغیر علاج آپ کا وزن ٹھیک ہوجائے گا۔ سفید زیرہ منگوا لیجئے اور ہلکا سا کوٹ کر رکھ لیں۔ بس دو تین ٹکڑے ہوجائیں۔ زیادہ باریک بھی نہ ہو۔ پھر پانی پکائیے۔ ایک پیالی پانی میں آدھی چمچی سے بھی کم زیرہ ڈالئے۔ پھر چائے کی طرح دم دیجیے۔ چھان کر اس میں آدھا چمچہ شہد ملائیے اور آدھے لیموں کا رس، صبح یہی چائے لیں۔ شام کو جب کافی پینے کا دل چاہے تو صرف سفید زیرہ کی چائے بنا کر پی لیجیے۔ ذائقہ کے لیے معمولی شہد ڈالیے۔

بازار میں دستیاب موٹاپا کم کرنے کی ادویہ بالکل نہ کھائیے۔ دوپہر کو سلاد بنا کر کھائیے اور آہستہ آہستہ اپنی خوراک کم کریں۔ صبح شام آدھ گھنٹہ چہل قدمی کیجیے۔ میری ایک واقف کار موٹی لڑکی تھی، اس نے اپنا وزن صرف گھر میں جھاڑو دے کر اور فرش پر گیلا کپڑا لگا کر ڈیڑھ دو ماہ میں کم کرلیا۔ چائے اور کافی کا زیادہ استعمال بھی اس عمر میں ٹھیک نہیں۔

میٹھی چیزوں سے پرہیز کیجیے، آپ دبلی ہوجائیں گی۔ وزن کم ہونے لگے تو زیرہ کی چائے چھوڑ دیجیے۔ گوشت کم کھائیے اور سبزیاں زیادہ۔ یہی مسئلہ ہماری ایک قاریہ بیٹی ’ف۔ محمود‘ کا ہے۔ ان کا بھی تفصیلی خط آیا ہے۔ دسویں جماعت کی طالبہ ہیں۔ وزن بڑھ گیا ہے۔ چہرے پر دانے ہیں۔ سر میں بھی درد رہتا ہے اور بہت کچھ!

ان بی بی سے بھی کہنا ہے کہ چائے کافی بالکل نہ لیں۔ زیادہ میٹھا کھانے سے وزن بڑھتا ہے۔ یہ کم بھی ہوسکتا ہے، پریشانی کی بات نہیں۔ آپ گھر کے کام کاج میں حصہ لیجیے۔ دو روٹیاں کھاتی ہیں تو ایک روٹی کھائیے۔ ایک کھیرا، ایک ٹماٹر اور ایک پیالی کٹی بند گوبھی، سلاد کی طرح کھائیے۔ اس پر لیموں کا رس نچوڑ لیں۔ بالوں کے سلسلے میں ٹوٹکا یہ ہے کہ بازا رسے ڈیڑھ پاؤ آملہ، آدھا پاؤ سیکا کائی اور چھٹانک بھر میتھی دانہ پسوا کر رکھ لیں۔ دو تین چمچے یہ سفوف رات کو آدھی پیالی پانی میں بھگوئیے۔ صبح سر میں لگا کر پانچ منٹ بعد سر دھولیجیے، بالوں میں چمک آجائے گی۔ ایک پاؤ سرسوں کے تیل میں دو چمچے میتھی دانہ اور ایک چمچہ کلونجی کوٹ کر ڈالیے۔ شیشے کی بوتل میں ڈال کر چند دن دھوپ میں رکھیے۔ بعد ازاں یہی تیل لگائیے، فرق پڑ جائے گا۔

ہاتھ بھیگ جاتے ہیں

میں ریشم کے دھاگوں سے کڑھائی کرتی ہوں۔ چند دنوں سے میرے ہاتھوں میں خوب پسینہ آرہا ہے۔ اس باعث کڑھائی کرتے وقت مشکل ہوتی ہے۔ بار بار ہاتھ صاف کرنا پڑتا ہے۔ بعض دفعہ دھاگا بھی خراب ہوجاتا ہے۔ یہ مسئلہ کیسے حل ہوگا؟

٭۔۔۔۔۔ آپ دو دھلے بیگن کاٹ کر پانی میں خوب ابالیے۔ بیگن اچھی طرح گل جائے تو اتار لیں۔ پانی جب ٹھنڈا ہوجائے تو اس پانی میں ہاتھ دس منٹ تک ڈبوئیں اور انگلیاں ہلاتی رہیں۔ دس منٹ بعد پانی سے ہاتھ نکال لیں۔ آپ پانچ دن بیگن والے پانی میں ہاتھ ڈبوئیں گی تو پسینہ نہیں آئے گا۔ پانی روزانہ بنائیں۔ ایک دفعہ کا بنایا ہوا پانی پھینک دیں۔ کڑھائی کرنے سے پہلے ہاتھ اچھی طرح دھوئیں۔ خشک کر کے پھر کام کریں۔

بوڑھے لوگ کیوں گرتے ہیں؟

میری دادی پچھلے دنوں غسل خانے میں پھسل جانے کی وجہ سے گر گئیں۔ چوٹیں تو لگیں مگر ہڈی بچ گئی۔ آخر بوڑھے لوگ گرتے کیوں ہیں اور انہیں کس طرح بچایا جاسکتا ہے؟

٭ ۔۔۔۔۔ آپ کا خط مجھے اچھا لگا۔ آپ اپنی دادی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ بوڑھے لوگ واقعی سایہ دار درخت ہوتے ہیں۔ ان کی دعائیں تمام عمر کام آتی ہیں۔ بیٹا، آپ تھوڑی سی احتیاط کریں تو آیندہ دادی اماں گرنے سے بچ جائیں گی۔ ٹیلی فون کے تار پڑے ہوں، تو وہ پاؤں میں آجاتے ہیں۔ غسل خانے کی صفائی کا خاص خیال رکھئے، اُسے بالکل خشک ہونا چاہیے۔ پائیدان ضرور رکھئے تاکہ کپڑے تبدیل کرنے میں آسانی ہو۔ شلوار کے پائنچے کھلے ہونے چاہئیں۔ تنگ ہوں تو پاؤں پھنس جاتا ہے۔ کمرے میں قالین کو بھی نظر انداز مت کیجیے۔ قالین کا کونا مڑ جائے تو کوئی بھی گر سکتا ہے۔ اسی طرح رات کو غسل خانے میں ہلکی روشنی ضرور ہونی چاہیے تاکہ اندھیرے میں ٹھوکر نہ لگے۔ چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھا جائے تو بچاؤ ممکن ہے۔

بڑھاپے میں ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں۔ ساٹھ سال کے بعد ایسا حادثہ ہوجائے تو زیادہ تر کولھے کی ہڈی ٹوٹتی ہے۔ پھر بہت مسئلہ ہوتا ہے۔ آپ اپنی دادی کا خیال رکھیے۔ کمرے اور غسل خانے کی صفائی اشد ضروری ہے۔

مچھلی اعتدال سے کھائیے

ہم لوگ بڑے شوق سے مچھلی تل کر کھاتے ہیں، مگر بعد میں مجھے بڑی پیاس لگتی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ جسم کے اندر بہت تپش ہے۔ پانی پینے کے باوجود پیاس ختم نہیں ہوتی۔ اگلے روز خود بخود پیاس ختم ہوجاتی ہے۔ لیکن پانی پی پی کر پیٹ پھول جاتا ہے۔ یہ پیاس جلد کیسے ختم ہوگی؟

٭۔۔۔۔ آپ لوگ مچھلی میں تیز مسالے ڈالتے ہیں، اسی وجہ سے پیاس لگتی ہے۔ دوسری بات یہ کہ اعتدال کے ساتھ مچھلی کھانی چاہیے ۔ ہر چیز کی زیادتی نقصان دہ ہوتی ہے۔ مچھلی کے بیشمار فوائد ہیں حتی کہ اس کے کانٹے بھی دوا میں کام آتے ہیں۔ بہرحال آپ مچھلی کھانے کے بعد تھوڑی سی ادرک کھالیا کریں اور پانی نہ پئیں۔ ادرک پیاس نہیں لگنے دے گی۔ دوسری بات یہ کہ مچھلی میں ہلکا مسالہ لگائیں۔ ایسی مچھلی مزے کی ہوتی ہے۔

بادام کا تیل

چہرے کی رنگت نکھارنے اور خشکی دور کرنے کے لیے بادام کا تیل مفید ہے مگر یہ مہنگا بہت ہے۔ چہرے کی خشکی دور کرنے کے لیے بادام کیسے استعمال کیے جائیں تاکہ رنگ صاف ہوجائے اور داغ دھبے بھی دور ہوجائیں؟

٭ ۔۔۔۔۔ بادام صحت کے لیے مفید ہیں۔ بادام کی کھل بازار میں مل جاتی ہے، آپ اسے استعمال کیجیے۔ تھوڑی سی کھل بھگو دیں اور چہرے و ہاتھوں پر مل کر اتار لیں۔ جلد بہت خشک ہو تو کھل دودھ میں بھگوئیے اور اس سے اچھی طرح منہ دھولیجیے۔ پانچ بادام پیس لیں۔ اس میں ایک چمچہ شہد ملائیں اور تھوڑا سا زیتون کا تیل بھی اب اسے چہرے پر لگائیے۔ دس منٹ بعد منہ دھو لیجیے۔ چہرہ نرم و ملائم ہوجائے گا۔

پانچ بادام اور ایک چمچہ خشخاش پیس کر تھوڑے سے دودھ میں ملائیے۔ اسے چہرے پر لگانے سے جلد صاف ہوجاتی ہے۔ دس منٹ بعد آپ اسے اتار کر منہ دھولیں۔ منہ خشک ہونے پر تھوڑا سا عرق گلاب چہرے پر مل لیں۔

حسن و آرائش کی اشیا میں بادام کا تیل ملایا جاتا ہے، یوں چہرے کی دلکشی بڑھ جاتی ہے۔ آپ صرف بادام کی مدد سے بھی گھریلو طور پر فائدہ حاصل کرسکتی ہیں۔ چہرے، گردن اور ہاتھوں پر لگائیے،فرق خود محسوس ہوگا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں