مشورہ حاضر ہے!

حکیم محمود احمد برکاتی

س: میری عمر ۲۰ سال ہے، میرے جگر میں بہت گرمی ہے۔ کوئی علاج تجویز کریں۔

ج: عزیز گرامی جگر کی گرمی اور سردی میری سمجھ میں نہیں آتی۔ اس سے آپ کی کیا مراد ہے؟ جگر تو خون فلٹر کرنے کا پلانٹ ہے اور جگر تو گرم ہی ہوتا ہے، خون کا منبع جو ٹھہرا۔ نہ جانے آپ اس کو کیوں ٹھنڈا کرنا چاہتے ہیں! آپ کو جو تکلیف ہے اس کے لیے آپ روزانہ لیمو کا رس ٹھنڈے پانی میں ڈال کر پی لیا کریں، جگر کی اصلاح ہوجائے گی۔

س: میرے بیٹے کی عمر پندرہ سال ہے، اس کو یرقان ہوگیا ہے۔ آنکھیں پیلی ہیں، پیشاب بھی پیلا کرتا ہے، بھوک نہیں لگتی؟

ج: آج کل یرقان میں بہت احتیاط کرنی چاہیے۔ کھانے پینے میں احتیاط کریں، پانی اُبال کر دیں، بازار کی مرغن اور تلی ہوئی اشیاء بالکل نہ دیں، سبزیوں کا استعمال کرائیں، مولی کے پتوں کا پانی نکال کر آگ پر پکائیں، سفید پانی اور تلچھٹ الگ ہوجائے گا تو صاف پانی بوتل میں محفوظ کرلیں اور دن میں کئی مرتبہ پلائیں۔ کچی لسی پلائیں۔ برگ جھاؤ افسنتین، برنجاسیف، گل سرخ کو جوش دے کر شکن جبین لیمونی ملا کر صبح و شام پلائیں۔ انار اور گنے کا رس پلائیں۔ گنڈیریاں کھلائیں، پانی میں گلو کوز اور لیمو کا رس ڈال کر دیں۔

س: میرے پیٹ میں کیڑے (ٹیپ ورم) ہیں، کئی قسم کی دوائیں کھا چکا ہوں، کوئی فائدہ نہں ہوتا۔ بار بار قبض بھی ہو جاتا ہے۔ منہ کا ذائقہ خراب رہتا ہے اور پانی بھر آتا ہے۔ اچھی خوراک کھانے کے باوجود وزن میں اضافہ نہیں ہوتا۔

ج: شاہ صاحب آپ کے پیٹ کے کیڑوں کا علاج آسان نہیں ہے۔ جب تک یہ جڑ سے ختم نہ ہوجائیں ان کی پیدائش کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔گچھے کے گچھے خارج ہوتے رہتے ہیں۔ ہر برائی کی طرح یہ بھی بڑھتے رہتے ہیں جب تک ان کو جڑ سے ختم نہ کر دیا جائے۔ لگتا ہے آپ میٹھا زیادہ کھاتے ہیں۔ میٹھا کھانا کم کر دیجئے۔ کیڑے میٹھے کھانے سے دوبارہ زندہ ہوجاتے ہیں اور ان کی قوتِ نمو میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ گرم گرم کھانا کھاکر ٹھنڈا پانی مت پیا کریں، اس سے نظام ہضم بگڑ جاتا ہے، غذا سڑ جاتی ہے۔ اس سڑاند میں کیڑوں کو خوب پھلنے پھولنے کا موقع ملتا ہے۔

باوبڑنگ ایک گرام، کمیلہ ایک گرام، کھوپرے کا پاؤڈر چھ گرام… یہ ایک خوراک ہے۔ آٹھ دن تک صبح و شام یہ خوراک کھائیے۔ نویں دن سفوف ملین کھا کر پیٹ صاف کریں۔ اگر پیٹ صاف نہ ہو تو دوسرے دن بھی سفوف ملین کا استعمال کریں۔ کھانا کھانے کے بعد حب کبد نوشادری دو عدد کھا لیا کریں۔

س:میری عمر ۱۸ سال ہے، میرے پورے جسم، خاص طور پر ہاتھ پاؤں میں خارش رہتی ہے، دانوں میں پیپ بھی پڑ جاتی ہے۔

ج: مناسب ہوگا کہ آپ اپنے کھانے کے مینو پر توجہ دیں۔ بہت زیادہ مرچ مسالے اور میٹھے کا استعمال کم کریں۔ خون کا توازن بگڑ جائے تو زخم بھرنے میں دیر لگتی ہے۔ صبح و رات وٹامن سی کی گولیاں کھایا کریں۔ گل سرخ، گل منڈی، عناب، برگِ حنا تازہ پانی میں جوش دے کر رات کو سوتے وقت پی لیا کریں۔ دانوں پر مرہم کافور لگائیں۔

س: میری عمر ۲۸ سال ہے۔ قد پانچ فٹ تین انچ اور وزن صرف چھیالیس کلو ہے۔ گھر والے کمزور اور لاغر سمجھتے ہیں۔ لیکن میں اپنے معمولات بحسن و خوبی انجام دیتا ہوں۔ اکثر نزلہ زکام ہو جاتا ہے۔ موٹا ہونے کا کوئی نسخہ بتائیں۔

ج: آپ کیا سمجھتے ہیں، موٹا انسان صحت مند ہوتا ہے؟ دبلا ہونا کوئی مرض نہیں ہے ، اصل چیز یہ ہے کہ آدمی صحت مند ہو اور اسے کوئی مرض نہ ہو۔ موٹاپے میں تو ہزاور بیماریاں ہیں اور آپ تو خود کہتے ہیں کہ آپ صحت مند ہیں۔ اگر پھر بھی وزن بڑھانا چاہتے ہیں تو صحت کے اصولوں کی پابندی کیجئے۔ بازار کے کھانوں سے اجتناب برتیں۔ صبح فجر کی نماز کے بعد سیب کھا کر چہل قدمی کریں۔ واپس آکر تازہ دودھ میں عرق عنبر ڈال کر پی لیا کریں۔ خوب صحت بن جائے گی۔

س: میری عمر ۲۵ سال ہے۔ گزشتہ دنوں اجابت کے ساتھ سرخ رطوبت خارج ہوئی۔ شاید وہ خون تھا لیکن اب ایسی کوئی شکایت نہیں ہے۔ کہیں یہ بات قابل تشویش تو نہیں؟

ج: فضلہ میں خون آنا واضح طور پر دو باتوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ ممکن ہے کہ بواسیر کے مسے ہوں اور ان سے رِس کر خون آرہا ہو۔ دوسری وجہ آنتوں کی خرابی بھی ہوسکتی ہے۔ آپ کو کھانے میں سرخ مرچوں کا استعمال کم کر دینا چاہیے۔ بڑا گوشت اور تلی ہوئی اشیاء سے بھی پرہیز کریں۔ دوا کے طور پر اسپغول، بارتنگ، تخم کنوچی اور تخم ریحاں پانی میں بھگو کر شربت بادیان ملا کر صبح و شام استعمال کریں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں