مشورہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

چہرے کے دانے، گردن کی سیاہی

میرے چہرے پر بہت دانے نکلتے ہیں، جو ختم ہونے کے بعد داغ چھوڑ جاتے ہیں۔ میری جلد چکنی ہے۔ دوسری بات یہ کہ میری گردن سیاہی مائل ہے۔ ایک دن نہ صاف کروں تو برا حال ہوجاتا ہے۔ مجھے بتائیے میں کیا کروں؟ (ن،ق)

* اس دفعہ تین چار خط سیاہی مائل گردن کے بارے میں آئے ہیں۔ چہرے پر دانے اس عمر میں نکل آتے ہیں۔ آپ گرمی کے موسم میں دودھ، چھاچھ، دہی اور سبزیاں استعمال کیجیے۔ گوشت سے پرہیز کیجیے۔ حکیم کی دکان سے ایک پاؤ گل منڈی لیجیے اور اس کے سولہ دانے آدھے گلاس پانی میں بھگودیجیے۔ چھلنی میں پانی چھان کر ایک چمچ شہد ملا کر پی جائیے۔ شہد نہ ملے تو آپ عناب کا شربت ملاسکتی ہیں ورنہ منڈی کے ساتھ عناب کے سات دانے رات کو بھگو دیجیے اور تھوڑی سی چینی ملا کر صبح نہار منہ پیجیے۔ تین چار ہفتے پی کر دیکھئے آپ کا یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ سیاہی مائل گردن کے لیے آپ بازار سے کوئی کلیرنگ لوشن لے کر استعمال کرسکتی ہیں۔ دو چمچ دودھ لے کر اس میں ایک لیموں نچوڑئیے۔ روئی پر یہ دودھ لگا کر اچھی طرح گردن صاف کیجیے۔ گردن کا میل آہستہ آہستہ اتر جائے گا۔ پھر آپ سادہ بیسن سے گردن صاف کرکے صابن سے دھولیجیے۔ ایک ہفتے میں فرق پڑ جائے گا۔

اپنی غذا سے تلی ہوئی چیزیں پراٹھے، سموسے سے اور بازار کے برگر چپس وغیرہ نکال دیجیے۔ کھیرے، ٹماٹر اور پیاز کی سلاد روز کھائیے۔ دن میں ایک بار پانی میں لیموں ملا کر پیجیے۔ پانی آٹھ سے دس گلاس روزانہ پینے سے قبض نہیں ہوتا۔ چہرے کے دانوں کو چھیڑنا نہیں چاہیے۔ نیم، ڈیٹول یا کٹی کرا(Cuticura) صابن دانوں کے لیے مفید ہوتے ہیں، ان سے منہ دھویا کیجیے۔

بال گرتے ہیں

میرے سر کے بال گرتے ہیں۔ آپ نے کسی شمارہ میں کلونجی، میتھی کے بیج اور آملے بھگو کر بالوں کی جڑوں میں لگانے کو لکھا ہے۔ میں وہ لگا سکتی ہوں۔ میرے سر میں خشکی نہیں، صرف بال گرتے ہیں۔ (ثمرین)

* ثمرین! آپ ہومیوپیتھک ڈاکٹر سے مشورہ لیجیے۔ دماغ کی کمزوری سے بھی بال گرنے شروع ہوجاتے ہیں۔ آپ زیتون کے تیل میں تھوڑا سا کسٹرائل ملائیے اور ہر تیسرے دن، رات کے وقت بالوں کی جڑوں میں خوب لگائیے۔ صبح سر دھوئیے۔ کلونجی اور میتھی کے بیج کے بجائے آپ سیکا کائی آدھ پاؤ اور آملے ایک پاؤ منگا کر رکھ لیجیے۔ دو پھلیاں سیکاکائی اور مٹھی بھر آملے رات کو پانی میں بھگو دیجیے۔ صبح پیس کر اس سے اپنا سر دھولیجیے۔ کسٹرائل لگانے کے بعد آپ شیمپو یا صابن سے سر دھوئیے تاکہ چکنائی نکل جائے ’’نیٹرم میور‘‘ ہومیوپیتھی دوا ہے ، وہ آپ 30 طاقت میں کسی اچھے اسٹور سے خریدیے اور صبح و شام کھائیے۔ بادام آپ کے لیے مفید ہیں۔ کم از کم سات بادام صبح کھائیے۔ اس کے ساتھ دودھ کا ایک گلاس پی لیں تو اور بھی فائدہ ہوگا۔ بال عموماً کسی بیماری یا بخار کی وجہ سے گرنے لگتے ہیں۔ آپ پچھلے دنوں بیمار تو نہیں رہیں؟

پیلا رنگ اور کمزوری

میرا رنگ بے حد پیلا ہے۔ لوگ مجھے بیمار سمجھتے ہیں۔ میں علاج کراکے تھک چکی ہوں۔ فرسٹ ائیر کی طالبہ ہوں۔ دودھ موافق نہیں آتا۔ پیٹ خراب ہوجاتا ہے۔ خون کی کمی بہت ہے۔ ذرا سا کام کرتی ہوں تو سانس پھول جاتا ہے ، ٹانگوں اور بازوؤں میں درد رہتا ہے۔ پیٹ کی خرابی کے باعث ٹھیک طرح کھا بھی نہیں سکتی اور کام بھی نہیں کرسکتی۔ مجھے مشورہ دیجیے میں کیا کھاؤں؟ (عائشہ پروین)

* آج کل آلو بخارے اور خوبانی کا موسم ہے۔ آپ صبح دونوں پھلوں میں سے کوئی ایک باقاعدگی سے کھائیے۔ رات کو بادام گیارہ عدد اور تھوڑی سی کشمش پانی میں بھگو کر صبح نہار منہ کھائیے۔ دن کے دس بجے پھل لیجیے۔ ہفتے میں ایک بار بکرے کی کلیجی ہلکی سی بھون کر ضرور کھائیے۔ قلفے کا ساگ اور پالک آپ کے لیے اچھی غذا ہے۔ آلو پالک، گوشت پالک اور قیمہ پالک ہفتے میں کم از کم دو بار کھائیے۔ صبح کی سیر ضرور کیجیے۔ سورج جب نکلتا ہے تواس کی کرنوں کے سامنے کھڑے ہوکر گہرے گہرے سانس لیجیے۔ گہرا سانس لے کر ایک منٹ کے لیے روکیے، پھر آہستہ آہستہ سانس باہر نکالیے۔ ایسا کرنے سے آپ کا سانس پھولنا ختم ہوجائے گا۔ شام کا کھانا جلد کھا کر آپ گھر کے صحن میں کم از کم پندرہ منٹ ٹہلئے۔ کھانا کھا کر فوراً لیٹ جانے سے کھانا ہضم نہیں ہوتا۔ ایک ماہ اسی طرح کیجیے۔ پھر مجھے خط لکھئے۔ آپ ڈاکٹر سے پوچھ کر وٹامن تجویز کراکے کھاسکتی ہیں۔

تازہ یا سوکھےپودینے کے پندرہ پتے لے کر آپ چائےکی طرح پانی میں دم کیجیے۔ ایک پیالی پانی کافی ہوگا، اسے ٹھنڈا کرکے پیجئے۔اس سے آپ کا ہاضمہ درست ہوگا۔ اس میں آپ ایک چھوٹی الائچی بھی ڈال سکتی ہیں۔ اس کے پینے سے رنگ صاف ہوجائے گی۔

چنے کے فوائد

میرے بچے بھنے چنے شوق سے کھاتے ہیں۔ کیا یہ صحت کے لیے مفید ہیں۔ ان کا چھلکا اتار کر کھایا جائے یا ویسے ہی۔ ذرا تفصیل سے بتائیے۔ میری ساڑھے سات سال کی بیٹی توتلی ہے۔ بچی بہت حساس ہے۔ اسکول میں گم سم رہتی ہے۔ ’ر‘ کو ’ڑ‘ بولتی ہے۔ ف کا لفظ نہیں نکال سکتی۔ اس کی بات مشکل سے سمجھ آتی ہے۔ قارئین میں کسی کو ٹوٹکا معلوم ہوتو ضرور بتائیں۔ میں بہت پریشان ہوں۔ (مسز ڈاکٹر انوار)

* محترمہ بہن! ایک پرانی کہاوت ہے کہ جو ہمیشہ چنا کھاتا ہے وہ جوان رہتا ہے۔ چنے کی دال کا چھلکا پانی میں بھگوکر پینے سے پیشاب کھل کر آتا ہے۔ چنے کی کونپلوں کا ساگ بہت مزیدار پکتا ہے اور ہاضم ہوتا ہے۔ تھوڑے سے چنے رات کو پانی میں بھگو کر صبح چینی ملا کر پئیں تو جسمانی قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔ تازہ چنے جنھیں بونٹ یا ہرا چھولیا کہتے ہیں، کھانے سے وٹامن سی کی کمی دور ہوتی ہے۔ چنے کی دال کو اسی وجہ سے خاص اہمیت حاصل ہے۔چنے کی دال گوشت سب کو پسند ہے۔ پہلے زمانے میں سپاہیوں کو یہ دال ہی کھلائی جاتی تھی۔ چنے کا چھلکا آپ بے شک اتار دیا کریں۔ چھوٹے بچوں کے منہ میں پھنس جاتا ہے۔ سو گرام چنوں میں142 حرارے، 19 گرام لحمیات، اور 4 گرام چکنائی ہوتی ہے۔ اس کے آٹے کی روٹی ذیابیطس یعنی شوگر کے مریضوں کے لیے اچھی ہے کیونکہ اس میں نشاستہ کم ہوتا ہے۔

اب آپ کا دوسرا مسئلہ بچی کی تتلاہٹ کا ہے۔ بچی غلط بولتی ہے تو آپ دوسرے بچوں کو پیار سے سمجھائیں کہ اس کا مذاق نہ اڑائیں۔ اس طرح وہ احساسِ کمتری کا شکار ہوجائے گی۔ بچے عام طور پر ’ر‘ کو ’ڑ‘ بولتے ہیں۔ بچی کو علیحدگی میں لفظ کی ادائیگی سکھائیے۔ ہونٹوں سے بار بار ف کہہ کر بتائے۔ ’ف‘ اس طرح بولا جاتا ہے۔ آپ کو تھوڑی سی محنت کرنا ہوگی۔ پھر بچی آہستہ آہستہ سیکھے گی۔ آپ کے شوہر ڈاکٹر ہیں۔ زبان کے نیچے ’’تانتوا‘‘ ہوتا ہے۔ بعض دفعہ وہ زیادہ ہونے کی وجہ سے بچے بول نہیں سکتے۔ اسے کاٹ دینے کے بعد زبان صاف ہوجاتی ہے۔ آپ چیک کرائیے۔ تھوڑا سا بھنا ہوا سہاگہ شہد میں ملا کر دن میں دو بار زبان پر ملئے۔ سہاگے کی ڈلی توے پر ڈال کر تیز آگ پر رکھنے سے وہ سفید کھیل کی طرح پھول جاتا ہے۔ یہ بے ضرر چیز ہے۔ عقرقرحا 12 گرام اور کالی مرچ 6 گرام باریک پیس کر زبان پر ملنے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔ اس میں تیزپات کے ایک دو پتے ملا لیجیے۔

جسمانی کمزوری

اس بار چار خط آئے ہیں۔ یہ چاروں بچیاں سترہ اٹھارہ سال کی ہیں۔ فریحہ، اشمہ سائرہ، صائمہ، روحی۔ فریحہ بی بی نے تو اپنی پریشانی بہت زیادہ بیان کی ہے۔ بقول ان کے ’’میں بالکل ڈنڈے کی مانند لگتی ہوں۔ سب میرا مذاق اڑاتے ہیں۔ چہرے کی ہڈیاں نکلی ہوئی ہیں۔ میں اپنی باجی کی شادی میں نہیں جاؤں گی۔ جب تک چہرہ ٹھیک نہیں ہوگا۔‘‘ دوسری بچیوں کا مسئلہ ہے نسوانیت کی کمی۔ انھوں نے اخبارات میں اشتہار پڑھ پڑھ کر الٹی سیدھی دوائیاں استعمال کیں۔ کوئی فرق نہیں پڑا۔ ان بچیوں نے لکھا ہے وہ گھر میں کچھ نہیں کہہ سکتیں۔ اپنی والدہ اور بہنوں سے بات نہیں کرسکتیں۔

* بچیوں سے مجھے یہ کہنا ہے کہ جسم کی قدرتی ساخت بعض دفعہ ایسی ہوتی ہے، آپ الٹی سیدھی کریمیں یا لوشن استعمال نہ کیجیے۔ ان سے آپ کو الرجی بھی ہوسکتی ہے۔ آپ رو زانہ سوتے وقت پانچ منٹ انگلیوں کی مدد سے زیتون کے تیل کی آہستہ آہستہ مالش کریں۔ دو تین ماہ یہ عمل مسلسل کیجیے۔ دودھ میں شہد ڈال کر روزانہ پیجیے۔ ایک ہومیوپیتھک دوا ہے ’’سیبل سیرولیٹا‘‘ اس کی ایک شیشی کسی اچھے اسٹور سے مدر ٹنکچر کہہ کر خریدیے۔ جرمنی کی مل جائے تو مناسب ہے۔ آدھی پیالی پانی میں 5 قطرے ڈال کر صبح ، شام پی لیجیے۔ فریحہ بی بی آپ رات کو سوتے وقت زیتون کے تیل کی مالش چہرے پر بھی کیجیے، نیچے سے اوپر تک گولائی میں۔

آم کے موسم میں ، دو آم کھا کر دودھ پیا کیجیے، آپ کا جسم ٹھیک ہو جائے گا۔ اپنی باجی کی شادی میں ضرور جائیے۔ میک اپ سے بھی چہرہ بھرا بھرا لگتا ہے۔ کسی اچھے بیوٹی پارلر سے میک اپ کرانے سے یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔ اشمہ بی بی! آپ کا مسئلہ کوئی خاص نہیں۔ اکثر اوقات ایسا ہوتا ہے، آپ زیتون کا تیل بائیں جانب روزانہ ملئے، ٹھیک ہوجائے گا۔ چہرے کے دھبوں کے لیے آپ آج کل آلو بخارے کھائیے۔ قبض نہ ہونے دیجئے۔ دہی کی بالائی داغوں پر ملیے۔

داغ

میرے کپڑوں پر چائے کے داغ لگ گئے ہیں۔ بہت کوشش کی، لیکن وہ نہیں اترے۔ کوئی آسان سا حل بتائیے۔ (سعید احمد)

* آپ نے یہ نہیں لکھا کپڑے کاٹن کے ہیں یا ریشمی اب تو داغ پختہ ہوگئے ہوں گے۔ بہرحال یاد رکھیے چائے کپڑوں پر گرے یا چارپائی پر، ہمیشہ پسا ہوا نمک جلدی سے چائے کے دھبوں پر ڈال دیجیے۔ اس کے بعد صابن سے دھولیجیے، تو داغ نہیں پڑے گا۔ بچے اکثر گھروں میں قالین پر چائے گرا دیتے ہیں۔ خواتین کو چاہیے کہ فوراً پسا ہوا نمک چھڑک دیں بعد میں برش سے صاف کرلیں۔ دھبہ نہیں پڑے گا۔ آپ یہ بھی کرسکتے ہیں کہ تھوڑا سا امونیا پانی میں ملا کر داغ والا حصہ اس میں بھگودیں اور پھر صابن سے دھولیں.

مزید مشورے!

مشورہ حاضر ہے!

مشورہ حاضر ہے!

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146