مشورہ حاضر ہے

صغیرہ بانو شیریں

املی آلو بخارے کا شربت
موسم گرما میں میری پیاس ختم نہیں ہوتی۔ بازار میں املی آلو بخارے کا شربت ملتا ہے۔ وہ صحت کے لیے کیسا ہے؟ اس بارے میں بتائیے۔ (ارباب)
lبازار میں اکثر جعلی مشروبات ملتے ہیں، یہ نقصان دہ ہوتے ہیں۔ بچوں کو بالکل نہ دیجیے۔ آپ دس دانہ آلو بخارہ لیں اور اتنی ہی املی۔ دھو کر پانی کے جگ میںبھگودیں۔ خود بھی پئیں اور بچوں کو بھی پلائیں، سکون مل جائے گا اور گرمی ختم ہوگی۔ اس شربت کا فائدہ ہے نقصان نہیں۔
اسی طرح جو کے ستو لاکر رکھ لیں۔ اس سے بھی گرمی دور ہوتی ہے۔ جو پیتے ہی جسم میں ٹھنڈک پڑجاتی ہے، مگر آپ ستو بھی گھر میں بناکر پئیں۔ بازار کے ستو نہ لیں۔ گھر میں بناچھاچھ بھی مزے کا ہوتا ہے۔ آپ دہی اور دودھ کی پتلی لسی بناکر فریج میں رکھ سکتی ہیں۔ تربوز کا رس مزے کا ہوتا ہے۔ ہلکا سا نمک ڈال کر پئیں۔ رس نہ بناسکیں تو تربوز کاٹ کر ٹھنڈا کرکے کھائیں، گرمی میں سکون دے گا۔
صندل کا شربت بھی بہت مفید ہے۔ گرمی میں جسم کی حدت ختم کرتا ہے۔ شربتِ بزوری بھی لوگ استعمال کرتے ہیں۔ تخم ملنگاں بھگو کر دودھ میں ملا چینی ڈال کر پینے سے ٹھنڈک پڑتی ہے۔ اسکول سے آنے والے بچوں کو اگر تخم ملنگاں اور دودھ پلایا جائے تو گرمی سے افاقہ ہوتا ہے۔ اسی طرح تازہ آڑو یا آلو بخارے لے کر گٹھلیاں نکالیے پھر چینی نمک ملا کر گرائینڈر میں شربت بنالیجیے۔ فالسہ بھی بہت اچھا ہے۔ اس کا شربت بھی بناسکتی ہیں۔ ایک کلو چینی میں ایک پاؤ پانی ملاکر پکائیے۔ چینی گھل جائے تو ٹھنڈا کرکے بوتل میں بھر کر رکھ لیں۔ کوئی مہمان آئے تو لیموں کاٹ کر رس نکالیے، بوتل سے چینی کا شیرہ نکال کر ملائیے، برف پانی ڈال کر چٹکی بھر کالی مرچ پسی ہوئی اور نمک ڈالیے۔ آخر میں پودینہ کا پتہ ڈال کر پیش کیجیے۔
بھنڈی
بھنڈی پکاتے ہوئے گھل جاتی ہے تب سالن کھایا نہیں جاتا۔ میرا دل چاہتا ہے کہ بھنڈی ثابت ہی نظر آئے، یہ کیسے ممکن ہے؟ (راحیلہ)
lبھنڈی پر کیڑے مار ادویہ کے اسپرے بہت ہوتے ہیں۔ اس لیے سب سے پہلے بھنڈی کو پانی میں بھگوئیں، ایک دو گھنٹہ پانی میں رہنے دیں پھر اسے چھلنی میں رکھ کر اچھی طرح پانی سے دھولیں۔ اب اسے پھیلادیں تاکہ خشک ہوجائے۔ جب بالکل خشک ہو تو اسے کاٹ لیں اور تھوڑے سے تیل یا گھی میں تل لیجیے۔ اسے سرخ نہ کریں۔ رنگ تبدیل ہونے پر اتار لیجیے۔ پھر گوشت بھون کر بھنڈی و ٹماٹر ڈالیے اور تھوڑا سا بھون کر پانی ڈال دیجیے یوں بھنڈی صحیح رہے گی۔
بھنڈی کی بھجیا میں بھی اکثر املی کا پانی ڈالتے ہیں۔ اس سے ذائقہ بہتر ہوجاتا ہے۔ فریج میں رکھ کر دوبارہ گرم کرنے پر بھی بھنڈیاں نرم رہتی ہیں۔ بھنڈی پیاز اور ٹماٹر کے ساتھ بھی پکتی ہے۔
زنگ کے داغ
میں نے ریشمی عباء خریدی۔ جب اسے دھوکر لوہے کی ریلنگ پر رکھا تو ،اس پر زنگ کے پیلے داغ پڑگئے۔ یہ کس طرح ختم ہوں گے؟ (قدسیہ)
lداغ پر آدھے لیموں کا رس ڈالیں، پھر نمک چھڑک دیں ا ور دوسرے آدھے لیموں پر ذرا سا نمک لگا کر رگڑیں۔ پھر اسے خشک ہونے دیں۔ بعد ازاں دھوکر سرف میں بھگودیں۔ خواتین چاول ابال کر اس کا پانی نکال کر اس میں داغ والا حصہ بھگو دیتی تھیں۔ دو ڈھائی گھنٹے بعد دھولیںتو داغ اترجاتا ہے۔ اب تو ڈرائی کلین والے بھی دھبے دور کردیتے ہیں۔ ان کے پاس مختلف کیمیکل ہوتے ہیں۔
بڑھاپا کیسے روکوں؟
میری عمر چالیس سال ہے۔ تین بچے ہیں۔ مجھے بڑھاپے سے خوف آتا ہے ۔ آپ سب کو مشورہ دیتی ہیں، مجھے بھی بتائیے کہ بڑھاپے کا مقابلہ کیسے کروں؟ (فرزانہ)
lاللہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا کیا ہے اور جو پیدا ہوا، اس نے مرنا بھی ضرور ہے۔ یہ اٹل حقیقت ہے۔ آپ مغربی ممالک کی خواتین کا جائزہ لیں، وہ ادھیڑ عمر میں بھی پرکشش نظر آتی ہیں۔ اپنی جوان بیٹیوں، نواسیوں کے ساتھ باہر نکلتی ہیں تو کہیں سے ماں نظر نہیں آتیں۔ وجہ یہ ہے کہ یہ خواتین متوازن غذا لیتی اور کام میں مصروف رہتی ہیں۔ جیسے ہی موقع ملے، سیر سپاٹے کرنے نکل جاتی ہیں۔ ہمارے ہا ںخواتین ایسی کوئی تفریح نہیں کرتیں اور پھر آپ کی طرح سوچتی ہیں کہ بڑھاپا آگیا۔
بہرحال آپ تازہ پھل اور سبزیاں استعمال کیجیے۔ چھلکے والی دالیں پکائیے۔ سردیوں میں ہفتے میں دوبار مچھلی کھائیے۔روزانہ پندرہ منٹ کی سیر کیجیے۔ صبح شام سیر کرنے سے آپ کو خود میں توانائی بھرنے کا احساس ہوگا۔ جب بھی بھوک لگے، کھانا کھائیے۔ پیٹ بھر کر نہیں بلکہ تھوڑی جگہ خالی رکھیے۔ پھل اور سبزی کی سلاد ضرور بنائیے۔ اوڑھنے پہننے کا خیال رکھیے۔ نماز کی پابندی کریں اور اچھی کتابیں پڑھیں۔ کتابیں پڑھنے سے مطالعہ وسیع ہوگا۔ خود کو چاق چوبند رکھیں۔ بڑھاپا آپ سے دور رہے گا

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146