مشورہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

حافظہ تیز کرنے کا سستا نسخہ

کلونجی کے بارے میںضرور لکھئے۔ کلونجی کے فوائد کیا ہیں؟ اس سے کن امراض کا علاج ہوسکتا ہے؟ یہ حافظہ پر بھی اثر ڈالتی ہے؟ (عنبریں تاج)

lکلونجی کے سیاہ چھوٹے بیچوں میں بہت شفا ہے۔ جو بچے قرآن حفظ کررہے ہوں وہ صبح وشام سات دانے کلونجی پانی کے ساتھ پھانک لیں تو ان کا حافظہ تیز ہوجاتا ہے۔ پرانے لوگ کلونجی کی افادیت جانتے تھے۔ وہ روز مرہ کے کھانوں میں کلونجی کا استعمال کرتے تھے۔ آلو کی ترکاری، اروی کی بھجیا، کریلے، گھیا، ٹنڈے، پیٹھا یا بھنڈی جب پکاتے تو ان میں آدھا چھوٹا چمچہ کلونجی ضرور شامل کرتے۔ اس سے کھانے کا ذائقہ بہتر رہتا اور کھانا ہاضم ہوتا۔ اچار اور چٹنی میں آج بھی کلونجی ڈالی جاتی ہے۔ نہار منہ چٹکی بھر کلونجی پیس کر شہد میں ملالیتے ہیں اور کھاتے ہیں۔ کلونجی کو مسلسل نہیں کھانا چاہیے۔ پندرہ بیس دن کھا کر دوچار دن کا ناغہ کریں۔

کلونجی کھانے سے معدہ مضبوط ہوتا ہے۔ اس کا تیل گنج پر لگانے سے بال اُگ آتے ہیں۔ آپ طالب علم ہیں، آپ کے لیے صبح ۷ دانے کلونجی کھانا بہتر رہے گا۔ گھر میں جب بھی بھجیا، سبزی پکائیں کلونجی ضرور شامل کریں۔ پرانا نز لہ ہو، ناک بند ہو تو اسے توے پر گرم کرکے سونگھنے سے آرام آجاتا ہے۔ بند ناک بھی کھل جاتی ہے۔

سفید بالوں کا تدارک

میری عمر 20 سال ہے۔ پڑھ رہی ہوں۔ چھ ماہ سے میرے بال آہستہ آہستہ سفید ہوتے جارہے ہیں جس کی وجہ سے میں پریشان ہوں۔ مجھے کوئی اچھا سا ٹوٹکہ بتائیے۔ ابھی میری عمر ہی کیا ہے۔ بال سفید ہوگئے تو شادی بھی نہیں ہوگی۔ (ح۔ا)

lبی بی!شادی تو سفید بالوں والی لڑکی کی بھی ہوجاتی ہے۔ آپ پریشان نہ ہوں۔ زیادہ سوچنے سے بھی بال سفید ہوجاتے ہیں۔ بالوں کو صاف نہ کیا جائے تو مسام بند ہوکر ان کی جڑیں کمزور ہوجاتی ہیں۔ اس سے بال سفید ہونے لگتے ہیں اور دوسری سب سے بڑی وجہ ہیئر ڈرائر کا استعمال ہے۔ آج کل یہ فیشن بن گیا ہے۔ گرم ہوا کے بھبکے بالوں کو متاثر کرتے ہیں۔ لڑکیاں بال سفید ہوتے ہی ان کو رنگنا شروع کردیتی ہیں۔ یوں دوسرے بال بھی جلدی سفید ہوتے ہیں۔ کچھ بیماریوں اور وراثت کی وجہ سے بھی بالوں پر اثر پڑتا ہے۔ آپ اپنی غذا میں دہی شامل کیجیے۔ مچھلی ہفتے میں تین بار کھائیے۔ روزانہ گاجر، کیلے، بند گوبھی، سلاد کاٹ کر ایک بڑا پیالہ غذا میں شامل کیجیے۔ آملے کا تیل ناریل میں بنا ہوا لگائیے۔ ہر تیسرے روز چائے کا پانی بالوں میں لگائیے اور سر دھولیجیے۔ ہیئر ڈرائر استعمال نہ کیجیے۔ بالوں کو ویسے ہی خشک ہونے دیجیے۔ ممکن ہو تو ہرڑ کا مربہ منگائیے۔ رات کو سوتے وقت ایک ہرڑ پانی سے دھوکر یا ویسے ہی کھا لیا کیجیے۔ آپ کے بالوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ پڑھائی کی طرف توجہ دیجیے۔ بالوں کو اس عمر میں رنگنے کی ہرگز کوشش نہ کیجیے۔

زخمی مسوڑھوں کا قدرتی علاج

میرے مسوڑھوں سے خون رستا رہتا ہے۔ روٹی کھاؤں تو بعد میں مسوڑھے دکھتے ہیں۔ زخمی لگتے ہیں۔ ہم لوگ بہت غریب ہیں۔ علاج نہیں کراسکتے۔ ایسا مشورہ دیجیے جس سے میرا علاج بغیر پیسوں کے ہوجائے۔ تمام عمر آپ کی ممنون رہوں گی۔(مہرین)

lمہرین بی بی! سرسوں کے تیل میں تھوڑا سا نمک ملا کر مسوڑھوں پر ملنے سے وہ مضبوط ہوتے ہیں۔ آپ کے مسوڑھے زخمی ہیں۔ پہلے ان کو صحیح کرنا چاہیے۔ کچے امرود کھانے سے دانت اور مسوڑھے مضبوط ہوجاتے ہیں۔ ان میں وٹامن سی ہوتا ہے۔ امردو کے نرم پتے اور شاخیں چبانے سے بھی مسوڑھے ٹھیک رہتے ہیں۔ آپ روزانہ ایک لیموں کا رس ایک گلاس پانی میں ڈال کی پی لیا کیجیے۔ اب سردیاں آرہی ہیں۔ کچی گاجریں خوب کھائیے گا۔ کیکر کا درخت آس پاس ہو تو اس کی تھوڑی سی چھال پانی میں ڈال کر ابال لیں۔ پھر ٹھنڈا کرکے اس سے صبح وشام غرارے کریں۔ کیکر کا کوئلہ جلا کر اس میں تھوڑےسے بادام کے چھلکے جلالیں۔ انہیں پیس کر، پھر نمک کالی مرچ اور تھوڑی سی پھٹکری پیس کر منجن بنالیجیے۔ صبح وشام منجن کیجیے۔ آپ کا یہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔

پیٹھے کے بیچ کی افادیت

ہمارے گھر میں کہیں سے ایک بڑا پیکٹ پیٹھے کے نمکین بیچوں کا آیا ہے۔ ان کا کیا فائدہ ہے۔ انہیں کھانے سے نقصان تو نہیں ہوتا؟ بچے بھی بیج مانگتے ہیں۔ دوسری بات یہ کہ میرا بلڈ پریشر زیادہ رہتا ہے۔ دل پر بوجھ لگتا ہے۔ جسم کمزور ہے۔ شریانیں سخت ہوتی جارہی ہیں۔ میں دوسرے علاج کے چکر میں پڑنا نہیں چاہتا مجھے کوئی گھریلو علاج بتائیے۔ (احمد ابرار)

lپیٹھے کے بیج بڑے مزے کے ہوتے ہیں، جن لوگو ںکو پراسٹیٹ کی تکلیف ہو، پیشاب بار بار آتا ہو، جلن ہو، یہ بیج کھانے سے شکایت دور ہوجاتی ہے۔ صبح شام بیج کھائیں۔ زیادہ سے زیادہ مقدار ایک چھٹانک ہے۔ بچوں کو یہ بیج کھانے دیں۔ ان کا دماغ تیز ہوگا۔ پیٹ میںکدو دانے ہوں گے تووہ بھی نکل جائیں گے۔ باہر کے ملکوں میں بھنے ہوئے نمکین بیج عام ملتے ہیں۔ یہ صحت کے لیے مفید ہیں۔

آپ نے بلڈ پریشر کا ذکر کیا ہے۔ آپ یوں کیجیے کسی پنساری سے تربوز کے بیج خریدیے۔ بیج صاف ہوں۔ رنگ نہ بدلا ہو۔ آپ انہیں توے پر ہلکا سا بھون کر ان میں چینی ملا کر کھاسکتے ہیں۔ بڑے مزے کے لگتے ہیں۔ ان کے استعمال سے کمزوری دور ہوگی۔ ورزن بڑھے گا اور بلڈ پریشر بھی ٹھیک رہے گا۔ ایک چمچہ بیج پانی میں بھگوئیے، دو گھنٹہ بعد ان کو پیس کر مشروب کی طرح پی لیجیے۔ اس کے استعمال سےشریانوں کی لچک برقرار رہے گی۔ گرم مزاج والوں کے لیے تربوز کے بیج بہت مفید ہوتے ہیں۔ یہ ننھے منے بیج انسان کو بھرپور توانائی فراہم کرتے ہیں اور کوئی نقصان بھی نہیں ہوتا۔ قدرت نے ہر چیز میں کوئی نہ کوئی تاثیر رکھی ہے۔ آپ کو پیٹھے کے بیجوں کا تحفہ ملا ہے۔ اسے ضرور استعمال کیجیے۔

آڑو سے علاج

اب کے سات خط ’’آڑو‘‘ کی افادیت کے بارے میں آئے ہیں۔ آڑو روزانہ کھانے سے بلڈ پریشر نارمل ہوگیا ہے۔ قبض کی شکایت دور ہوگئی۔ شوگر ٹھیک رہی۔

میرے گھر میں ایک ملازم لڑکا ہے، جس کو بہت ساری دوائیاں دیں مگر اس کے پیٹ کے کیڑے ختم نہ ہوئے۔ آخر میں نے ملازم کا رات کا کھانا ختم کیا اور آدھ کلو آڑو اسے رات کو ایک ہفتہ کھلائے۔ قارئین حیران ہوں گے، لڑکے کے پیٹ کے تمام کیڑے نکل گئے اور اس کی صحت بہتر ہوگئی۔ ڈاکٹر بھی حیران رہ گئے کہ آڑو کھانے سے کس طرح فائدہ ہوا۔

آڑو کو اچھی طرح دھوکر کھانا چاہیے۔ چھلکے نہیں اتارنے چاہئیں۔ پکے ہوئے آڑو کو اچھی طرح دیکھئے۔ اس میں کیڑا نہ ہو۔ کھانے کے بعد تین چار آڑو کھالیے جائیں تو صحت برقرار رہتی ہے۔ پیٹ کے کیڑوں کے لیے رات کو ایک پاؤ سے لے کر آدھ سیر تک آڑو ایک ہفتہ کھلانے چاہئیں۔ اس سے تمام پیٹ کے کیڑے خارج ہوجائیں گے۔ احتیاطاً ایک ہفتہ بعد پھر دو تین دن آڑو کھلانے سے دوبارہ کیڑے پیدا نہیں ہوتے۔ غذا سے علاج کرنا چاہیے۔ اس سے فائدہ ہوتا ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146