مشورہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

دائمی قبض
لندن سے ایک صاحب کا فون آیا ہے۔ وہ شدید قبض کا شکارہیں۔ سارے ٹوٹکے آزمالیے مگر مرض بدستور چمٹا ہوا ہے۔
l کھانے میں بے احتیاطی سے یہ مرض زور پکڑتا ہے۔ ریشے دار غذائیں نہ کھائی جائیں، تو آنتوں کی حرکت کمزور پڑجاتی ہے۔ آپ کے لیے انجیر اور امرود مفید پھل ہیں۔ ان کے بیج قبض دور کرتے ہیں۔ میتھی دانے کی چائے بھی بہتر ہے۔ ایک پیالی سے زیادہ پانی ابالیے۔ اس میں ایک چمچ میتھی دانہ ڈالیے۔ تین چار جوش آجائیں، تو ڈھک کر دم دیں یا تھرموس میں ڈال دیں۔ دس منٹ بعد نیم گرم پی لیجیے۔ شہد ملاسکتے ہیں بشرطیکہ ذیابیطس نہ ہو۔
صبح نہار منہ پانچ چھ دن ایک لیموں کا رس ایک پیالی ابلتے پانی میں ایک چمچہ شہد ملاکر پیجئے، فرق پڑجائے گا۔ انجیر اور منقی روزانہ کھانے سے قبض نہیں رہتا۔ ہرڑ کا مربہ بھی مفید ہے۔ انگور یہ بیماری ختم کرتا ہے۔ جب موسم نہ ہو تو کشمش کے دس بارہ دانے چوبیس گھنٹے سے زیادہ پانی میں بھگوئیے، وہ پھول جائیں گے۔ اسے کھا کر پانی پی لیں۔ جو کا دلیہ بھی فائدے مند ہے۔ اس کے کھانے سے قبض ٹھیک ہوتا ہے۔
پالک بھی مفید ہے۔ ایک بار مجھے ایک گاؤں جانا پڑا۔ وہاں میزبان نے سرسوں اور بتھوے کا ساگ اصلی گھی میں پکا کر کھلایا۔ موٹی موٹی روٹیاں تھیں۔ ہمارا ڈرائیور بھی قبض کا مریض تھا۔ بعد ازاں ڈرائیور نے بتایا کہ جوار کی گرم گرم روٹیوں اور ساگ نے اس کا قبض دور کردیا۔ پھر وہ اپنے گھر میں روزانہ ساگ پکوا کر کھانے لگا۔ بتھوا، چولائی، پالک، سرسوں اور شلجم کا ساگ پیٹ کے لیے مفید ہیں۔ ایک زمانے میں عورتیں گاؤں سے ’’ہرے بھرے ساگ‘‘ کی آوازیں لگاتی آتی تھیں۔ اس ساگ میں چھ سات طرح کے پتے ہوتے مثلاً بتھوا، چولائی، شلجم، سویا، خرفہ، سرسوں وغیرہ۔ اس ساگ کا مزہ ہی کچھ اور تھا۔ بہت لذیذ بنتا تھا۔ اب کہیں یہ ساگ نظر نہیں آتا۔
آپ ثابت جو کا دلیہ ناشتے میں روزانہ استعمال کیجیے، افاقہ ہوگا۔ پانی زیادہ پیجئے۔ یاد رہے کہ ایک دن میں دیرینہ قبض دور نہیں ہوگا۔ دوا بھی استعمال کرتے رہیے۔ غذا میں تھوڑی سے تبدیلی آپ کو فائدہ دے گی۔
گڑ کی راب قبض توڑتی ہے۔ السی کے بیج مفید ہیں۔ کم از کم چار پانچ ہفتے ایک چمچہ بیج کھانے سے قبض دور ہوجاتا ہے۔پہلے زمانے میں بوڑھے انجیر کے چھ سات دانے دودھ میں پکاتے تھے۔ انجیر کھالیتے اور دودھ پی جاتے۔ یوں ان کی صحت بحال رہتی۔ خواتین زیادہ تر ہرڑ کا مربہ یا سفوف دودھ کے ساتھ لیتی تھیں۔ آپ کی آنتوں کو چکنائی کی ضرورت ہے، جیسے ہی ان کی خشکی دور ہوئی، وہ اپنا کام بخوبی کرنے لگے گی۔
اعصابی کمزوری
’’میں سال بھر سے بیمار ہوں۔ کھڑا ہوں تو بے ہوش ہوجاتا ہوں۔ پیٹ خراب رہتا ہے۔ عمر زیادہ ہے۔ یہ خلل دور کرنے والا کوئی نسخہ بتائیے۔‘‘
(حافظ محمد عظیم)
l آپ کے لیے مونگ کی دال اچھی ہے۔ یوں معدے پر بوجھ نہیں پڑے گا اور نہ ہی ریاح ہوگی۔ مونگ کی دال پتلی بنائیے۔ اس میں تھوڑا سا ابلا گوشت بھی ملاسکتے ہیں۔ ثابت مونگ دھوکر کسی پلیٹ میں رکھیں اور دو تین دفعہ پانی چھڑکیں، تین دن میں مونگ کے دانے پھوٹ جائیں گے۔ آپ ان کا شوربا بناکر کھائیے، اس سے طاقت آئے گی۔
ہاضمے کا ناقض نظام
میرا نظام انہضام تباہ ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر، حکیم اور پنساری کی دوا کھائی مگر کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ہڈیوں کا پنجر بن چکا ہوں۔ اب میں کوئی دوا نہیں کھاسکتا۔ مجھے کوئی آسان سا نسخہ بتائیے تاکہ صحت یاب ہوسکوں۔
(رحمت رازی)
l عام طور پر الٹی سیدھی ادویہ کھانے سے معدہ چوپٹ ہوجاتا ہے۔ آپ چھلے ہوئے جو خریدئیے۔ دھوکر تقریباً چوتھائی پیالی دانے ڈھائی لیٹر پانی میں درمیانی آنچ پر ابالیے۔ ایک لیٹر تک پانی کم ہوجائے تو اتار کر ٹھنڈا کیجیےاور چھان کر رکھ لیں۔ تھوڑا تھوڑا پانی دن میں کئی بار پی لیجیے۔ جو کا لیس دار مادہ نظام ہضم کو تقویت دیتا ہے۔ یوں جلن دور ہوتی اور بھوک لگنے لگتی ہے۔ جب غذا جزوِ بدن ہوگی، تو آپ صحت مند ہوجائیں گے۔
صبح جو کا دلیہ پکائیے۔اس میں تھوڑا سا دودھ اور ایک چمچ شہد ملا کر کھانے سے قوت آتی ہے۔ ناشتے میں جو کا دلیہ خاص اہمیت رکھتا ہے، سنت سمجھ کر کھائیے۔ کھانے کے بعد دو تین انجیر خوب چبا کر کھائیے، غذا ہضم ہوجائے گی۔ تلی ہوئی غذاؤں، گوشت اور دال سے پرہیز کیجیے۔ ہلکی غذا کھائیے مثلاً دلیہ، مونگ کی دال کا شوربا، بکرے کے گوشت کا شوربا اور سبزیاں۔ علاج سے پرہیز بہتر ہے۔ پودینے کی چٹنی استعمال کیجیے۔ پودینے کے پتے مع چھوٹی شاخیں ایک پیالہ، چوتھائی پیالی انار دانہ، نمک اور کالی مرچ ملا کر پیس لیں۔ صبح شام کھانے کے بعد یہ چٹنی کھائیے، بھوک لگے گی اور نظام انہضام درست ہونے لگے گا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146