عجیب و غریب بیماری
میری بچی یونیورسٹی کی طالبہ ہے۔ بچپن میں ایک دفعہ اس کے ہونٹوں کے کنارے پکےاور سفید دانے نکل آئے تھے ۔ وہ علاج سے ٹھیک تو ہو گئے مگر اب بھی بار بار بصورت لکیر نکلتے اور تکلیف دیتے ہیں۔ ڈاکٹر کہتے ہیں کہ یہ کوئی غذائی بیماری ہے ۔ آپ اس کے متعلق ضرور لکھیے، کئی لوگوں کا بھلا ہوگا۔
(ایک پریشان ماں )
l یہ مرض انگریزی میں ہرپیز روسٹر اور طبِ مشرق میں نملہ شدید کہلاتا ہے۔ اس بیماری میں آبلے قطار کی صورت نمودار ہوتے اور پھر پھوٹ جاتے ہیں۔ تقریباً تین ہفتے میں ختم ہوتے ہیں۔ اس کے بعد اعصابی درد کی شکایت ہو جاتی ہے ۔ عموماً کسی عصب (Nerve) کے ساتھ نکلتے اور آنکھ، کان، چہرے اور سینے کونشانہ بناتے ہیں۔ درد کی ٹیسیں مریض کو بے چین کر دیتی ہیں۔ سب سے زیادہ تکلیف چھلکے اترتے وقت ہوتی ہے۔
یہ بیماری کسی کو لگ جائے تو اسے بھی چمٹ جاتی ہے۔میری ایک عزیزہ کی آنکھ میں بھی آبلے نکلے تھے، وہ بالکل بند ہو گئی۔ بخار شدید اور درد ناقابل برداشت تھا۔ آخر ایک حکیم کے کہنے پر سفید پھول تلاش کیے گئے۔ یہ کہنے کو معمولی ٹوٹکا تھا مگر شافی ثابت ہوا۔ موتیا، چنبیلی اور سدا بہار کے سفید پھول دن میں تین بار سوزش والی جگہ رکھے گئے ۔ جلد ہی نہ صرف سوزش ختم ہوئی بلکہ آنکھ بھی صحیح ہوگئی۔ سوزش والی جگہ سفید پھول رکھے جائیں تو وہ حدت ختم کرتے ہیں۔ یہ مرض ایک بار ہوجائے تو دوبارہ نہیں ہوتا۔ آپ کی بیٹی کو بار بار کیوں ہورہا ہے؟ اس ضمن میں ڈاکٹر سے دریافت کیجیے۔
ایک علاج یہ ہے کہ منہدی کے تازہ دھلے پتے رگڑیئے اور پھر صبح شام متاثرہ جگہ پر رکھیے۔ نیز مٹھی بھر منہدی کے پتے دو کلو پانی میں خوب ابالیے پانی ہلکا سرخ ہو جائے گا۔ اتار کر چھانیے اور پھر ٹھنڈا کر لیجیے۔ یہ پانی پینے سے بھی آرام آتا ہے۔ ڈاکٹر خالد غزنوی لکھتے ہیں کہ منہدی کے پتے پچاس گرام، سنامه مکی کے پتے (ڈنڈیاں نکال کر ) بیس گرام اور ذریرہ دس گرام، پھلوں کے سرکے پانچ سو گرام میں سات منٹ ابالیے اور پھر چھان کر رکھ لیں۔ ادویہ پہلے اچھی طرح کوٹ لیں بعد ازاں سرکے میں ملا کراسٹین لیس اسٹیل کے برتن میں پکائیے۔
یہ آمیزہ روٹی کے پھائے پر لگا کر دن میں دوبار متاثر جگہ پر لگائیے۔ اکڑاؤ لگے تو رات کو زیتون کا تیل دانوں پر لگا کر سو جائیے۔ صبح نہار منہ ایک پیالی گرم پانی میں ایک بڑا چمچہ شہد ڈال کر دیجئے۔
آپ کسی اچھے حکیم سے بچی کا علاج کرائیے تا کہ بار بار دانے نہ نکلیں۔ مصفی خون ادویہ اور شربت عناب دینے سے یہ تکلیف ٹھیک ہو سکتی ہے۔ کھانے میں گھیا بکثرت استعمال کیجیے۔ گھیا، ٹنڈے، پالک، سویا، خرفہ یا قلفے کا ساگ دیگر موسمی سبزیاں اور دہی موزوں غذائیں ہیں۔ کھانے کے ساتھ پودینہ ضرور کھائیے۔ نملہ شدید کی بیماری انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے مگر دوبارہ نہیں لگتی۔ آپ کی بیٹی کا علاج کوئی قابل معالج ہی کر سکتا ہے۔
تھرماس کی صفائی
میرے بھائی نے مجھے باہر سے شیشے کا تھرماس بھیجا تھا۔ اس کا منہ بہت تنگ ہے اور وہ اندر سے گندا ہو گیا ہے اسے کیسے صاف کیا جائے ؟
lتین انڈوں کے چھلکے ہاتھ سے خوب مسل کر ان کے چھوٹے ٹکڑے تھرماس میں ڈالیں اور گرم پانی سے بھر دیں۔ آخر میں میٹھا سوڈا ایک بڑا چمچہ ڈالیے اور پھر منہ بند کر دیجیے۔ دو تین گھنٹے بعد تھر ماس ہلائیے، پھر پانی پھینک دیجیے اور اچھی طرح دھو کر رکھ دیں صاف ہوجائے گا۔
محبت کے نام پر خود کشی
میرا چچا زاد بھائی بہت حساس ہے۔ میری منگنی ہوچکی ہے مگر وہ میرے پیچھے پڑا ہوا ہے۔ چند روز سے اس نے یہ و تیرہ اپنا لیا ہے کہ میرے موبائل فون پر پیغام بھیجتا ہے’’میں تمہارے بغیر نہیں رہ سکتا، خودکشی کرلوں گا۔ مجھ سے آکر ملو۔‘‘ میں بہت پریشان ہوگئی ہوں ۔ اگر اس نے خودکشی کرلی تو تمام عمر میرے ضمیر پر بوجھ رہے گا ۔ گھر میں کسی کو بتا بھی نہیں سکتی ۔ کیا میں اس سے مل لوں ؟
l بی بی! آپ نے اچھا کیا کہ مشورہ کر لیا۔ سب سے پہلے آپ اپنا موبائل نمبر تبدیل کریں ۔ عم زاد سے ملنے کی غلطی نہ کیجیے گا۔ وہ محبت کے نام پر کبھی خود کشی نہیں کرے گا یہ سراسر دھوکا ہے۔ لڑکے ایسے ہی ناروا حربے آزماتے ہیں۔ آپ امی کو اعتماد میں لے کر سب کچھ بتادیجیے وہ خود اس سے نمٹ لیں گی۔ آپ کیوں پریشان ہوتی ہیں وہ بھی خود کشی نہیں کرے گا۔ اگر وہ آپ سے، اتنی محبت کرتا تھا تو پہلے ہی والدین کو مجبور کرکے آپ کا رشتہ مانگتا۔ آپ فوراً بلا جھجک والدہ کو اس کے بارے میں بتا دیجیے اور موبائل پیغامات بھی دکھائیے آپ پر کوئی آنچ نہیں آئے گی ۔
قبض سے چھٹکارا پائیے
lلندن سے ایک بزرگ قاری کا فون آیا جو قبض کي وجہ سے بہت پریشان ہیں ۔ ہومیو پیتھک دوا او پیم X6 قبض رفع کرتی ہے۔ شام کو ایک خوراک کھا لیا کیجیے۔ اگر افاقہ نہ ہو تو یہ آزمودہ نسخہ استعمال کیجیے جو محترم ملک محمد عبد اللہ نے بھیجا ہے۔ لکھتے ہیں:’’یہ پرانی قبض کے شکار خصوصاً عمر رسیدہ افراد کے لیے آزمودہ نسخہ ہے جس سے انشاء اللہ خلق خدا مستفید ہوگی۔
1-تخم بارتنگ 2- اسبغول ثابت 3- تخم ریحان 4-کنوچه
چاروں اشیاء ہم وزن خرید کر علیحدہ علیحدہ صاف کیجیے پھر ملا کر کسی شیشے کی کھلے منہ والی بوتل میں رکھ دیجیے۔ ایک چمچ صبح شام کھانے کے بعد پانی سے کھائیے۔ دن بھر میں آٹھ سے دس گلاس پانی پیجئے۔ آٹھ دس دن استعمال کرنے کے بعد دو دن کا ناغہ کیجیے تاکہ پتا چلے قدرتی اخراج صحیح ہوا ہے یا نہیں۔ قبض کا احساس ہو تو دوبارہ استعمال کیجیے۔ یہ دوا بے ضرر ہے عمررسیدہ حضرات بلا کھٹکے کھا سکتے ہیں۔
بیسن کے کرشمے
سعدیہ سرور چہرے کے دانوں کی وجہ سے پریشان ہیں۔ آپ روزانہ گھیکوار کا ٹکڑا چہرے پر لگائیے۔ جلد چکنی ہے اس لیے بیسن سے منہ دھوئیے، تا کہ فالتو چکنائی نکل جائے۔ گلاب کے تھوڑے سے عرق میں پسی ہوئی دار چینی ملا کردانوں کے نشانوں پر لگائیے۔ صابن کا استعمال بالکل نہ کریں۔ بیسن معمولی چیز لگتا ہے مگر اس کے کئی فوائد ہیں۔ اس میں آپ تھوڑی سی پسی ہلدی بھی ملا سکتی ہیں۔ پودینے کے تھوڑے سے پتے پانی میں پکا کر استعمال کیجئے، یہ اسے پینے سے ہاضمہ درست ہوگا۔