مفید مشورے

۔۔۔۔

êکچن میں استعمال ہونے والے ٹین کے ڈبے، کنستر اور بوتلیں ہلکی اور بھاری ہوتی ہیں۔ ہمیشہ بھاری ڈبوں کو نچلے خانوں میں رکھا جائے اور ہلکے ڈبوں کو اوپر والے خانوں میں رکھا جائے تاکہ ان کے استعمال کے دوران میں کوئی تکلیف نہ ہو۔ اور وہ گرنے سے بھی محفوظ رہ سکیں۔ ویسے بھی اوپر والے خانے سے ہلکا ڈبہ اتارناآسان ہوتا ہے۔

êچینی، چاول اور دوسری چھوٹے دانے دار چیزوں کو مرتبان میں رکھیں جس کا ڈھکنا آسانی سے صرف اٹھا کر کھولا جاسکے۔ اس طرح سے ان چیزوں کے ڈھکنوں کو کھولتے ہوئے دانوں کے بکھرنے کا خدشہ نہیں رہتا ہے، ورنہ جھٹکے سے کھلنے والے ڈبوں میں سے دانے دار چیزوں کو نکالتے ہوئے دانے ضرور بکھر جاتے ہیں۔

êآٹے کو درمیانہ سائز کے صاف ستھرے کنستر میں رکھیں، او ریہ بات یاد رکھیں کہ آٹے کو استعمال کرنے کے بعد ایک دو مرتبہ اتھل پتھل ضرور کردینا چاہیے۔ کنستر کا ڈھکن خوب اچھی طرح کس کر بند کرنا چاہیے۔ گوشت اور دوسری چیزوں کے ڈبوں کو بھی وقفوں سے ہلانا چاہیے تاکہ ان چیزوں پر پھپھوندی وغیرہ نہ لگنے پائے۔

êجب کوئی چیز گرائنڈر مشین میں اچھی طرح پیس لی جائے اور اس چیز کے استعمال میں ابھی کچھ دیر باقی ہو تو اسے احتیاط سے پلاسٹک کی تھیلیوں میں انڈیل لیں پھر ان پلاسٹک کے لفافوں کے منھ اچھی طرح ربڑ سے یا گرہ لگاکر باندھ دیں۔ اس طرح پسی ہوئی چیز محفوظ رہے گی۔ گرائنڈر مشین سے پسی ہوئی چیز بغیر ہاتھ لگائے نکالیں تاکہ وہ ہاتھوں کو نہ چمٹے، اس طرح نہ ضائع ہواور نہ خراب ہو۔

êاگرایک دوسرے کے اندر رکھے ہوئے گلاس آپس میں چپک جائیں تو انھیں الگ کرنے کے لیے نیچے کے گلاس کو گرم پانی میں رکھیں،پانی ابلتا ہوا نہ ہو ورنہ گلاس ٹوٹ جائے گا۔ اوپر کے گلاس میں ٹھنڈا پانی ڈالیں۔ گلاس آسانی سے الگ ہوجائیں گے۔

êباورچی خانوں کے برتنوں کو زنگ سے بچانے کے لیے ان پر ایسا گھی یا چکنائی مل کر رکھیں جس میں نمک بالکل نہ ہو۔ ٹین کے برتنوں یا سانچوں کو زنگ سے بچانا چاہیں تو استعمال سے پہلے ان پر تھوڑی چربی مل دیں اور کچھ دیر کے لیے چولہے یا اوون میں رکھ دیں۔ اس طرح ان کو کبھی زنگ نہیں لگے گا۔ لیکن اگر ٹین کے برتنوں کو زنگ لگ جائے تو زنگ لگے حصے کو آدھے کٹے ٹماٹر سے رگڑیں اور کچھ دیر کے لیے رکھ دیں۔ تھوڑی دیر کے بعد صاف پانی سے دھو دینے سے زنگ اتر جائے گا۔

êبالٹیوں یا مگوں سے زنگ اتارنے کے لیے ان پر لیموں کا رس لگا کر کچھ گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں۔ اگر زنگ آلود حصہ تھوڑی دیر کے لیے رس میں ڈوبا ہوا رکھ سکیں تو زنگ بہت جلدی صاف ہوجائے گا۔

êبرتن یا کپڑے دھونے کے بعد یا سبزی وغیرہ بنانے کے بعد محسوس کرتی ہیں کہ ہاتھوں میں کھر درا پن سا ہوگیا ہے، اس سے چھٹکارا پانے کے لیے لیموں اور گلیسرین کا محلول بنا کر رکھ لیں اور کام کاج سے فارغ ہوکر ہاتھوں پر اچھی طرح لگا لیں، اس سے ہاتھوں کی جلد نرم ا ورداغ دھبے ختم ہوجائیں گے۔

êچاولوں کو دھوتے وقت ہمیشہ یہ خیال رکھیں کہ انھیں ہاتھوں سے زور زور سے مسل کر نہ دھوئیں، کیونکہ اس طرح چاول ٹوٹ جاتے ہیں۔

êبعض خواتین چاول ابال کر اس کی پیچ کو پھینک دیتی ہیں، اگر وہ چاہیں تو اس کو استعمال کرسکتی ہیں کیونکہ پیچ میں کافی مقدار میں نشاستہ ہوتا ہے۔ گھر میں کوئی سالن بنائیں تو اسے شوربے میں بھی ڈال سکتی ہیں اور دوسرے یہ کہ کپڑوں کو کلف وغیرہ لگانے کے کام آتی ہے۔

ê جیسا کہ گرمیوں میں ہمیشہ پتلے سوتی کپڑے استعمال کیے جاتے ہیں۔ اگر ان کو کلف لگا کر استعمال کیا جائے تو ان کی شان ہی نرالی ہوتی ہے۔ لیکن بعض خواتین کو کلف بنانے کا صحیح طریقہ نہیں آتا، یا آتا ہے تو وہ یہ شکایت کرتی ہیں کہ اس کے لگانے سے کپڑے پر سفید سفید دھبے پڑجاتے ہیں۔ ہم آپ کو کلف بنانے کا آسان طریقہ بتاتے ہیں۔ میدہ یا اراروٹ لے کر اسے پہلے تھوڑے سے ٹھنڈے پانی میں اچھی طرح حل کرلیں پھر ایک بڑے برتن میں زیادہ سارا پانی ڈال کر اسے آگ پر رکھ دیں جب ابلنے لگے تو اس میں حل شدہ میدہ یا اراروٹ آہستہ آہستہ ڈالتے جائیں اور ساتھ ساتھ چمچ سے ہلاتے جائیں، تاکہ اس میں گلٹیاں نہ بننے پائیں۔ اچھی طرح پک جائے تو اسے اتار لیں۔ ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ کلف لگاتے وقت کپڑے کو الٹا کرلیں۔ اس طرح کپڑے پر سفید دھبے نہیں پڑیں گے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146