من پسند کھانے

ماخوذ

لذیذ کھیر

اشیاء: دودھ ۲ کلو، بادام (کٹے ہوئے) حسب ضرورت، چینی سوا پیالی، چاول ۲ مٹھی بھر، سبز الائچی تین چار۔

ترکیب: چاولوں کو ایک دو گھنٹے کے لیے بھگودیں پھر انہیں اپنے ہاتھوں سے چورا چورا کرلیں۔ دودھ میں الائچی ڈال کر ہلکی آنچ پر ابالیں حتی کے ہلکا گاڑھا ہوجائے۔ اب چاول ڈال دیں اور مسلسل چمچ چلائیں۔ اس وقت تک پکائیں کہ چاول گل جائیں اور کھیر نیم ٹھوس دکھائی دینے لگے۔ اب چینی ملا دیں اور مسلسل چمچ چلائیں اور پکائیں حتی کہ کھیر گاڑھی ہوجائے اور پلیٹ پر جمنے لگے۔ اس کے بعد چولہے سے اتارلیں۔ برتن یا مٹی کے چھوٹے کوزوں میں نکال لیں۔ کٹے ہوئے بادام چھڑک دیں اور رنگین ناریل سے سجائیں۔

گوشت اور پالک

اشیا: گوشت ایک کلو ، نمک حسبِ ذائقہ، پسی لال مرچ ایک چمچی، کٹی ہوئی لال مرچ ڈیڑھ چمچی، ہرا دھنیا کٹا ہوا دو چمچی، سفید زیرہ ایک چمچی، ادرک لہسن پسا ہوا دو چمچی، گرم مسالہ ایک چمچی، ٹماٹر تین پاؤ، گھی /تیلحسبِ ضرورت، پالک ڈیڑھ پاؤ۔

ترکیب: ایک دیگچی میں گھی یا تیل گرم کریں۔ اس میں ادرک لہسن ڈال کر انہیں گندمی کریں۔ پھر ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں۔ ایک منٹ بھوننے کے بعدتمام مسالے ڈالیں اور اچھی طرح بھون لیں۔ جب تیل الگ ہوجائے تو گوشت ڈال دیں اور اتنا پانی ڈالیں کہ گوشت گل جائے اور ایک پیالی پانی رہ جائے۔ اب پالک کاٹ کر ابلتے پانی میں ایک منٹ کے لیے ڈال دیں۔ پھر نکال کر گوشت میں شامل کردیں۔ پندرہ منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر پکائیں اوپر ہرا دھنیہ اور گرم مسالہ چھڑکیں، دو منٹ کے لیے دم دیں اور اتار لیں۔ مزے دار کھانا تیار ہے۔

ایرانی رائتہ

اشیا: دہی آدھا کلو، نمک حسب ذائقہ، کالا نمک چٹکی بھر، وائٹ پیپر آدھا چائے کا چمچ، زیرہ آدھا چائے کا چمچ، کریم چار کھانے کے چمچ، شہد کھانے کا ایک چمچ، کشمش بھیگی ہوئی دو کھانے کے چمچ، کھیرا ایک عدد کش کرکے، ہرا دھنیا، ہری مرچ حسبِ منشاء۔

ترکیب: دہی ململ کے کپڑے میں باندھ کر لٹکا دیں تاکہ پانی نکل جائے، بعد ازاں دہی کو پھینٹ کر کریم، نمک، وائٹ پیپر، کشمکش اور کھیرا ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔ اب ایک پیالے میں نکال کر اوپر سے ہرا دھنیا، ہری مرچ باریک کاٹ کر ڈالیں۔ زیرہ ڈال کر فریج میں رکھ دیں، ٹھنڈا کرکے کھائیں۔

سبزی کا اچار

اشیا: پھول گوبھی کٹی ہوئی ایک پیالی، گاجر چار عدد، مولی دو عدد، سرکہ دو پیالی، کالی مرچ چائے کے دو چمچ، اچار مسالہ کھانے کے چار چمچ، شکر چائے کے چار چمچ، تیز پات دوتین عدد، ہلدی چائے کا ایک چمچ، لال مرچ کھانے کے دو چمچ، لیموں کا عرق کھانے کے دو چمچ، سرسوں کا تیل ایک پیالی۔

ترکیب: سرکہ میں نمک، شکر، کالی مرچ، تیز پات ڈال کر دھیمی آنچ پر پکائیں۔ چند منٹ بعد گاجر، مولی کاٹ کر ڈال دیں۔ ساتھ میں گوبھی ڈال دیں۔ نیم گل جائیں تو چولہا بند کردیں اور رات بھر ڈھانپ کر رکھ دیں، صبح اس میں اچار مسالا، ہلدی، لال مرچ، نمک اور لیموں کا عرق ملادیں۔ آخر میں سرسوں کا تیل پکا کر ٹھنڈا کرکے اچار میں ڈال دیں۔

بیگن کا اچار

اشیا: بیگن گول آدھا کلو، ادرک، لہسن ایک کھانے کا چمچ، لہسن کے جوے چند عدد، سونف، کلونجی، کٹی ہوئی لال مرچ ایک ایک کھانے کا چمچ، بڑی ہری مرچ کٹی ہوئی حسب ذائقہ، سرکہ ایک پیالی، گڑ ایک ٹکڑا، املی کا رس آدھی پیالی، تیل آدھی پیالی۔

ترکیب: تیل گرم کرکے کیوبز کٹے بیگن ڈال کر تل دیں۔ اس میں ادرک، لہسن اور بقیہ مسالے ڈال کر تل لیں، چند سکینڈ بعد اس میں لہسن کے چند جوئے، سرکہ، املی کا رس اور گڑ کوٹ کر ڈال دیں اور دس منٹ دم پر رکھ دیں۔

میٹ ٹوسٹ

اشیا: قیمہ ایک پاؤ، ہرا دھنیا آدھی گڈی، کٹی ہوئی ہری مرچ ۲ عدد، ادرک پسا ہوا ایک بڑا چمچ، ہری پیاز آدھی پیالی، ڈبل روٹی ۴ سے ۶ سلائس، انڈا ایک عدد، گھی آدھی پیالی، نمک حسب پسند۔

ترکیب: (۱) قیمے میں ہرا مسالہ اور نمک اچھی طرح ملائیں۔ (۲) ڈبل روٹی کے سلائس دو حصوں میں کرکے ان کے ایک حصے پر چھری سے قیمے کی تہ جمائیں۔ (۳) انڈا توڑ کر ایک پلیٹ میں پھینٹ لیں۔ (۴) قیمہ لگے ہوئے سلائس انڈے میں ڈبو کر تلتی جائیں۔ گھی کم ہی ڈالیں۔ سلائس کا وہ رخ جس پر قیمہ لگا ہو پہلے تلیں اور دوسرا رخ بعد میں۔ (۵) ہلکے براؤن ہونے پر اتارلیں۔ (۶) یہ ٹوسٹ چائے یا کافی کے ساتھ بھی استعمال ہوسکتے ہیں۔

گوشت کے تکے

اشیاء: دو تھیلی گارلک سلاد ڈریسنگ جو جنرل اسٹور سے مل جائے گا۔ کٹی ہوئی پیاز دو تہائی، سلہری کے کٹے ہوئے پتے تین چوتھائی پیالی، سرکہ ایک تہائی پیالی، سلاد آئل آدھا پیالی، ساس کھانے کا ایک چمچ، بکرے کے گوشت کے تکے ایک کلو۔

ترکیب: (۱) ایک گہرے پیالے میں سلاد ڈریسنگ، پیاز، سلہری، سرکہ، آئل اور ساس آپس میں ملادیں۔ (۲) آمیزے میں گوشت کی بوٹیاں ڈال دیں اور اس طرح ہلائیں کہ آمیزہ بوٹیوں پر اچھی طرح لگ جائے۔ (۴) دو تین گھنٹے تک یوں ہی پڑا رہنے دیں۔ (۴) اب سیخ پر چڑھا کر بھون لیں۔

جھینگا کباب

اشیا: سویا ساس، سلاد آئل، لیموں کا رس، کٹی ہوئی پارسلے سب الگ الگ ایک چوتھائی پیالہ، نمک آدھا چائے کا چمچ، سیاہ مرچ ایک چٹکی، تازہ جھینگے حسب ضرورت، لیموں کے باریک قتلے حسب ضرورت۔

ترکیب: (۱) سویا ساس، سلاد آئل، لیموں کا رس، پارسلے، نمک اور سیاہ مرچ آپس میں ملائیں۔ (۲) جھینگے صاف کریں (۳) جھینگے سلاد آئل کے آمیزے میں ملا دیں۔ (۴) ایک گھنٹہ تک کسا رہنے دیں۔ (۵) وقفہ کے بعد چمچہ چلائیں تاکہ جھینگے اوپر تلے ہو کر اچھی طرح آمیزے میں ملے رہیں۔ (۶) سیخ پر جھینگے، زیتون اور لیموں کے قتلے باری باری چڑھائیں۔ (۷) کوئلوں پر سیخ الٹی سیدھی کرتی رہیں۔ (۸) جھینگوں پر آمیزہ لگاتی رہیں۔ (۹) خیال رہے کہ جھینگا زیادہ پکنے نہ پائے۔

گوشت کے قتلے

اشیا: کالی مرچ ایک چھوٹا چمچ، نمک آدھا چھوٹا چمچ، لہسن ایک چھوٹا چمچ، پانی ۵ پیالے، گھی یا مکھن ۲ بڑے چمچ، گوشت آدھا کلو۔

ترکیب: (۱) گوشت کی چربی صاف کریں۔ (۲) پانی میں نمک ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں (۳) جب پانی ایک چوتھائی رہ جائے تو تیز چھری سے کاٹ لیں۔ (۴) بالکل تھوڑے مکھن میں تلیں۔ (۵) زیادہ سرخ نہ کریں (۶) فوراً مکھن سے نکال کر مرچ چھڑک لیں (۷) چوتھائی حصہ پانی ڈال کر استعمال میں لائیں۔

بھنڈی کا مزیدار سالن

بھنڈی آدھا کلو، پیاز ایک پاؤ، رائی اور سفید زیرہ ایک ایک چمچہ، کلونجی نصف چمچ، ہلدی نصف چمچ، لہسن پسا ہوا ایک چمچ، نمک، مرچ، تیل حسب ضرورت و ذائقہ۔

ترکیب: دھلی ہوئی خشک بھنڈی کاٹ کر فرائی پان میں تل لیں۔ تیل گرم کرکے کلونجی ڈالیں۔ سارے پسے ہوئے مسالے ڈال کر بھنڈیاں اور پیاز ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔ آخر میں ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال کر اتار لیں۔ خوش ذائقہ سالن تیار ہے۔ خیال رہے کہ بھنڈیوں میں پانی قطعی استعمال نہیں ہوتا۔

بھنڈی کی بھجیا

بھنڈی ایک پاؤ، پیاز دو عدد درمیانی سائز، لہسن پسا ہوا ایک چمچ، ہلدی نصف چمچ، نمک مرچ حسبِ ذائقہ، ٹماٹر ایک عدد بڑا، زیرہ سفید نصف چمچ، گھی یا تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: بھنڈی دھوکر، خشک کرکے کاٹ لیجیے۔ تھوڑے سے گھی میں ہلکی سی تل کر نکال لیں۔ اب پیاز کاٹ کر اسے گھی میں تل لیں اور بھورا ہونے سے پہلے اتار لیں۔ گھی میں لہسن، نمک، مرچ، زیرہ، ہلدی اور ٹماٹر کے ٹکڑوں کو ڈال کر بھونیں۔ پھر اس میں بھنڈی اور پیاز ڈالیں اور ہلکی آنچ پر دم دیں۔ پھر بھون کو ہنڈیا اتارلیں۔ یاد رہے کہ مٹی کی ہنڈیا میں بھونا جائے، تو سب سے بہتر ہے۔

بھنڈی کے بیج اور قیمہ

بیج ایک پیالی، قیمہ آدھا کلو، ٹماٹر دو عدد درمیانے، بڑی الائچی دو عدد، سفید زیرہ ایک چمچ، کالی مرچ نصف چمچ، دار چینی درمیانے دو ٹکڑے، پیاز ایک عدد، گھی اور مسالے حسبِ ضرورت و ذائقہ۔

بھنڈی کے بیج فرائی پان میں معمولی سا تیل لگا کر ایک منٹ تک بھونیں پھر گھی میں پیاز ڈالیں۔ اس میں لہسن، مرچ، نمک، ٹماٹر، ہلدی اور گرم مسالہ ڈال کر قیمہ ملائیں اور ایک چوتھائی پانی ڈال کر قیمہ گلا لیں۔ وہ گل جائے تو اچھی طرح بھون کر بھنڈی کے بیج ڈالیں پھر ہلکی آنچ پر رکھیں۔ آخر میں بھون کر ادرک اور ہری مرچ کاٹ کر ملائیے۔ گھی کی جگہ تیل بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

بھری ہوئی بھنڈی

بھنڈی آدھا کلو، پیاز ۲ عدد، ٹماٹر ایک عدد بڑا، انار دانہ دو چمچے، زیرہ نصف چمچ، سبز مرچ ۳ عدد

ترکیب: نرم درمیانی بھنڈی دھوکر خشک کرلیجیے۔ اسے درمیان سے چیر لیجیے۔ اناردانہ، زیرہ، نمک، مرچ، سبز مرچ پیس لیجیے۔ پیاز اور ٹماٹر بھی باریک کرلیجیے۔ یہ سب ملا کر کریلوں کے مانند بھنڈی میں بھرئیے۔ پھر گھی یا تیل میں تل لیجیے، ہلکی بھوری ہونے لگیں تو مسالہ ڈال کر دم دیجیے۔ جب مسالہ گھی سے الگ ہوجائے تو چولہے سے اتار لیں۔ بھری ہوئی بھنڈیاں ہمیشہ فرائی پان میں تلیں اور ان میں چمچہ بڑی احتیاط سے استعمال کریں۔ چمچ کے بجائے اگر فرائی پان ہلالیں تو زیادہ بہتر ہے۔

اچاری بھنڈیاں

بڑا کچا آم ایک عدد، بھنڈی آدھا کلو، ہلدی ایک چمچ، نمک، مرچ حسبِ ذائقہ، کلونجی ایک چمچ، سفید زیرہ ایک چمچ، میتھی دانہ ایک چوتھائی چمچ، سونف ایک چمچ، لہسن (پسا ہوا) ایک چمچ۔

ترکیب: چھلے ہوئے لہسن کے چار ثابت دانے لے کر موٹے موٹے کاٹ لیجیے۔ ادرک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا بھی کاٹ لیں۔ چھ عدد ہری مرچیں ڈنڈی سمیت لے کر انھیں درمیان سے چیر دیجیے۔ چھوٹی بھنڈیوں کو دونوں طرف سے کاٹ کر ثابت رہنے دیں۔ تیل گرم کیجیے۔ کچا آم چھیل کر لمبائی کے رخ ٹکڑے کیجیے، وہ زیادہ موٹے نہ ہوں۔ تیل میں نمک، مرچ، ہلدی، کلونجی، سفید زیرہ، میتھی دانہ، سونف، لہسن، کٹا ہوا لہسن اور ادرک ڈال دیجیے۔ ساتھ ہی کچا آم ڈال کر ایک چوتھائی پانی ملا کر ڈھانپ دیجیے۔ پانی خشک ہونے کے بعد ہری مرچ اور بھنڈیاں ڈال کر بھون لیجیے۔ ایک چوتھائی پیالی پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر ڈھانپ کر پکائیے۔ پانی خشک ہوجائے تو بھون کر اتار لیں۔

دو پیازہ

بھنڈی کا دو پیازہ بھی بنتا ہے۔ اس میں بھنڈیاں اور پیاز ہم وزن ڈالا جاتا ہے۔ ایک بڑی کچی کیری کدوکش کرکے نمک، موٹی کٹی ہوئی ثابت مرچ، سفید زیرہ، ثابت لہسن اور ہلدی ملاتے ہیں۔ بھنڈیاں تل کر ہلکی فرائی کی جاتی

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146