موسم سرما اسپیشل

عائشہ بنت امان اللہ (ممبئی)

گاجر کا حلوہ

اشیاء: گاجر ایک کلو، دودھ دو کلو، شکر 750 گرام کھویا آدھا کلو، گھی 250گرام، سبز الائچی 10-12 عدد پسی ہوئی خشک میوہ (بادام، پستہ، کاجو، اخروٹ) کٹا ہوا حسب پسند۔

ترکیب: گاجروں کو چھیل کر ان کی گٹھلی نکال لیں اور ان کو کدوکش کر لیں۔ اب گاجروں کو دودھ میں ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب دودھ خشک ہوجائے تو شکر ڈال کر اچھی طرح چلائیں۔

کڑاہی میں گھی ڈال کر اس میں پسی ہوئی الائچی ڈالیں جب الائچی کڑکڑانے لگے تو اس میں کھویا ڈال کر بھونیں جب کھویا بھن جائے تو گاجر ڈال کر بھونیں، یہاں تک کہ خوشبو آنے لگے۔ آخر میں خشک میوہ ڈال کر اچھی طرح ملائیں اگر پسند ہو تو دو تین بوند کیوڑہ ڈال کر اتارلیں، چاہیں تو پیالی میں نکال کر اوپر سے میوہ ڈال کر پیش کرسکتے ہیں۔ ناریل بھی کدوکش کر کے ڈالیں۔

نہاری

اشیاء: بکرے کے پائے چار عدد (ٹوٹے ہوئے) گرم مسالہ الائچی دو عدد، دار چینی ایک انچ کا ٹکڑا، کالی مرچ تین چار عدد، تیج پتہ تین چار عدد، لونگ دو تین عدد، پیاز کٹی ہوئی چار عدد ، ادرک لہسن کا پیسٹ دو چائے کا چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، ٹماٹر دو عدد، لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ، دھنیا پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، ہرا دھنیا ایک گڈی دھوکر باریک کاٹ لیں، لیموں دو عدد، تیل ایک کپ۔

ترکیب: بکرے کے پائے کو اچھی طرح دھو کر کوکر میں ڈالیں، اس میں گرم مسالہ نمک ادرک لہسن کا پیسٹ ایک چمچہ، دو پیاز کٹی ہوئی ڈالیں۔ چار پانچ پیالی پانی ڈال کر کوکر کا ڈھکّن بند کردیں۔ دھیمی آنچ میں ایک گھنٹہ پکا کر کوکر اتار لیں۔ ایک دیگچی میں تیل ڈال کر کٹا ہوا پیاز ڈالیں، جب پیاز سنہری ہوجائے تو اس میں ادرک لہسن کا بچا ہوا پیسٹ، ہلدی، لال مرچ اور دھنیا پاؤڈر ڈال کر بھونیں پھر اس میں کٹا ہوا ٹماٹر ڈال کر ڈھکن بند کردیں۔ جب تیل اوپر آجائے اور ٹماٹر بھی مسالہ میں مکس ہوجائے تو اس میں آدھا چمچہ گرم مسالہ پسا ہوا ڈالیں۔ دو تین منٹ بعد اس میں پکا ہوا پایا ڈال دیں۔ اگر ضرورت ہو تو اس میں پانی ڈالیں۔ گرما گرم نہاری پیالی میں نکال کر اوپر سے ہرا دھنیا اور لیموں کے رس کے ساتھ پیش کریں۔ ٹھنڈ میں صبح صبح روٹی کے ساتھ کھائیں۔

آلو کی روٹی مع چٹنی

اشیاء: آلو آدھا کلو، آٹا یا میدہ 750 گرام (نمک ملا کر تھوڑا سخت گوندھ لیں، میدہ اگر گوندھ رہے ہیں تو گرم پانی سے گوندھ لیں) ہری مرچ دس بارہ عدد، ہرا دھنیا ایک پیالی باریک کٹا ہوا، نمک حسب پسند۔

ترکیب:

آلو کو ابال کر مسل لیں، اس میں باریک کٹا ہوا دھنیا اور مرچ ملائیں۔ نمک بھی ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔

آٹے یا میدے کے دو چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں۔ اس کو تھوڑا سا پوری کے برابر بڑھا کر ایک پیڑے پر آلو کا مسالہ ڈالیں۔ دوسرا پیڑا اس کے اوپر رکھ کر دونوں کے کناروں کو خوب اچھی طرح دبا کر چپاتی کے برابر بیل کر توے پر تیل یا گھی لگا کر اچھی طرح سینک کر اتار لیں، گرما گرم چٹنی کے ساتھ کھائیں۔

چٹنی بنانے کے لیے:

اشیاء: پودینہ، ہرا دھنیا ایک پیالی۔ دو تین ہری مرچ، نمک حسب پسند آدھا لیموں کا رس۔

لیموں کے رس کو چھوڑ کر سب ملا کر باریک پیس لیں اس میں لیموں کا رس ملا کر آلو کی روٹی کے ساتھ پیش کریں۔

گاجر کا کھٹا میٹھا اچار

اشیاء: گاجر ایک کلو (دھوکر چھیل کر ان کی گٹھلی نکال کر کدوکش کرلیں) ایک چمچہ چائے کا لال مرچ پاؤڈر، ایک ایک چمچہ چائے کا آم کا مسالہ رائی، میتھی، زیرہ، سونف، کلونجی توے پر بھون کر پیس لیں۔ ۱۰۰ گرام گڑ، دو چائے کا چمچہ لیموں کا رس، نمک حسب ضرورت۔

ایک کپ تیل، دو لال مرچ، ایک چوتھائی چائے کا چمچہ میتھی، رائی، زیرہ، چٹکی بھر ہینگ، ہلدی۔

ترکیب:

ایک کڑھائی میں تیل گرم کر کے رائی ڈالیں جب رائی کڑکڑانے لگے تو زیرہ، میتھی، ہینگ اور ہلدی ڈالیں۔ آنچ پر سے اتار کر گاجر اور سارے آم کے پسے ہوئے مسالے ڈالیں۔ ٹھنڈا ہونے پر گڑ ڈالیں، لیموں کا رس اور ایک کپ تیل اگر چاہیں توگرم کر کے ڈالیں۔

ایک جار میں ڈال کر ایک دن کے لیے رکھ دیں۔ دوسرے دن اچار تیار ہوجائے گا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146