موسم سرما کے خاص پکوان

ماخوذ

فرائی خشک کیے ہوئے کریلے
اجزا: کریلے ایک کلو، پیاز ایک کلو، املی آدھا پاؤ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، چاٹ مصالحہ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، پکانے کے لیے تیل۔
ترکیب: سب سے پہلے کریلوں کو چھیل کر باریک باریک کاٹ لیں پھر املی، ہلدی اور نمک کے پانی میں آدھے گھنٹے کے لیے بھگودیں، پھر اسی پانی میں ان کو اچھی طرح دھولیں تاکہ کڑواہٹ نہ رہ جائے۔اس کے بعد ایک کڑھائی میں کافی تیل ڈال کر خوب گرم کرلیں، جب اچھی طرح گرم ہوجائے تو اس میں نمک ملا کر کریلے ڈال دیں اور چلاتی رہیں۔
جب کریلے براؤن ہونے لگیں تو نکال کر اخبار پر پھیلادیں تاکہ تیل اچھی طرح خشک ہوجائے۔ پھر اسی تیل میں پیاز ڈال کر اس کو براؤن کرلیں۔ جب براؤن ہوجائے تو اس کو بھی اخبار پر پھیلادیں۔ کھانا نکالنا ہو تو ان دونوں کو اچھی طرح سے ملادیں اور اوپر سے چاٹ مصالحہ ڈال دیں۔
اچار کے مصالحے والی بھنڈی
اجزا: بھنڈی آدھا کلو ثابت رکھیں، پیاز آدھا کلو باریک کٹی ہوئی، کلونجی آدھا چائے کا چمچہ، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، ثابت سوکھی کھٹائی چھ عدد یا لیموں دو عدد ، ثابت دھنیا آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، تیل ایک کھانا پکانے والا چمچہ۔
ترکیب: سب سے پہلے بھنڈی کو دھوکر اوپر نیچے کا حصہ کاٹ لیں اور پھر اس میں کٹی ہوئی پیاز اور سارے مصالحے مع کھٹائی کے اچھی طرح ملادیں۔ کڑھائی میں تیل گرم کریں۔ مصالحے ملی ہوئی بھنڈی ڈال دیں اور اچھی طرح سے چمچے سے چلا کر ڈھکن ڈھک دیں، ہلکی آنچ کردیں۔ ۲۰ منٹ بعد اتار لیں۔
تلی ہوئی بھنڈی
اجزا: بھنڈی ایک کلو باریک کاٹ لیں، پیاز ایک کلو باریک کاٹ لیں، موٹی کٹی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، پسا ہوا سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، لیموں دو عدد، تیل دو پیالی۔
ترکیب: سب سے پہلے کڑھائی میں تیل گرم کریں۔ جب اچھی طرح گرم ہوجائے تو بھنڈی میں نمک ملاکر تیل میں ڈال دیں اور چلاتے رہیں۔ یہاں تک کہ بھنڈی براؤن ہوجائے۔ براؤن ہوجانے پر بھنڈی کو تیل میں سے نکال کر اخبار پر پھیلادیں تاکہ چکنائی خشک ہوجائے پھر اسی تیل میں پیاز براؤن کریں۔ پیاز کو بھی نکال کر بھنڈی کے ساتھ اخبار پر پھیلادیں، پھر اس میں مرچ اور زیرہ اوپر سے چھڑک کر لیموں کا رس ڈال دیں اور اچھی طرح سے ملادیں۔ تیل کو چھان کر دوبارہ استعمال کرسکتے ہیں۔
شلجم کے کباب
اجزا: سفید شلجم ایک کلو، چھیل کر ابالیں، چنے کی دال آدھی پیالی ابال لیں، چھلے ہوئے لہسن کے جوئے چھ عدد، ادرک چھوٹا سا ٹکڑا، ثابت لال مرچ چھ عدد، ثابت کالی مرچ آٹھ عدد، ثابت دھنیا آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، کارن فلور دو کھانے کے چمچے، ڈبل روٹی توس دو عدد، انڈا ایک عدد، تیل ایک پیالی۔
کبابوں میں بھرنے والا مصالحہ: پودینہ ایک گھٹی پتے الگ کرکے باریک کاٹ لیں، ہرا دھنیا ایک گھٹی باریک کٹا ہوا، ادرک چھوٹا سا ٹکڑا باریک کٹا ہوا، ہری مرچ دو عدد باریک کٹی ہوئی، پیاز چھوٹی ڈلی ایک عدد آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی۔
ترکیب: سب سے پہلے شلجم کو چھیل کر دھوئیں، پھر ہلکی آنچ پر ابالیں، جب شلجم گل جائیں تو پانی سے نکال کر کانٹے سے بھرتہ بنالیں پھر چھلنی میں رکھ کر دبا د با کر شلجم کا پانی نکال دیں اور بالکل خشک کرلیں۔ دال میں سارے مصالحے ڈال کر اچھی طرح ابالیں۔
جب دال گل جائے تو باریک پیس لیں، پھر شلجم اور دال ملا کر گوندھ لیں۔ ساتھ میں کارن فلور اور انڈا بھی ملا دیں پھر گیلے ہاتھ کرکے کباب بنالیں۔ ہرا مصالحہ ساتھ میں ملا دیں یا اندر بھر کر کباب بنالیں اسے ہلکی آنچ میں کم گھی میں فرائی کرلیں۔
کھٹا دالچہ
اجزا: ہری لوکی آدھا کلو،مسور کی دال ایک پیالی، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، املی ایک پیالی بھر کے تین پیالی پانی میں بھگودیں۔ کڑی پتہ چار عدد، ہری مرچ ثابت چار عدد، پیاز درمیانی ڈلی دو عدد باریک کٹی ہوئی، ٹماٹر دو عدد، دارچینی کا ٹکڑا ایک عدد درمیانی سائز کا توے پر بھون کر باریک پیس لیں، نمک حسب ذائقہ، تیل ایک کھانا پکانے والا۔
ترکیب: سب سے پہلے دارچینی دو پیالی پانی میں ڈال کر چڑھادیں جب اچھی طرح گل جائے تو لکڑی کے چمچے سے گھمائیں یا پھر مشین میں پیس لیں۔ دیگچی میں پسی ہوئی دال ڈال کر ہلدی، مرچ، نمک، ادرک، لہسن، لوکی چھوٹے چھوٹے ٹکڑے اور کڑی پتہ ڈال کر چڑھا دیں۔ جب لوکی گل جائے تو املی کا پانی اور ہری مرچ ڈال دیں، تقریباً دس منٹ بعد دارچینی پیس کر اور ٹماٹر کے چار چار ٹکڑے کرکے ڈال دیں اور ہلکی آنچ میں دم پر رکھ دیں۔
مونگ پھلی کی چٹنی
اجزا: مونگ پھلی کے دانے ۱۰۰ گرام، میتھی کی پتی ۵۰ گرام، پیاز ایک گانٹھ، لہسن آدھا چائے کا چمچہ، زیرا آدھا چائے کا چمچہ، ہری مرچ ۵ عدد ، لال مرچ آدھا چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ٹماٹر ۴ عدد ، نمک حسب ذائقہ۔
ترکیب: مونگ پھلی کے دانے گرم توے پر ذرا دیر بھونیں پھر ہاتھ سے مسل کر چھلکے اتار دیں اب دانوں کو موٹا پیس لیں اب برتن میںتیل ڈالیں، زیرا ڈالیں پھر ہری مرچ اور پیاز ڈال کر براؤن کریں اب لہسن ادرک کا پیسٹ ڈال کر ہلدی اور مرچ پاؤڈر ڈال کر بھونیں۔ اب ٹماٹر باریک کٹے ڈال کر بھونیں مونگ پھلی ڈال دیں اور میتھی کٹی ہوئی، نمک حسب ذائقہ ڈال کر ڈھک دیں۔ دھیمی آنچ پر پکائیں۔ تھوڑی دیر بعد چولہا بند کریں چٹنی تیار ہے۔
ماش کی دال کے لڈو
اجزا: دھلی ماش کی دال ایک کلو، ایک کلو دیسی گھی،پاؤ بھر ناریل ،پاؤبھر بادام، پاؤ بھر کاجو ، پاؤ بھر چھوہارا، ۱۰۰ گرام پستہ، شکر آدھا کلو، گوند پاؤ بھر۔
ترکیب: دال دھوکر سکھاکر چکی یا مکسر میں باریک پیس لیں۔ کھلے ہوئے برتن میں تھوڑا سا گھی ڈال کر دال کا پاؤڈر ڈال دیں اب اس وقت بھونیں جب تک براؤن نہ ہوجائے اور بھننے کی خوشبو نہ آنے لگے۔ اسی طرح سے پوری دال کا پاؤڈر گھی ڈال کر بھون لیں جب پوری دال بھن جائے تو پسی ہوئی شکر اور سب میواجات پسے باریک باریک جلدی جلدی ملادیجیے۔ گوند کو گرم کڑاہی پر بھونیں تو پھول جائے گا اسے باریک پیس کر سب کو ملائیں اور گرم گرم لڈو باندھ دیں یہ لڈو کمر اور دماغ کو بہت طاقت دیتے ہیں بچے عورتیں جوان سب کھائیں۔
مونگ کی دال کا حلوا
ترکیب: دھلی مونگ کی دال ایک کلو دھوکر بھگو کر باریک پیس لیں پھر کڑھائی میں ایک کلو اصلی گھی گرم کرکے مونگ کا پیسٹ ڈال دیں اور اس وقت بھونیں جب تک کہ براؤن نہ ہوجائے۔ پھر الگ برتن میں ایک پاؤ پانی اور ایک کلو شکر کا شیرا تیار کریں پھر اس میں بھنی ہوئی مونگ کی دال اور پسی الائچی ۱۰ عدد ڈال دیں۔ خوب چلائیں پھر چولہا بند کریں پھر کٹے کاجو ۵۰ گرام ، کٹے بادام ۵۰ گرام اور کٹا پستہ ۲۵ گرام ڈال دیں۔ یہ حلوا بہت لذیذ اور طاقتور ہوتا ہے۔ ایک مہینہ تک خراب نہیں ہوتا ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں