نبیؐ کی دعا اور آپ

مولانا محمد یوسف اصلاحی

کس مومن کے دل میں یہ آرزو نہ ہوگی کہ وہ نبی ﷺ کی مقبول دعا کا مستحق بنے اور نبی ﷺ کی یہ دعا کہ ’’اے اللہ! تو اس بندے کو خوش و خرم اور شاداب رکھ۔‘‘ اس کے حق میں بھی خدا کے یہاں شرفِ قبولیت پائے۔ کیسا خوش نصیب ہے وہ بندہ جس کے لیے خدا کے رسول ﷺ دعا فرمائیں، اس بات میں کسے تردد ہوسکتا ہے کہ خدا کے رسول ﷺ کی زبانِ مبارک سے نکلی ہوئی دعا شرفِ قبولیت پائے گی اور خدا اپنے حبیب ﷺ کی فرمائش ہرگز رد نہ فرمائے گا۔
نبی ﷺ کی دعا کا مستحق دنیا میں بھی خوش و خرم اور شاداب رہے گا، لیکن اصل خوشی اور شادابی تو اس کو اس دن حاصل ہوگی، جب وہ حشر کے میدان میں اللہ کے حضور پہنچے گا۔ ذرا تصور تو کیجیے اس بندے کی خوش نصیبی کا جو حشر کے میدان میں اس طرح آئے کہ ا س کا چہرہ مسرت و کامرانی سے چمک رہا ہو اور اس کی نگاہیں دیدارِ الٰہی میں محو ہوں۔
’’اس دن بہت سے (خوش نصیبوں کے) چہرے تر وتازہ اور بارونق ہوں گے اور وہ اپنے رب کے دیدار میں محو ہوں گے۔‘‘ (القیامۃ)
جب کہ اسی دن بہت سے بدنصیب وہ بھی ہوں گے جن کے چہرے شرم و ندامت اور گناہوں کی تپش سے جھلسے ہوئے ہیبت ناک حد تک سیاہ اور اداس ہوں گے۔
’’اور بہت سے (بدنصیبوں کے) چہرے اداس اور بے رونق ہوں گے اس آفت کے اندیشے میں جو ان پر آنے والی ہے۔ ‘‘ (القیامۃ)
ذرا اپنے دل کو ٹٹولیے کیا آپ کے دل میں یہ تڑپ نہیں ہے کہ آپ بھی اپنے رسول ﷺ کی اس دعا کے مستحق بنیں کہ ’’اے اللہ! اس بندے کو خوش وخرم اور شاداب رکھ‘‘ اور آپ بھی چمکتے چہرے کے ساتھ اللہ کے حضور پہنچیں اور اس کے دیدار سے اپنی آنکھیں روشن کریں۔
رسول اللہ ﷺ نے کن لوگوں کے لیے دعا فرمائی ہے اور کون لوگ اس کے مستحق ہیں، یقینا آپ جاننا چاہتے ہوں گے اور بڑی بے تابی کے ساتھ!
رسول اللہ ﷺ نے یہ دعا ان لوگوں کے حق میں فرمائی ہے، جو رسول اللہ ﷺ کا پیغام رسولﷺ سے سن کر اللہ کے بندوں تک پہنچائیں اور دعوت و تبلیغ کا کام کریں۔ رسول اکرم ﷺ کا ارشاد ہے: ’’خدا اس بندے کو شاداب و مسرور رکھے، جس نے مجھ سے میرا پیغام سنا اور اسے ٹھیک ٹھیک دوسروں تک پہنچایا۔‘‘
بلاشبہ آپ نبی ﷺ کا پیغام نبی ﷺ کی زبان سے نہیں سکتے مگریہ موقع بہرحال آپ کو حاصل ہے کہ آپ نبیؐ کا پیغام دوسروں تک ٹھیک ٹھیک پہنچائیں اور قلب کی لگن کے ساتھ دعوت و تبلیغ کا فریضہ سرانجام دیں اور نبی ﷺ کی دعا کے مستحق بنیں۔ نبی ﷺ کی یہ دعا یقینا آپ کے حق میں بھی ہے اگر آپ دعوت و تبلیغ کے کام میں لگے ہوئے ہیں اور حسن وخوبی کے ساتھ عمل کررہے ہیں۔ یہی آپ کی زندگی کا مشن ہے اور یہی شب و روز کی سرگرمی ہے۔
پھر دعوت و تبلیغ کے اجر و انعام کی کوئی حد اور انتہا نہیں، بالکل ممکن ہے کہ آپ جن لوگوں تک خدا کے رسول ﷺ کا پیغام پہنچائیں، وہ آپ کے مقابلے میں اس پیغام کی زیادہ حفاظت کریں۔ زیادہ شوق و محنت کے ساتھ دوسروں تک اسے منتقل کریں لیکن خدا کا فضل و احسان تو دیکھئے چونکہ ان تک دین کا پیغام پہنچنے کا واسطہ آپ بنے ہیں، اس لیے اب رہتی زندگی تک اس واسطے سے جن جن لوگوں کو بھی یہ پیغام پہنچے گا ان کے اجر و انعام کے برابر آپ کو اجر و انعام ملتا رہے گا۔ آپ کے ساتھ بھی خدا تعالیٰ یہ بے پایاں فضل و کرم فرمائے گا اور ان لوگوں کے اجر وانعام میں بھی کوئی کمی نہ کرے گا۔
البتہ دعوت و تبلیغ کا کام کرتے وقت یہ بنیادی بات ضرور پیشِ نظر رکھنی چاہیے کہ نبی ﷺ کی دعا کے مستحق صرف وہی لوگ ہوں گے، جوٹھیک ٹھیک آپ ﷺ کی دعوت کو منتقل کریں، آپ ﷺ سے سننے والوں نے جس طرح سنا جس طرح سمجھا اور جس طرح اپنے بعد کی امت کو پہنچایا، ٹھیک اسی طرح آپ بھی دوسروں تک وہ دعوت پہنچائیں۔ اس میں آپ کو نہ کسی کمی کی اجازت ہے اور نہ ہی کسی اضافے کا اختیار۔
اگر آپ اسی آرزو کے ساتھ دعوتِ دین کا کام کررہے ہیں کہ نبی ﷺ کی دعا کے مستحق بنیں، خدا کا دیدار آپ کو نصیب ہو اور قیامت کے دن آپ کامیاب اور شادمان اللہ کے حضور پہنچیں تو آپ نہ کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کی پرواہ کریں، نہ کسی لالچ سے مرعوب ہوں، نہ کسی سے خوف کھائیں اور نہ کسی آزمائش سے ہراساں ہوں۔ ہر آنے والی آفت کا مردانہ وار مقابلہ کریں اور اللہ کا دین بے کم وکاست ٹھیک ٹھیک اللہ کے بندوں تک پہنچائیں۔
اور اس تمنا کے ساتھ یہ سب کچھ کریں کہ نبی ﷺ کی دعا آپ کے حق میں قبول ہو۔ دنیامیں بھی آپ کامیاب اور شادمان ہوں اور قیامت کے روز بھی آپ کا چہرہ مسرت و کامیابی و کامرانی سے د مک رہا ہو۔ نبی ﷺ کا ارشاد ہے:
’’خدا اس بندے کو مسرور وشاداب رکھے جس نے مجھ سے کچھ سنا اور پھر اس کو ٹھیک اسی طرح دوسروں تک پہنچایا، جس طرح مجھ سے سنا تھا۔ بہت سے وہ لوگ جن تک واسطوں سے بات پہنچتی ہے، وہ ان سے زیادہ اس پیغام کی حفاظت کرتے ہیں جو براہِ راست سننے والے ہوتے ہیں۔‘ ‘(ابوداؤد، ترمذی)
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146