نت نئے کھانوں کی ترکیبیں

ماخوذ

رمضان آنے والا ہے۔ سحری و افطار میں رنگ برنگے پکوانوں کی دھوم ہوگی۔ آئیے آپ بھی نت نئے کھانوں سے ضیافت اور افطار کا سامان کیجیے۔ پیش ہیں خصوصی ترکیبیں جو کھانے والوں کا دل جیت لیں اور آپ کو خوشی و مسرت سے ہم کنار کریں۔

کلیجی

اشیا: کلیجی آدھا کلو، ادرک لہسن پسا ہوا چائے کا ایک ایک چمچہ، دہی ایک پیالی، لال مرچ حسب منشا، تیل کھانے کے دو چمچے، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: کلیجی دھوکر ادرک لہسن، نمک، مرچ اور دہی ملا کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر فرائی پین میں تیل ڈال کر کلیجی بھون لیں۔ کلیجی پک جائے تو اس پر روٹی کا ٹکڑا رکھ کر جلتا ہوا کوئلہ رکھ دیں۔ ایک چمچہ تیل ڈال کر ڈھانپ دیں۔ صرف دس پندرہ منٹ پکنے میں لگیں گے۔

چائینزکلیجی

اشیا: کلیجی آدھا کلو، لہسن کھانے کا ایک چمچہ، دار چینی ایک ٹکڑا، ہری پیاز دو عدد، ٹماٹر تین عد (درمیانہ سائز) ادرک ایک انچ کا ٹکڑا (باریک کٹا ہوا)،تیل دو کھانے کے چمچے، ٹماٹو پیسٹ آدھی پیالی، گاجر ایک عدد، پیاز ایک عدد۔

ترکیب:تیل گرم کرکے باریک کٹی ادرک تل کر کلیجی ڈال دیں۔ پانچ منٹ کلیجی تلیں، اس کے بعد لہسن، دار چینی، پیاز، ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں، ساتھ تھوڑا پانی ڈال کر پکائیں۔ آمیزہ اچھی طرح بھون لیں۔ اب ایک ڈش میں گاجر اور ہری مرچ کاٹ کر ڈالیں۔ اس کے وسط میں کلیجی ڈالیں۔ چپاتی یا پراٹھے سے کھائیں۔

مسالے دار کلیجی

اشیا: کلیجی آدھا کلو، ٹماٹرپیسٹ آدھی پیالی، ادرک لہسن پسا ہوا چائے کا ایک چمچہ، لال مرچ حسب ذائقہ، کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، ہرا دھنیا ایک گٹھی، ہری مرچ چار عدد، پسا ہوا گرم مسالا چائے کا ایک چمچہ، پیاز پسی ہوئی ایک پیالی، تیل ایک پیالی، میتھی قصوری حسب منشا۔

ترکیب: تیل گرم کرکے پیاز سنہری تل کر نکال لیں۔ اب تیل میں کلیجی اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پکائیں۔ پانی خشک ہوجائے تو ادرک لہسن اور تمام مسالے ڈال کر بھونیں۔ تلی ہوئی پیاز چورا کرکے کلیجی میں شامل کردیں۔ آخر میں معمولی سا پانی اور ہری مرچ ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ ڈش میں نکالنے سے قبل گرم مسالا میتھی قصوری اور ہرا دھنیا ڈال دیں۔

ہرے مسالے کی کلیجی

اشیا: کلیجی آدھا کلو، ہرا دھنیا دو گٹھی، ہری مرچ حسب پسند، پودینہ آدھا گٹھی، ادرک لہسن پسا ہوا چائے کا ایک ایک چمچہ، گرم مسالہ پسا ہوا چائے کا ایک چمچہ، زیرہ چائے کا ایک چمچہ، لیموں کا عرق چائے کے دو چمچے، نمک حسب ضرورت۔

ترکیب: تیل گرم کرکے اس میں ادرک لہسن اور کلیجی ڈال کر تل لیں۔ تلی ہوئی کلیجی میں ہرا مسالہ ڈال کر چند منٹ بھونیں۔ آخر میں لیموں کا عرق ڈال کر دم پر رکھ دیں۔

کلیجی تلی ہوئی

اشیا: کلیجی آدھی کلو، دہی آدھی پیالی، کری پاؤڈر ایک کھانے کا چمچہ، ہلدی چائے کا ایک چمچہ، لال مرچ کھانے کا ایک چمچہ، سرکہ کھانے کے دو چمچے، ہرا دھنیا کٹا ہوا آدھی پیالی، ہری مرچ چار عدد،، کٹی ہوئی سرخ مرچ حسب منشا، تیل آدھی پیالی، میٹھی چائے کے دو چمچے، کڑی پتا چند پتے۔

ترکیب: کلیجی دھوکر اس میں کری پاؤڈر، نمک، ہلدی، پسی ہوئی سرخ مرچ اور سرکہ ملا کر ایک گھنٹہ رکھ دیں۔ تیل گرم کرکے تمام مسالے اور دہی ڈال کربھونیں۔ اب کلیجی ڈال کر چند منٹ بھونیں۔ ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ اور کڑی پتے کا بگھار لگادیں۔ ذائقے دار تلی ہوئی کلیجی تیار ہے۔

مرغی کی کلیجی

اشیا: مرغی کی کلیجی آدھا کلو، مکھن تین کھانے کے چمچے، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، لہسن چند جوئے (کچل لیں)، لال مرچ چائے کا ایک چمچہ، لیمن جوس چائے کا ایک چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: کلیجی دھو کر تمام مسالے لگا کر ایک گھنٹہ رکھ دیں۔ اب فرائی پین میں مکھن گرم کرکے کلیجی ڈال کر تیز آنچ پر پانچ منٹ تلیں لذیذ کلیجی تیار ہے۔

پراٹھے:

اشیاء: میدہ یا آٹا ایک کلو، گھی ایک پاؤ، دودھ آدھا کلو، نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب: میدہ یا آٹا میں دودھ ڈال کر گوندھ لیں۔ اسے ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد توے کو ہلکی آنچ پر چولہے پر رکھ دیں۔ میدے کے کاغذی لیموں کے برابر چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں۔ اب دو پیڑوں میں خوب گھی لگا کر ایک ساتھ بیل لیں۔ اسے آہستہ سے توے پر ڈالیں۔ آنچ دھیمی رکھیں۔ پراٹھے کے درمیان میں سوراخ کرکے اس میں گھی ڈال دیں۔پراٹھے کے اوپر بھی گھی لگائیں۔ جب دونوں طرف سے سرخ ہوجائے تو توے سے اتارلیں۔ پراٹھا تیار ہے۔ اس طرح مزید پراٹھے بنالیں۔ اسے آملیٹ کے ساتھ کھائیں، قیمے کے ساتھ کھائے یا چائے کے ساتھ۔ یہ ہر کھانے کے ساتھ مزیدار لگیں گے۔

ورقی پراٹھے

اشیا: میدہ آدھا کلو، چینی پاؤ پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، دودھ آدھی پیالی، کھانے کا سوڈا چائے کا پاؤ چمچہ، گھی حسب ضرورت۔

ترکیب: ایک کونڈے یا برتن میں میدہ چھان کر ڈالیں۔ اس میں چینی اور سوڈا گھول کر ڈالیں اور ہاتھ سے اچھی طرح اس میں پانی ڈال کر گوندھ لیں۔ گوندھنے کے دوران پاؤ پیالی گھی بھی شامل کردیں۔ میدہ ایک گھنٹہ رکھ دیں۔ میدے کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا کر بیل لیں۔ ایک پیڑہ بیل کر رکھیں، دوسرا بیل کر پہلی والی روٹی پر رکھ دیں۔ اسی طرح چار تہہ اوپر تلے رکھیں۔ ہر تہہ کے بیچ میں تھوڑا سا گھی اورمیدہ چھڑکتی جائیں۔ جب چار تہہ ہوجائیںتو اس کو گول موڑ لیں اور دوبارہ بیڑہ بنا کر بیل لیں۔ اب سوکھے توے پر گھی ڈال کر گرم کریں، اس پر پراٹھا پھیلادیں۔ آنچ دھیمی رکھیں۔ جب ایک طرف سے بادامی ہوجائے تو پلٹ دیں۔ اسی طرح تمام پراٹھے بنالیں۔

کچلا ہوا گوشت

اشیا: گوشت گائے یا بکری کا ایک کلو چھوٹی بوٹیاں کرکے سل پر کچل لیں۔ پیاز چار عدد باریک کٹی ہوئی، گرم مسالہ چائے کا ایک چمچہ پسا ہوا، ادرک اور لہسن ایک ایک کھانے کا چمچہ (موٹا کچلا ہوا)، کالی مرچ کٹی ہوئی چائے کا ایک چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی چائے کا ایک چمچہ، نمک حسب ذائقہ، پپیتا چھلکوں کے ساتھ پسا ہوا، دہی آدھی پیالی، لیموں دو عدد، تیل آدھی پیالی۔

ترکیب: گوشت سل پر کچل کر اس میں دہی، ادرک، لہسن، نمک اور پپیتا ملا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر کڑاہی میں تیل گرم کریں۔ جب تیل گرم ہوجائے تو اس میں گوشت ڈال دیں۔ گوشت بھون کر پانی ڈال دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے اور گوشت گل جائے تو لال مرچ، کالی مرچ اور گرم مسالہ ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔ آخر میں لیموں کا رس ڈال کر پانچ منٹ کے لیے دم پر رکھیں۔ مزیدار گوشت تیار ہے۔

چٹ پٹا قیمہ

اشیا: قیمہ آدھا کلو، خشخش چائے کے چمچے (بھگوکر پیس لیں)، ادرک لہسن پسا ہوا چائے کا ایک ایک چمچہ، سرخ مرچ ثابت ۱۰ عدد، املی کا رس آدھی پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، سوکھا دھنیا چائے کے دو چمچے، سفید زیرہ چائے کے دو چمچے، تیل چائے کے دو چمچے، ناریل کھانے کے دو چمچے (تمام خشک مسالے ملا کر پیس لیں)، ہرا دھنیا، پودینہ آدھی آدھی گٹھی (باریک کاٹ لیں) تیل آدھی پیالی۔

ترکیب: دیگچی میں تیل گرم کرکے ایک چائے کا چمچہ سفید زیرہ اور ثابت مرچ ڈال کر ہلکا سنہری کرلیں۔ قیمہ، ادرک، لہسن ڈال کر دھمی ڈھاک دیں۔ قیمے کا پانی خشک ہوجائے تو تمام خشک مسالے، نمک اور املی کا رس ڈال کر بھون لیں۔ تیل نظر آنے لگے تو ہرا مسالہ ڈال کر پانچ منٹ دم پر رکھ دیں۔ گرما گرم قیمہ پراٹھے، نان یا پوریوں کے ساتھ کھائیں۔

اسپیشل قیمہ کڑاہی

اشیا: قیمہ آدھا کلو، دھنیا کٹا ہوا چائے ایک چمچہ، ادرک چائے کا ایک چمچہ، پیاز ایک عدد باریک کٹی ہوئی، ہری مرچ حسبِ ذائقہ، کارن فلور، چائے کا ایک چمچہ، ہرا دھنیا ایک گٹھی، لہسن چائے کا ایک چمچہ، سفید زیرہ چائے کا آدھا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، گرم مسالہ پسا ہوا چائے کا آدھا چمچہ، ڈبل روٹی ایک سلائس چو را کرلیں۔

ترکیب: تمام اشیاء کو قیمے میں ٹال کر ملالیں۔ قیمے کے لمبوترے کباب بنا کر تل لیں۔ اب ان کبابوں کے لیے شوربہ بنانا ہے۔ اس کے لیے درج ذیل اشیاء درکارہوں گی۔

اشیا: ٹماٹر تین چار عدد کٹے ہوئے، پیاز ایک عدد کٹی ہوئی، لہسن، ادرک پسا ہوا چائے کا ایک چمچہ، سرخ مرچ پسی ہوئی چائے کا ایک چمچہ، ہری مرچ چند عدد اور تیل تین چوتھائی پیالی لیں۔

ترکیب: ایک دیگچی میں پیاز تل لیں۔ اس میں ادرک لہسن شامل کرلیں۔ ٹماٹر اور ہری مرچ ڈال کر تل لیں۔ اب اس میں آدھی پیالی پانی ڈال کر پکائیں۔ بقیہ مسالے ڈال کر بھون لیں اور تلے ہوئے کباب شامل کرکے اسے دم پر رکھ دیں۔ آخر میں کٹا ہوا ہرا دھنیا چھڑک دیں۔ پراٹھے یا نان کے ساتھ کھائیں۔

دہی بڑے

اشیا: چاول، چنادال اور ارہر کی دال برابر مقدار میں الگ الگ توے پر بھون کر پیس لیں، زیرہ چائے کا ایک چمچہ، ثابت دھنیا چائے کا ایک چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، ہلدی ایک چھوٹا چمچہ، لال مرچ دو چمچے، تیل ایک چمچہ، دہی آدھ کلو، چاٹ مسالہ، کٹی ہوئی سرخ مرچ اور نمک حسبِ ضرورت۔

ترکیب: چاول اور دال ملا آٹے میں زیرہ اور دھنیا بھون اور پیس کر ڈال دیں۔ نمک، ہلدی، مرچ اور ایک چائے کا چمچہ تیل ملا کر نیم گرم پانی سے گوندھ لیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کریں۔ آٹے کے پیڑے بنا کر ہلکا سا دبائیں۔ گرم تیل میں ڈال کر تل لیں۔ دیگچی میں پانی اور نمک ڈالیں۔ اس پانی میں دہی بڑے تھوڑی دیر بھگودیں، اب دہی پھینٹ کر بڑے اس میں ڈال دیں۔ اوپر سے نمک، چاٹ مسالا اور کٹی ہوئی مرچ شامل کردیں۔

بریڈ بڑے

اشیا: چاول کا آٹا آدھی پیالی، بریڈ گرم ایک پیالی، گاجر کدوکش کی ہوئی آدھی پیالی، پیاز ایک عدد باریک کٹی ہوئی، ہری مرچ حسب منشاء، کھانے کا سوڈا ایک چٹکی، ہرا دھنیا، پودینہ، نمک حسب منشا، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ چائے کا ایک چمچہ، تیل تلنے کے لیے، دہی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: چاول کے آٹے اور بریڈ کرم میں تمام مصالحے ملا کر تھوڑا پانی ملا کر گوندھ لیں۔ اسے دس منٹ رکھ دیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرلیں۔ ہاتھ پر تیل لگا کر بڑے بنائیں اور گرم تیل میں تل لیں۔ دہی پھینٹ کر اس میں ہری چینی، چاٹ مصالحہ اور نمک ملا کر بڑے ڈال دیں۔

سوجی کے دہی بڑے

اشیا: بیسن ایک پیالی، سوجی آدھی پیالی، سوڈا کھانے کا چائے کا آدھا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، زیرہ چائے کا ایک چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی حسبِ منشا، دہی آدھا کلو، کٹی ہوئی سرخ مرچ اور چاٹ مصالحہ حسب خواہش، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب: بیسن میں تمام چیزیں اور سوجی ملا لیں۔ بیسن کے حسبِ خواہش بڑے بنا لیں۔ تیل گرم کرکے تل لیں۔ نیم گرم پانی میں چند منٹ ڈال کر بھگوئیں۔ پھینٹ کر اس میں بڑے ڈال دیں۔

ماش کی دال کے دہی بڑے

اشیا:ماش کی دال دو پیالی، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ حسب ذائقہ، ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، نمک حسب ذائقہ، تیل حسب ضرورت۔

ترکیب: ماش کی دال رات بھر بھگو کر صبح باریک پیس لیں، پسی ہوئی ماش کی دال میں تمام مصالحے باریک پیس کر ملالیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرکے اس آمیزے کی پکوڑیاں تل لیں۔ دہی میں نمک، زیرہ، سرخ مرچ اور ہری مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ پکوڑیاں دہی میں ڈال کرملالیں اور اوپر سے ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا اور ہری مرچ باریک کٹی ہوئی شامل کرلیں۔ ماش کی دال کے دہی بڑے دستر خوان کی زینت بننے کے لیے تیارہیں۔

ڈبل روٹی کے دہی بڑے

اشیا: بریڈ سلائس چار عدد، بیسن ایک پیالی، لال مرچ پسی ہوئی حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ چائے کا ایک چمچہ، شکر چائے کا ایک چمچہ، چاٹ مسالا حسب ذائقہ، دہی آدھا کلو،تیل حسب ِ ضرورت۔

ترکیب: سلائس کے کنارے کاٹ کر چار چکور ٹکڑے کرلیں۔ بیسن میں مسالا ملا کر آمیزے میں ڈبو کر گرم کر پھینٹئے ہوئی دہی میں ڈال دیں۔

بیسن اور دال کے دہی بڑے

اشیاء: بیسن ایک پیالی، مونگ کی دال آدھی پیالی، دہی آدھی پیالی، کارن فلور چائے کا ایک چمچہ، دودھ ایک پیالی، زیرہ چائے کا ایک چمچہ، ثابت دھنیا چائے کا ایک چمچہ، لال مرچ حسب ذائقہ، چاٹ مسالا حسبِ خواہش، شکر چائے کا ایک چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب: دال آدھے گھنٹے بھگو کر پیس لیں۔ بیسن میں دال، نمک مرچ … کرکے پکوڑے تیل لیں۔ پہلے سادہ پانی اور پھر دہی کے پانی میں بھگوکر نچوڑ لیں۔ باقی دہی میں کارن فلور، زیرہ پیس کر، دھنیا، چاٹ مسالا، دودھ اور شکر ملا کر پھینٹ لیں۔ بڑے اس میں ڈال دیں۔

میٹھے دہی بڑے

اشیاء: ماش کی دال ایک پیالی، شکر آدھی پیالی، دہی آدھا کلو، چھوٹی الائچی چائے کا آدھا چمچہ، بادام اور پستے حسبِ ضرورت تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:دال رات بھر بھگوکر پیس لیں۔ شکر میں تھوڑا پانی ڈال کر چاشنی بنائیں، دال پیس کر چمچے سے گرم تیل میں پکوڑے اس طرح ڈال کر تل لیں۔ اب نکال کر چاشنی میں پندرہ منٹ ڈال دیں۔ دہی پھینٹ کر چائے کے دو چمچے شکر اور چند عدد چھوٹی الائچی ملادیں۔ اب پکوڑے دہی میں ڈال کر بادام پستے چھڑک کر پندرہ منٹ فریج میں رکھ دیں۔

چھولے

اشیا: کابلی چنے ایک کلو، آلو ایک پاؤ، کھانے کا سوڈا چائے کے دو چمچے، ہرا دھنیا حسبِ ذائقہ، املی حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ، چاٹ مسالا حسبِ ذائقہ۔

ترکیب:کابلی چنے رات بھر بھگودیں۔ صبح تازہ پانی میں سوڈا شامل کرکے ابلنے رکھ دیں۔ آلو ابال لیں۔ ابلے ہوئے آلو چھیل کر باریک کاٹ لیں۔ چنے گل جائیں تو نمک ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ ہرا دھنیا، ہری مرچ باریک کاٹ لیں۔ املی کے بیج نکال لیں۔ ایک پیالے میں آلو، مسالہ، چنے، املی کا پانی اور تمام ہرا مسالہ ڈال دیں۔ چاٹ مسالہ الگ سے رکھ لیں۔ چٹ پٹے مزے دار کابلی چنے دسترخوان پر پیش کرکے تعریفیں سمیٹیں۔

پانی پوری

اشیا: آٹا آدھا کلو، کھانے کا سوڈا ایک چٹکی، کابلی چنے ایک پاؤ، املی آدھا پاؤ، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، نمک حسب ِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: آٹے میں کھانے کا سوڈا اور پانی ڈا کر نرم گوندھ لیں۔ کابلی چنے رات بھر بھگو کر صبح ابال لیں اور اس میں کھانے کا سوڈا بھی شامل کردیں، تاکہ جلدی گل جائیں۔آٹے کی پتلی اور چھوٹی روٹی بیل لیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرکے روٹی ڈال کر دیکھیں کہ وہ پھول رہی ہے یا نہیں، اگر نہیں، تو آٹے میں کھانے کا سوڈا مزید شامل کردیں۔ آٹے کی پتلی روٹیاں بیل کر تل لیں اور پھولنے پر فرائی پین سے نکال لیں۔ املی کے پانی میں نمک اور سرخ مرچ ملا کر اس آمیزے کو پتلا کرلیں۔ پانی پوری کے درمیان میں چھوٹا سے سوراخ کرکے کابلی چنے اور املی کا پانی ڈال کر کھائیں۔ گھر میں ہی گول گپّے یا پانی پوری کے چٹخارے لیں۔

فروٹ چاٹ

اشیا: سیب تین عدد، خربوزہ ایک (درمیانہ)، انار تین عدد، کیلے چھ عدد، چیکو تین عدد، کینو تین عدد، دیگر موسی پھل حسبِ ذائقہ، شکر ایک بڑا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، چاٹ مسالہ حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: ایک پیالے میں کینو کے بیج نکال کر اس کا عرق نچوڑ لیں۔ تمام پھل چھلکے اتار کر باریک کاٹ لیں۔ املی شکر ملا کر بھگودیں۔ نرم ہونے پر بیج نکال دیں اور مشین میں پیس لیں۔ تمام پھل ایک بڑے پیالے میں ڈالیں۔ اس میں شکر اور املی کا آمیزہ و چاٹ مسالہ اور کینو کا عرق شامل کرکے ملائیں، آسان ذائقے دار اور غذائیت سے بھر پور فروٹ چاٹ تیار ہے۔

پنیر کے پکوڑے

اشیا: پنیر کے سلائس ایک پیکٹ، بیسن ایک پاؤ، ہری مرچ پسی ہوئی تین عدد، سفید زیرہ، پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، میٹھا سوڈا چٹکی بھر، نمک حسبِ ذائقہ، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: پنیر اور تیل کے علاوہ تمام اشیاء اچھی طرح ملا لیں اور اس میں تھوڑا پانی شامل کرکے گاڑھا مرکب تیار کرلیں۔ پنیر کے سلائس دو حصوں میں کاٹ لیں اور ہر حصے کو بیسن میں بھگو کر تل لیں۔

پالک کے پکوڑے

اشیا:پالک ایک گڈی، انار دانہ پسا ہوا ایک چمچہ، ہری مرچ باریک کٹی ہوئی چار عدد، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، کھانے کا سوڈا چٹکی بھر، بیسن ایک پاؤ، نمک حسب ِ ذائقہ، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، تیل حسب ضرورت۔

ترکیب: پالک کے پتوں کی ڈنڈیوں سے علیحدہ کرکے اچھی طرح دھولیں۔ بیسن چھان کر اس میں نمک، سرخ مرچ، سبز مرچ، انار دانہ، زیرہ سوڈا اور پانی ڈال کر گھول لیں۔ دس منٹ تک یوں ہی رہنے دیں۔ تیل گرم کرکے پالک کا ایک ایک پتہ بیسن میں ڈبو کر تلتی جائیں، سرخ ہونے پر نکال لیں۔

سبزی کے پکوڑے

اشیا: آلو ایک عدد (بڑا)، شملہ مرچ ایک عدد، بند گوبھی دو پتے، پھول گوبھی ایک عدد (چھوٹی)، پیاز ایک عدد، پالک پانچ پتے، بیسن ڈیڑھ پیالی، سرخ مرچ ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ تین عدد، ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا حسبِ ذائقہ، پودینہ باریک کٹا ہوا حسب ذائقہ، میٹھا سوڈا آدھا چائے کا چمچہ، لیموں کا رس ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: آلو ابال کر باریک چوکور ٹکڑوں کی صورت میں کاٹ لیں۔ شملہ مرچ، گوبھی، پیاز، بند گوبھی اور پالک کاٹ لیں۔ بقایا اجزاء، تھوڑے پانی میں ڈال کر پھینٹ لیں اور کٹی ہوئی سبزی شامل کردیں۔ تیل گرم کرکے اس آمیزے کے پکوڑے بنائیں اور لطف اٹھائیں۔

قیمہ بھری مرچیں

اشیا: دودھ پونے دو پیالی، ڈبل روٹی ۴ سلائس، شملہ مرچ ۴ عدد، قیمہ آدھا کلو، انڈا ایک عدد، کالی مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ، لہسن آدھی پوتھی، گھی یا مکھن ۲ کھانے کے چمچ، ٹماٹر آدھا کلو، اجوائن آدھا چائے کا چمچ، پانی پونے دو پیالی، میدہ یا بیسن پاؤ پیالی، نمک حسبِ ذائقہ، دھینے کی پتیاں تھوڑی سی۔

ترکیب: (۱) روٹی کے ٹکڑے دودھ میں بھگوکر ۳۰ منٹ تک رہنے دیں۔ نرم ہوجائیں تو مسل لیں۔ (۲) اس ملیدے میں مصالحے ملا کر ملیدے اور قیمے کو یک جان کردیں۔ (۳) قیمے کو مرچوں کے اندر بھردیں (۴) سوا پیالی بھر پانی میں ذرا سا نمک ڈالیں اور پکنے کے لیے چولہے پر رکھ دیں۔ (۵) اس پانی میں بھری ہوئی مرچیں چن دیں۔ (۶) ۴۰ منٹ تک دھیمی آنچ پر پکنے دیں۔ کسی کسی وقت مرچوں کو پلٹ دیں۔ پانی خشک ہوجائے تو چھلنی یا کسی سوراخ دار برتن میں رکھ کر ہلکا سا سینک لیں۔ (۷) اچھی طرح خشک ہوجائیں تو گہری ڈش میں نکال لیں۔ (۸) اس کے ارد گرد سلاد، پیاز کے چھلکے، ابلے ہوئے آلوؤں کے قتلے اور گول کٹے ہوئے ٹماٹر سجا دیں۔

چٹنی بنانے کی ترکیب: (۱) کٹی ہوئی پیاز گھی میں سرخ کرلیں اور ٹماٹر کاٹ کر اس میں ڈال دیں۔ ٹماٹر کے چھلکے اتار لیں۔ (۲) اب پسی ہوئی سیاہ مرچ، حسبِ ذائقہ نمک، پودینے کی باریک کٹی ہوئی پتیاں اور میدہ بھی ڈال کر پکائیں (۳) گاڑھا ہوجائے تو اتارلیں۔ (۵) ہری سلاد، ابلے ہوئے آلو، ٹماٹر کے قتلے بھی سجائیں، اوپر اجوائن کا چھینٹا دے دیں۔

سویّوں کا زردہ

اشیا: سویاں ایک پاؤ،کھویا ایک پاؤ، گھی ایک پاؤ، شکر ۳ پاؤ، دودھ آدھا لیٹر، پستہ، بادام، چھوٹی الائچی، کشمش، زردہ، لونگ حسب پسند۔

ترکیب: (۱) گھی گرم کرکے ۴ لونگ اور ۴ الائچیاں بگھار لیں۔ (۲) اس میں سویوں کو ہلکا بادامی تل لیں (۳) دودھ میں شکر ڈال کر چمچے سے ہلائیں (۴) دودھ میں تلی ہوئی سویاں شامل کرکے پکائیں (۵) پستہ، بادام پیس لیں (۶) کھوئے کو مسل کر سویوں میں ڈالیں (۷) پستہ اور بادام بھی ڈال دیں (۸) سویاں پک جائیں تو زعفران بھی ڈال دیں (۹) ڈش میں نکال لیں (۱۰) چاندی کے ورق لگا کر اوپر پستہ، بادام کی ہوائیاں چھڑک دیں۔

گوشت کے تکّے

اشیا: دو تھیلی گارلک سلاد ڈریسنگ جو جنرل اسٹور سے مل جائے گا، کٹی ہوئی پیاز دو تہائی، سلہری کے کٹے ہوئے پتے تین چوتھائی پیالہ، سرکہ ایک تہائی پیالہ، سلاد آئل آدھی پیالی، ساس کھانے کا ایک چمچہ، بکری کے گوشت کے تکے ایک کلو۔

ترکیب: (۱) ایک گہرے پیالے میں سلاد ڈریسنگ، پیاز ، سلہری، سرکہ، آئل اور ساس آپس میں ملاد یں۔ (۲) آمیزے میں گوشت کی بوٹیاں ڈال دیں اور اس طرح ہلائیں کہ آمیزہ بوٹیوں پر اچھی طرح لگ جائے۔ (۳) دو تین گھنٹے تو یوں ہی پڑا رہنے دیں (۴) اب سیخ پر چڑھا کر بھون لیں۔

سیخ کباب

انڈرکٹ کی بوٹیاں بڑے لیمو ںکے چھلکے سمیت ٹکڑے اور شکرقند کے قتلے باری باری سیخ پر چڑھاتی جائیں۔ کوئلوں کی آنچ پر بھون لیں، ساتھ ساتھ آمیزے کی بوٹیوں پر لگاتے جائیں۔

اشیا: براؤن شوگر آدھی پیالی، لیموں کا رس آدھی پیالی، سرکہ چوتھائی پیالی۔

ترکیب: مسٹرڈ ایک کھانے کا چمچہ ایک کٹوری میں ڈال کر آپس میں ملا دیں۔ کٹوری پر ڈھکن رکھ کر دس منٹ تک پکائیں۔

سمر سلاد

اشیا: مسٹرڈ ایک کھانے کا چمچہ، سلادڈریسنگ آدھی پیالی، بالائی ۳ کھانے کے چمچ، سرکہ ۲ کھانے کے چمچے، باریک کٹی ہوئی پیاز ۲ کھانے کے چمچے، زیرہ چوتھائی چائے کا چمچہ، کرم کلہ کٹا ہوا ۳ پیالی۔

ترکیب: (۱) سلاد ڈریسنگ میں مسٹرڈ ملادیں۔ (۲) بالائی اور سرکہ بھی شامل کردیں (۳) کرم کلے میں پیاز اور زیرہ ملا دیں (۴)پھر اتنی ڈریسنگ ملائیں کہ پتے نم ہوجائیں (۵) برتن ہلا ہلا کر اچھالیں تاکہ اشیا آپس میں اچھی طرح مل جائیں۔

گاجر کا حلوہ

اشیا: گاجر ایک سیر، چینی ۲ پیالی، گھی ایک سیر، دودھ ایک سیر، زعفران آدھا چائے کا چمچہ۔

ترکیب: (۱) گاجر صاف کرکے کدوکش کرلیں (۲) ایک پتیلی میں دودھ اور گاجریں ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں۔ (۳) جب گاجریں پک کر گل جائیں اور دودھ بالکل خشک ہوجائے تو چینی ڈال کر پکنے دیں (۴) جب چینی کا شیرہ پک کر گاڑھا ہونے لگے تو اس میں زعفران اور گھی ڈال کر بادامی کرلیں۔ (۵) دم پر رکھ دیں تاکہ گھی اوپر آجائے (۶) گاجر کا حلوہ تیار ہے۔

شامی کباب

اشیا: چنے کی دال ایک پاؤ، پیاز دو گٹھی، ادرک ایک انچ کا ٹکڑا، لہسن تین جوئے، زیرہ آدھا چائے کا چمچ، پسی ہوئی مرچ ایک چائے کا چمچ، پسا ہوا گرم مصالحہ آدھا چائے کا چمچ، نمک تین چوتھائی چائے کا چمچ، ہرا دھنیا چند پتے، پودینہ چند پتے، انڈا ایک عدد، دہی ایک چھٹانک، ہری مرچ ۴ عدد، گھی ۲ چھٹانک۔

ترکیب: (۱) قیمہ، دال، ادرک،لہسن، نمک، ایک گٹھی پیاز اور گرم مصالے ایک پتیلی میں ڈال کر تین چوتھائی پیالی پانی کے ساتھ پکنے کے لیے رکھ دیں۔ (۲) جب دال گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو آگ پر سے نیچے اتار کر رکھ لیں۔ (۳) اس مرکب کو ذرا نرم پیس لیں (۴) پیاز، ہری مرچ، ہرا دھنیا اور پودینہ پیس لیں (۵) دہی پھینٹ کر اس میں ملا دیں۔ (۶) پسے ہوئے قیمے کے گولے بنائیں (۷) ہر گولے کے اندر تھوڑا سا دہی کا آمیزہ بھر دیں۔ (۸) گولے کو ہتھیلی پر پچکا کر چپٹا کرلیں (۹) گھی میں تل کر دونوں طرف سے سرخ کرلیں۔ (۱۰) پیاز کے لچھوں اور لیموں کے ٹکڑوں کے ساتھ پیش کریں۔

چپلی کباب

اشیا: قیمہ ایک پاؤ، ثابت دھنیا ۲ چائے کے چمچ، پیاز ایک عدد، انار دانہ ۲ چائے کے چمچ، موٹی پسی سرخ مرچ ایک چائے کا چمچ، نمک تین چوتھائی چائے کا چمچ، ہری مرچ ۲ عدد، ہرا دھنیا آدھی گڈی، پودینہ چند پتے، انڈا ایک عدد، مکئی کا آٹا آدھا چھٹانک، گھی یا تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب: (۱) انار دانہ اور دھنیا موٹا موٹا کوٹ لیں (۲) پیاز، پودینہ، ہرا دھنیا اور ہری مرچ باریک کاٹ لیں (۳) انڈا پھینٹ کر اس میں کوٹا ہوا مصالحہ، سرخ مرچ، نمک، مکئی کا آٹا اور قیمہ اچھی طرح ملالیں۔ (۴) ٹکیاں بنا کر گھی میں تل لیں (۵) گرم گرم پیش کریں۔

انڈوں کے کباب

اشیا: گھی ۲۰۰ گرام، خشخاش آدھا تولہ، زیرہ آدھا تولہ، سیاہ مرچیں ۴ عدد، بڑی الائچی ۲ عدد، انڈے ۴ عدد، قیمہ آدھا کلو۔

ترکیب: (۱) قیمے کو خوب باریک پیس لیں (۲) سب مصالحے باریک پیس کر اس میں ملادیں (۳) انڈے ابال کر چھیل لیں (۴) قیمے کی ٹکیاں بنا کر ایک ٹکیہ میں ایک ثابت انڈا رکھ کر قیمے کو ہر طرح سے درست کرلیں۔ (۵) بہتر ہوگا کہ ان پر دھاگہ لپیٹ دیں (۶) گھی میں ان ٹکیوں کو احتیاط سے سرخ کرلیں (۷) جب سرخ ہوجائیں تو ان میں اتنا پانی ڈالیں کہ جس سے ٹکیاں گل جائیں (۸) گل جانے پر ڈش میں نکال کر دھاگے الگ کرلیں۔ (۹) چاقو سے چار ٹکڑے کرکے ہری مرچوں اور پیاز کے لچھوں سے سجادیں (۱۰) گرم گرم پیش کریں (۱۱) اگر ساتھ پودینے کی چٹنی ہو تو بہت مزہ آلے گا۔ ٹماٹر کیچیپ بھی ٹھیک رہے گا۔

آلو کی بھجیا

اشیا: آلو آدھا کلو، پسی ہوئی کالی مرچ آدھا چھوٹا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پیاز آدھی گٹھی، گھی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: (۱) آلو چھیل کر صاف کرلیں (۲)چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کاٹ لیں۔ (۳) گھی گرم کرکے اس میں پیاز تلیں (۴) اس میں آلو کے قتلے شامل کردیں (۵) نمک اور کالی مرچ ملادیں (۶) آنچ دھیمی کرلیں (۷) پتیلی پر ڈھکن رکھ دیں (۸) سبزی دھیمی آنچ پر اپنی بھاپ ہی میں گل جائے گی۔ اگر گلنے میں کوئی کسر رہ گئی تو پانی کے چھینٹے مار کر سبزی گلالیں۔

کھڑے مصالحے کا گوشت

اشیا: گوشت گول بوٹی تین پاؤ، سالم کالی مرچ ۱۲ دانے، سالم لونگ ۵ عدد، سالم موٹی الائچی ۲ عدد، سرخ مرچ سالم ۴ عدد، لہسن سالم ایک پوتھی، کالا زیرہ آدھا چھوٹا چمچ، دارچینی ایک انچ کا ٹکڑا، سوکھا دھنیا ایک بڑا چمچہ، ٹماٹر آدھا کلو، گھی تین چوتھائی پیالی، پیاز موٹی کٹی ہوئی آدھا پاؤ۔

ترکیب: (۱) گوشت میں سب اجزا سوائے گھی کے ملا کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں۔ (۲) ہر پندرہ منٹ بعد دیکھتے جائیں (۳) پانی خشک ہونے پر گھی ڈال کر بھونیں (۴) جب مصالحہ بھن جائے یعنی پیاز اور ٹماٹر ہوجائیں تب اتارلیں (۵) بھوننے کے دوران مصالحہ خشک ہوجائے تو پاؤ پیالی پانی ڈال کر دم دیں۔ (۶) مزیدار کھڑے مصالحے کا گوشت تیار ہے۔

ہرے مصالحے کی مچھلی

سالم مچھلی آدھ سیر (ایک عدد)، ہرا دھنیا ایک گڈی، چھوٹی ہری مرچ ۲ عدد، نمک ایک چھوٹا چمچ، لہسن پسا ہوا ایک بڑا چمچ، لیموں ایک عدد، تیل یا گھی ایک پیالی۔

ترکیب: (۱) ہرا دھنیا، لہسن اور ہری مرچ پیس لیں۔ (۲) اس میں لیموں اور نمک ملا لیں۔ (۳) تیز چھری سے سالم مچھلی کے گہرے نشان لگائیں، نشان کافی گہری ہوں تاکہ اس میں مصالحہ جذب ہوسکے۔ (۴) مچھلی کو مصالحہ لگا کر دو تین گھنٹے پڑا رہنے دیں (۵) تیز گرم تیل میں پہلے ایک طرف سے اور پھر دوسری طرف سے اچھی طرح سرخ کرلیں۔

احتیاط: کم گھی میں تلئے گا تاکہ مصالحہ زیادہ گھی میں نہ چھوٹے یعنی Deep Fat Frying

ٹماٹر کی چٹنی

اشیا: ٹماٹر کا گودا ۲ پیالی، پیاز باریک کتری ہوئی ۲ بڑے چمچ، مکھن ۲ بڑے چمچ، میدہ ۲ بڑے چمچ، چینی آدھا چھوٹا چمچ، کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چھوٹا چمچ، کری پتہ ایک بڑا چمچ۔

ترکیب: (۱) مکھن میں پیاز نرم کریں (۲) میدہ ڈال کر ہلاتی جائیں (۳) تھوڑا سا براؤن ہونے پر اوپر دئے ہوئے تمام مصالحے ڈال دیں اور ہلاتی جائیں۔ (۴) آہستہ آہستہ ٹماٹر کا گودا ملا ئیں (۵) گاڑھا ہونے پر اتارلیں (۶) کری پتہ نکال کر استعمال کریں (۷) ٹماٹر کی چٹنی تقریباً ایک سیر ٹماٹر لے کر ابلتے پانی میں ڈالیں اور پھر نکال لیں۔ (۸) چھلکا اتار کر کاٹ لیں (۹) ایک پتیلی میں ڈال کر اس وقت تک پکائیں جب تک گاڑھا نہ ہوجائے۔ (۱۰) اسے موٹی چھلنی سے چھان لیں (۱۱) یہ تقریباً دو پیالے بھر ہوگی۔

کھٹی میٹھی چٹنی

اشیا: سفید سرکہ دو پیالے، پانی دو پیالے، چینی دو پیالے، نمک ۳ پیالے، کراؤن فلاور ایک چھوٹا چمچ، پانی ۲ بڑے چمچ،سرخ مرچ چوتھائی پیالہ، چینی نمک ایک چھوٹا چمچ۔

ترکیب : (۱) ٹماٹر کے گودے میں سرکہ، نمک، مرچ، چینی اور پانی ڈال کر پکالیں۔ (۲) گاڑھا ہونے پر برابر ہلاتی جائیں (۳) چوتھائی پیالہ پانی میں کارن فلور گھول کر ڈال دیں اس سے یہ اور بھی گاڑھا ہو جائے گا۔ (۴) آخر میں چینی نمک ڈال کر اتارلیں۔

دال کے پراٹھے

اشیا: آٹا ایک پاؤ، دال چنا آدھا پاؤ، بڑی الائچی ۲ عدد، لونگ ۲ عدد، کالا زیرہ آدھا چھوٹا چمچ، مرچ و نمک اندازاً، ہری مرچ کٹی ہوئی ۲ عدد، ہرا دھنیا چند پتے، گھی آدھی پیالی۔

ترکیب: (۱)آٹا گوندھ لیں، نمک کے ساتھ یا بغیر نمک کے۔ (۲) چنے کی دال میں کالا زیرہ،بڑی الائچی، لونگ، نمک اور ڈھائی پیالے پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر چڑھا دیں۔ (۳) دال گلنے پر پانی خشک ہوجانا چاہیے (۴) اتار کر لونگ و الائچی نکال کر پھینک دیں (۵) اسی میں ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال دیں (۶) اس کی پانچ چھ ٹکیاں تیار کرکے رکھ دیں۔ (۷) آٹے کے دس یا بارہ پیڑے بنا کر ہر دو پیڑوں میں ایک ایک ٹکیہ اور تھوڑا سا گھی لگا کر بند کرتی جائیں۔ (۸) بیل کر پراٹھا تل لیں۔ (۹) آگ بدستور ہلکی رہے۔

قیمے کے پراٹھے

اشیا: آٹا ایک پاؤ، قیمہ ایک پاؤ، پسا لہسن ۲ چھوٹے چمچ، ادرک ایک چھوٹا چمچ، ہری پیاز کٹی ہوئی ۲ عدد، دھنیا چند پتے، نمک مرچ اندازاً، گھی آدھی پیالی۔

ترکیب: (۱) آٹا نمک ڈال کر گوندھ لیں (۲) قیمے میں اوپر دئے ہوئے تمام مصالحے ملا کر چھوٹی چھوٹی پانچ یا چھ ٹکیاں بنالیں۔ (۳) آٹے کے چھوٹے چھوٹے پیڑوں میں بھر بھر کر بیل لیں اور پراٹھے بناتی جائیں (۴) قیمے میں تمام مصالحے ملا کر تھوڑی دیر ہلکی آنچ پر بھون لیں۔ (۵) جب قیمے کا پانی سوکھ جائے تو اتار کر آٹے کے پیڑے میں بھر بھر کر پراٹھے تل لیں۔ (۶) آنچ بالکل ہلکی ہو (۷) پکے ہوئے قیمے کے پراٹھے کم بنیں گے کچے قیمے کے نیچے آگ ہلکی ہو ورنہ قیمہ کچا رہ جائے گا۔

مولی کے پراٹھے

اشیا: آٹا ایک پاؤ، مولی ایک پاؤ، نمک، مرچ، دھنیا اندازاً، ہرا دھنیا چند پتے، ادرک پسا ہوا ایک چھوٹا چمچ، کالا زیرہ آدھا چھوٹا چمچ، گھی آدھی پیالی۔

ترکیب: (۱) آٹا گوندھ لیں (۲) مولی کے چھلکے اتار کر دھولیں (۳) مولی کدوکش کرلیں (۴) تمام مصالحے ملادیں (۵) آٹے کے دس یا بارہ پیڑے بنالیں (۶) پیڑوں میں مولی بھرلیں (۷) پراٹھے بیل کر تل لیں۔ (۸) یاد رہے کہ آنچ بالکل ہلکی ہو تاکہ مولی جو پانی چھوڑے اس میں گل جائے۔

بڑیاں

ترکیب: (۱) دال مونگ چھلکے والی ایک سیر رات کو تقریباً پانچ سیر پانی میں بھگودیں۔ (۲) صبح دال کو ہاتھوں سے مل کر چھلکا اتار لیں (۳) صاف دال کو سل پر پیس لیں (۴) پسی ہوئی لگدی میں ۴ تولہ گرم مصالہ موٹا کوٹا ہوا شامل کردیں اور کسی سینی یا پاک چٹائی پر بڑیاں توڑلیں اور پانی خشک ہونے پر اتار کر رکھ لیں

اشیا: بڑیاں پاؤ بھر، سرح مرچ ۵ عدد، ہلدی ۳ ماشہ، لہسن آدھی پوتھی۔

ترکیب: (۱) یہ مصالحہ سل پر پیس لیں (۲) بڑیوں کو ایک چھٹانک گھی میں بھون کر سرخ کرلیں۔ (۳) ایک چھٹانک گھی میں پیاز کے لچھے سرخ کرلیں۔ (۴) پسا ہوا مصالحہ اور نمک ڈال کر بھون لیں (۵) بڑیاں ڈال دیں (۶) آہستہ آہستہ چمچہ چلائیں (۷) جتنا شوربہ درکار ہو اتنا پانی ڈال کر پکائیں۔ (۸) بڑیاں گل جائیں تو اتار لیں۔

قیمہ کی بڑیاں

ترکیب: آدھ سیر قیمہ شامی کبابوں کے قیمہ کی طرح ابال کر دال کے ساتھ پیس لیں۔ باقی ترکیب عام بڑیوں کی ہی ہے۔

کڑھی

اشیا: چھاچھ۵ کلویا ،دہی آدھا کلو، سرخ مرچ آدھی چھٹانک، دھنیا آدھی چھٹانک، ہلدی ۲ تولہ، لہسن ۵ جوئے، پیاز ایک پاؤ، بیسن آدھا کلو، نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب: (۱) مصالحہ باریک پیس لیں۔ (۲) بیسن میں آدھا لیٹر پانی ڈال کر پتلا کرلیں۔ (۳) مصالحہ اسی میں ڈال دیں (۴) کسی صافی میں چھان کر چھاچھ یا دہی ملا دیں۔ (۵) کھلے منہ کے پتیلے میں ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں۔ (۶) اتنا پکائیں کے اس کا رنگ بادامی ہوجائے۔ (۷) تھوڑا سا پانی اور ڈال دیں (۸) چمچے سے ہلاتے رہیں تاکہ لگنے نہ پائے (۹) جب سرخی آجائے تو اتارلیں۔ (۱۰) پھلکیاں ڈالنی ہوں تو پھلکیاں بنا کر ڈال دیں ورنہ پاؤ بھر گھی میں سفید زیرہ کڑکڑا کے بگھار دے دیں۔

گوشت کڑھی

اشیا: گوشت آدھا کلو، چاول آدھا پاؤ، گھی ایک پاؤ، ادرک پسا ہوا آدھا بڑا چمچہ، لہسن پسا ہوا آدھا بڑا چمچہ، زیرہ آدھا بڑا چمچہ، دھنیا ڈیڑھ بڑا چمچہ، خشخاش ڈیڑھ بڑا چمچہ، ناریل ڈیڑھ بڑا چمچہ، پسی مرچ ایک بڑا چمچہ، نمک اندازاً۔

ترکیب: (۱) گوشت صاف کرکے اس کے ٹکڑے کرلیں (۲) ادرک، لہسن، مرچ ان ٹکڑوں پر لگا کر رکھ دیں۔ (۳) ایک پتیلی میں گھی گرم کریں۔ (۴) پیاز کے لچھے سرخ کرلیں۔ (۵) گوشت ڈال کر دس منٹ بھونیں (۶) اس میں ڈیڑھ پاؤ پانی ڈال کر گوشت گلنے کے لیے چھوڑ دیں۔ (۷) چاول اور دوسرے مصالحے پیس کرڈال دیں۔ (۸) اچھی طرح پکنے دیں۔ (۹) جب گوشت اچھی طرح گل جائے اور کڑھی گاڑھی ہوجائے تو دم دے دیں۔ (۱۰) شوربہ کافی ہونا چاہیے۔ (۱۱) ۵ منٹ بعد اتار لیں۔

قیمہ کی پکوڑیاں

باریک قیمہ ایک کلو، بیسن ایک کلو، سیاہ مرچ ۳ تولہ، سرخ مرچ، نمک ،ہلدی، پانی حسب ضرورت۔

ترکیب: (۱) بیسن کو گاڑھا سا گوندھ لیں۔ (۲) اس میں تمام اشیا ملا کر پھینٹیں (۳) کڑاہی میں تیل گرم کریں (۴) اس میں پکوڑیاں تل لیں۔

لوکی کا بھرتہ

ترکیب: (۱) لوکی کے قتلے ابال لیں۔ (۲) جب قتلے گل جائیں تو نمک، مرچ ملا کر سل پر پیس لیں، (۳) گھی میں پیاز سنہری کرلیں (۴) لوکی کو ڈال کر اچھی طرح بھونیں (۵) ہرے دھنیے کے پتے ڈال دیں۔ (۶) بھرتہ تیار ہے۔

لوکی کا رائتہ

اشیا: گھیا ایک پاؤ، دہی ڈیڑھ پاؤ، بالائی ایک چھٹانک، نمک، مرچ، گرم مصالحہ، ہرا دھنیا، ہری مرچ حسبِ پسند۔

ترکیب: (۱) گھیا کدوکش کرکے ابال لیں۔ (۲) گل جائے تو پیس لیں (۳) دہی میں دودھ اور بالائی ملا کر پھینٹیں (۴) اب پسا ہوا گھیا معہ مصالحہ کے دہی میں ملا دیں۔ (۵) ہرا مصالحہ کاٹ کر دہی میں ملائیں (۶) گھی میں سفید زیرہ کڑکڑا کے بگھار بھی دے لیں۔

نوٹ: چنے کی دال اور آلو کا بھرتہ اور آلو کا رائتہ بھی اسی طرح تیار کیا جاتا ہے۔ مصالحہ یہی ہوگا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146