اسپیشل قیمہ کڑاہی
اشیا: قیمہ آدھا کلو، دھنیا کٹا ہوا چائے کا ایک چمچہ، ادرک چائے کا ایک چمچہ، پیاز ایک عدد باریک کٹی ہوئی، ہری مرچ حسبِ ذائقہ، کارن فلور، چائے کا ایک چمچہ، ہرا دھنیا ایک گٹھی، لہسن چائے کا ایک چمچہ، سفید زیرہ چائے کا آدھا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، گرم مسالہ پسا ہوا چائے کا آدھا چمچہ، ڈبل روٹی ایک سلائس چو را کرلیں۔
ترکیب: تمام اشیاء کو قیمے میں ڈال کر ملالیں۔ قیمے کے لمبوترے کباب بنا کر تل لیں۔ اب ان کبابوں کے لیے شوربہ بنانا ہے۔ اس کے لیے درج ذیل اشیاء درکارہوں گی۔
اشیا: ٹماٹر تین چار عدد کٹے ہوئے، پیاز ایک عدد کٹی ہوئی، لہسن، ادرک پسا ہوا چائے کا ایک چمچہ، سرخ مرچ پسی ہوئی چائے کا ایک چمچہ، ہری مرچ چند عدد اور تیل تین چوتھائی پیالی لیں۔
ترکیب: ایک دیگچی میں پیاز تل لیں۔ اس میں ادرک لہسن شامل کرلیں۔ ٹماٹر اور ہری مرچ ڈال کر تل لیں۔ اب اس میں آدھی پیالی پانی ڈال کر پکائیں۔ بقیہ مسالے ڈال کر بھون لیں اور تلے ہوئے کباب شامل کرکے اسے دم پر رکھ دیں۔ آخر میں کٹا ہوا ہرا دھنیا چھڑک دیں۔ پراٹھے یا نان کے ساتھ کھائیں۔
دہی بڑے
اشیا: چاول، چنادال اور ارہر کی دال برابر مقدار میں الگ الگ توے پر بھون کر پیس لیں، زیرہ چائے کا ایک چمچہ، ثابت دھنیا چائے کا ایک چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، ہلدی ایک چھوٹا چمچہ، لال مرچ دو چمچے، تیل ایک چمچہ، دہی آدھ کلو، چاٹ مسالہ، کٹی ہوئی سرخ مرچ اور نمک حسبِ ضرورت۔
ترکیب: چاول اور دال ملا آٹے میں زیرہ اور دھنیا بھون اور پیس کر ڈال دیں۔ نمک، ہلدی، مرچ اور ایک چائے کا چمچہ تیل ملا کر نیم گرم پانی سے گوندھ لیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کریں۔ آٹے کے پیڑے بنا کر ہلکا سا دبائیں۔ گرم تیل میں ڈال کر تل لیں۔ دیگچی میں پانی اور نمک ڈالیں۔ اس پانی میں دہی بڑے تھوڑی دیر بھگودیں، اب دہی پھینٹ کر بڑے اس میں ڈال دیں۔ اوپر سے نمک، چاٹ مسالا اور کٹی ہوئی مرچ شامل کردیں۔
بریڈ بڑے
اشیا: چاول کا آٹا آدھی پیالی، بریڈ گرم ایک پیالی، گاجر کدوکش کی ہوئی آدھی پیالی، پیاز ایک عدد باریک کٹی ہوئی، ہری مرچ حسب منشاء، کھانے کا سوڈا ایک چٹکی، ہرا دھنیا، پودینہ، نمک حسب منشا، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ چائے کا ایک چمچہ، تیل تلنے کے لیے، دہی حسبِ ضرورت۔
ترکیب: چاول کے آٹے اور بریڈ کرم میں تمام مصالحے ملا کر تھوڑا پانی ملا کر گوندھ لیں۔ اسے دس منٹ رکھ دیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرلیں۔ ہاتھ پر تیل لگا کر بڑے بنائیں اور گرم تیل میں تل لیں۔ دہی پھینٹ کر اس میں ہری چینی، چاٹ مصالحہ اور نمک ملا کر بڑے ڈال دیں۔
سوجی کے دہی بڑے
اشیا: بیسن ایک پیالی، سوجی آدھی پیالی، سوڈا کھانے کا چائے کا آدھا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، زیرہ چائے کا ایک چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی حسبِ منشا، دہی آدھا کلو، کٹی ہوئی سرخ مرچ اور چاٹ مصالحہ حسب خواہش، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: بیسن میں تمام چیزیں اور سوجی ملا لیں۔ بیسن کے حسبِ خواہش بڑے بنا لیں۔ تیل گرم کرکے تل لیں۔ نیم گرم پانی میں چند منٹ ڈال کر بھگوئیں۔ پھینٹ کر اس میں بڑے ڈال دیں۔
ماش کی دال کے دہی بڑے
اشیا:ماش کی دال دو پیالی، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ حسب ذائقہ، ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، نمک حسب ذائقہ، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: ماش کی دال رات بھر بھگو کر صبح باریک پیس لیں، پسی ہوئی ماش کی دال میں تمام مصالحے باریک پیس کر ملالیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرکے اس آمیزے کی پکوڑیاں تل لیں۔ دہی میں نمک، زیرہ، سرخ مرچ اور ہری مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ پکوڑیاں دہی میں ڈال کرملالیں اور اوپر سے ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا اور ہری مرچ باریک کٹی ہوئی شامل کرلیں۔ ماش کی دال کے دہی بڑے دستر خوان کی زینت بننے کے لیے تیارہیں۔
ڈبل روٹی کے دہی بڑے
اشیا: بریڈ سلائس چار عدد، بیسن ایک پیالی، لال مرچ پسی ہوئی حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ چائے کا ایک چمچہ، شکر چائے کا ایک چمچہ، چاٹ مسالا حسب ذائقہ، دہی آدھا کلو،تیل حسب ِ ضرورت۔
ترکیب: سلائس کے کنارے کاٹ کر چار چکور ٹکڑے کرلیں۔ بیسن میں مسالا ملا کر آمیزے میں ڈبو کر گرم کرکے پھینٹی ہوئی دہی میں ڈال دیں۔
بیسن اور دال کے دہی بڑے
اشیاء: بیسن ایک پیالی، مونگ کی دال آدھی پیالی، دہی آدھی پیالی، کارن فلور چائے کا ایک چمچہ، دودھ ایک پیالی، زیرہ چائے کا ایک چمچہ، ثابت دھنیا چائے کا ایک چمچہ، لال مرچ حسب ذائقہ، چاٹ مسالا حسبِ خواہش، شکر چائے کا ایک چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: دال آدھے گھنٹے بھگو کر پیس لیں۔ بیسن میں دال، نمک مرچ ملا کرپکوڑے تل لیں۔ پہلے سادہ پانی اور پھر دہی کے پانی میں بھگوکر نچوڑ لیں۔ باقی دہی میں کارن فلور، زیرہ پیس کر، دھنیا، چاٹ مسالا، دودھ اور شکر ملا کر پھینٹ لیں۔ بڑے اس میں ڈال دیں۔
میٹھے دہی بڑے
اشیاء: ماش کی دال ایک پیالی، شکر آدھی پیالی، دہی آدھا کلو، چھوٹی الائچی چائے کا آدھا چمچہ، بادام اور پستے حسبِ ضرورت تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب:دال رات بھر بھگوکر پیس لیں۔ شکر میں تھوڑا پانی ڈال کر چاشنی بنائیں، دال پیس کر چمچے سے گرم تیل میں پکوڑے ڈال کر تل لیں۔ اب نکال کر چاشنی میں پندرہ منٹ ڈال دیں۔ دہی پھینٹ کر چائے کے دو چمچے شکر اور چند عدد چھوٹی الائچی ملادیں۔ اب پکوڑے دہی میں ڈال کر بادام پستے چھڑک کر پندرہ منٹ فریج میں رکھ دیں۔
چھولے
اشیا: کابلی چنے ایک کلو، آلو ایک پاؤ، کھانے کا سوڈا چائے کے دو چمچے، ہرا دھنیا حسبِ ذائقہ، املی حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ، چاٹ مسالا حسبِ ذائقہ۔
ترکیب:کابلی چنے رات بھر بھگودیں۔ صبح تازہ پانی میں سوڈا شامل کرکے ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ آلو ابال لیں۔ ابلے ہوئے آلو چھیل کر باریک کاٹ لیں۔ چنے گل جائیں تو نمک ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ ہرا دھنیا، ہری مرچ باریک کاٹ لیں۔ املی کے بیج نکال لیں۔ ایک پیالے میں آلو، مسالہ، چنے، املی کا پانی اور تمام ہرا مسالہ ڈال دیں۔ چاٹ مسالہ الگ سے رکھ لیں۔ چٹ پٹے مزے دار کابلی چنے دسترخوان پر پیش کرکے تعریفیں سمیٹیں۔
فروٹ چاٹ
اشیا: سیب تین عدد، خربوزہ ایک (درمیانہ)، انار تین عدد، کیلے چھ عدد، چیکو تین عدد، کینو تین عدد، دیگر موسی پھل حسبِ ذائقہ، شکر ایک بڑا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، چاٹ مسالہ حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: ایک پیالے میں کینو کے بیج نکال کر اس کا عرق نچوڑ لیں۔ تمام پھل چھلکے اتار کر باریک کاٹ لیں۔ املی شکر ملا کر بھگودیں۔ نرم ہونے پر بیج نکال دیں اور مشین میں پیس لیں۔ تمام پھل ایک بڑے پیالے میں ڈالیں۔ اس میں شکر اور املی کا آمیزہ و چاٹ مسالہ اور کینو کا عرق شامل کرکے ملائیں، آسان ذائقے دار اور غذائیت سے بھر پور فروٹ چاٹ تیار ہے۔
——
پانی پوری
اشیا: آٹا آدھا کلو، کھانے کا سوڈا ایک چٹکی، کابلی چنے ایک پاؤ، املی آدھا پاؤ، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، نمک حسب ِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: آٹے میں کھانے کا سوڈا اور پانی ڈا کر نرم گوندھ لیں۔ کابلی چنے رات بھر بھگو کر صبح ابال لیں اور اس میں کھانے کا سوڈا بھی شامل کردیں، تاکہ جلدی گل جائیں۔آٹے کی پتلی اور چھوٹی روٹی بیل لیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرکے روٹی ڈال کر دیکھیں کہ وہ پھول رہی ہے یا نہیں، اگر نہیں، تو آٹے میں کھانے کا سوڈا مزید شامل کردیں۔ آٹے کی پتلی روٹیاں بیل کر تل لیں اور پھولنے پر فرائی پین سے نکال لیں۔ املی کے پانی میں نمک اور سرخ مرچ ملا کر اس آمیزے کو پتلا کرلیں۔ پانی پوری کے درمیان میں چھوٹا سے سوراخ کرکے کابلی چنے اور املی کا پانی ڈال کر کھائیں۔ گھر میں ہی گول گپّے یا پانی پوری کے چٹخارے لیں۔
پنیر کے پکوڑے
اشیا: پنیر کے سلائس ایک پیکٹ، بیسن ایک پاؤ، ہری مرچ پسی ہوئی تین عدد، سفید زیرہ، پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، میٹھا سوڈا چٹکی بھر، نمک حسبِ ذائقہ، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: پنیر اور تیل کے علاوہ تمام اشیاء اچھی طرح ملا لیں اور اس میں تھوڑا پانی شامل کرکے گاڑھا مرکب تیار کرلیں۔ پنیر کے سلائس دو حصوں میں کاٹ لیں اور ہر حصے کو بیسن میں بھگو کر تل لیں۔
پالک کے پکوڑے
اشیا:پالک ایک گڈی، انار دانہ پسا ہوا ایک چمچہ، ہری مرچ باریک کٹی ہوئی چار عدد، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، کھانے کا سوڈا چٹکی بھر، بیسن ایک پاؤ، نمک حسب ِ ذائقہ، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: پالک کے پتوں کی ڈنڈیوں سے علیحدہ کرکے اچھی طرح دھولیں۔ بیسن چھان کر اس میں نمک، سرخ مرچ، سبز مرچ، انار دانہ، زیرہ سوڈا اور پانی ڈال کر گھول لیں۔ دس منٹ تک یوں ہی رہنے دیں۔ تیل گرم کرکے پالک کا ایک ایک پتہ بیسن میں ڈبو کر تلتی جائیں، سرخ ہونے پر نکال لیں۔
سبزی کے پکوڑے
اشیا: آلو ایک عدد (بڑا)، شملہ مرچ ایک عدد، بند گوبھی دو پتے، پھول گوبھی ایک عدد (چھوٹی)، پیاز ایک عدد، پالک پانچ پتے، بیسن ڈیڑھ پیالی، سرخ مرچ ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ تین عدد، ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا حسبِ ذائقہ، پودینہ باریک کٹا ہوا حسب ذائقہ، میٹھا سوڈا آدھا چائے کا چمچہ، لیموں کا رس ایک چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: آلو ابال کر باریک چوکور ٹکڑوں کی صورت میں کاٹ لیں۔ شملہ مرچ، گوبھی، پیاز، بند گوبھی اور پالک کاٹ لیں۔ بقایا اجزاء، تھوڑے پانی میں ڈال کر پھینٹ لیں اور کٹی ہوئی سبزی شامل کردیں۔ تیل گرم کرکے اس آمیزے کے پکوڑے بنائیں اور لطف اٹھائیں۔
گوشت کے تکّے
اشیا: دو تھیلی گارلک سلاد ڈریسنگ جو جنرل اسٹور سے مل جائے گا، کٹی ہوئی پیاز دو تہائی، سلہری کے کٹے ہوئے پتے تین چوتھائی پیالہ، سرکہ ایک تہائی پیالہ، سلاد آئل آدھی پیالی، ساس کھانے کا ایک چمچہ، بکری کے گوشت کے تکے ایک کلو۔
ترکیب: (۱) ایک گہرے پیالے میں سلاد ڈریسنگ، پیاز ، سلہری، سرکہ، آئل اور ساس آپس میں ملاد یں۔ (۲) آمیزے میں گوشت کی بوٹیاں ڈال دیں اور اس طرح ہلائیں کہ آمیزہ بوٹیوں پر اچھی طرح لگ جائے۔ (۳) دو تین گھنٹے تو یوں ہی پڑا رہنے دیں (۴) اب سیخ پر چڑھا کر بھون لیں۔
——