یہ بھی احسان ہے آپ کا مصطفیٰؐ
گمرہوں کو ملا راستا مصطفیٰؐ
آپؐ کی رہبری سے جو غافل ہوا
لٹ گیا بس وہی قافلہ مصطفیٰؐ
میری قسمت پہ نازاں ہے دنیا بہت
ہے مرے لب پہ صلِ علیٰ مصطفیٰؐ
مشت خاکی مکینِ بہشتِ بریں!
یہ ہے بس آپؐ کا معجزہ مصطفیٰؐ
لاکھ طوفان آئے رہِ شوق میں
ہم نے چھوڑا نہیں حوصلہ مصطفیٰؐ
حق ادا نعت کا کوئی کیسے کرے
فہم و ادراک سے ماوریٰ مصطفیٰؐ
نعت دانش پڑھے آپؐ کے روبرو
کیسے کم ہوگا یہ فاصلہ مصطفیٰؐ