دل میں بسی ہے خوب محبت رسولؐ کی
ہر دم زباں سے جاری ہے مدحت رسولؐ کی
ہر دور ، ہر زمانے کے ہیں رہنما حضورؐ
ہر عیب سے بری ہے قیادت رسولؐ کی
دنیا تھی مہربان مگر وہ تھے بے نیاز
فقر و غنا ہے اصل میں دولت رسولؐ کی
دشمن سے بھی ہمیشہ رہا عفو و در گزر
ہے بے مثال رحمت و رافت رسولؐ کی
میری نگہ میں اس کا کوئی مرتبہ نہیں
جس کی نگاہ میں نہ ہو عظمت رسولؐ کی
اب بھی زمانہ ہم کو گلے سے لگائے گا
اپنا لیں ہم جو آج بھی سیرت رسولؐ کی
دنیا بھی کامیاب ہے عقبیٰ بھی کامیاب
اخترؔ اگر ہو زیست میں سنّت رسولؐ کی