وقت کی کیا اہمیت ہے؟ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مختلف انداز میں اس کی قسم کھائی ہے۔ کبھی ارشاد فرمایا:
والیل اذا یغشیo والنہار اذا تجلیّٰo
(اللیل:۱-۲)
’’قسم ہے رات کی جب کہ وہ سکون کے ساتھ طاری ہوجائے اور دن کی جبکہ وہ روشن ہوجائے۔‘‘
اور کبھی فجر کی قسم کھاتے ہیں تو کبھی شفق کی، اور کبھی فرماتے ہیں:
والضحیٰo والیل اذا سجیo (الضحیٰ:۱،۲)
’’قسم ہے چاشت کے وقت کی اور رات کی جبکہ وہ چھا جائے۔
والعصرo (العصر:۱)
’’قسم ہے زمانے کی۔‘‘
غرض یہ کہ اللہ تعالیٰ نے مختلف اوقات کی قسم کھائی اور ان کی اہمیت کو اجاگر کیا، تاکہ انسان بھی اس کی اہمیت کو دل میں بٹھائے اور وقت کا صحیح استعمال کرے۔
زندگی میں وقت کی پابندی ہی ضروری نہیں ہے۔ بلکہ کامیاب زندگی کے لیے وقت کا ایسا بہترین استعمال ضروری ہے کہ زندگی کا کوئی بھی پہر بے کار نہ جائے۔ یہ صحیح ہے کہ جو لوگ وقت کی قدر نہیں کرتے دولت ان سے روٹھ جاتی ہے۔ عزت ان سے منہ موڑ لیتی ہے اور وہ ساری عمر ناکام زندگی گزارتے ہیں۔ وقت کی قدر کرنے کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہر کام وقت پر کرلینا چاہیے۔
ایک زمانہ تھا جب لوگوں کے پاس کام کم اور وقت زیادہ تھا، اس لیے ہر کام آرام کے ساتھ ٹھہر ٹھہر کر کیا جاتا تھا، لیکن اب زمانہ بدل گیا ہے۔ آج کل کام زیادہ بلکہ بہت زیادہ اور وقت کم بلکہ کبھی کبھی بہت کم رہتا ہے۔ اس لیے کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا حالات کے تحت ضروری ہوجاتا ہے۔ ماہرِ نفسیات کئی ایسے طریقے بتاتے ہیں جن پر عمل کرکے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کیا جاسکے۔
وقت کا تعین کریں
اصل میں روپیہ پیسہ دولت نہیں بلکہ وقت ہی دولت ہے۔ کیونکہ دولت وقت کی محتاج ہے۔ اگر وقت سے ذرا سی غفلت برتیں تو دولت بھی انسان سے دور ہوجاتی ہے اور انسان قلاش ہوجاتا ہے۔ بعض اوقات تھوڑا وقت ادھر ادھر گزار دیا جاتا ہے یہاں تک کہ سارا دن مصروفیت میں گزارنے کے باوجود آپ خود سے سوال کرتے ہیں: ’’وقت کہاں گزرا؟‘‘ جب تک ایک ایک گھنٹے اور ایک ایک منٹ کا بجٹ نہیں بنائیں گے۔ اس وقت تک آپ کو یہ معلوم نہ ہوگا کہ کتنا وقت کام میں اور کتنا ذاتی آرام میں صرف ہوا۔
وقت سے کام لینے کی ایک سادہ تکنیک یہ ہے کہ کسی کام کو ختم کرنے کے لیے وقت کا تعین کرلیں۔ یہ طے کرلیں کہ اس کام کو اتنے گھنٹے میں ختم کرکے ہی دم لیں گے۔ کام کی نوعیت کو دیکھ کر آپ دن گھنٹے یا منٹوں کی مدت طے کرسکتے ہیں اور پھر اس مقررہ مدت میں اس کام کو پورا کرلیجیے۔
پیشگی پلاننگ کریں
اگر کوئی شخص صبح ہوتے ہی یہ پروگرام بنالے کہ آج کتنے گھنٹے کام کرنا ہے اور کتنے گھنٹے آرام کرنا ہے تو اسے وقت کی تقسیم میں کافی سہولت ہوگی۔ اگر آپ کو رات کا کھانا کھانے کے بعد بھی کام کرنا پڑے تو پریشان نہ ہوں۔ بعض اوقات غیر مناسب وقت میں بڑا تخلیقی کام کیا جاسکتا ہے۔
کام ختم کرنے کی کوشش کریں
جیسے کہ ایک کہانی میں ابتدائی واقعات کاپھیلاؤ اور انجام ہوتا ہے۔ اسی طرح کبھی کبھی کام یا پروجیکٹ پر کام شروع کردیا جائے تو بھی بہت سے لوگوں کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کب اور کہاں رکنا چاہیے۔ اس کا حل یہ ہے کہ آپ اپنے کام کا منصوبہ قبل از وقت بنالیں۔ چنانچہ جب آپ ایسے مقام پر آجائیں جہاں آپ کا منصوبہ مکمل ہوجاتا ہے تو آپ کہہ سکتے ہیں کہ آپ کا کام ختم ہوگیا۔
——