ٹماٹر: غذا بھی دوا بھی

ثوبیہ معین

ٹماٹر ایک خوش ذائقہ اور خوش جمال پھل ہے۔ جی ہاں ٹماٹر ایک پھل ہے اور اس کا زیادہ تر استعمال امریکہ اور یورپ میںپھل کے طور پر ہورہا ہے۔ مگر ہمارے یہاں اس کو سبزی کے طور پر پکایا اور کھایا جاتا ہے۔ ٹماٹر دنیا بھر میں مختلف قسم کا پایا جاتا ہے اور اس کے الگ الگ رنگ بھی ہیں ۔

سفید ٹماٹر، کاسنی ٹماٹر، سرخ ٹماٹر، گلابی ٹماٹر، پیلے ٹماٹر وغیرہ۔ اللہ نے ٹماٹر کو مختلف رنگوں اور گول و بیضوی شکل میں غذائی کمالات کی حیرت انگیز قوت سے نوازا ہے۔ ٹماٹر گول شکل کا، بیضوی شکل اور سیب کی شکل کا بھی ہوتا ہے۔ اور مختلف رنگوں اور مختلف شکلوں کی وجہ سے ٹماٹر کی ہر لحاظ سے مختلف خصوصیات ہیں۔ تحقیق کے مطابق ٹماٹروں کو بہت سی بیماریوں کے لیے مفید قرار دیا جاتا ہے۔

پوری دنیا میں ٹماٹر کا استعمال کسی نہ کسی حوالے سے ہورہا ہے اور اس کو پکاکر اور کچا سلاد کے طور پر بھی کھایا جاتا ہے۔ آلو کے بعد ٹماٹر بچوں کی پسندیدہ غذا ہے، ٹماٹر کی کچپ بنائی جاتی ہے جس کو بچے اور بڑے بہت شوق سے برگر،سموسے اور فرینچ فرائی کے ساتھ کھاتے ہیں۔

ٹماٹر ایک بہت ہی خوش نصیب پھل ہے، اسے ڈیڑھ صدی قبل ایک زہریلی شے سمجھا جاتا تھا۔ لوگ سمجھتے تھے کہ یہ تیزابیت پیدا کرتا ہے مگر اب یہی پھل تیزابیت دور کرنے والا اور افزائش خون کا سبب اور جراثیم کش ثابت ہوگیا ہے۔

ٹماٹر کو صرف کھایا ہی نہیں جاتا بلکہ اسے جلد کو سنوارنے اور نکھارنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹماٹر میں حیاتین اور حراروں کی مقدار دوسری سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی بہ نسبت کہیں زیادہ ہے۔ ٹماٹر ایک نرم و نازک غذا ہے۔ آسانی سے چبائی جاسکتی ہے اور جلد ہضم ہوجاتی ہے۔

ایک سو گرام ٹماٹر کے اجزاء یہ ہیں: رطوبت 94.0فیصد، پروٹین 0.9فیصد، چکنائی 0.2فیصد، ریشہ0.8فیصد، کاربوہائیڈریٹس 3.4فیصد، کیلشیم48 ملی گرام، فاسفورس 20 ملی گرام، فولاد 0.4ملی گرام، وٹامن سی27ملی گرام۔

سائنسدانوں کے مطابق کاسنی ٹماٹر کینسر جیسے خطرناک مرض میں مبتلا لوگوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ اس پھل میں Antioxident Pigmentجسے Anthocy anin بھی کہا جاتا ہے، زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے اور اسی وجہ سے کینسر سے بچاؤ کی خصوصیات رکھتا ہے۔ John Innes سینٹر کی ٹیم کی کاوشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والا یہ ٹماٹر کافی حد تک کینسر کے بچاؤ میں مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ اس سینٹر کی ٹیم نے تحقیق کرکے ایک Snapdragon Flowerسے اس ٹماٹر کی نئی نسل کو پیدا کیا ہے جو کہ Anthocyanin کی بہت زیادہ مقدار اپنے اندر رکھتا ہے۔ اسی وجہ سے کینسر سے بچاؤ میں مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ سیب کے علاوہ انگور، چیریاں اور اسٹرا بیری وغیرہ میں ایلاجک ایسڈ ہوتا ہے جس میں کینسر کا سبب بننے والا خاصرہ (انزائم) روکنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔

سرخ پکے ہوئے ٹماٹر میں لائکوپین خوب ہوتا ہے۔ یہ جزو ایک موثر مانع سرطان ہوتا ہے۔ ٹماٹر میں کومریک ایسڈ اور کلورجینک ایسڈ بھی ہوتا ہے۔ یہ دونوں ایسڈز (تیزاب) جسم سے سرطانی مادے خارج کرتے ہیں۔ دل کے امراض میں مبتلا افراد کو اگر ٹماٹر کا سوپ دیا جائے تو یہ ان کے لیے نہایت مفید ہے۔

مختصر یہ کہ دن بھر میں ہم مختلف غذاؤں کے ذریعے جس قدر پروٹین حاصل کرتے ہیں، اس سے کئی گنا زیادہ صرف پکے ہوئے ٹماٹروں سے حاصل کرسکتے ہیں۔ اگر ٹماٹروں کے موسم میں ہفتہ میں تین بار ٹماٹروں کی ڈشیں کھالی جائیں تو اس طرح انسانی جسم کی سال بھر کی مختلف اجزاء کی کمی پوری ہوجاتی ہے اور مختلف قسم کی بیماریوں سے محفوظ بھی رہا جاسکتا ہے۔ اس طرح اگر کوئی بیمار ہو تو اس کے لیے ٹماٹر ایک بہترین دوا ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146