پھل اور سبزیاں خوبصورت جلد کا راز

ماخوذ

اپنی جلد کی خوبصورتی کے لیے یہ ضروری نہیں کہ آپ مہنگے مہنگے کاسمیٹکس کا ہی استعمال کریں۔ اگر اپنے کھانے پینے پر ذرا سی توجہ دیں تو آپ کی خوبصورتی میں زبردست نکھار آسکتا ہے۔ آپ کی خدمت میں پیش ہے حسین بنانے والی کچھ تغذیہ بخش غذاؤں کا خلاصہ:

ٹماٹر:

اس میں وٹامن اے، وٹامن سی اور پوٹایشیم موجود ہیں جو ہماری جلد کو خوبصورت اور صحت مند بنائے رکھنے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔

گاجر:

عمر سے پہلے بڑھاپا، یہ عام پریشانی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے گاجر کا استعمال مزید فائدہ مند ہے۔ اس سے جلد ملائم ہوتی ہے۔

چیز

روز مرہ اپنے چہرے پر خوبصورت مسکراہٹ کے لیے اپنی غذا میں چیز کے ایک یا دو سلائس کو شامل کریں۔ سوئس اور سیڈرچیز کھانے سے بیکٹیریا سے حفاظت ہوتی ہے۔ دانت سڑنے سے بچے رہتے ہیں۔

میٹھے آلو:

وٹامن اے کو ’’اینٹی رنکل ایجنٹ‘‘ مانا جاتا ہے۔ میٹھے آلو میں وٹامن اے بہت زیادہ مقدار میں پایا جاتا ہے۔ اس سے جلد صاف اور نرم و ملائم دکھتی ہے۔

رسیلے پھل:

رسیلے پھل اور پھلوں کے جوس لینے سے کولچن حاصل ہوتا ہے جو جلد کو نرم رکھتا ہے۔ اس سے جلد کھنچی کھنچی رہتی ہے اور ’’ڈھیلی‘‘ نہیں پڑتی۔

کم چکنائی والی دہی:

اس میں کیلیشیم زیادہ مقدار میں ہوتا ہے جس سے دانت نہیں سڑتے اور ہمیشہ سفید رہتے ہیں۔

گریاں:

گریاں یعنی ’نٹس‘ کا استعمال بہت ضروری ہے۔ ان میں پروٹین، وٹامن اور منرلس بھرپور ہوتے ہیں۔ خاص کر وٹامن ای، جوجلد کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے۔ اس لیے اسے ’’میجک فوڈ‘‘ کہا جاتا ہے۔

لہسن:

جلد میں جھریاں ہونے سے روکتا ہے اور ٹیشوز کی مرمت کرتا ہے۔

اناج:

چاول اور دلہن ہمیں وٹامن بی اور وٹامن ای مہیا کرتے ہیں جو جسم کے ساتھ ساتھ جلد کے لیے بھی فائدہ مند ہیں۔

چوکر ملا آٹا:

چوکر میں چربی، پروٹین، اسٹارچ صحیح مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ ان سے بھی جلد نرم و ملائم اور پرکشش بنتی ہے۔

پھلوں سے ماسک بنائیے

آج کل بازار میں مختلف قسم کے ماسک دستیاب ہیں جو عام لوگوں کی پہنچ سے دور بھی ہوتے ہیں اور بعض اوقات نقصان کا ذریعہ بھی بن جاتے ہیں۔ آئیے آپ کو قدرتی ماسک بنانے کی ترکیبیں بتاتے ہیں جنھیں استعمال کرکے آپ قدرتی حسن بھی حاصل کرسکتی ہیں اور کم قیمت بالا نشین کی حقدار بھی ہوسکتی ہیں۔

تربوز کا ماسک:

پہلے تربورز کو کدو کس کرلیں اور اس میں پاؤڈر کا دودھ ملا کر پیسٹ بنا کر چہرے پر لگائیں۔ یہ ماسک چہرے کو نمکیات فراہم کرتا ہے اور چہرہ ترو تازہ ہوجاتا ہے۔ ماسک لگانے سے قبل چہرے کو اچھی طرح دھو کر خشک کرلیں۔ آپ یقینا قدرتی تازگی محسوس کریں گی۔

ملتانی مٹی کا ماسک:

یہ ماسک ہر طرح کی جلد کے لیے مفید ہے۔ یہ چہرے کے کھلے مسامات بند کرتاہے اور چہرے کی جلد کو کس دیتا ہے۔ اس کو بنانے کے لیے مختلف چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ کچی ملتانی مٹی، ایک انڈے کی سفیدی اور ایک چمچہ شہد ملا کر پیسٹ بنالیں اور چہرے پر لگائیں۔ جب تناؤ محسوس ہونے لگے تو چہرہ دھولیں۔

پپیتے کا ماسک:

پپیتے کی پھانک کاٹ کر اسے اچھی طرح کچل لیں۔ اب اس میں ایک چمچہ شہد اور جو کا آٹا تقریباً ۲ چمچہ ملا کر پیسٹ بنالیں۔ چہرہ اچھی طرح دھوکر خشک کرلیں اور پیسٹ کا ماسک لگائیں۔ خشک ہوجانے پر پانی سے نہ دھوئیں بلکہ جلد کو رگڑ کر پیسٹ اتاریں اور اب چہرہ ٹھنڈے پانی سے دھولیں، آپ کے چہرے کی رنگت نکھر جائے گی۔

کیلے کا ماسک:

بالکل پکے ہوئے کیلے کو اچھی طرح مسل کر اس میں ایک چمچہ شہد اور ایک چمچہ دہی ملا لیں۔ دو قطرے نیبو کے بھی ملا لیں۔ یہ ماسک جلد کے لیے نہایت بہترین ہے۔ اسے تقریباً ۱۵-۲۰ منٹ تک چہرے پر لگا کر رکھیں۔ جب خشک ہوجائے تو اسے ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ اس کے بعد چہرے پر عرق گلاب، نیبو اور گلیسرین ملاکر استعمال کریں۔ چہرہ کھل اٹھے گا۔

سنترے کا ماسک:

سنترے کو چھیل کر اس کی پھانکوں کو نچوڑ لیں اور عرق نکال لیں۔ اس کے علاوہ چھاؤں میں سکھائے گئے سنترے کے چھلکوں کو پیس لیں۔ رات میں مسور کی دال بھگو کر رکھ دیں، صبح اس دال کو پیس لیں۔ اب سنترے کا عرق، چھلکوں کاپیسٹ ملالیں۔ اس آمیزے میں جو کا آٹا بھی شامل کرلیں۔ آپ کے لیے بہترین گھریلو ابٹن تیار ہے۔ یہ ایک بہت اچھا اسکرب ہے جسے آپ چاہیںتو روز ہی استعمال کرسکتی ہیں۔ اسے لگا کر خشک ہونے کے بعد ہاتھوں سے رگڑ کر چہرے سے اتار دیں اور ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں۔ کچھ ہی دن میں آپ کو جادوئی فرق محسوس ہوگا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146