اللہ جمیل ہے اور جمال کو پسند کرتا ہے۔ ایک مکمل مومن ہونے میں یہ بات بھی داخل ہے کہ ہم اپنے جسم کو تندرست اور خوبصورت بنائے رکھیں اور مزید بہتر سے بہتر بنانے کے لیے حساس رہیں۔ آج کل خواتین چہرے کو تو خوبصورت بنانے پر خوب سے خوب توجہ دیتی ہیں لیکن پیروں کی ایڑیوں کی کوئی دیکھ بھال نہیں کرتیں۔ نتیجتاً ان کا چہرا تو چمکتا دمکتا رہتا ہے لیکن ایڑیاں کھردری اور پھٹی ہوئی نظر آتی ہیں اور انھیں بار بار چھپانے کی ضرورت پڑتی ہے۔ لیکن اگر آپ چاہتی ہیں کہ ایڑیاں پھٹی نہ ہوں اور انھیں بار بار چھپانے کی ضرورت نہ پڑے تو بس ذرا سی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
زیادہ تر خواتین پیر کی ایڑیوں پر کوئی توجہ نہیں دیتیں کیونکہ صفائی کے دوران ایڑیوں کا نمبر سب سے بعد میں آتا ہے۔ ایک دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ کسی سے ملتے وقت ایڑیاں شلوار یا برقعہ چادر سے ڈھکے ہونے یا میز کے سامنے بیٹھے ہونے کی وجہ سے چھپی رہتی ہیں۔ ایڑیوں میں جب میل مٹی اور گردو غبار جمع ہوجاتے ہیں تو اس کی وجہ سے خون کا دوران متاثر ہوتا ہے اور ایڑیوں میں دراڑیں پڑ جاتی ہیں۔ ان دراڑوں میں دھول اور مٹی جمع ہونے سے درد ہونے لگتا ہے۔
سردیوں میں موسم کی خشکی یا پھر جسم میں کیلشیم کی یا خون کی کمی سے بھی ایڑیاںپھٹنے لگتی ہیں۔ اگر آپ کی بھی ایڑیاں پھٹ گئی ہوں تو مندرجہ ذیل تدابیر اختیار کریں:
(۱) اگر سردی کے موسم میں ایڑیاں پھٹی ہوں تو ایک ٹب میں گنگنا پانی بھریں، اس میں کپڑے دھونے والا پاؤڈر ملا دیں اور دس منٹ تک اس میں پیر بھگو کر دس منٹ تک بیٹھی رہیں۔ یہاں تک کہ ایڑیوں میں پھنسا میل پھول جائے۔ پھر کسی مناسب پتھر کے ٹکڑے یا جھاوے یا بیومک اسٹون سے رگڑیں۔ اس کے کپڑے دھونے والا برش یا اور کوئی مناسب چیز بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔ رگڑ کر سارا میل صاف کرنے کے بعد پھر پیروں میں تیل لگالیں۔ ایسا کرنے سے آپ کی ایڑیاں چکنی اور خوبصورت ہوجائیں گی۔
(۲) اگر ایڑیوں میں دراڑیں ذرا گہری ہوں تو آدھی بالٹی گنگنے پانی میں چار چمچے نمک اور ایک چمچہ کھانے والا سوڈا ملا کر دس منٹ تک اس میں اپنے پیروں کو ڈبو کر رکھئے۔ اس کے بعد پیروں کو اوپر ذکر کی گئی چیزوں میں سے کسی سے بھی رگڑ کر صاف کریں۔ ایسا تب تک کرتی رہیں جب تک ایڑیاں بھر نہ جائیں۔
(۳) دو لیٹر پانی میں ۲۰ ملی لیٹر ہائیڈروجن پیرا آکسائڈ ملاکر کسی چوڑے برتن میں اس پانی کو رکھ کر اپنے پیروں کو ڈبو لیں۔ اس پانی سے ایڑیوں کو اچھی طرح صاف کریں ۔ اس طرح ایڑیاں صاف و خوبصورت ہوجائیں گی۔
(۴) ایڑیوں کو اچھی طرح دھونے کے بعد آدھا چمچہ گلسرین اور آدھا چمچہ لیموں کا رس ملاکر ایڑیوں پر رگڑیں، ایڑیوں کی دراڑیں بھر جائیں گی۔
(۵) ایڑیوں کو نرم و ملائم رکھنے کے لیے ہفتہ میں ایک بار اچھی طرح صفائی کریں اور ان میں تیل لگا کر مالش کریں۔
(۶) ایڑیوں کو مزید خوبصورت اور بہتر بنائے رکھنے کے لیے ایسی ورزش اختیار کریں جن سے ایڑیوں میں خون کا دوران بہتر ہو۔ پابندی سے جوتے پہنیں اور پیدل چلیں۔
(۷) رات کو سوتے وقت ایڑیوں کو صاف کرکے ان میں زیتوں کا تیل یا ملائی سے مالش کریں گی تو اس سے ایڑیاں پھٹنے کا اندیشہ نہیں رہے گا۔
(۸) اگر ایڑیوں میں داڑیں زیادہ ہوگئی ہوں تو پچاس گرام ویسلین میں آٹھ دس بوند کاربولک ایسڈ ملاکر اچھی طرح ملالیں اور روزآنہ سوتے وقت ان دراڑوں میں لگائیں اور صبح گنگنے پانی سے ایڑیاں دھولیں۔
اس طرح اگر آپ اپنی ایڑیوں پرتوجہ دینے لگیں گی تو چند دنوں میں وہ خوبصورت اور بہتر ہوجائیں گی۔ خبردار صرف ویسلین کا استعمال بالکل نہ کریں۔