پیاز خوبیوں کا خزانہ

طاہر محمود بٹ

پیاز دنیا بھر میں معروف سبزی ہے جس کے بغیر کوئی سالن پکایا نہیں جاتا اور نہ کوئی سالن اس کے بغیر مزیدار ہوسکتا ہے۔ اسے گوشت اور سبزیوں و ترکاریوں میں مصالحہ کی جگہ استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا اچار بھی سرکہ وغیرہ میں ملا کر بنایا جاتا ہے۔ بطور سلاد اسے کچا بھی کھایا جاتا ہے۔
اس کی رنگت سرخ وسفید، ذائقہ پھیکا، بیج قدرے تلخ، ہاضم، محلل، مقطع، منفث بلغم، مقوی باہ اور محلل ریاح ہے۔ مضر: گرم مزاجوں کے لیے۔ مصلح: شہد ۔ مقدار خوراک: آب پیاز ۳ تولہ۔
پیازسے علاج
٭ پیاز کا جوشاندہ تقطیر البول (پیشاب کے قطرہ قطرہ آنے) میں نافع ہے۔
٭ پیاز امراض چشم کے لیے مفید ہے۔ حالت سفر میں آب وہوا کے اختلاف کو رفع کرتا ہے۔
٭ پھوڑوں کو پکانے کے لیے بطور پلٹس استعمال ہوتا ہے۔
٭ برسات کے موسم میں اس کااستعمال موسمی بیماریوں کے لیے بڑا مفید ہے۔ پیاز کا اچار کھانے سے ریاح میں بے حد فائدہ ہوتا ہے۔
٭ پیاز تلی کے ورم کا سب سے بڑا علاج ہے۔
٭ پیاز کا رس مَلنے سے خارش دور ہوتی ہے۔
٭ غذا میں پیاز کے زیادہ استعمال سے آنکھوں کی سبھی بیماریوں کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔
٭ سفید پیاز کا پانی شب کوری اور جلن کے لیے بڑا مفید ہے۔ بچھو، بھڑ اور شہد کی مکھی وغیرہ کے کاٹنے کی جگہ پر پیاز کا پانی لگانے سے درد دور ہوجاتا ہے۔
٭ پیاز پاس رکھ لیں اور سر ڈھانپ کر چلچلاتی دھوپ میں چلیں تو لو نہیں لگتی۔ لو لگ جائے تو پیاز کا پانی نکال کر پیجئے۔ پیاز کا دو تولے پانی نکال کر نصف رتی افیون ملا کر پلادیں۔ دست اور پیچش فوراً تھم جائے گی۔
٭ ہیضہ ہوجائے تو نازک سے نازک حالت میں کافور عمدہ دیسی ایک ماشہ، آب پیاز دس تولہ، ست پودینہ چھ ماشہ ملاکر پلادیں۔ جادو کا اثر ظاہر کرتا ہے۔
٭ اگر پیشاب بند ہو، مثانہ کا تشنج ہو توپیاز کو باریک پیس کر آٹا، گیہوں اور پسی ہوئی پیاز کھولتے پانی میں ڈال کر پلٹس بنالیں اور اسے پیٹ پر باندھ لیں۔ یقینا پیشاب جاری ہوجائے گا اور تشنج مثانہ کو شفا ہوگی۔
٭ اگر حیض بند ہوگیا ہو تو پیاز کو گھی میں خوب سرخ کریں اور روٹی کے ساتھ کھائیں۔ حیض فوراً جاری ہوجائے گا۔
٭ پیاز کو پیس کر اس کا لیپ بالوں پر کردینے سے بال سیاہ اگنے شروع ہوجاتے ہیں۔
٭ بدن پر سیاہ داغ موجود ہوں تو ان پر پیاز کا عرق لگاتے رہنے سے داغ ختم ہوجاتے ہیں۔
٭ پیاز کو خوب باریک گھوٹیں۔ اچھی طرح باریک ہوجانے پر پاؤں کے تلوؤں پر لیپ کردیں۔ اس سے درد دور ہوجاتا ہے۔
٭ پیاز پختہ کو کچل کر نکالا ہوا پانی ۲ تولہ، روغن سرسوں ۲ تولہ کو یک جان کر کے مارگزیدہ کو پلادیجیے، تین خوراک سے انشاء اللہ صحت یاب ہوگا۔
٭ پیاز کو سرکہ میں ملا کر کھائیں۔ زیادہ فائدہ دیتا ہے۔
٭ پیاز سن سڑوک کا مجرب اور کامیاب علاج ہے۔
٭ پیاز کا پانی اور کافور دونوں ہم وزن رگڑیں۔ حتی کہ دونوں یک جان ہوجائیں، اس کو شیشی میں محفوظ کرلیں، بچھو کے کاٹے پر لگانا مفید ہے۔
٭ پیاز کا رس ایک دو قطرہ ناک میں ٹپکائیں۔ نکسیر بند ہوجائے گی۔
٭ پیاز کا رس ایک آدھ چھٹانک صبح نہار منہ پلاتے رہنے سے گردہ و مثانہ کی پتھری ریزہ ریزہ ہوکر پیشاب کے راستے سے خارج ہوجاتی ہے۔
٭ پیاز کو آگ پر بھون لیں۔ بھنے ہوئے پیاز کا چھلکا دور کرکے گھی میں بریاں کرکے نیم گرم بواسیر کے مسوں پر باندھ دینے سے درد کو فوراً آرام ہوجاتا ہے۔
٭ پھوڑوں پر گرم گرم پیاز باندھنے سے یہ پھٹ جاتے ہیں۔ اس سے پھوڑے کا درد اور سوجن بھی کم ہوجاتی ہے۔
٭ سرمہ میں پیاز کا کپڑے سے چھانا ہوا رس تین یوم تک کھرل کرتے رہیں۔ خشک ہوجانے پر مزید رس ملادیں۔ یہ سرمہ آنکھوں میں لگاتے رہیں۔اس سے دھند، جالا، موتیا بند اور آشوب چشم کو آرام ہوجاتا ہے۔
٭ پیاز کو گھوٹ کر گلے پر لگانے سے خناق اور گلے کے درد کو آرام ملتا ہے۔
٭ پیاز کو آگ میں بھون لیں۔ اس سے گرم گرم پیاز کے رس میں نمک ملاکر سے پیٹ درد کو آرام ہوجاتا ہے۔
٭ ہیضہ کے ایام میں جگہ جگہ پیاز کاٹ کر رکھ دینے سے گھر میں رہنے والے ہیضہ سے بچے رہیں گے۔
٭ آدھی چھٹانک پیاز میں ۶-۷ کالی مرچیں ڈال کر اچھی طرح گھوٹ کر باریک لگدی سی بنالیں۔ اس میں قدرے پانی ملاکر پتلا کرکے ہیضہ کے مریض کو پندرہ پندرہ منٹ بعد چھٹانک یا کم و بیش یہ پانی دیتے رہیں۔ اس سے دست و قے اور گھبراہٹ میں فوراً آرام ہو جائے گا۔ دو تین خوراکوں میں کامل صحت ہوجائے گی۔
٭ طاعون اور دوسری وبائی امراض کے دنوں میں کچا پیاز کھانا اور پیاز کو اپنے پاس رکھنے سے وبا نزدیک نہیں آتی۔
٭ اگر ہچکی بہت دنوں سے لاحق ہو تو چند مرتبہ پیاز کھانے سے اس کادورہ ہمیشہ کے لیے موقوف ہوجاتا ہے۔
٭ پیاز کے بیج سدہ کھولتے ہیں۔ بھوک لگاتے ہیں۔ ان کا لیپ بال سیاہ کرتا ہے۔
٭ پیاز کھٹی ڈکاروں کے لیے مفید ہے۔ یہ کھانے کو ہضم کرتی ہے۔
٭ پیاز کے پانی میں روئی کی بتی بناکر اسے تر کرلیں اور پھر اسے خشک کرکے تلوں کے تیل کے دیے میں جلائیں۔ اس طرح اس کا کاجل تیار کرلیں۔ یہ کاجل آنکھوں میں لگائیں۔ پھولا دور ہوجائے گا۔
٭ اگر پیشاب جل کر آتا ہو تو پیاز ایک چھٹانک باریک کرکے آدھ سیر پانی میں جوش دیں۔ جب پاؤ بھر باقی رہ جائے تو ٹھنڈا ہونے پر پلادیں۔ جلن دور ہوگی۔
٭ موتیا بند کی ابتدا میں پیاز کا رس ایک تولہ، شہد خالص ایک تولہ، بھیم سینی کافور ۴ / ایک تولہ ملاکر رات کو سوتے وقت آنکھوں میں دو دو سلائیاں ڈالا کریں۔ اترتا ہوا موتیا رک جائے گا۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں