پیٹ کے امراض کا گھریلو علاج ؒ

حکیم محمد سعید

بھوک کی کمی
(۱) اجوائن پانچ تولے کو لیموں کے رس میں بھگو کر خشک کریں۔ اس کے بعد تھوڑے کالے نمک کے ساتھ پیس چھان کر رکھیں۔ تین تین ماشے صبح و شام کھائیں، بھوک خوب لگے گی۔ کھانا کھانے کے بعد کھائیں تو غذا جلد ہضم ہوگی، ریاح نکل جائیں گی اور پیٹ کا درد دور ہوجائے گا۔
(۲) کلونجی پانچ تولے کو ایک رات سرکے میں بھگو رکھیں۔ اس کے بعد سائے میں خشک کرکے سفوف بنائیں اور پندرہ تولے شہد خالص میں ملاکر چھ چھہ ماشے صبح و شام چاٹیں۔ اس کے استعمال سے بھوک خوب لگے گی اور پیٹ کی ریاح نکل جائیں گی۔
(۳) ادرک کا رس، لیموں کا رس ہر ایک پانچ تولے، نمک لاہوری ایک تولہ تینوں کو ملا کر تین دن دھوپ میں رکھیں۔ اس کے بعد ایک ایک چمچہ کھانا کھانے کے بعد پئیں۔ بھوک لگاتا اور غذا کو ہضم کرتا ہے۔
(۴) سونٹھ، اجوائن ہر ایک دو تولہ، نوشادر چھ ماشے کو باریک پیس چھان کر لیموں کے رس میں بھگو کر خشک کریں اور دو دو ماشے کھائیں۔ بھوک لگنے کے لیے مفید ہے۔
اپھارا
کبھی پیٹ میں ریاح زیادہ پیدا ہوتی ہے، لیکن نکلتے نہیں، اس لیے ان کی وجہ سے پیٹ پھول جاتا ہے۔ پیٹ سے قراقر کی آواز آتی ہے اور ساتھ ہی پیٹ میں در بھی ہوتا ہے۔ اگر پیٹ کو ہاتھ سے بجایا جائے تو ڈھول جیسی آواز آتی ہے۔
علاج
(۱) نمک اور باجرہ پوٹلی میں باندھ کر توے پر گرم کرکے پیٹ کو سینکیں۔
(۲) ہینگ خالص کو پانی میں گھول کر اس میں روئی یا کپڑا بھگو کر پیٹ پر رکھیں۔
(۳) روغنِ تارپین چھ ماشے، روغنِ ارنڈی ایک تولہ کو ملا کر پیٹ پر ملیں اور اوپر سے ارنڈ کا پتّا گرم کرکے باندھیں۔
(۴) اجوائن دیسی پانچ تولے، نوشادر دیسی ڈھائی تولے کو پیس چھان کر دو دو ماشے گرم پانی سے دیں۔
(۵) ادرک کا رس ایک تولہ ذرا سا نمک ملا کر پلائیں۔
(۶) سونٹھ، اجوائن ہر ایک دو تولے کودس تولے لیموں کے رس میں بھگو رکھیں۔ خشک ہونے پر باریک پیس چھان کر تھوڑا سا نمکِ سیاہ ملا کر رکھیں۔ جب پیٹ میں درد ہو یا اپھارا ہوجائے تو یہ دوا دو دو ماشے ذرا گرم پانی کے گھونٹ سے دیں۔
(۷) اگر مریض کو قبض ہو تو کسی اچھے صابن کو تراش کر تقریباً ڈیڑھ انچ لمبا شافہ بنائیں اور اس کو گھی یا تیل لگا کر پاخانے کی جگہ میں داخل کریں۔ تھوڑی دیر میں پاخانہ ہوجائے گا۔
بدہضمی
بدہضمی میں کھائی ہوئی غذا معدے میں ہضم نہ ہوکر خراب ہوجاتی ہے۔ ایسی صورت میں کھانا کھانے کے تقریباً تین گھنٹے بعد معدے میں تناؤ اور بوجھ سا محسوس ہونے لگتا ہے۔ طبیعت بے چین ہوجاتی ہے، جی متلاتا ہے اور کبھی قے ہوجاتی ہے، جس میں کھائی ہوئی غذا نکلتی ہے، جو بدبودار ہوتی ہے۔ کبھی قے کے ساتھ دست بھی آنے لگتے ہیں اور کبھی کھٹی ڈکاریں آتی ہیں اور منہ میں بار بار کھٹا پانی بھرجاتا ہے، دل دھڑکنے لگتا ہے، کلیجہ جلتا ہے اور اس میں دھیما دھیما درد ہوتا ہے، پیشاب سفید آتا ہے، کبھی بدہضمی کی حالت میں بسی ہوئی خراب ڈکاریں بھی آتی ہیں۔
علاج: اگر متلی ہو اور قے نہ ہوتی ہو، یا پورے طور پر نہ ہوتی ہو تو گرم پانی میں نمک ملاکر پلائیں اور حلق میں انگلی ڈال کر قے کرائیں۔ جب معدہ خراب غذا سے صاف ہوجائے تو زیرہ سفید تین ماشے، نمک ایک ماشہ باریک پیس کر سرکہ ایک تولہ میں ملاکر چٹائیں۔اگر بار بار قے آئے تو پودینہ چھ ماشے، چھوٹی الائچی تین ماشے کو پانی میں جوش دے کر تھوڑا تھوڑا پانی کئی بار پلائیں۔
سوڈا بائی کارب (کھانے کا سوڈا) ایک ماشہ، دو تین گھونٹ پانی میں ملاکر دیں۔ اگر سوڈا واٹر مل سکے تو وہ مریض کو پلائیں۔اگر بدہضمی کی حالت میں بسی ہوئی ڈکاریں آئیں تو قے لانے کے بعد ادرک کا رس ایک تولہ ذرا سا شہد ملاکر پلائیں۔ یا سونٹھ، اجوائن ایک ایک تولہ، نمکِ سیاہ تین ماشے کو باریک پیس کر دو دو ماشے پانی سے کھلائیں۔
نوٹ: بدہضمی کی صورت میں چوبیس گھنٹے تک کوئی غذا نہ دیں۔
اپنے گردوں کو صاف کیجیے
ہماری تمام عمر گزرجاتی ہے اور ہمارے گردے نمکیات اور زہریلے مادوں سے مسلسل ہمارے خون کو صاف کرتے رہتے ہیں۔ لہٰذا یہ ضروری ہوجاتا ہے کہ ہم بھی اپنے گردوں کو صاف کرنے کا عمل کریں۔ اس کے لیے ہمیں زیادہ اہتمام نہیں کرنا پڑے گا۔ بس تازہ پودینہ لیجیے۔ اس کے پتوں کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیجیے اور ایک برتن میں ڈال کر انھیں تازہ صاف پانی میں دس منٹ تک ابالیے۔ بعد ازاں ٹھنڈا ہونے پر پانی کو چھان کر ایک صاف و شفاف بوتل میں بھرکر ریفریجریٹر میں رکھ لیجیے۔ روزانہ ایک گلاس پیجئے۔ آپ دیکھیں گے کہ پیشاب کے ذریعے آپ کے گردے صاف ہورہے ہیں اور آپ خود کو ہلکا پھلکا اور بہتر محسوس کریں گے۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146