چشمے کاانتخاب

؟؟

تجربات نے ثابت کیا ہے کہ سورج کی کرنیں موتیا بند اور ریٹینا کو جلانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس کے علاوہ شہر میں رہتے ہوئے دھول، دھوئیں اور گرد سے دور رہنا بھی ممکن نہیں ہے۔ ایسی حالت میں آنکھوں کی حفاظت کرنا بے حد ضروری ہے۔ جس طرح ہم جسم کی حفاظت کے لیے کپڑے کا استعمال کرتے ہیں اسی طرح آنکھوں کے بچاؤ کے لیے چشمہ مدد گار اور ایک خوبصورت ذریعہ ہے۔ بعض اوقات تو چشمے کا انتخاب آپ کی شخصیت کو اور زیادہ دلکش اور وجیہ بنادیتا ہے۔ چشمے کے متعلق بات کرتے وقت جو بنیادی بات زیر بحث آتی ہے وہ ہے اس کے لیے فریم کا انتخاب۔

فریم کے انتخاب میں سب سے پہلے اس کا سائز، رنگ وغیرہ دھیان میں رکھیں۔ رنگت کے اعتبار سے کالے رنگ کے فریم ہر طرح کی رنگت والے لوگوں کے لیے مناسب لگتے ہیں اور گولڈن فریم کا انتخاب آپ کے چشمے کو قیمتی بناتا ہے۔ فریم کی شکل کے انتخاب کے لیے عموماً یہ نظریہ ہے کہ چھوٹے مگر لمبے چہرے کے لیے بیضوی فریم، گول مگر لمبے چہرے کے لیے ذرا سا گول یا بیضوی فریم اور جھکی ہوئی آنکھوں والے چہرے کے لیے بڑے فریم والا چشمہ ٹھیک رہتا ہے۔ مگر سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کے چہرے پر کیا سوٹ کرتا ہے لہٰذا چشمہ خریدتے وقت مختلف ڈیزائنوں اور رنگوں کے فریم لگا کر دیکھیں اور اپنی پسند کو بھی مد نظر رکھیں۔

فریم کے انتخاب کے بعد چشمے کے استعمال میں جو سب سے اہم بات مدنظر رکھنی چاہیے وہ ہے شیشے کا انتخاب۔ اس سلسلے میں سب سے اچھا اور درست طریقہ یہ ہے کہ کسی ماہر سے شیشے کی قسم اور رنگ کے بارے میں مشورہ لیا جائے اور اس کی ہدایات پر عمل کیا جائے لیکن اگر آپ کو خود کہیں چشمہ خریدنا پڑے تو درج ذیل باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آپ اپنے لیے بہتر شیشے کا انتخاب کرسکتی ہیں:

۱- چشمے کے شیشے کی قوت صفر ہونی چاہیے۔ اسے پہچاننے کے لیے شیشے سے کسی قریب یا دور کی چیز کو دیکھیں اور شیشے کو ہلائیں۔ ایسا کرنے سے سامنے نظر آنے والی چیز کے سائز سمت اور صورت میں کوئی تبدیلی نہیں آنی چاہیے۔ اگر اس طرح کرنے سے چیزوں کے نظر آنے میں کوئی تبدیلی آتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ شیشے کی قوت صفر نہیں ہے اور اس صورت میں یہ شیشہ آپ کی آنکھوں کو نقصان پہنچاسکتا ہے۔

۲- رنگت کا جائزہ لیتے ہوئے یہ دیکھیں کہ چشمے کے دونوں شیشوں کا رنگ یکساں ہے یا نہیں۔ ایک تو یہ کہ دونوں شیشوں کا رنگ ایک جیسا ہونا چاہیے دوسرے شیشے کے رنگ میں یہ نقص بھی نہیں ہونا چاہیے کہ رنگ کہیں سے گاڑھا اور کہیں سے ہلکا ہے جیسا کہ اکثر ناقص شیشوں میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ گہرے رنگ کے شیشے کا استعمال بھی ٹھیک نہیں۔

۳- ممکنہ حد تک پلاسٹک کے شیشوں کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ یہ شیشے آپ کی آنکھوں کو سورج کی خاص نقصان دہ سرخ شعاعوں سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہتے ہیں۔

۴- سب سے بہتر یہ ہے کہ رنگ بدلنے والے (فوٹو کرومیٹک) شیشے استعمال کیے جائیں۔ یہ اگرچہ کچھ مہنگے ہوتے ہیں لیکن یہ آپ کی آنکھوں کی مکمل حفاظت کرتے ہیں اور جب ان پر دھوپ کی نقصان دہ کرنیں پڑتی ہیں تو یہ اپنا رنگ بدل کر نسبتاً گہرے رنگ کے ہوجاتے ہیں اور ان شعاعوں کو آپ کی آنکھوں تک نہیں پہنچنے دیتے۔

۵- آخری اور اہم بات یہ ہے کہ چشمہ ہمیشہ کسی اچھی اور معیاری دکان ہی سے خریدیں کیونکہ معمولی دکان سے لیا گیا سستا اور جزوقتی چشمہ نہ صرف ناپائیدار واقع ہوتا ہے بلکہ پیسہ کی بربادی کا بھی ذریعہ ہے۔

اب تک ہم نے چشمہ سے متعلق جتنی باتیں بھی عرض کیں یہ سب دھوپ کے چشموں سے متعلق تھیں۔ اب کچھ نظر کے چشموں کے بارے میں۔ نظر کے چشمے استعمال کرتے ہوئے اس بات کو دھیان میں رکھیں کہ اگر آپ کی دور کی نظر کمزور ہے اور آپ اس مسئلے کے پیش نظر چشمہ استعمال کرتی ہیں تو آپ کو آنکھوں کا میک اپ کرتے ہوئے ہلکے رنگ استعمال کرنے چاہئیں۔ اس سے آپ اپنی آنکھوں کو خطرناک حد تک بڑا اور نمایاں نظر آنے سے بچا سکتی ہیں۔ اگر آپ کی نزدیک کی نظر خراب ہے تو آپ کا چشمہ آپ کی آنکھوں کو چھوٹا کردے گا۔ اس صورت میں آپ کو چمکیلے اور بولڈ رنگوں کی ضرورت ہے۔ یہ آپ کی آنکھوں کو ابھارنے اور نمایاں کرنے میں مدد دیں گے۔ اس کے علاوہ مسکارے کا زیادہ استعمال بھی آپ کی آنکھوں کو زیادہ نمایاں کرسکتا ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں