چہرہ اور کھال

ڈاکٹر سلمہ پروین

بچے کی پیدائش کے بعد اکثر خواتین کے چہروں کی جلد پر دھبے پڑ جاتے ہیں۔ یہ دھبے جسم میں آئرن اور وٹامن سی کی کمی سے پیدا ہوتے ہیں۔ ایسی صورت میں اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے آئرن کے انجکشن لگوانے چاہئیں۔ اس کے ساتھ ہی اپنی غذا کا خیال رکھنا چاہیے۔ نہار منھ شہد اور لیموں کا رس پانی میں ملا کر پینا چاہیے، جبکہ دوپہر کو ایک گلاس تازہ پھل کا رس اور رات کو سونے سے پہلے ایک گلاس دودھ پئیں۔ اس کے علاوہ یوگا کی کچھ ورزشیں بھی چہرے کے داغ مٹانے کے لیے مفید ہیں، مثلاً سرونگا آسن، سرس آسن، سلبھ آسن، گورش آسن، دھنور آسن، بل آسن وغیرہ۔ ورزش کرنے کی فرصت نہ ہونے کی صورت میں صبح آنکھ کھلتے ہی بیڈ پر پڑے پڑے یہ ورزش کریں۔
٭ چہرے پر چھوٹے چھوٹے سرخ دانے نکلنے کی صورت میں چہرہ ڈیٹول سوپ سے دھوئیں اور کیلا مائین لوشن لگائیں۔
٭ چہرے اور پپوٹوں کی سوجن جسم میں کسی تیزابی مادّے کی موجودگی یا کسی الرجی کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے۔ اس کے لیے اپنا خون اور پیشاب ٹیسٹ کروائیں۔
٭ وہ خواتین جن کے چہرے کی جلد بہت چکنی ہو اور خاص طور پر صبح کے وقت ماتھے اور ناک پر اتنی چکنائی ہوتی ہو جیسے خوب تیل ملا ہوا ہو، میک اپ کریں تو تھوڑی دیر بعد چکنائی، سارا میک اپ خراب کردیتی ہو، وہ خواتین ہفتے میں تین بار کھیرے کے رس کا ماسک لگائیں۔ صابن سے منھ دھوئیں اور کسی قسم کی کریم نہ لگائیں۔ منھ دھوکر اسٹرنجنٹ لگایا کریں، اس کے بعد فیمن پاؤڈر لگائیں۔ نیز ایسی غذائیں کھائیں جن میں چکنائی کم ہو۔ دن میں ایک بار کسی لیمن کلینر سے کلینزنگ کریں ۔ ایک لیموں کا رس روزانہ پئیں۔
٭ جن خواتین کی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے ہوں، وہ عرق لیموں میں روغن چنبیلی کے چند قطرے ملا کر رات کو سونے سے پہلے آنکھوں کے ارد گرد ہلکا مساج کریں۔
٭ جن خواتین کے چہرے پر سفید دھبے ہوں، وہ ملٹی وٹامنز استعمال کیا کریں، کیوں کہ چہرے پر سفید دھبے جسم میں وٹامن کی کمی کی علامت ہیں۔
٭ جن خواتین کے چہرے کی جلد بہت چکنی ہو اور اس کے مسامات کھلے ہوں وہ اپنے چہرے پر کھیرے کے رس کا ماسک لگایا کریں۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ کھیرے کو دھوکر چھیلیں، پھر اسے رگڑیں، یاد رہے کہ کدوکش صاف ستھرا ہو اور رگڑا ہوا کھیرا بھی صاف برتن میں ڈالیں۔ اب اسے ململ کے کپڑے سے چھان لیں۔ پہلے اپنا چہرہ بیسن سے دھوئیں اور خشک کرکے روئی کی مدد سے کھیرے کا رس سارے چہرے پر لگائیں۔ آدھ گھنٹے بعد چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں۔ چہرہ خشک کرکے کافور ملا عرق گلاب چہرے پر لگائیں۔ کسی قسم کی چکنی کریم استعمال نہ کریں۔ لیکن وینشنگ کریم لگانے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
٭ جن خواتین کے چہرے پر دانے مواد سے بھر جاتے ہیں اور میک اپ کرنے سے دانے مزید بڑھ جاتے ہیں وہ کٹی کیورا میڈیکیٹڈسوپ سے چہرہ دھوئیں۔ اگر میک اپ کرنا ہو تو اس کے لیے الزبتھ آرڈن کا تیار کردہ ویلوا سموتھ اور سودنگ لوشن استعمال کریں۔ اگر ان کی رنگت سفید ہے تو وہ الزبتھ آرڈن کا روزریشل شیڈ لگائیں اور اگر سانولی رنگت ہے تو سپورٹ ڈارک شیڈ مناسب رہے گا۔ رات کو سونے سے پہلے میک اپ کو ضرور صاف کریں۔
٭ جن خواتین کی جلد چکنی ہو اور گرمیوں میں چہرہ بہت چکنا ہوجاتا ہو مگر سردیوں میں رخسار خشک رہتے ہوں وہ گرمیوں میں موئسچرائزر قطعاً استعمال نہ کریں۔ البتہ کلینزنگ ملک سے جلد کو اچھی طرح صاف کرکے صابن اور سادہ پانی سے منھ دھوئیں۔ برف کے پانی سے چہرے پر چھینٹے ماریں اور چہرے کو خشک کرکے روئی کے پھائے سے اسٹرنجنٹ لگائیں۔ ایسی خواتین بلش یا آرڈینا سکن ٹانک بھی استعمال کرسکتی ہیں، جوکہ دراصل اسٹرنجنٹ سکن ٹانک کا دوسرا نام ہے۔
٭ جن خواتین کے چہرے پر سیاہ دانے نکلتے ہیں وہ اپنے چہرے کو مندرجہ ذیل طریقے سے تیار کیے گئے ابٹن سے سے دھویا کریں:
بیسن ۸ اونس، جو کا آٹا ۸ اونس، بادام کی کھلی ۸ اونس، اراروٹ کا آٹا ۴ اونس۔ علاوہ ازیں گلیسرین سوپ کو باریک پیس کر اس کا ایک اونس پاؤڈر مندرجہ بالا اشیاء میں شامل کرلیں۔ یہ سیاہ دانوں کے لیے بہت مفید ابٹن ہے۔ ہفتے میں ایک دفعہ ایک انڈے کی سفیدی میں ایک چھوٹا چمچہ شہد کا ملا کر پھینٹیں۔پھر اس محلول کو روئی کے پف سے چہرے پر لگائیں۔ پندرہ بیس منٹ کے بعد یہ ماسک اتارنے کے لیے چہرہ دھوئیں اور خشک کرکے عرق گلاب میں کافور کا سفوف ملا کر لگائیں۔
٭ چہرے پر ہمیشہ چکناہٹ رہنا ہاضمے کی خرابی اور بدپرہیزی کی علامت ہے۔ خوراک سادہ اور زود ہضم کھائیں۔ گھی اور انڈے وغیرہ کا استعمال کم کردیں۔ ملائی، مکھن اور دودھ کا استعمال معمولی طور پر کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ دہی بھی مفید ہے۔ ہاضمے کی کمزوری اور پیٹ صاف نہ رہنے پر پانی کا زیادہ استعمال ضروری ہے۔ اس صورت میں ایک دن میں آٹھ دس گلاس پانی پینا چاہیے۔ نارنگی، سنترے، مالٹے اور لیموں کااستعمال کھانے کے ساتھ ضرور کرنا چاہیے۔ پھل اور سبزیاں کھانے سے جلد کی چکناہٹ دور ہوجاتی ہے۔
یاد رکھئے!
٭ بے خوابی، اعصابی تناؤ اور ذہنی پریشانی سے چہرے پر جھریاں نمودار ہوجاتی ہیں۔
٭ عمر کے اثرات کو چہرے سے دور رکھنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ چہرے کی رگوں کو تازہ خون مہیا کرنے کی تدبیر کی جائے۔
٭ نظامِ ہضم میں خرابی چہرے کو بڑی جلدی متاثر کرتی ہے۔ اور اس سے آنکھیں بے رونق اور جلد داغ دار ہوجاتی ہے۔ قبض بھی چہرے کی چمک دمک کا دشمن ہے ، اس سے بھی چہرے پر داغ دھبے نمودار ہونے لگتے ہیں۔ لہٰذا بدہضمی اور قبض سے بچیں۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں