چہرے کی خوبصورتی میں جو چیز سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے، وہ ہے ہماری جلد، جسے کبھی بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ اکثر خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ جلد کیسی ہی کیوں نہ ہو، اس پر اچھا سا میک اپ کرلیں گی تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ یاد رہے کہ یہ خیال بالکل غلط ہے۔ اگر ہماری جلد تروتازہ نہیں ہوگی تو اس پر کبھی اچھا میک اپ نہیں ہوگا۔ جلد کی تروتازگی حسن کی بنیاد ہے۔ جلد اگر نرم، صاف، ستھری اور چمکدار ہے تو کافی عرصے تک اس پر جھریاں نمودار نہیں ہوں گی۔ چہرے کی جلد اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ وہ ہماری عمر چھپا سکتی ہے اور بڑھا سکتی ہے۔ جلد کی رنگت چاہے کیسی بھی ہو، اصل چیز چہرے کی شادابی ہے۔
صاف ستھری جلد کے حصول کے لیے سب سے پہلے تو یہ ضروری ہے کہ آپ پرسکون رہیں، سوچ مثبت رکھیں، ضروری نیند لیں اور غذا کو متوازن اور اچھا رکھیں۔ اس کے بعد بیرونی طور پر اپنی جلد کی حفاظت کریں۔ سردی کے موسم میں اپنے چہرے کا مساج کریں۔مساج کے لیے روغن زیتون، ناریل کا تیل، بادام کا تیل استعمال کریں تو زیادہ بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ اس سے چہرے کی جلد نرم و ملائم اور ہموار رہے گی۔ جلد کی بیرونی حفاظت کے لیے ٹماٹر بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جلد کی حفاظت میں ٹماٹر اپنی ٹھنڈک اور سکیڑنے والی خوبیوں کی وجہ سے بہت اہم تصور کیا جاتا ہے۔
دراصل ٹماٹر حیاتین ج (وٹامن سی) سے بھرپور ہوتا ہے۔ جو کیل مہاسوں کے علاوہ بے رونق جلد کو چمکدار اور پرکشش بناتا ہے۔ ہماری جلد کو صحتمند اور شاداب رہنے کے لیے حیاتین الف (وٹامن اے) کی ضرورت ہوتی ہے۔ٹماٹر میں یہ حیاتین بھی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ ٹماٹر میں شامل نمکیات جلد کو متوازن رکھتے ہیں اور جلد سے چکناہٹ کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹماٹر کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ اس لیے خواتین مصنوعی اشیاء کے بجائے قدرتی محافظ یعنی ٹماٹر سے اپنی جلد کی حفاظت اور خوبصورتی بڑھانے کا بہترین کام لے سکتی ہیں۔ اسے جلد پر لگانے کے چند اہم طریقے ہم ذیل میں بتارہے ہیں:
٭… تازہ سرخ ٹماٹر کا رس ایک چمچہ لیں اور اس میں دو سے چار قطرے تازہ لیموں کا رس شامل کرلیں۔ پھر اس آمیزے کو روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں۔ پندرہ منٹ تک اس کو جلد پر لگا رہنے دیں۔ اب ٹھنڈے پانی سے دھولیں اور پھر موئسچرائزر استعمال کریں۔ آپ کی جلد شاداب ہوجائے گی۔
٭…جلد کو کیل مہاسوں سے پاک کرنے کے لیے ایک تازہ سرخ ٹماٹر لے کر اچھی طرح سے اس کا گودا نکال لیں۔ پھر اس گودے کو اپنے چہرے پر لگائیں۔ یہ گودا چہرے پر ایک گھنٹے تک لگا رہنے دیں۔ پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں۔ کم از کم ایک ہفتے تک یہ عمل کریں تو خواتین کے لیے یہ نسخہ بہت کارآمد ہوگا۔ یہ عمل خواتین کو چہرے کے کیل مہاسوں سے بھی نجات دلاسکتا ہے۔ اس سے یقینا بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔
٭… ٹماٹر سے ایک بہترین ماسک بھی تیار کیا جاتا ہے۔ یہ ماسک ملی جلی جلد والی خواتین کے لیے بہتر ثابت ہوتا ہے۔ کیونکہ اس میں جلد کو سکیڑنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ اس ماسک میں حیاتین الف، ج اور ہ بھی شامل ہوتا ہے۔ یہ ماسک بہت ٹھنڈک اور سکون کا احساس دلاتا ہے۔
٭… ٹماٹر دہی کا ماسک بھی چہرے کی جلد کو تازگی عطا کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ دہی میں شامل اجزاء ٹماٹر کے ساتھ مل کر بہترین ماسک تیار کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ آدھا ٹماٹر کاٹ کر اس کا گودا دوچمچ دہی میں اچھی طرح ملالیں۔ اب یہ آمیزہ چہرے پر لگائیں اور بیس منٹ تک لگائے رکھیں۔ پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں اور پھر اس کے خوشگوار اثرات اپنے چہرے پر دیکھیں۔
٭… ٹماٹر چہرے کی جلد پر اپنی قدرتی جادوگری دکھاتا ہے۔ چاہے وہ ماسک کی شکل میں لگایا جائے، فیشل کے طور پر یا پھر ایسٹرن جینٹ کے طور پر استعمال کیا جائے۔ ٹماٹر کا گودا بہت کارآمد ہے۔ صرف گودا ہی اگر روزانہ ایک گھنٹے چہرے پر لگا کر گرم پانی سے دھولیا جائے تو چہرے کا رنگ نکھر آتا ہے۔ ٹماٹر صحت کے ساتھ ساتھ حسن کا محافظ بھی ہے۔
——