خواتین کے لیے چہرے کی بدنمائی، جھریاں، کیل، مہاسے اور دیگر جلدی امراض کا آئے دن، ایک تشویشناک مسئلہ درپیش رہتا ہے جس سے نجات پانے کے لیے بازاروں میں فروخت ہونے والے قیمتی لوشن اور کریم استعمال کرنے پر بھی کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیںہوتا، جبکہ بدنما چہرے کو دلکش و خوبرو بنانا آپ کے اپنے ہاتھوں کا کھیل ہے۔ ذیل میں جو نسخے درج کیے جارہے ہیں۔ وہ سستے گھریلو اور فائدہ مند بھی ہیں۔ ان نسخوں کو آپ بھی آزمائیے اور حیرت انگیز تبدیلیوں سے لطف اٹھائیے یعنی آم کے آم گٹھلیوں کے دام۔
مولی
چہرے کی جھریاں دور کرنے کے لیے مفید ہے۔ مولی کا رس نکال کر تھوڑا سا مکھن ملا لیجیے اور روزانہ غسل کرنے سے قبل چہرے پر مالش کرکے آدھ گھنٹہ کے بعد دھولیجیے اور نتیجہ خود دیکھ لیجیے۔
پیاز
ہر لحاظ سے مفید شئے ہے۔ پیاز کا عرق جلدی امراض کے لیے نفع بخش ہے۔ پیاز کا عرق نکال کر اس میں تھوڑا سا شہد ملالیں اور چہرے پر لگاتے رہیں ، جھریاں اور مہاسے دور ہوجائیں گے۔
گاجر
یہ بھی صحت کے لیے بے حد کار آمد چیز ہے۔ گاجر کو کوٹ کر اس کا رس نکال لیں۔ اور تھوڑا سا دودھ یا انڈے کی زردی ملا کر لوشن بنالیں اب چہرے پر لگا کر گاجر کا کرشمہ دیکھئے۔
گوبھی
گوبھی کے پتوں کو عام طور پر بے کار سمجھ کر پھینک دیا جاتا ہے۔ آپ ان پتوں کو ضائع نہ کیجیے۔ بلکہ ان کا رس نکال کر تھوڑا سا شہد ملا کر روزانہ چہرے پر مل کر اپنے چہرے کو دلکش بنائیے۔
شہد
شہدے کے فوائد اور فضیلت کا ذکر قرآن شریف میں بھی موجود ہے۔ اپنے چہرے کو دلکش بنانے کے لیے آپ بھی انوکھا تجربہ کرسکتی ہیں۔ تھوڑے سے شہد میں لیمو کے عرق کے چند قطرے ملاکر اپنے چہرے پر لگا لیں۔ اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھوکر دس منٹ کے بعد پھر یہی لوشن لگالیں۔ ایک ہفتہ تک روزانہ استعمال کرنے سے حیرت انگیز نتائج برآمد ہوں گے۔
پالک
سبزی کے بطور روز مرہ کے کام میں آنے والا پالک چہرے کی دلکشی کے لیے بھی نہایت مفید ہے پالک کو ابال کر اس کا عرق نکال لیجیے۔ اس میں تھوڑا سا پودینے کا رس بھی ملا لیجیے۔ اگر ممکن ہو تو بازار میں ملنے والی پیسٹ بھی ملالیں۔ یا پھر گلیسرین ملا کر روزانہ رات کو سوتے وقت چہرے پر لگا لیا کریں۔ چند روز کے استعمال سے آپ کو خود ہی تروتازگی کا احساس ہوگا۔
سبز ککڑی
ہری ککڑی کو سل پر کچل کر کسی برتن میں رکھ لیجیے اور روزانہ دس سے پندرہ منٹ تک چہرے پر لگاکر صاف کردیں۔ چند دن کے استعمال سے چہرے پر نکھار آجائے گا۔
پپیتا
جسے کئی علاقوں میںاونڈ ککڑی بھی کہا جاتا ہے۔ اور جس کا گودا زرد رنگ کا ہوتا ہے۔ اس گودے کو اپنے چہرے پر مل کر پندرہ منٹ تک رہنے دیں۔ پھر صاف پانی سے اپنا چہرہ دھو ڈالیں۔ چند روز کے استعمال سے آپ کا چہرہ دلکش ہوجائے گا۔
ٹماٹر
ٹماٹر کا رس نکال کر چہرے اور آنکھوں کے ارد گرد حلقوںمیں موجود سیاہ داغوں پر لگانے سے چہرے کی سیاہی دور کی جاسکتی ہے۔
دودھ
یہ بالکل آسان طریقہ ہے کچے دودھ میں روئی کے پھائے بناکر بھگودیں۔ اور روزانہ دس منٹ تک ان پھایوں سے اپنے چہرے کو ملتے رہیے۔ کچھ روز کے استعمال سے چہرے اور جلد کی دلکشی میں زبردست اضافہ ہوجائے گا۔




