ڈبہ (پسلی چلنا)

حکیم محمد سعید

ڈبہ بچوں کے نمونیا کو کہتے ہیںاور یہ زیادہ تر سردی لگنے سے ہوا کرتا ہے۔ اس مرض میں بچے کو بخار اور سخت خشک کھانسی ہوتی ہے، جس کو برداشت نہ کرنے کی وجہ سے بچہ رونے لگتا ہے، لیکن اچھی طرح روبھی نہیںسکتا۔ سانس جلدجلد اور تنگی سے آنے لگتاہے۔سانس لیتے وقت ناک کے نتھنے پھولنے لگتے ہیں اور نیچے کی پسلیاں سانس لیتے وقت اندر کی طرف دب جاتی ہیں، جس سے گڑھا پڑتا ہوا معلوم ہوتا ہے۔

علاج

بچے کو صاف کمرے میں لٹائے رکھیں۔ اگر ضرورت ہو تو انگیٹھی جلا کر اس کو گرم کریں، لیکن دھواں بالکل نہ ہونے دیں۔ روغنِ تارپین ایک تولے میں کافور دو ماشے حل کرکے بچے کے سینے پر مالش کریں یا ایک انڈے کی زردی میں ایلوا تین ماشے، زعفران ایک ماشہ کھرل کرکے ململ کے دوٹکڑوں پر لگا کر ہلکا پسلیوں پر دونوں طرف لگائیں۔ اوپر سے روئی گرم کرکے باندھ دیں۔ اندرونی طور پر دست لانے کے لیے ارنڈی کا تیل چھ ماشے شہد میں ملا کر دیں۔ اس کے علاوہ ملہٹی، زوفائے خشک، السی ہر ایک ایک ماشہ، انجیر ایک عدد کو پانی میں جوش دے کر ذرا سا شہد ملا کر دیں، لیکن جب مرض انتہا کو پہنچ جائے، سینے میں بلغم جم جائے، جس کی وجہ سے سانس لینے میں خرخراہٹ ہونے لگے تو مین پھل چار رتّی باریک پیس کر گرم پانی میں ملاکر پلائیں۔ اس کے پلانے سے قے ہوکر سینے کا بلغم خارج ہوکر بچے کو آرام آجائے گا یا نیچے لکھی ہوئی حبِّ ڈبہ استعمال کریں۔

حبِّ ڈبہ

سہاگا بھناہوا اور نیلا تھوتھا تین تین ماشے لے کر باریک پیسیں اور پانی میں گوندھ کر دانۂ سرسوں کے برابر گولیاں بنائیں اور ایک ایک گولی ماں کے دودھ میں گھول کر دیں، لیکن جب مرض بڑھتا ہوا نظر آئے تو کسی ہوشیار، تجربہ کار معالج کی مدد حاصل کرنا بہتر ہے۔

بعض عورتوں کے بچے ہمیشہ اس مرض میں مبتلا ہوکر مرتے رہتے ہیں۔ اگرایسی عورتیں حمل کے زمانے میں پانچ سات بار خرگوش کا گوشت کھائیں اور بچہ پیدا ہونے کے بعد بھی دودھ پلانے کے زمانے میں کبھی کبھی کھاتی رہیں اور چند بار خرگوش کے خون کا ایک قطرہ ماں کے دودھ میں گھول کر بچے کو پلائیں تو امید ہے کہ بچہ اس مرض سے محفوظ رہے گا اور اپنی پوری عمر کو پہنچے گا۔

کھانسی

بچوں میں کھانسی کا سبب زیادہ تر سردی لگنا اور نزلہ و زکام ہوا کرتا ہے۔ اس لیے نزلہ زکام کا مناسب علاج کرنے سے اس کو بھی آرام آجاتا ہے، لیکن جب سانس میں بلغم بولنے لگے اور بچہ اس کو نکال نہ سکے تو انگلی پر شہد لگا کر اس سے بچے کی زبان کی جڑ کو دبا دیں، اس سے بچے کو قے ہوجاتی ہے اور جما ہوا بلغم نکل جاتا ہے۔ اس کے بعد گل بنفشہ، ملہٹی، گاؤ زباں، سونف ہر ایک ایک ماشہ، مویز منقا ایک دانہ، انجیر آدھا، پانی میں پکا کر شہد خالص چھ ماشے ملا کر پلائیں۔ اگر اس سے قبض نہ ٹوٹے تو اسی نسخے میں مغز املتاس چھ ماشے بڑھا کر دیں۔ جب کچھ آرام نظر آنے لگے تو بقیہ کھانسی کو دور کرنے کے لیے کاکٹرا سینگی، ملہٹی ہر ایک تین ماشے، پیپل ایک ماشے کو باریک پیس کر آدھی چھٹانک شہد میں ملائیں اور تین تین ماشے یہ دوا دن میں تین چار بار چٹائیں۔ اس کے علاوہ اگر املتاس کی پھلی دو تولے اور نمک ایک تولہ کو جلا کر راکھ بنائیں، پھر یہ راکھ ایک دو رتّی بچے کو دیں یا شہد میں ملا کر چٹائیں تو اس سے کھانسی کو فائدہ ہوتا ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146