دنیا کے مختلف شعبوں میں مختلف لوگوں نے اپنی محنت ،کوششوں اور طویل جد وجہد سے اپنا نام پیدا کیا، دنیا کے لئے اہم بنے اور لوگوں میں اپنے ہنر اور کارکردگی سے محبت کے مستحق بنے۔ ایسے ہی پر عزم اور کارآمد لوگوں کو دنیا یاد رکھتی ہے۔
ایسے لوگوں کی ایک طویل فہرست ہے۔ ہمارے حافظے میں کچھ کےنام نہیں لیکن ان کی ایجادات اور مفید چیزوں سے ہم فیض یاب ہورہے ہیں۔ ایسے کامیاب لوگوں نے سب سے پہلے اپنی ذات کو سمجھا اور اسے قیمتی بنایا، وہ ہمیشہ اس کوشش میں رہے کہ زندگی میں کچھ بڑا حاصل کیا جائے اور دنیا کو کچھ دے کر جائیں، اس طرح انھوں نے اپنی زندگی کوبا مقصد بنایا اور مقصد حاصل کرنے کے لئے اپنا تن من دھن لگادیا ۔
اگر آپ بھی کامیابی حاصل کرناچاہتے ہیں تو کامیابی کے بارے میں سوچئے اور اس میں غور وخوض کی عادت ڈالئے۔ اس کامیابی سے حاصل ہونے والے فوائد پر غور کیجئے اور انھیں واضح طور پرلکھ لیجئے اور یہ بات اچھی طرح جان لیجئے کہ کامیابی حاصل کرنے کی شدید خواہش ہی ہمیں کامیابی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ اپنے مقصد زندگی کو طے کیجئے، کیونکہ آج تک اس انسان نے کامیابی حاصل نہیں کی، جس کی زندگی کا کوئی مقصد نہ رہا ہو۔ مقصد کا واضح ہونا اور اس کا مبنی بر حقیقت ہونا انسان میں اس کے حاصل کرنے کا جوش وجنون پیدا کرتا ہے ۔ نپولین ہل کہتا ہے کہ ’’انسانی ذہن واضح طور پرجو سوچ سکتا ہے اسے حاصل کیا جاسکتا ہے۔‘‘
واضح مقصد انسان کو اس کی پوری توانائی لگا کر اسے کامیابی دلا کر رہتا ہے۔ جن کی منزل واضح نہیں ہوتی وہ مختلف چیزوں میں اپنا وقت ضائع کردیتے ہیں اور زندگی کی بھول بھلیوں میں خود بھی گم ہو جاتے ہیں۔
واضح مقصد کو حاصل کرنے کے لئے مختلف اہداف بنائیں، کسی بڑے کام کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں ہی مکمل کرنا آسان ہوتا ہے پھر ان کے لیے ٹائم لائن طے کیجئے۔ کامیابی حاصل کرنے کے لئے اہداف طے کرنا بہت ضروری ہے انھیں طے کرکے پھر اس پر جم جانا کامیابی کی بنیاد ہے۔ اس سلسلے میں ہونے والی غلطیوں سے مت گھبرائیے یہ غلطیاں آپ کو زبردست تجربہ دیں گی اور آپ کو کامیابی کی منزل کی طرف گامزن کردیں گی۔ ناکامیابی میں بھی اپنے اہداف کی طرف چلتے رہنا ہمیں کامیابی کی طرف پہونچائے گا۔ مسائل اور مشکلات کامیابی کے سفر میں ضرور آتے ہیں مگر مقصد حاصل کرنے کی شدید خواہش اور اللہ تعالیٰ اور خود پر یقین سے انسان ناکامی کو بھی کامیابی میں بدل سکتا ہے۔
زندگی اللہ کاانمول تحفہ ہے اس میں بے کار اور ناکام رہ کر اس کی ناقدری مت کیجئے۔ اپنی ذمہ داری خود لیجئے، دوسروں سے امیدیں مت باندھئے، ان سے شکوہ شکایات کے بجائے خود کی قوت بازو پر بھروسہ رکھئے اور آج ہی سے اپنی زندگی بدلنے کا فیصلہ کیجئے ، اپنے رویوں کو درست کیجئے، اپنے علم، صلاحیتوں اور یقین سے کام لیتے ہوئے اپنے آپ کو پورے طریقے سے اس میں جھونک دیجئے۔ کامیابی جہد مسلسل سے ملتی ہے اور مستقل مزاجی سے کی گئی محنت، کوشش، عمل اور قربانیاں ہمیں ضرور کامیابی تک پہونچا سکتی ہیں۔ یہ اللہ کا وعدہ بھی ہے اور اس کے نظام کا حصہ بھی کہ:
’’ہر انسان کے لیے وہی کچھ ہے جس کی وہ کوشش کرتا ہے۔‘‘
اور
’’اللہ تعالیٰ کسی بھی کام کرنے والے کا اجر ضائع نہیں کرتا، خواہ وہ مرد ہو یا عورت۔‘‘
اپنی ذات کو نکھارنے کے لئے مختلف پروگرام بنائیے۔ سب سے پہلے اپنی صلاحیت کو پہچانیے کیونکہ یہی آپ کی قوت اور پہچان بن سکتی ہے۔ ایسی کتابوں کا مطالعہ کیجئے جن سے آپ کی صلاحیت میں نکھار پیدا ہو،اخلاق کو بلند اور شخصیت کو باہمت بنائیں۔ انٹرنیٹ کی مدد سے مختلف کورسیس کرکے آپ اپنی کمیوں کو دور کر کے اپنی شخصیت کا ارتقاء کرسکتے ہیں۔ اپنے فن کے ماہرین سے رابطہ رکھیں وہ اپنے تجربہ اور علم سے آپ کو فیض یاب کر سکتے ہیں اور آپ کا قیمتی وقت بچا کر آپ کو کامیابی کے راستے پر لگا سکتے ہیں۔ مختلف علمی لوگوں سے ملاقات اور مختلف نظریات رکھنے والے افراد کی صحبت اور ان کے ساتھ گفتگو اور بحث و مباحثہ کو سمجھنے کے لئے کئے گئےسے بھی انسان کا نقطہ نظر وسعت پاتا اور ان کے علم تجربے میں آپ کو شریک کر سکتا ہے۔
دنیا میں کامیاب ہونے والے اکثر لوگ غریب گھرانوں سے آتے ہیں لیکن انھوں نے اپنی محنت اور مستقل مزاجی سے بڑی کامیابی حاصل کی ۔آپ کا ماحول، گرد وپیش کے حالات، وسائل کی کمی یا زیادتی آپ کا امیر یا غریب ہونا کوئی اہمیت نہیں رکھتا ۔اگر آپ میں کامیاب ہونے کا جنون ہے تو آپ اپنی دنیا خود بنا سکتے ہیں۔ اس لئے آپ اپنے اندر یقین کی قوت پیدا کیجئے اور عمل پیرا ہوجائیے تاکہ دین ودنیا دونوں میں کامیابی حاصل کرسکیں۔ ہر مسلمان کو اپنی محنت کے ساتھ ساتھ اللہ سے دعا کا بھی خاص خیال رکھنا چاہئے۔