کامیاب زندگی گزارنے کے چند نسخے

فردوس شاہین

٭ کسی عقل مند کا قول ہے کہ دکھ کی یہی دوا ہے کہ ان کے بارے میں سوچئے مت۔ سوچتے رہنے سے وہ ختم نہیں ہوتے بلکہ مزید بڑھتے ہی جاتے ہیں۔

٭ زندگی میں جو کچھ بھی کریں پورے اعتماد کے ساتھ کریں۔

٭ اس بات کو نظر انداز کردیں کہ د وسروں نے آپ کے لیے کیا کیا بلکہ ہمیشہ یہ سوچیں کہ آپ نے دوسروں کے لیے کیا کیا۔

٭ زندگی کا مقصد متعین کرلیں اس سے لگن کبھی آپ کو بوریت کااحساس نہ ہونے دے گی اور نہ ہی زندگی کو بے کار ہونے دے گی۔

٭ کچھ وقت صرف اپنے ساتھ بتائیں اور صرف اپنے ہی بارے میں سوچیں اور احتساب کریں۔ یہ وقت پندرہ منٹ سے آدھے گھنٹے تک ہوسکتا ہے۔

٭ احساس کمتری سے بچیں، ایک پل کے لیے بھی یہ سوچنا نہ بھولیں کہ آپ خاص ہیں اور آپ کے اندر کئی ایسی خوبیاں ہیں جو صرف اور صرف آپ کو ملی ہیں۔

٭ کامیاب لوگوں کی زندگیوں کو بہ غور پڑھیں اور اگر ممکن ہو تو ایسے لوگوں سے ملیں اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں اور یہ جاننے کی کوشش کریں کہ انھیں یہ کامیابی کس طرح ملی۔

٭ زندگی میں کچھ بننے اورکچھ کرنے کا خواب ضرور دیکھیں۔ مگر اپنی صلاحیت کے مطابق۔ پھر اسے پانے کے لیے اپنی ساری محنت اور صلاحیت لگادیں۔

٭ اپنی مسکراہٹ کو کبھی بھی خود سے جدا نہ کریں کیونکہ لوگوں کو اترتے ہوئے چہرے کو دیکھنے کا شوق نہیں ہوتا، خوشی ہو یا غم ہر حال میں خوش رہنے کی کوشش کریں۔

٭ جب کوئی آپ سے ایسا سوال پوچھے جس کا جواب آپ نہیں دینا چاہتی ہیں تو مسکرائیں اور کہیں آپ یہ کیوں جاننا چاہتی ہیں۔

٭ کتابوں کا مطالعہ اور غوروفکر دونوں کو ترقی دیں اور ٹی وی دیکھنے کو کم سے کم کریں۔

٭ یہ یاد رکھیں کہ زیادہ بولنا اگر چاندی ہے تو کم بولنا سونا ہے۔

٭ ڈائری لکھیں۔ یہ خود احتسابی کا بہترین ذریعہ اور دل کے غبار اور ذہنی بوجھ کو کم کرتا ہے۔

٭ یاد رکھیں کہ جب خود آپ بڑوں کی عزت اور چھوٹوں سے پیا رکریں گی تبھی آپ دوسروں سے عزت و پیار پاسکتی ہیں۔

٭ یہ یاد رکھیں کہ زندگی پھولوں کی سیج نہیں ہے اور کئی بار ہمیں ایسے کام کرنے پڑجاتے ہیں جو ہم کرنا نہیں چاہتے۔

٭ دوست صرف ایک بنائیں اچھا اور مخلص۔ اگر وقت کا کوئی سنگ دل لمحہ اسے آپ کا دشمن بھی کردے تو کوئی بھی اس کی بے بنیاد باتوں پر کان نہیں دھرے گا۔ لیکن زیادہ دوستوں کی زبان کو کوئی نہ کوئی کچھ نہ کچھ اہمیت تو ضرور دے گا خواہ سچائی کتنی ہی کم کیوں نہ ہو۔

٭ اگر کبھی زندگی میں کوئی غم آئے تو پریشان نہ ہوں بلکہ اپنے اطراف میںضرور نگاہ ڈالیں یہاں کئی لوگ آپ سے بھی زیادہ پریشان حال اور غمگین ملیں گے۔

٭ ہر حال میں اپنی حقیقت اور خدا کو یاد رکھتے ہوئے اسی سے مدد چاہیں۔ انشاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں