ہونٹوں کی سیاہی دور کرنا
ہونٹوں کی سیاہی دور کرنے کے لیے کیلے کے چھلکے کے اندر کے حصے کو کھرچ لیں اور ایک چمچ لیموں کا رس لے کر ہونٹوں پر پانچ منٹ تک لگا رہنے دیں۔ دو مرتبہ ہفتے میں یہی عمل دوہرائیں آپ دیکھیں گی کہ سیاہی دور ہوکر ہونٹ سرخی مائل نظر آنے لگے ہیں۔
کولڈ کریم خراب ہو تو
اگر کولڈ کریم خشک ہوجائے تو اس میں چند قطرے لیموں کا رس ڈال کر ملا دیں۔ کولڈ کریم اصل شکل میں واپس آجائے گی۔
دہی کی کڑھی لگنے سے بچائیں
دہی کی کڑھی بناتے وقت پتیلی میں مسلسل چمچہ چلانا پڑتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے مٹی کی پیالی کے بیچ میں ایک سوراخ کرلیں پھر اسے پتیلی کے اند رالٹا رکھ دیں۔ دہی کی کڑھی میں نہ چمچہ چلانا پڑے گا اور نہ وہ نیچے پتیلی میں لگے گی۔
تربوز کے چھلکوں کا سفوف
اگر آپ تربوز کے چھلکے سکھا کرانھیں پیس لیں، تو آپ دالیں پکاتے وقت ان میں سوڈا بائی کاربونیٹ ڈالنے کی بجائے تربوز کے چھلکوں کا سفوف استعمال کرسکتے ہیں۔
یادداشت کی کمزوری
بعض لوگوں کو یادداشت میں کمی کا روک لگ جاتا ہے جس سے بعض اوقات بڑی تکلیف ہوتی ہے۔ علاج یہ ہے کہ تین ماشے دار چینی روزانہ کھائیں، اس سے حافظہ بہتر ہوگا اور یادداشت کی خرابی کا مرض جاتا رہے گا۔
بال پین کا داغ صاف کرنا
اکثر مردانہ یا بچوں کے کپڑوں پر بال پن کا داغ لگ جائے تو جو آسانی سے نہیں اترتا۔ اس کی آسان ترکیب یہ ہے کہ جس کپڑے پر داغ لگا ہو اس کے نیچے اخبار رکھ کر داغ پر تھنر میں روئی بھگو کر رکھ دیں جو عام ہارڈویئر والوں سے ملتا ہے۔ داغ فوراً پھیل کر خراب میں جذب ہوجائے گا بعد میں کپڑے کو اچھی طرح سے دھولیں۔
چائے کا داغ صاف کریں
جس کپڑے پر چائے کا دھبہ لگا ہو اسے اسپرٹ میں اچھی طرح ڈبوکر خشک ہونے کے لیے رکھ دیں۔ جب کپڑا خشک ہو جائے تو اسے نیم گرم پانی اور کپڑے دھونے والے صابن کے ساتھ اچھی طرح رگڑ کر دھولیں۔د ھبہ صاف ہوجائے گا۔
پسے مسالے زیادہ عرصے تک محفوظ
پسے مسالہ جات زیادہ عرصہ تک صحیح رکھنے کے لیے ان میں ہینگ کا ٹکڑا رکھ دینے سے وہ زیادہ عرصے تک کارآمد رہتے ہیں۔
عام برتن چپچپاہٹ سے پاک
کسی عام برتن کو چپچپانے سے محفوظ رکھنے کے لیے اس میں تھوڑا سا نمک ڈال کر دو منٹ گرم کریں اور پھر نمک جھاڑ دیں۔
ناریل کا تیل
اکثر ناریل کا تیل سردی کی وجہ سے جم جاتا ہے جو پریشانی کا باعث بنتا ہے اور فوری استعمال میں نہیں آتا۔ اگر ناریل کے تیل میں آٹھ دس قطرے کیسٹر آئل کے ملادئیے جائیں، تو تیل نہیں جمے گا۔
سردیوں میں دہی جمانا
گرم دودھ میں دہی کا جاگ لگاتے وقت دو عدد ہری مرچیں درمیان سے لمبائی کے رخ کاٹ کر دودھ میں شامل کردیں۔ پھر برتن کو گرم کپڑے میں لپیٹ کر چھ ساتھ گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ دہی گاڑھا اور میٹھا جمے گا۔
نوٹ: دہی استعمال کرنے سے قبل ہری مرچیں نکال لیں۔