کام کی باتیں

ڈاکٹر سلمہ پروین

— جب مارکیٹ سے کھلا گوشت آئے تو ہمیشہ اسے مومی لفافے (پولی تھین) میں لپیٹ کر محفوظ کریں۔
— تازہ مچھلی کی پہچان کرنا ہو تو سب سے پہلے مچھلی کی آنکھوں کو غور سے چیک کریں۔ اگر آنکھیں روشن، سفید اور گلابی ہوں تو جان لیں کہ مچھلی تازہ ہے۔ اس کے علاوہ مچھلی کی جلد پر لگے چھلکوں کا جائزہ بھی لیں۔ تازہ مچھلی کے چھلکے مچھلی کی جلد میں اچھی طرح پیوست ہوتے ہیں اور چمک دار بھی ہوتے ہیں۔ آخر میں یہ دیکھیں کہ مچھلی کے گلپھڑے سرخ ہیں یا سلیٹی رنگ کے؟ اگر اس کے گلپھڑے سرخ رنگ کے ہوں تو سمجھ لیں کہ مچھلی تازہ ہے۔ اور اگر سلیٹی رنگ کے ہوں تو مچھلی تازہ نہیں ہوگی۔ گلپھڑے ہمیشہ گلابی یا سرخ ہونے چاہئیں۔ سلیٹی رنگ کے نہیں ہونے چاہئیں۔
—مچھلی کوچھیلنے سے پہلے اس پر تھوڑا سا لیموں کا رس یا سرکہ مل دیں۔ اس کے بعد مچھلی کو چھیلیں، یوں مچھلی کے چھلکے آسانی سے اتر جائیں گے۔
—مچھلی کو صاف کرتے ہوئے تختے پر یا اس جگہ پر جس جگہ پر رکھ کر مچھلی صاف کی جارہی ہو،پر تھوڑا سا نمک ڈال دیں، اس طرح مچھلی پھسلنے سے محفوظ رہے گی اور آپ اس کو آسانی سے رکھ کر صاف کرلیں گے۔
—مچھلی کو صاف کرنے کے بعد اس کے ہر حصے کو گول کرکے ذرا مروڑ دیں۔ اس طرح مچھلی کی ہڈیاں خود بخود باہر آجائیں گی۔ یاد رکھیں مچھلی کی ہڈیاں کبھی گوشت چیر کر نہ نکالیں، اس طرح مچھلی کا گوشت خراب ہوجاتا ہے۔
—فریج میں رکھی ہوئی مچھلی کو پکانے سے پہلے اگر تھوڑا دودھ میں ڈبولیا جائے تو مچھلی کی تازگی دوبارہ بحال ہوجائے گی۔
—مچھلی کو تلتے ہوئے اس کو اوپر نیچے، دائیں بائیں کرتے رہنا چاہیے، یوں مچھلی پکانے والے برتن سے چپکے گی نہیں اور اس کی بھنائی یا سکائی بھی چاروں طرف سے اچھی طرح ہوجائے گی اور وہ کسی طرف سے بھی کچی نہیں رہے گی، ایسا نہ کیا تو مچھلی برتن کی سطح پر چپک کر جل سکتی ہے۔
—مچھلی کاٹتے اور صاف کرتے ہوئے اگر آپ کے ہاتھوں میں مچھلی کی بو رچ جائے تو اپنے ہاتھوں کو نمک یا لیموں کے رس اورپانی سے صاف کریں۔
—اگرمچھلی پکائے جانے والے برتن میں مچھلی کی بو ٹھہر جائے تو اس کو صاف کرنے سے پہلے اس میں نمک اور گرم پانی ڈال کر کچھ دیر رکھا رہنے دیں، اور اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے رگڑ کر دھولیں۔ بو ختم ہوجائے گی۔
—مچھلی کی بو کم کرنے کے لیے اسے پکاتے ہوئے ایک دو باتوںکا خیال رکھا جائے تو مچھلی کی بو پکتے ہوئے ہی کافی کم ہوجاتی ہے۔ یعنی جس مصالحے میں مچھلی کو بھوننا ہے اس مصالحے میں تھوڑا سا سرکہ ڈال دیں۔ اس طرح مچھلی کی بو کم ہوجائے گی۔
—اگر برف میں جمی ہوئی مچھلی تھوڑے سے دودھ میں پگھلنے دیں تو مچھلی کا مزہ تازہ ہوجائے گا۔ دودھ مچھلی کی ناگوار بو کو چوس کر اس میں اچھی سی مہک پیدا کردے گا۔ مچھلی کے چھلکے اتارتے وقت اس پر تھوڑا سا سرکہ لگائیں تو چھلکے آسانی سے اترجائیں گے۔
—ایسی مچھلی جسے جلد پکانا مقصودنہ ہو اور محفوظ کرنا ہو تو اس کے لیے ایک ڈبہ مچھلی کے سائز کا لیں اور مچھلی کو اس میں ڈال کر پانی سے بھر دیں، اتنا پانی ڈبے میں ڈالیں کہ مچھلی اچھی طرح سے اس میں ڈوب جائے۔ پھر اسے فریج میں رکھ دیں۔
—چائے کی پتی کا استعمال بڑے محتاط ہوکر کرنا چاہیے کیونکہ چائے کی پتی کا زیادہ استعمال چائے کو خراب کر دے گا اور اس کی کمی سے بھی چائے کے ذائقے میں خرابی پیدا ہوجائے گی۔ جتنی چائے کی پتی آپ کو درکار ہو اس کی آدھی مقدار ڈالیں۔ آدھی پتی کو چھلنی میں ڈالیں جس سے آپ چھانتے ہیں۔ جب قہوہ چھلنی سے گزرے گا تو اس میں موجود تازہ چائے کی پتی کی قوت بھی قہوے میں شامل ہوجائے گی اس طرح چائے کو مطلوبہ ذائقے تک لے جائے گا۔
—استعمال شدہ چائے کی پتی کو دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جاسکتا ہے۔ استعمال شدہ چائے کی پتی کو لے کر ایک کھلے منہ والے برتن میں پھیلا کر ہلکی آنچ پر کافی دیر تک سینک دیں۔ پھر اس سینکی ہوئی چائے کی پتی کو نئی تازہ چائے کی پتی میں ملا کر استعمال کریں اور کچھ نہ کچھ بچت بھی کرلیں۔
—اگر کافی ذرا ہلکی بن جائے تو اس میں فوری حل ہونے والی اچھی کافی ڈال دیں۔ یوں ہلکی کافی اچھی بن جائے گی اگر پینے والے تیز کافی پینا پسندکریں۔
—کافی اگر بہت گہری براؤن بنانے کی ضرورت ہو تو اس میں کافی کی مناسبت سے کچھ کوکا ملا دیں۔ اس طرح کافی کا رنگ گہرا ہوجائے گا اور اس کا ذائقہ بھی مزے دار بن جائے گا۔ کوکا اور کافی کے تناسب میں احتیاط برتیں۔
اگر آپ کافی میں مزید ذائقہ پیدا کرنا چاہیں تو اس میں چاکولیٹ یا ونیلا کے کچھ دانے ڈال دیں۔ اس طرح کافی کا ذائقہ بھی بدل جائے گا۔ یعنی ایک نیا خاص ذائقہ کافی میں پیدا ہوجائے گا۔ جو یقینا مہمانوں کو پسند آئے گا۔
— کافی کے کڑوے ذائقے سے بچنے کے لیے کافی کے پانی میں تھوڑا سا نمک ڈال دیں۔ چاکولیٹ کافی میں بھی تھوڑا نمک چھڑک لیں تو اچھا ہوتا ہے۔
—ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں، کافی کی تیاری ٹھنڈے پانی سے کی جائے۔
—اگر تھوڑا سا کھانے میں استعمال ہونے والا سوڈا کافی کی کریم میں چھڑک دیا جائے تو یہ کریم میں جڑے گی نہیں اور کافی بالکل صاف ستھری اور ہلکی بنے گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146