کردار او ر اس کے اثرات

محمدشریف قریشی

آج ہم ترقی کے اس زینے پر کھڑے ہیں جہاں انسان حیاتیات کا بس ایک نوع ہے۔ حقیقت میں آدمی صرف وہ نہیں ہے جسے ہم اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں۔ یہ جسم ہمارے اندرون کا لبادہ ہے، ایک ذریعہ ہے۔ یہ ہم نہیں بلکہ ’’ہمارا‘‘ ہے۔ اصل میں ہم دو چیزوں سے مرکب ہیں۔ ایک ظاہر اور دوسرا باطن۔ جس طرح ہمارے ظاہر کے ہاتھ پائوں، ٹانگ،آنکھ وغیرہ دکھائی دیتے ہیںاسی طرح باطن (روح یا نفس) کے بھی اپنے مرکبات ہیں۔ وہ اجزاء علم، غضب، نفس، عقل، فکر،حفظ، وہم وغیرہ وغیرہ ہیں۔ خدا تعالیٰ نے اس باطن (روح) کو روح من امرربی کہہ کر اپنی طرف منسوب کیا اورجسم کو انی خالق بشرامن طین فرماکر ان ہی مرکبات خاص کر مٹی سے منسوب کیا ہے۔
یہی باطنی صورت ظاہری شکل کی سیرت بنتی ہے۔ جب تک یہ باطنی شکل حسن توازن اور خوب نہ ہو، آدمی خوب سیرت ہی نہیں بلکہ خوبصورت بھی نہیں ہوسکتا۔ کیونکہ باطن ظاہر پر اثرانداز ہوتا رہتا ہے۔ جس طرح گھڑی وقت کاپتہ دیتی ہے اور انجن کا میٹر حرارت بتاتاہے،اسی طرح چہرہ باطن کااشتہار بنتا ہے۔ بدکار کے منہ پر سیاہی، گرد اور ذلت کی ایک غیرمرئی تہہ جمتی ہے۔ آنکھیں بے نور لگتی ہیں۔ دوسری طرف نیک سیرت کے خدو خال میں دلکشی ہوتی ہے۔ پس اصل میں خوب سیرت ہی خوبصورت ہوتا ہے۔
تھوڑی دیر کے لئے اس ظاہر (بدن) کو فراموش کرکے سوچئے کہ آدمی ،خدا کا خلیفہ (نائب) ہے۔ کس عظیم ہستی اور طاقت کا خلیفہ ہے۔ اس صورت کے اندر حقیقت ربانی ہے جس کاخاصہ نیچے سے اوپر پرواز کرنا ہے۔ اس کے برعکس ہم نے بدن کی سلطنت کے بادشاہ کو بدن کا نوکر اور نوکر کو بدن کابادشاہ بنادیا ہے۔
اسی وجہ سے ہماری بدنی سلطنت کا یہ حال ہواہے کہ نہ کہیں خوشی نہ کہیں اطمینان ہے۔ جب کہ باطنی سلطنت شجرممنوع بنی بیٹھی ہے۔
بے شک آج انسان آنکھ جھپکنے میں دنیا کے گرد گھومتا ہے۔ عناصر اربعہ کو مٹھی میں بندکربیٹھا ہے اور اپنے آپ کو تہذیب یافتہ گردانتا ہے۔ حقیقت میں تہذیب کا جوہرشگفتگی اور پاکیزگی ہے۔ پس وہی آدمی مہذب کہلانے کامستحق ہوتاہے جس کے خیالات اعمال واطوار ، جذبات و احساسات میں شائستگی، پاکیزگی اور شگفتگی ہو۔
اس کے برعکس ہم اس زمانے میں پُرانے غار والے آدمی لگتے ہیں۔ ہم آج بھی درندہ مگر مہذب درندہ بنے بیٹھے ہیں۔ حسد، لالچ، خودغرضی، شہوت کو انسان نے پہیہ بنایاہے اور حسین قدروں جیسے بے غرضی، ہمدردی، بھائی چارہ ، ایمانداری اور صداقت کی زینت کو خزاں زدہ پتوں کی طرح جھڑنے دیا ہے۔
ہم ذہانت کی بلندی مگر اخلاقی طورپر پست ہونے پر فخر کرتے ہیں۔ ہمارا وطن اتنا سیاہ ہوگیاہے کہ حقیقت بالکل دکھائی نہیں دیتی ہے۔ علم کی تشنگی کو بجھانے کے لئے صاف شیشے کے گلاس میں کھائی کا گندہ پانی پینے کو دیاجاتاہے۔ تخلیقی ہنر کو آنکھ بھر دیکھنے کے بجائے ہنرمندوں کو مشینوں پر لگایاجاتاہے۔ نفس پرستی کو تقویت دینے کے لئے عورتوں کی ننگی اور نیم عریاں تصویروں کی نمائش کروائی جاتی ہے تاکہ یہ سیرت زہرآب سے سسکتے سسکتے مرجائے۔
ایک انگریز مفکر نے کیاخوب لکھاہے کہ وہ آدمی کتنا مفلس اور بے کس ہے جو خود اپنے (ضمیر) کو اپنے سے اوپر نہ اٹھاسکتا ہو۔ ملک کی عظمت، اس کے دفاعی سامان، حسین مناظر اور خوبصورت تعمیرات میں نہیں بلکہ اس ملک کے خوب سیرت آدمیوں میں مضمر ہے۔ طاقت ایسے نیک سیرت لوگوں کو سلام کہتی ہے۔ اگرچہ ذہنی صلاحیتوں کی قدر کی جاتی ہے لیکن نیک سیرت لوگوں کی پیروی کی جاتی ہے۔
نیک سیرت لوگ قوم اور ملک کے ایسے بینک ہوتے ہیں جہاں عظیم قدروںکو محفوظ کیاجاسکتا ہے۔ دنیاوی معاملات اور لین دین میں ذہانت پر اس قدر بھروسا نہیں کیاجاسکتاجس قدر نیک سیرت پر کیاجاسکتا ہے۔
ایک اور انگریز مفکر برک نے خوب لکھا ہے کہ ایک اونچے کردار اور نیک سیرت شخص کے ذرائع بھی نیک ہوتے ہیں کیونکہ اس کے مقاصد اور مطالب بھی نیک ہوتے ہیں جس سے سماج اور قوم میں نیک لہریں پھیل جاتی ہیں اور ان نیک سیرتوں کو آبشاروں سے تشبیہ دی گئی ہے جو اپنا راستہ خود بناتے ہیں۔
تاریخ میںایسے بہت زریں باب موجود ہیں جنہوںنے مشکلات کا سامنا کیاہے لیکن اپنے ضمیرکو پامال ہونے نہیں دیا۔ ایسے باضمیر آدمی قابل تقلید ہیں۔ آج انسان نے گہرے سمندروں، پر خطر کوہساروں حتیٰ کہ چاند کو بھی روندڈالا ہے، لیکن یہ سب ہوکر بھی ساری کائنات میں کوئی رومیؒ کوئی جیندؒ کوئی عطار نظر نہیں آتا۔
ll

 

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146