کوسمیکٹس کو عرصۂ دراز تک محفوظ رکھنے والے کیمیائی مادے پیرابینز (Parabens) کا پتہ پہلی بار برطانوی سائنس دانوں نے انسانی سرطان زدہ چھاتیوں میں لگایا ہے۔ چھاتی کے سرطان کا مطالعہ کرنے والے ماہرین کا جنھوںنے ان میں پیرابینز کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے، خیال ہے کہ انسانی چھاتیوں میں پیرابینز کی موجودگی سرطان کا سبب بنتی ہے۔ امریکی غذا و دوا کے ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے رسولیوں کے برطانوی ماہرین کی اس تحقیق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ میں شیمپو، فیشل ماسک، بال بڑھانے والی مصنوعات اور ناخنوں کی کریم میں پیرا بینز ہی استعمال ہورہا ہے۔
جرنل آف ایپلائڈٹوکسی کولوجی نامی جریدے کی ایک اشاعت میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کی مصنفہ فیلپی ڈی ڈربری کا کہنا ہے کہ ’’ہم پہلے سمجھتے تھے کہ پیرا بینز انسانی جسم میں جذب نہیں ہوتا، لیکن اس پر مطالعہ کرنے کے بعد دیکھا گیا کہ یہ نہ صرف جسم میں جذب ہوجاتا ہے، بلکہ کیمیائی مادے ایسٹروجین کو متاثر کرکے چھاتیوں کے سرطان کا سبب بنتا ہے۔ یہ ابھی ہماری ابتدائی تحقیق ہے اور اس پر مزید مطالعہ و تحقیق کی ضرورت ہے۔
نیوریاک کے بیتھ اسرائیل میڈیکل سینٹر کے چھاتی کے سرجن اور میڈکل ڈائریکٹر ڈاکٹر برٹ پیٹرسن فلیپی ڈی ڈربری اس بات سے اتفاق کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بدبو دور کرنے کے لیے استعمال ہونے والی کوسمیٹکس اور پسینہ روکنے والی مصنوعات استعمال کرنے والے یقینا اس تحقیق سے پریشان ہوجائیں گے۔
ڈسکوری ڈوٹ کام کا کہنا ہے کہ ۱۹۸۴ء میں ہونے والے ایک مطالعے کے دوران پتا چلا تھا کہ پیرا بینز ۱۳۲۰۰ مختلف کوسمیٹکس میں استعمال ہوتا تھا جن میں بغلوں کی بدبو دور کرنے والے کیمیائی مادے اور پسینہ روکنے والے کیمیائی مادے بھی شامل ہیں، جو انسانی جلد کے ذریعے جسم میں جذب ہوجاتے ہیں۔
مذکورہ مطالعہ ۲۰؍برس جاری رہا ۔ اس مطالعہ کے دوران ۲۰؍برطانوی خواتین کی سرطان زدہ چھاتیوں سے غدود حاصل کیے گئے۔ بی بی سی نیوز آن لائن کا کہنا ہے کہ ان سب عورتوں میں پیرا بینز پایا گیا، جب کہ ۴؍سرطان زدہ چھاتیوںمیں پیرا بینز کی سطح بہت بلند تھی۔ مطالعے کے دوران معلوم ہوا کہ پیرا بینزکا چھاتیوں کے غدود میں داخل ہونے کا ذریعہ انسانی جلد تھی، یعنی منہ اور سانس کے ذریعے سے پیرا بینز انسانی جسم میں داخل نہیں ہوا۔
ایڈنبرگ بریسٹ یونٹ ریسرچ گروپ، ریڈنگ یونیورسٹی کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ سرطان اور کوسمیٹکس کا آپس میں تعلق ہوسکتا ہے۔ بی بی سی کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک بغلوں کی بدبو ختم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی کوسمیٹکس کی وجہ سے پیرابینز انسانی جسم میں پنجے گاڑ لیتا ہے۔
تو خواتین حضرات حسین نظر آنا ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے، لیکن حسن کی خاطر اپنی صحت کو داؤ پر لگادینا کیا آپ عقل مندی تصور کریں گی؟
(بہ شکریہ ہمدردصحت)
——