کچن کا خیال رکھئے!

رافعہ

یہ حقیقت ہے کہ باورچی خانہ گھر کا وہ اہم حصہ ہے جہاں خواتین کا بیشتر وقت گزرتا ہے۔ گھر تعمیر کرتے ہوئے باورچی خانے پر عموماً خاص توجہ نہیں دی جاتی، کمرے کھلے اور کشادہ بنائے جاتے ہیں مگر باورچی خانہ ڈربے کا نمونہ پیش کرتا ہے۔ یوں گرمیوں میں پسینے اور گرمی سے خواتین کا برا حشر ہوجاتا ہے۔ کوشش ہونی چاہیے کہ گھر بناتے وقت باورچی خانے کو خاص اہمیت دیں۔ خود خاتون خانہ کو باورچی خانے میں دلچسپی لینی چاہیے تاکہ وہ من پسند باورچی خانہ بنواسکیں۔
اگر باورچی خانے کا ماحول پرسکون اور دل کش ہوگا تو تھکن کا احساس بھی کم ہوتا ہے۔ باورچی خانے میں بڑی بڑی کھڑکیاں ضرور ہونی چاہئیں تاکہ ہوا کا مناسب گزر رہے۔ یہ ضروری نہیں کہ اسے خوبصورت بنانے کے لیے ڈھیر سارا روپیہ خرچ کیا جائے، بس چند نکات پر عمل کیجیے، باورچی خانے کی افادیت ظاہر ہوجائے گی۔
اس ضمن میں اس کی صفائی سب سے ضروری ہے۔ اگر یہ صاف ستھرا نہ ہو تو چاہے کتنی ہی قیمتی اشیاء لکڑی کا کام اور ٹائلیں وغیرہ لگی ہوں، وہ گندگی کے باعث بدنما لگتا ہے۔ اس کے مقابلے میں سادہ مگر صاف باورچی خانہ زیادہ جاذبِ نظر ہوتا ہے اور اس سے خاتونِ خانہ کی سلیقہ مندی بھی عیاں ہوتی ہے۔
ایسی خواتین بھی ہیں جو لال بیگ تو درکنار باورچی خانے میں ایک مکھی بھی برداشت نہیں کرسکتیں۔ آپ بھی اپنے باورچی خانے کو صاف ستھرا اور پرکشش بناسکتی ہیں، اس سلسلے میں ان ٹوٹکوں پر عمل کیجیے۔
آب گیر (سنک) کی بندش
دھونے والے برتنوں کا ڈھیر لگا ہو اور آب گیر بند ہوجائے تو بڑی کوفت ہوتی ہے۔ باورچی خانے میں پانی کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے۔ لہٰذا نکاسی میں معمولی سا خلل آجائے تو مسئلہ کھڑا ہوجاتا ہے۔ ہماری تھوڑی سی توجہ اس پریشانی سے نجات دلاسکتی ہے۔ عموماً ایسے مسئلے وہاں زیادہ ہوتے ہیں جہاں صفائی ملازمین کے ذمے ہو۔ وہ برتن دھوتے ہوئے بچا کھچا کھانا نکالے بغیر پلیٹیں وغیرہ دھوتے ہیں۔ یوں غذائی اجزا اور گھی وغیرہ آب گیر کے پیندے اور نالی میں جم جاتے ہیں۔ یہ عادت بنالیں کہ روز گرم گرم پانی نالی میں ڈالیں تاکہ چکنائی وغیرہ نکل جائے۔ بعض خواتین چائے کی پتی بھی آب گیر کی جالی میں ڈالتی ہیں۔ اس کا حل بہت آسان ہے، اسے پودوں میں بطورِ کھاد ڈال دیجیے۔ اس ضمن میں باورچی خانے میں کسی پودے کے گملے رکھ لیجیے جو خوبصورتی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ چائے کی پتی ان میں ڈالیں یا پھر کیاریوں میں ڈال دیں۔ بند نالیاں کھولنے کے لیے بازار میں کیمیائی مادے (کیمیکل) ملتے ہیں لیکن ایک آسان گھریلو ٹوٹکا یہ ہے کہ آب گیر میں سوڈے کے دو چمچ ڈالیں اور دس منٹ تک چھوڑ دیں پھر گرم پانی ڈالیں، پائپ صاف ہوجائے گا۔
کیڑے مکوڑے
باورچی خانے کا ایک بڑا مسئلہ کیڑے مکوڑے اور لال بیگ ہیں۔ یہ حشرات برتنوں اور راشن رکھنے والی الماریوں اور خانوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ عموماً الماریوں میں اخبار وغیرہ بچھائے جاتے ہیں۔ ان ہی میں کیڑے وغیرہ پلتے ہیں۔ کوشش کیجیے کہ پلاسٹک بچھائیے اور نیچے بورک ایسڈ چھڑکیں یا نیم کے پتے بچھادیں، یوں کیڑے پیدا نہیں ہوں گے۔ اناج کو کیڑوں سے بچانے کے لیے لہسن کی پوتھی اس میں رکھ دیں، اس کی بو سے کیڑے پیدا نہیں ہوں گے۔ الماریوں میں گیلے برتن کبھی نہ رکھیں۔ پہلے انھیں خشک کریں۔
چولہے پر دھیان دیجیے
چولہے کی صفائی روزانہ کرنی چاہیے۔ ہفتے میں ایک بار سارے چولہے کو دھوئیں۔ اگر دودھ وغیرہ ابل جائے تو چولہا فوراً دھولیں تاکہ وہ نہ جمے۔ چولہے میں گرنے والی غذائی اشیاء جمنے کے بعد مشکل سے اترتی ہیں۔ اوون وغیرہ زیادہ استعمال نہیں ہوتے مگر انھیں مہینے میں ایک دو بار ضرور صاف کیجیے۔ چولہا عام صابن اور ڈیٹر جنٹ کی مدد سے صاف ہوجاتا ہے۔ چولہے کا دہانہ صفائی کا خاص طور پر متقاضی ہوتا ہے کیونکہ اس کے بند رہنے سے گیس کی مقدار صحیح نہیں پہنچ پاتی۔ اگر اس پر کوئی چیز جم جائے تو اسے بھی فرصت میں صاف کرلیں۔ گیس کی نالی کو بھی صاف رکھیں اور اس کا مشاہدہ کرتی رہیں کہ گیس خارج تو نہیں ہورہی۔ ایسی صور ت میں نالی تبدیل کردیں۔ اکثر گھروں میں فریج باورچی خانے میں ہوتا ہے۔ ضروری ہے کہ وہ ہوادار جگہ کے قریب ہو تاکہ اس کی کارکردگی بہتر رہے۔ کئی خواتین کو فریج سے برف ہٹانے میں خاصی محنت کرنا پڑتی ہے۔ اس کا آسان حل یہ ہے کہ پیڈسٹل پنکھا چلا کر فریج کا دروازہ کھول دیں، ہوا کی وجہ سے برف جلد پگھل جائے گی۔ فریج میں بدبو کی شکایت ہو تو کوئلے کو دہکا کر کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں، خیال رہے کہ فریج کی سطح جل نہ جائے۔ کوئلے کے دھوئیں سے بو ختم ہوجاتی ہے۔
چھوٹی چھوٹی اشیاء
گرم گرم برتن اٹھانے اور دیگرمختلف کاموں کے لیے باورچی خانے میں کپڑے استعمال ہوتے ہیں۔ انھیں صاف ستھرا رکھیے، ورنہ وہ نہ صرف بیماریاں پھیلاتے ہیں بلکہ آپ کے پھوہڑپن کا کھلا ثبوت پیش کرتے ہیں۔ انھیں وقتاً فوقتاً جراثیم کش محلول سے دھوئیے۔
باورچی خانے میں اپنی سہولت کے لیے مختلف اشیاء ضرور رکھیں مثلاً ہاتھ صاف کرنے کے لیے تولیا اور وقت دیکھنے کے لیے گھڑی۔ بیٹھنے کا بھی معقول انتظام ہو۔ پہلے وقتوں میں چولہے زمین پر ہوتے اور خواتین بیٹھ کر کام کرتیں مگر اب یہ رواج نہیںر ہا۔ کئی خواتین اسی وجہ سے ٹانگوں کے مسائل کا شکار ہوتی ہیں کہ وہ دن میں کئی گھنٹے باورچی خانے میں کھانا پکانے اور دیگر کام کرتے ہوئے کھڑی رہتی ہیں۔ کوڑے دان بھی باورچی خانے میں رکھی جانے والی اہم چیز ہے بلکہ اس کے بغیر گزارہ مشکل ہے۔ بہتر ہے کہ اسے بروقت خالی کیا جائے او رہفتے میں کم از کم دوبار دھو کر اسے دھوپ میں خشک کیجیے تاکہ جراثیم پیدا نہ ہوں۔ کوڑے دان ڈھکن والا ہو تو اچھا ہے ورنہ اسے ڈھانپ کر رکھیں۔ اس میں پلاسٹک کا تھیلا لگائیے تاکہ کوڑا پھینکنے میں آسانی ہو اور وہ بھی صاف رہے۔
مختصر مگر کارآمد ٹوٹکے
باورچی خانہ ہر گھر کا ایک اہم گوشہ ہے اور اسے صاف رکھنا سب کی بڑی ذمہ داری ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کسی خاتون کی سلیقہ شعاری کو جانچنا ہو تو اس کا باورچی خانہ اور غسل خانہ دیکھ لیا جائے۔
باورچی خانے میں کام کرتے ہوئے آپ ان ٹوٹکوں سے استفادہ کرسکتی ہیں:
(۱)… سبزی بناتے ہوئے اگر انگلی کٹ جائے تو ململ کے صاف کپڑے پر شہد مل کر باندھ لیں، زخم جلد بھر جائے گا۔
(۲)… بعض سبزیاں کاٹتے ہوئے ہاتھوں پر داغ لگ جاتے ہیں اور برے لگتے ہیں۔ ہائیڈروجن پر آکسائیڈ روئی کی مدد سے ہاتھوں پر لگائیں پھر ہاتھ دھولیں۔ صاف ہوجائیں گے۔
(۳)… سبز مرچ کاٹتے ہوئے عموماً ہاتھوں میں جلن ہوتی ہے، اس صورت میں آٹے کی لئی بناکر متاثرہ جگہ پر لگائیں۔
(۴)… پیاز کاٹنے کے بعد ہاتھوں سے بو دور کرنے کے لیے نمک اچھی طرح ملیں اور نیم گرم پانی سے ہاتھ دھولیں۔
(۵)… شیشے کے برتنوں میں چمک پیدا کرنی ہو تو ایک پتیلی میں سرکہ ملا کر پانی رکھ لیں۔ برتن دھونے کے بعد اس میں کھنگال کر رکھیں، چمکنے لگیں گے۔
(۶)… باورچی خانے میں مکھیاں نظر آئیں تو ان سے نجات کے لیے پودینہ رکھیں، اس کی خوشبو سے مکھیاں نہیں آتیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146