گھر میں موجود سجاوٹ کے سامان اور شوپیس وغیرہ چند مہینوں کے بعد گرد آلود ہوکر اپنا رنگ اور چمک کھودیتے ہیں اور ان کا حسن ختم ہوجاتا ہے۔ لیکن اگر ان کی مناسب طریقے سے صفائی اور دھلائی ہوتی رہے تو ان کی رنگت اور خوبصورتی باقی رہتی ہے اور آپ کا گھر سلیقہ مندی اور صفائی پسندی کی تصویر پیش کرتا ہے۔ ذیل میں کچھ چیزوں کی صفائی کے طریقے ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
میٹل کے شو پیس کی صفائی
میٹل کے سامان جیسے اسٹیل، پیتل، چاندی یا تانبہ وغیرہ کے سامان کے لیے ضروری نہیں کہ ان پر ہمیشہ پالش ہی کرائی جائے۔ آپ صرف پانی اور ضروری چیزوں کے استعمال سے ہی انہیں چمک دار بناسکتی ہیں۔ مثلاً چاندی کے شوپیس کو ابلے آلو کے پانی سے رگڑ کر صاف کیا جاسکتا ہے۔ پیتل اور تانبے کی چیزوں کو لیموں کے رس اور ڈٹرجنٹ کی مدد سے چمکایاجاسکتا ہے۔ اس کے لیے نرم ٹوتھ برش کو گرم پانی میں ڈبو کر اور ملائم کرلیں اور ایک کپ میں لیموں کا رس نچوڑ لیں۔ برش کو اس میں ڈبو کر شوپیس پررگڑیں اس کے بعد ایک نرم پالی تھین میں سرف لے کر اس پر رگڑیں۔ شو پیس چمک اٹھے گا۔ جن اشیاء پر کارونگ ہو ان کے کارونگ کے نشانات پر خاص طور پر برش سے رگڑیں، تاکہ ان کے اندر کا میل صاف ہوجائے۔
فائبر کی اشیا کی صفائی
ٹرالی، گھر کے کونے کی فوٹو فریم وغیرہ پر لگی گرد اور میل کو صاف کرنے کے لیے ایک پیالی میں سرف کا گھول بنائیں۔ فوم کا ایک ٹکڑا لیں اور اس کی مدد سے سرف کا پانی لگا کر اسے رگڑیں۔ درمیان میں فوم کے ٹکڑے کو صاف پانی میں ڈبوتی رہیں تاکہ اس میں جمع میل صاف ہوتا رہے۔ جب محسوس ہوکہ صاف ہوگیا ہے تو کسی نرم سوتی کپڑے سے چیزوں کو اچھی طرح صاف کرکے خشک کرلیں۔
کانچ کی اشیاء کی صفائی
کانچ کی اشیاء مثلاً گلدان، ٹیبل گلاس اور فوٹو فریم وغیرہ کی صفائی کے لیے صابن کا گھول ہی کافی ہے۔ ان اشیاء کی صفائی کے لیے بھی فوم کا ٹکڑا استعمال کریں۔ اور اسی سے رگڑ کر داغ دھبے چھڑجائیں۔ پھر نرم سوتی کپڑے سے سکھانے کے بجائے یہاں نیوز پیپر کا ٹکڑا استعمال کریں۔ نیوز پیپر سے رگڑتے وقت پانی کے چھینٹے مارتی رہیں۔مکمل طور پر شیشے سے بنے سامانوں کو سرف کے پانی میں ڈبو کر ہاتھ سے بھی رگڑا جاسکتا ہے۔ البتہ یہ بات ذہن میں رہے کہ سرف کے پانی سے نکال کر اچھی طرح سکھانا ضروری ہے ورنہ صابن کا داغ نظر آئے گا جو بھدا لگے گا۔
متفرقات
٭ قالین پر کوئی چیز گر جائے تو بہت بڑا دھبا پڑ جاتا ہے اس کو دور کرنے کے لیے سب سے پہلے اس پر تھوڑا ڈیٹرجنٹ پاؤڈر ڈال کر اوپر سے کسی گیلے کپڑے سے صاف کرلیجیے پھر کپڑا دھو لیجیے اور اس کو اچھی طرح صاف کریں اور یہ عمل بار بار کریں۔دھبہ صاف ہوجائے تو سوکھے کپڑے سے صاف کرلیں۔
٭ بجلی کی استری کے تلے میں اکثر داغ پڑجاتے ہیں، انہیں صاف کرنے کے لیے اس پر بیکنگ پاؤڈر اچھی طرح ملیں پھر گیلے کپڑے سے صاف کریں۔
٭ مسالہ پیسنے کے بعد ہلدی کے نشانات اگر آسانی سے نہ چھوٹیں تو لیموں کا رس ملیں یہ دھبے دور ہوجائیں گے ۔
٭ چاندی کی بنی ہوئی چیزیں یا زیورات کسی چیز پر داغ چھوڑ دیں تو ان کو آلو کے پانی سے دھولیں داغ ختم ہوجائیں گے۔
٭ گیلے گلاس اور پھولدان وغیرہ میزوں پر رکھنے سے داغ پڑ جاتے ہیں اگر آپ ایک چمچہ سرکہ ملا کر اس کو صاف کریں گے تو داغ دور ہوجائیں گے۔
٭ اگر آپ سفید کپڑے دھونے سے پہلے پانی میں لیموں نچوڑ لیں تو کپڑے سفید اور چمک دار دھلتے ہیں اگر پانی میں سفید سرکہ بھی ڈالا جائے تو بھی کپڑے صاف دھلتے ہیں۔