کھجور- غذا بھی دوا بھی

(ترتیب و پیشکش: ادارہ)

کھجور ایک ذائقہ دار اور غذائیت سے بھر پور قدرتی پھل ہے۔ یہ قدرتی اور غذائیت سے بھر پور ہونے کے ساتھ ساتھ دوا بھی ہے اور مختلف امراض میں اس کا استعمال انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ بلڈپریشر اور دل کے مرض میں مفید ہونے کے علاوہ بلغم کے اخراج، پت اچھلنے، بے خوابی یا نیند کی کمی اور اعصابی کمزوری کی صورت میں بھی اسے اکسیر تصور کیا جاتا ہے۔

کھجور وٹامن سی سے بھرپور پھل ہے۔ اس کے علاوہ اس میں وٹامن اے اور بی ، پروٹین، فاسفورس، کیلشیم، پوٹاشیم، سوڈیم، کاربوہائیڈریٹ، آئرن اور تانبہ کے اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ جو عام جسمانی کمزوری کو دور کرکے نہ صرف جسمانی قوت فراہم کرتے ہیں بلکہ مختلف النوع بیماریوں سے بھی بچاتے ہیں۔

کھجور ہمارے یہاں دو صورتوں میں دستیاب ہوتی ہے ایک چھوہارہ کی صورت میں جو اصلاً خشک کھجور ہوتی ہے اور ایک تر کھجور کی صورت میں۔ تر کھجور پکی ہوئی طبعی کھجور ہے جو ذائقہ اور افادیت دونوں اعتبار سے زیادہ بہتر ہوتی ہے۔اس کے علاوہ درج ذیل امراض کی صورت میں کھجور کا استعمال بہ طور دوا بھی ہوتا ہے۔ جو اپنے اثر کے اعتبار سے ایک اکسیر ہے۔

سردی زکام

اگر سردی زکام سے پریشان ہیں تو صبح وشام (خالی پیٹ) پانچ پانچ کھجور کھاکر تھوڑا سا گرم پانی پئیں، اس سے پھیپھڑوں میں جمع بلغم باہر نکل جائے گا اور کھانسی زکام سے بھی نجات مل جائے گی۔

تھکاوٹ

آج کی بھاگ دوڑ کی تیز رفتار زندگی میں ہر کوئی تکان و ماندگی کا شکار ہے۔ ایسی صورت میں جسم کو قوت دینے کے لیے ایک پاؤ کھجور اور آدھا کلو دودھ کا استعمال (روزانہ) انتہائی مفید ہے۔

کمر درد

اگر آپ کمر کے درد سے پریشان ہیں تو چار پانچ کھجور ابال کر اس میں تین چار گرام میتھی پاؤڈر ملا کر کچھ دن استعمال کریں اس سے کمر درد سے نجات مل جائے گی۔ یہ جوڑوں کے درد میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔

جگر

جگر بڑھنے کی صورت میںپانچ کھجور رات کو پانی میں بھگودیں اور صبح ہاتھ سے مسل کر، اس میں شہد ملاکر کھائیں۔ اس سے جگر بڑھنے کی شکایت رفع ہونے کے ساتھ ساتھ جسم کی جلن اور قبض سے بھی نجات ملے گی۔

اسہال

اسہال سے نجات کے لیے کھجور کی گٹھلی کو جلاکر پیس لیں اور پاؤڈر بنالیں۔ اور دو دو گرام کی مقدار میں دن میں تین مرتبہ ٹھنڈے پانی سے یہ پاؤڈر کھائیں۔ جلد ہی پتلے دستوں سے نجات مل جائے گی۔

ہسٹریا

ہسٹریا کی شکار خواتین کے لیے کھجور بڑی نعمت اور بہترین دوا ہے۔ روزانہ پانچ پانچ کھجور صبح و شام دودھ کے ساتھ استعمال کریں۔ اس کااستعمال کم از کم دوماہ کرنا چاہیے۔

خون کی کمی

اگر آپ دبلی پتلی ہیں یا آپ کے جسم میں خون کی کمی ہے تو کھجور کا متواتر استعمال آپ کے جسم کو فربہی اور خون کی مناسب مقدار فراہم کرسکتا ہے۔ انیمیا یا خون کی کمی کی صورت میں روزانہ 20-15کھجور کھاکر ایک گلاس دودھ پئیں۔ اس سے جسم میں نیا خون پیدا ہوگا اور خون کی کمی دور ہوجائے گی۔

سوکھا روگ

بچوں کے سوکھا (ام الصبیان) روگ میں کھجور کا استعمال اکسیر ہے۔ اگر آپ کے پاس پڑوس کا بچہ سوکھا مرض کا شکار ہے تو آپ مشورہ دے سکتی ہیں۔ اس کے لیے ایک کھجور کو دس گرام چاول کے مانڈ کے ساتھ پیس کر تھوڑا پانی ملاکر بچے کو دیں۔ دو تین بار دینے ہی سے بچہ ہشاش بشاش ہوجائے گا۔

سوکھی کھانسی

خشک کھجور (چھوہارہ) اور پیپل کی گولیاں برابر مقدار میں لے کر چورن بنالیں۔ پانچ گرام چورن، ایک چمچہ شہد اور دو تین چمچے گائے کا دودھ ملاکر دن میں تین بار استعمال کریں۔ اس سے سوکھی کھانسی ختم ہوجائے گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں