گھریلو ترکیبیں

ماخوذ

٭گوشت کو خراب ہونے سے بچانے کی ترکیب: گرمیوں کے موسم میں گوشت کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے یہ ترکیب کریں کہ ایک کپڑے کا ٹکڑا لے کر اسے سرکہ اور پانی میں تر کریں پھر گوشت کو اس میں لپیٹ کر رکھ دیں تو وہ کافی دیر تک خراب نہیں ہوگا۔

٭ابلے ہوئے چاولوں کو نکھارنے کی ترکیب: چاول ابالنے کے بعد اس میں ایک چمچہ گھی ڈال دیجیے۔ اس طرح ابلے ہوئے چاول الگ الگ ہوجائیں گے۔ اگر ابلے ہوئے چاولوں میں لیموں کا رس ڈال دیں تو چاول سفید اور خوش ذائقہ ہوجائیں گے۔ لیکن یہ خیال رہے کہ لیموں کا رس چند قطرے ہی ڈالا جائے اگر زیادہ مقدار میں ڈال دیا گیا تو چاولوں میں ترشی آجائے گی۔

٭پکے ہوئے کھانے کا نمک کم کرنے کی ترکیب: اگر کبھی کھانا پکاتے ہوئے غلطی سے نمک زیادہ پڑ جائے تو مندرجہ ذیل ترکیبیں استعمال کریں:

(۱) لکڑی کے کوئلے کا جلتا ہوا ایک ٹکڑا لے کر اسے پہلے پانی سے اچھی طرح دھو لیں جب اس کی بیرونی سیاہی پانی میں سے نکلے تو اس کو سالن میں ڈال دیں اور پکا لیں پھر کوئلہ نکال لیں تو نمک کی زیادتی کم ہوچکی ہوگی۔ (۲) گوندھے ہوئے آٹے کی ٹکیہ بنا لیجیے اور اسے سالن میں ڈال دیجیے اور کچھ دیر بعد نکال دیجیے اگر ایک بار ڈالنے سے نمک کم نہ ہو تو دوبارہ دوسری ٹکیہ بنا کر ڈال دیجیے اس طرح نمک کم ہوجائے گا۔(۳) ایک سفید صاف کاغذ کا ٹکڑا ہانڈی میں ڈال دیں کاغذ نمک کو جذب کرلے گا۔

٭گوشت جلد گلانے کی ترکیب: گوشت کو جلد گلانے کے لیے مندرجہ ذیل ترکیبوں میں سے کوئی ایک ترکیب استعمال کریں:

(۱) پکتے ہوئے گوشت میں چھالیہ ڈال دیجیے۔ ایک سیر گوشت کے لیے ایک چھالیہ کافی ہے۔ (۲) جس برتن میں گوشت پک رہا ہوں اس کے ڈھکن کے پیچھے چونا لگا کر ڈھک دیں۔ (۳) پکتے ہوئے گوشت میں ایک چٹکی شکر ڈال دیجیے یا ایک چٹکی کھانے کا سوڈا (۴) خربوزوں کا چھکا یا پپیتے کی ایک کھانپ ڈال دینے سے بھی گوشت جلدی گل جاتا ہے۔

٭ انڈوں کو زیادہ عرصہ محفوظ رکھنے کی ترکیب: (۱) انڈوں کو پسے ہوئے نمک میں دبا کر رکھ دیجیے، اس طرح انڈے دیر تک خراب نہیں ہوتے (۲) گرم پگھلے ہوئے موم میں انڈوں کو غوطہ دے کر نکال لیجیے پھر سرد جگہ پر محفوظ رکھئے تو وہ کئی ماہ تک خراب نہیں ہوں گے۔

٭ ہاتھوں سے مرچ کی جلن دور کرنے کی ترکیب: (۱) اکثر مرچیں پیسنے یا ہری مرچیں کاٹنے سے ہاتھوں میں جلن پیدا ہوجاتی ہے۔ اس جلن کو دور کرنے کے لیے تھوڑا سا نیل پانی میں ملا کر ہاتھوں پر لگا لیجیے اور پانچ منٹ بعد ہاتھوں کو دھو ڈالیے جلن دور ہوجائے گی۔ (۲) تھوڑے سے پانی میں چھوٹی سی گڑ کی ڈلی ملا کر اپنے ہاتھوں پر مل لیں تو جلن کم ہوجائے گی۔

٭ پکتے ہوئے کھانے میں زہریلی چیز کا شک دور کرنے کی ترکیب: کھانا پکاتے ہوئے اگر آپ کو شک ہوجائے کہ کھانے میں کوئی زہریلی چیز پڑگئی ہے تو چمچہ سے مشکوک چیز لے کر آگ میں ڈال دیجیے۔ اگر نیلے رنگ کے شعلے نکلیں تو سمجھ لیجیے کھانا زہریلا ہوگیا ہے۔

کیڑے مکوڑے ختم کرنے کے لیے گھریلو نسخے:

٭مچھر کیسے دور بھگائیں: (۱) کمرے میں گندھ یا کلونجی جلا کر دھواں کردینے سے مچھر مرجاتے ہیں۔ (۲) سرو کی لکڑی اور سرو کے پتے بستر کے آس پاس بچھانے سے مچھر نزدیک نہیں آتے۔ (۳) یوکلپٹس کا تیل، روغن سنگترہ، روغن الائچی اور سرسوں کا تیل ہم وزن لے کر اسے تھوڑا سا جسم کے کھلے حصوں پر لگا لیا جائے تو مچھر نزدیک نہیں آئے گا۔ (۴) سرسوں کے تیل میں تھوڑی سی گوند ملا کر توا یا کسی سیاہ رنگ کے برتن مثلاً کڑاہی وغیرہ پر لگا کر کمرے میں رکھ دیں، مچھر سیاہ رنگ کے برتن پر آئے گا اور پھر یہیں چپک کر رہ جائے گا۔

٭ کھٹمل دور بھگائیں: (۱) پلنگ کے پایوں پر اجوائن کی پوٹلیاں باندھ دیں، کھٹمل رفتہ رفتہ ختم ہوجائیں گے۔ علاوہ ازیں اجوائین کو ایسی جگہوں پر چھڑک دیا جائے جہاں کھٹمل کی موجودگی کا شبہ ہو اس طرح آپ کو کھٹمل سے نجات مل جائے گی۔ (۲) گرم پانی میں پھٹکری گھول کر چارپائی کی پٹیوں اور پایوں کے جوڑوں میں ڈالنے سے بھی کھٹمل ختم ہوجاتے ہیں۔ (۳) اگر بستر میں کھٹمل کی موجودگی کا شک ہو تو گندھک کو جلا کر بستر کو اس کی دھونی دیں کھٹمل اگر ہوں گے تو مرجائیں گے۔

٭ چوہوں سے چھٹکارا: جس جگہ چوہے موجود ہوں وہاں تھوڑا سا پیپر منٹ باریک کرکے چھڑک دیں اس طرح چوہے اس مقام سے بھاگ جاتے ہیں۔

٭ لال بیگ سے چھٹکارا: (۱) خمیری آٹے میں پسا ہوا لہسن ملا کر باریک باریک گولیاں بنالیں اور انہیں ان جگہوں پر ڈالیں جہاں لال بیگ آتے ہیں۔ چند روز میں ہی لال بیگ کا صفایا ہوجائے گا۔

٭ چیونٹیوں سے نجات: (۱) گھر کی دیواروں اور چھتوں پر سفیدی پھروائیں۔ سفیدی میں نمک، گوند اور تیل ملا کر اچھی طرح دو مرتبہ سفیدی کروائیں، اس سے چونٹیاں اور دوسرے کیڑے مکوڑے بھی ختم ہوجاتے ہیں۔ (۲) چیونٹیوں کے بلوں میں مٹی کا تیل ڈال دینے سے بھی ان کا صفایا ہوجاتا ہے۔ (۳) جہاں پر بہت ساری چیونٹیاں ہوں تو وہاں پر تھوڑا سا سوکھا آٹا ڈال دیں۔ اس سے بھی چیونٹیاں بھا گ جاتی ہیں۔

؟؟؟

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146