گھریلو نسخے

فرخندہ شہاب

عام زندگی میں بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، چھوٹی موٹی بیماریاں اور روز مرہ کے حادثات ہر گھر میں ہوتے ہیں اورہوسکتے ہیں، ایسے میں اگر ہمیں فوری علاج کی تدابیر معلوم ہوں تو الجھن اور پریشانی سے بھی بچا جاسکتا ہے اور مسئلہ کا حل بھی تلاش کیا جاسکتا ہے۔ ذیل میں ہم ایسی چند ترکیبیں درج کریں گے جو ہماری والدہ اکثر گھر میں استعمال کرتی تھیں اور ان سے فائدہ بھی ہوتا تھا۔

آج کل کپڑے دھونے کے پاؤڈر یا پھر برتن دھونے کے ڈٹرجنٹ سے اکثر ہاتھوں کے ناخن خراب ہوجاتے ہیں اور ایک طرف سے پیلے ہوجاتے ہیں۔ اس کے لیے تھوڑا سا سرسوں کا تیل ایک شیشی میں رکھ لیں اور اس کے اندر ایک چٹکی نمک ڈال دیں، کام سے فارغ ہونے کے بعد یہ نمک ملا سرسوں کا تیل ناخنوں پر لگالیں، کچھ ہی دنوں میں ناخن ٹھیک ہوجائیں گے اور ان میں چمک بھی آجائے گی۔ میں اپنے ناخنوں پر لگانا بھول جاتی تھی تو امی نے کہا کہ اپنے بیڈ روم میں رکھ لو، رات کو جب کمرے میں سونے جاؤگی تو شیشی دیکھ کر یا دآجائے گا تو لگالیا کروگی۔ یہ ترکیب کام آئی اور میں روز سوتے وقت لگانے لگی۔ میرے ناخن ٹھیک ہوگئے۔

گرمیوں میں اکثر دانوں میں پس پڑجاتی ہے، اگر پس کا دانہ نکل آئے تو پیاز کا چھلکا ہلکا گرم کرکے دانے کے اوپر رکھ کر کپڑے سے اچھی طرح باندھ دیں۔ اس طرح دو تین دفعہ کریں، جلد ہی دانے کا منہ بن جائے گا اور پس نکل جائے گی اور آرام آجائے گا۔

اگر کبھی موچ آجائے تو آٹے کی روٹی ایک طرف سے پکائیں اور دوسری طرف سے کچی رکھیں، اور کچی والی طرف تھوڑی سی ہلدی ڈال کر موچ والی جگہ پر گرم گرم روٹی لپیٹ دیں اور اوپر سے پٹی باندھ دیں، دو تین دفعہ ایسا عمل کرنے سے موچ ٹھیک ہوجائے گی۔

چھوٹے بچے اکثر کھیل کود میں ہاتھ میں لکڑی کی پھانس چبھ جانے کی شکایت کرتے ہیں۔ سوئی سے نکالنے کی کوشش کرو تو بچے رونے لگتے ہیں۔ جس جگہ پھانس چبھی ہو وہاں پر تھوڑا سا گیلا چونا لگادیں، تھوڑی دیر میں پھانس اوپر آجائے گی، اسے ہاتھ سے کھینچ کر نکال دیں یا پھر اکثر خود ہی جھڑ جاتی ہے۔

جلے ہوئے نشان پر ہماری والدہ ناریل کا تیل تھوڑی دیر بعد لگواتی تھیں۔ بہت جلد نشان غائب ہوجاتا تھا۔ جو کام مہنگی کریم نہیں کرپاتی تھی، وہ ناریل کے تیل سے ہوجاتا تھا۔

بہت دن تک بخار نہ اترے تو منقیٰ اور خاکسی کو توے پر گرم کرکے کھانے سے بخار میں افاقہ ہوتا ہے۔

منہ میں چھالے ہوجائیں تو گلیسرین لگالیں، اور اگر زبان کسی چیز سے کٹ جائے تو والدہ پاندان سے کتھا نکال کر لگوادیا کرتی تھیں، جلد افاقہ ہوجاتا ہے۔

سردیوں میں والدہ موم گھر پر تیا رکرتی تھیں۔ موم کو پگھلا کر اس میں گلاب کا عرق اور چند قطرے عطر کے ڈال کر اس کو ایک شیشی میں رکھ دیتی تھیں، پھر ہم سب بچوں کو سردی کے موسم میں یہی موم ہاتھ اور پیروں میں لگواتی تھیں۔ پوری سردی ہاتھ، پیر نرم وملائم رہتے اور ہلکی ہلکی عطر اور گلاب کی خوشبو بھی ہم لوگوں کے پاس سے آتی رہتی تھی۔

اس کے علاوہ امی ہم بہنوں کو دودھ کی بالائی میں چند قطرے لیموں کے ڈال کر منہ پر لگواتی تھیں۔ اس سے رنگ بھی صاف ہوتا ہے اور جلد نہایت اچھی ہوجاتی ہے۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146