گھر کو کیسے سجائیں

عالیہ مصطفی

گھر ہر عورت کی اولین ترجیح ہوتا ہے۔ لیکن اسے قرینے سے آراستہ کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ خواتین گھر سجانے کی فکر میں نئے نئے تجربے کرتی ہیں، کبھی فرنیچر کو جدید رنگ دینے کا خیال ان کے ذہن میں آتا ہے اور کبھی کچن کے لیے نئے اسٹائل کے برتنوں کے لیے بھاؤ تاؤ کرتی نظر آتی ہیں۔ گھریلو خوبصورتی سے مراد یہ نہیں کہ گھر میں بہت قیمتی سامان اور بے شمار سجاوٹ کی چیزیں موجود ہوں۔ ہمارے دینِ اسلام نے بے جا خرچ کی ممانعت کی ہے اور اعتدال کا راستہ اختیار کرنے کی نصیحت کی ہے۔ اصولی طور پر گھر اس وقت خوبصورت اور آرام دہ کہلائے گا جب اس گھر میں موجود ہر چیز گھر والوں کی ضرورت پوری کرے۔
اب اہم بات یہ ہے کہ کفایتی طریقے سے گھر کو سجایا کیسے جائے؟ آپ سب جانتی ہیں کہ ہر گھر کا نقشہ دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ اس لیے مکان کو آرام دہ بنانے اور اس کی آرائش و زیبائش کے لیے فقط دوسروں کے گھروں سے متاثر ہونا درست نہیں بلکہ اپنے گھر کے نقشے کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہی ڈیکوریشن کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ موجودہ دور میں گھر کی آرائش و زیبائش کے لیے انٹریئر ڈیزائنر کی مدد لینا ایک رواج کی صورت اختیار کرچکا ہے جوکہ گھریلو بجٹ پر ایک بار گراں ثابت ہوتا ہے۔ خواتین درج ذیل باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے انٹریئر ڈیزائنر کی مدد کے بغیر ہی اپنے گھر کو دیدہ زیب بناسکتی ہیں:
٭… خواتین کو چاہیے کہ اپنے گھر کو اپنے ماحول کے مطابق سیٹ کریں۔
٭… گھریلو اشیا کو انتخاب اور ان کی ترتیب ایسی رکھیں کہ وہ افرادِ خانہ کی شخصیت کی ترجمانی کرسکیں۔
٭… دیواروں پر ہلکے رنگ کا پینٹ کروائیں۔
٭… پردے بھی ہلکے رنگ کے ہوں۔
٭… فرنیچر بھاری بھرکم نہ ہو، بلکہ آرام دہ، مضبوط، پائیدار اور دیکھنے میں خوشنما ہو۔
٭… فرنیچر کی بناوٹ اور سجاوٹ سادہ ہونی چاہیے تاکہ اس کی صفائی اور دیکھ بھال میں آسانی ہو۔
٭… خواتین اس بات پر زور نہ دیں کہ فرنیچر و پردے بے حد قیمتی ہوں بلکہ سستا کپڑا لے کر دیدہ زیب انداز میں خود ہی پردے سی سکتی ہیں۔
٭… پرانی چادریں یا دوپٹے جو آپ کے زیرِ استعمال نہ ہوں، انھیں پردوں کے اوپر بارڈر کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔
٭… صوفے پر کم قیمت کپڑا چڑھایا جاسکتا ہے نیز اس کے لیے ہلکا رنگ استعمال کرنا چاہیے۔
٭… میز کی خوبصورتی کے لیے جھالر کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ کسی بھی پرانے کا مدار کپڑے سے جو ایک فٹ چوڑا اور میز کی لمبائی سے مطابقت رکھتا ہو اس کے نیچے استر لگا کر اس کے کونے خوبصورت انداز میں تیار کریں اور اسے میز پر بچھا کر اوپر کوئی ڈیکوریشن پیس رکھ دیں۔
٭… کونے میں لائٹ لگا کر اس کو سجالیں۔
٭… شیشے کے استعمال سے گھریلو خوبصورتی کو چار چاند لگائیے۔ عام شیشہ لے کر اسے فریم کروائیں اور دیوار پر لگائیں تاکہ کمرہ بڑا لگے۔
٭… شیشوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
٭… عورت کی سلیقہ مندی کچن اور باتھ رومز سے جھلکتی ہے لہٰذا ان دونوں جگہوں کو نظر انداز نہ کریں۔
٭… فریج پر کوئی بوتل پینٹ کرکے رکھ دیں۔
٭… مٹی کے چھوٹے برتن لے کر انھیں پینٹ کرکے کچن کے شیلف پر سجادیں۔
——

 

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146