ہوم میڈہیئر ماسک

ماخوذ

جس طرح چہرے کی جلد کی شگفتگی و تر و تازگی برقرار رکھنے کے سلسلے میں فیس ماسک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ٹھیک اسی طرح سر کی جلد اور اس پر اُگے بالوں (جنہیں بلاشبہ آپ کی خوب صورتی کے تاج کا درجہ حاصل ہے) خوب صورتی و رعنائی میں اضافے کے لیے بھی اب بیوٹی ایکسپرٹس ہیئر ماسکس کے استعمال کا مشورہ دیتی ہیں۔ جس طرح آج کل مختلف پراڈکٹس کی مدد سے کلینزنگ، ٹوننگ اور موئسچرائزنگ خواتین و لڑکیاں گھر پہ ہی کرلیا کرتی ہیں اسی طرح اب خواتین پارلر جانے کے بجائے فیشنل بھی گھر پر ہی بہ آسانی کر لیتی ہیں لیکن بالوں کی خصوصی نگہ داشت و نشو و نما جیسے کہ کیراٹن ٹریٹمنٹ، ڈیپ کنڈیشننگ، ہاٹ ہیئر مساج، ری بانڈنگ، پروٹین ٹریٹمنٹ اور مختلف اقسام کی ہیئر ڈائنگ و اسٹریکنگ وغیرہ کے سلسلے میں خواتین کو بیوٹی سیلونز کا رخ ضرور کرنا پڑ جاتا ہے۔ بالوں کی نگہ داشت کے حوالے سے جو ہیئر ٹریٹمنٹس کی جاتی ہیں ان میں مساجنگ اور کنڈیشننگ کے علاوہ بالوں میں ہیئر ماسک لگانے کا مرحلہ بھی شامل ہے، جو بالوں کی چمک اور دلکشی میں اضافے کے لیے لگایا جاتا ہے۔ بلاشبہ ہیئر ٹریٹمنٹس جہاں آپ کے بالوں میں ایک خوب صورت نکھار پیدا کردیتے ہیں، وہیں پر ان ٹریٹمنٹس کی بھاری فیس آپ کی جیب کو ’’ہلکا‘‘ کرنے کا باعث بھی بن جاتی ہیں۔ لہٰذا جو خواتین و لڑکیاں اپنے بالوں میں ہیئر ٹریٹمنٹس جیسا نکھار و دلکشی پیدا کرنا چاہتی ہیں وہ اپنی ڈائیٹ پہ توجہ دینے کے ساتھ ساتھ اپنے بالوں میں باقاعدگی سے تیل کی مالش کریں اور اپنے بالوں کی ساخت سے ہم آہنگ شیمپو اور کنڈیشنر کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ مختلف اقسام کے ہیئر پیکس یا ہوم میڈ ہیئر ماسک بھی آپ کی اس سلسلے میں معاونت کریں گے۔ یعنی اب ہیئر ماسک کی ٹریٹمینٹ حاصل کرنے کے لیے آپ کو پارلر کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں ہی بلکہ آپ اپنے کچن میں موجود مختلف اشیاء کی مدد سے ہوم میڈ ہیئر ماسک کی سہولت سے استفادہ کرسکتی ہیں۔

مختلف اقسام کے ہیئر ماسک تیار کرنے کی تراکیب درج ذیل ہیں:

٭ تین چائے کے چمچے شہد میں پانچ کھانے کے چمچے زیتون یا بادام کا تیل مکس کر کے اسے بالوں پر خوب اچھی طرح لگائیں اس کے بعد بالوں کا جوڑا بنا کر ایک تولیے کو گرم پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں اور اس تولیے کو بالوں پر اچھی طرح لپیٹ لیں۔ ۳۰ منٹ کے بعد نیم گرم پانی اور کسی معیاری موئسچرائزنگ شیمپو سے سر دھولیں۔

٭ دو مونہے بالوں کے علاج کے لیے پپیتے کا ہیئر ماسک بہترین ثابت ہوتا ہے۔ پپیتے کے دو بڑے ٹکڑے لیں چھلکے اور بیج کو صاف کردیں اور بلینڈر میں اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ اس میں 2/1 کپ دہی مکس کر کے اس مکسچر کو اپنے سر کی جلد اور بالوں پر خوب اچھی طرح لگائیں۔ ۳۰ منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے سر دھولیں اس ماسک میں پپیتے کی جگہ کیلے کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔

٭ خشک اور بد رونق بالوں میں جادوئی چمک اور دلکشی پیدا کرنے کے لیے مایونیز میں شہد ملا کر بالوں میں لگائیں اور ۳۰ منٹ کے لیے اس مکسچر کو بالوں میں لگا رہنے دیں اس کے بعد نیم گرم پانی سے بالوں کو دھولیں۔

٭ پکے ہوئے کیلوں کو میش کر کے اس میں روغن بادام ملا کر پندرہ منٹ کے لیے اس ہیئر ماسک کو سر میں لگائیں اس کے بعد شیمپو کرلیں۔

٭ کچے دودھ میں ایک چمچہ شہد ملا کر بالوں میں اس مکسچر سے جڑوں سے سروں تک مساج کریں اور پچیس تیس منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے سر دھولیں۔

٭ میتھی دانے کو رات بھر پانی میں بھگو دیں۔ صبح ان بھیگے ہوئے میتھی دانوں کو پیس لیں اور اس پیسٹ سے سر پہ اچھی طرح مساج کریں اور پندرہ بیس منٹ کے بعد سر کو نیم گرم پانی اور شیمپو سے اچھی طرح دھولیں۔ یہ ہیئر ماسک خشکی، سکری، پتلے اور جھڑتے ہوئے کمزور بالوں کے علاج کے سلسلے میں ایک بہترین ماسک ثابت ہوگا۔

٭ ایک کپ کالی ماش کی دال میں ایک کھانے کا چمچہ میتھی دانہ شامل کر کے باریک پیس کر پاؤڈر بنا لیں اور پاؤڈر میں 2/1 کپ دہی ملا کر اس ماسک کو سر کی جلد اور بالوں پر خوب اچھی طرح لگا کر دو تین گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں اس کے بعد سر گرم پانی سے خوب اچھی طرح دھوکر صاف کرلیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146