یوگا کوئی مذہب نہیں۔ یہ ایک فن، ایک سائنس ہے، جس نے آج سے ہزاروں برس قبل چین میں جنم لیا اور وہاں روح اور بدن کے باہمی توازن اور انسان کے اندر اور باہر کے پورے قول کی عملی ترجمانی کرتی رہی۔ چین سے اس علم کو ہندوستان نے مستعار لیا اور اسے یوگا کا نام دیا۔ چین ہی سے اس علم کو جاپان نے اپنایا اور اس میں چند ترامیم کرکے اسے مارشل آرٹ کی وسیع دنیا میں داخل کردیا۔ آج کل یوگا اپنا تدریجی سفر طے کرکے مغربی دنیا میں وارد ہوچکا ہے اور وہاں سے انگریزی، فرانسیسی اور جرمن میں اس کا لٹریچر دھڑا دھڑ چھپ کر دنیا کے مختلف گوشوں میں پہنچ رہا ہے۔
یوگا ورزشیں جنھیں یوگا آسن کہتے ہیں، پورے عضلاتی نظام، فضلاتی نظام، دوران خون کے نظام اور ہضم کے نظام سے بڑا گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ یوگا ورزشیں افزائشِ حسن، اعادہ شباب، درازیٔ عمر اور تندرستی و تن سازی کے لیے بھی بڑے آسان اور عملی طریقے فراہم کرتی ہیں، جن کی اہمیت و افادیت صدیوں پہلے تسلیم کی جاچکی تھی اور آج بھی تسلیم کی جارہی ہے۔ یہاں جو یوگا ورزشیں دی جارہی ہیں، ان کا تعلق افزائشِ حسن و جمال کے علاوہ جسمانی اور نفسیاتی عارضوں کے علاج سے بھی ہے۔ ان ورزشوں کی باقاعدہ مشق کرتے ہوئے ان سے استفادہ کریں اور یاد رکھیں کہ یوگا ورزشیں یعنی یوگا آسن کرنے کا بہترین وقت صبح کا وقت ہے جبکہ پیٹ خالی ہو۔
سرو نگاآسن
یہ آسن یعنی یوگا ورزش دوران خون کی اصلاح، سپر نما غدہ (تھائی رائڈ گلینڈ) کی اصلاح اور ٹانگوں اور جسم کے بالائی حصے کے عضلات کو خون کی زیادہ مقدار بہم پہنچانے کے لیے انتہائی مفید اور کارآمد ہے۔ ہم دن بھر کھڑے یا بیٹھے رہتے ہیں۔ اس لیے دورانِ خون کی زیادہ مقدار جسم کے زیریں عضلات ہی کو سیراب کرتی ہے۔ اس لیے ضرورت ہے کہ بالائی عضلات بھی خون سے اچھی طرح فیض یاب ہوں۔ اس امر کو ملحوظ رکھتے ہوئے کندھوں کے بل کھڑے ہونے کا جو آسن ہے اس کو سرونگا آسن کہتے ہیں۔ اس میں عمر کی کوئی قید نہیں۔ ہر عمر میں اس کی افادیت یکساں ہے۔
آسن کی تکنیک
(۱) دونوں ٹانگیں ملاکر کمر کے بل فرش پر سیدھی اس طرح لیٹیں کہ ہاتھ سر کے نیچے ہوں۔
(۲) دونوں ٹانگیں اوپر اٹھائیں۔
(۳) اب ٹانگوں کو آہستہ آہستہ فرش پر لے آئیں۔ یہ ورزش تین سے پانچ بار کریں۔
اب فرش پر چت لیٹ جائیں جیسا کہ تصویر میں دکھایا گیا ہے لیکن اب بازوؤں سر کے نیچے سے ہٹا کر دونوں پہلوؤں کے ساتھ سیدھے کرلیں جیسا کہ نیچے دی گئی تصویر میں دکھایا گیا ہے
چند منٹ گہرے آرام کی حالت طاری کرکے لیٹی رہیں۔ ہتھیلیاں فرش پر رکھیں۔ اپنے پیٹ اور ٹانگوں کے عضلات میں تناؤ پیدا کریں ہتھیلیوں سے فرش کو دبائیں اور آہستہ آہستہ ٹانگوں کو بلند کریں، لیکن اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ گھٹنوں میں خم نہ آنے پائے۔
اب اپنی ٹانگوں کو جھٹکے سے سر کی طرف لے جائیں۔ یہاں تک کہ پاؤں فرش کو چھونے لگیں۔
اب کولہوں کو ہاتھوں سے سہارا دیں اور نیچے دی گئی تصویر کی پوزیشن اختیار کرلیں۔
اب اپنی دونوں ٹانگوں کو اس طرح حرکت دیں جیسے کہ آپ ہوا میں سائیکل چلا رہی ہوں۔ یہ ورزش دو سے پانچ منٹ تک کریں۔ ابتدا میں دو تین منٹ اور اس کے بعد پانچ منٹ۔ (ماخوذ)