’’ارے وہ دیکھو وہ لڑکی کتنا خوب صورت سوٹ پہنے ہوئے ہے… یہ تو بہت مہنگا بھی لگ رہا ہے … ارے اس لڑکی کے کپڑے بھی دیکھو کتنا اچھا ڈیزائن ہے۔‘‘ میری ساس یہ ساری گفتگو میری نند سے ٹی وی پر ڈرامے دیکھتے ہوئے کررہی تھیں۔ اتنے میں، میں بھی ان کی اس گفتگو میںشامل ہوگئی۔ ’’ہاں! واقعی بہت اچھا اور مہنگا سوٹ ہے، یہ سوٹ میں بھی سلوائوںگی کیوں کہ دیور کی شادی ایک مہینے بعدہونے والی ہے۔‘‘ اب مجھے بھی دھن سوار ہوگئی کپڑوں کی۔ اپنے شوہر کو فون کرکے تنگ کرنا شروع کردیا۔ کیوںکہ وہ ملک سے باہر رہتے ہیں۔ انہوںنے کہہ دیاکہ اتنا مہنگا سوٹ تو نہیں دلوائوںگا، اس پر میں نے انہیں طعنے دینے شروع کردیئے کہ آخر ایک اور بہوگھر میں آنے والی ہے، اگر پہلی بہو اچھے کپڑے نہیں پہنے گی تو لوگ کیا سوچیںگے۔ نہیں بھئی مجھے تو دو یا تین سوٹ لے کر دیں۔ آخرکار شوہر نے ہامی بھرلی۔ پھر کیاتھا۔ باتیں ہی باتیں…… خواب ہی خواب کہ میرے شوہر تومجھے ایسے کپڑے دلوائیںگے اور ایسی شاپنگ کروائیںگے اور بیوٹی پارلر سے تیار کروائیںگے۔ میرے شوہر ایک سال بعد گھر آنے والے تھے اسی لیے میرے اندر اتنی امنگیں جاگ رہی تھیں، شایداس لیے کہ اتنی تیاریاں کروںگی تو شوہر کی آنکھ کا تارا بنی رہوںگی۔ وہ سب کچھ بھول کر صرف مجھے یاد رکھیںگے۔
اب نہ تو مجھے نمازوں کی فکرہوتی کہ دیر سے پڑھوں یا جلدی، اور نہ کسی اور عبادت یا کام میں دل لگتا، نہ کسی کی تیمار داری میں… جب کہ ساس بھی بیمار تھیں۔ بس میںاپنی دنیا میں مگن تھی کہ کسی طرح یہ ایک ماہ بیت جائے اور شوہر کے گھر آتے ہی دنیا رنگین ہوجائے۔ اور تو اور میری نندیں بھی کہہ رہی تھیں کہ اب تو مریم ہوائوں میں اڑے گی، زمین پر پیر تک نہ رکھے گی۔ گھر میں بہت زیادہ جوش وخروش سے تیاریاں ہورہی تھیں، مجھے ایسا لگتاتھاکہ اب میں ہوش میں نہیںہوں اور شوہر کے آنے کے بعد ہی ہوش میںآئوںگی۔ اس کے ساتھ ساتھ فیشن تو میرے دماغ میں ایسا طاری ہوگیاتھا کہ کلر اور میچنگ کے بارے میں ہی سوچتی رہتی تھی۔ ایک دن ہی میں رات کو سوئی توایک عجیب و غریب خواب دیکھاکہ بہت سارے لوگ کسی کی میت کو لے کر قبرستان دفنانے جارہے ہیں، اور جیسے ہی وہ قبرستان سے پلٹے ہیں تو اس قبر سے آگ کے شعلے اٹھے ہیں اور دھواں دھواں ہوجاتا ہے…… میری آنکھ کھل گئی تو میں خوف زدہ ہوگئی کہ آخر اس خواب کا کیامطلب ہے! بہت غور کرنے پر اس نتیجے پر پہنچی کہ اللہ نے مجھے خوف زدہ کرنے کے لیے ہی خواب دکھایا ہے کہ مرنے کے بعد ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ آگ کے سوا کچھ نہ ملے، تو جو مہلت ملی ہے کچھ نیک اعمال کرلو۔ یہ لباس اس کی آرائش و زیبائش کچھ کام نہ آئے گی۔ جو کچھ کام آئے گا تو وہ صرف اور صرف نیک اعمال ہوںگے۔
——