مشورہ حاضر ہے!

صغیرہ بانو شیریں

مچھر مار اسپرے سے حساسیت

آج کل ڈینگی کا موسم ہے۔ گھر میں بھی احتیاط کی جاتی ہے۔ مجھے اس کی بو سے الرجی ہوجاتی ہے۔ کوئی ایسی دیسی دوا نہیں جس سے مچھر بھی بھاگ جائیں اور تکلیف بھی نہ ہو۔ مشورہ دیجیے۔ (عمارہ سعید)

جواب

مچھروں کا مسئلہ سب کو درپیش ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے بازار میں ملنے والی مچھر مار جلیبی لگائی جاتی ہے اس کی بو تیز ہوتی ہے جو برداشت نہیں ہوتی۔ آپ پنساری سے یہ دوائیں منگائیے: حرمل آدھ پاؤ، صعتر فارسی ایک چھٹانک، حب الرشاد ایک چھٹانک۔ مرمکی بھی اتنی مقدار میں لے لیں۔ ان سب کو ملا کر رکھ لیں۔ دو چار کوئلے جلا کر کڑاہی میں رکھیں اور مٹھی بھر لے کر اس پر ڈال دیں۔ کمرا بند کردیں۔ اس کی دھونی سےبہت فرق پڑے گا۔ ہمارے پیارے رسول ﷺ نے لوبان اور صعتر کی دھونی کو صحت کے لیے مفید قرار دیا ہے۔

حشرات الارض سے نجات دلانے کے لیے لوبان کے ساتھ صعتر یا اشح ملا کر دھونی دینے سے کوئی بھی الرجی نہیں ہوتی۔ اگر رات کو ان کی دھونی دے کر خالی کمرا بند کردیا جائے تو مچھروں کے علاوہ لال بیگ، مکھیاں اور چھپکلیاں صبح مری ہوئی نظر آئیں گی۔

پہلے زمانے میں اسپرے نہیں ہوتے تھے۔ گھروں میں دھونی دی جاتی تھی۔ بچے کی ولادت کے بعد روزانہ شام کو حرمل کی دھونی لازمی دی جاتی تھی تاکہ کوئی بھی جراثیم یا کیڑے کمرے میں نہ رہیں۔ لوبان جلاتے تھے۔

پتھر چٹ

مجھے پتھری کی تکلیف ہے۔ کسی نے پتھر چٹ کے بارے میں بتایا ہے۔ کیا اس سے پتھری ختم ہوجاتی ہے۔ بتائیے۔ (بشیر چودھری)

جواب

پتھرچٹ عام طور پر مل جاتا ہے۔ سننےمیں یہی آیا ہے کہ اس سے پتے کی پتھری کو رنگ بناکر نکالتے ہیں۔ کسی بھی نرسری سے آپ اس کا گملا لے سکتے ہیں۔ اس کے پتے رس سے بھرے ہوتے ہیں۔ تھوڑے سے موٹے، انہیں ہاتھ سے موڑا جائے تو ٹوٹ جاتے ہیں۔ بارہ مہینے پتھر چٹ کا پودا ہرا بھرا نظر آتا ہے۔ میرے ایک عزیز کو پتھری کی وجہ سے درد لاحق ہوا تو میں نے انہیں ایک گملا پتھر چٹ کا دے دیا۔ انہیں کہا کہ صبح نماز پڑھ کر ایک یا دو چھوٹے پتے لے کر تین یا پانچ کالی مرچوں کے ساتھ چبا کر کھالیں۔ ایک گھنٹہ بعد ناشتہ کریں۔ دس پندرہ دن میں ان کو بہت فائدہ ہوا۔ پھر ان کو پتھری کی شکایت نہیں ہوئی۔ سورج نکلنے سے پہلے پتے چبائیں تو تلخ یا کھارے پن کا احساس نہیں ہوتا، بعد میں کھانے سے تلخی محسوس ہوتی ہے۔

انجیر

میری عمر پچاس سال ہے۔ سردی میں میرا جسم سن ہونے لگتا ہے۔ کبھی پنڈلی، کبھی بازو اور کبھی سارا جسم سوج جاتا ہے۔ جوڑوں میں بھی درد رہتا ہے۔ سب سے بڑی بات یہ کہ میری یادداشت خراب ہوتی جارہی ہے۔ پڑھا ہوا بھول جاتا ہوں۔ کوئی ایسی چیز بتائیے جس سے سردی کا مقابلہ کرسکوں۔ (ریاض احمد)

جواب

انجیر قدرت کا بہترین تحفہ ہے۔ جنت کا پھل کہلاتا ہے۔ اس میں لحمیات، سوڈیم، پوٹاشیم، میگنیشم، فولاد، فاسفورس وغیرہ ہونے کی وجہ سے انسانی صحت برقرار رکھنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ناک اور گلے کی سوزش دور ہوتی ہے۔ پیشاب کھل کر آتا ہے۔ چھوٹی پتھری بھی نکل جاتی ہے۔ قبض دور ہوتی ہے۔ اس سے جسم کی حرارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ آپ بھی انجیر کھائیے، ساری شکایت دور ہوجائے گی۔ دماغی کمزور کے لیے انجیراور بادام مفید ہیں۔ تین انجیر سے لے کر پانچ انجیر۔ سات بادام نہار منہ کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔ آپ انجیر کھا کر سات بادام، ایک اخروٹ کی گری، ایک چھوٹی الائچی کے دانے پانی میں گھوٹ کر چینی ملا کر ناشتہ کریں۔ ایک ماہ کھائیں۔ دماغ کی کمزوری دور ہوجائے گی۔ جوڑوں کا درد بھی ٹھیک ہوجائے گا۔ جسم بھی سن نہیں ہوگا۔ آپ تین دانے انجیر اور سات بادام چھلے ہوئے کھاسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ایک چمچہ شہد پانی میں ملا کر پئیں۔ انجیر جسم کی حرارت کو قائم رکھنے میں مدد دے گا۔ بڑھاپے میں انجیر ضرور کھانا چاہیے، اس سے قبض بھی نہیں رہے گی اور بھوک بھی لگے گی، طاقت بحال رہے گی۔

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ اگست 2023

شمارہ پڑھیں