مشورہ حاضر ہے!

حکیم جاوید احمد سلمانی

سنگرہنی

س: محترم حکیم صاحب میرا نام طارق خان ہے اور میرا تعلق ملتان سے ہے۔ پچھلے دس سال سے میرے ساتھ ایک عجیب معاملہ درپیش ہے بارہا علاج کروایا لیکن شفا یاب نہ ہو سکا۔ میں جب بھی کھانا کھاتا ہوں کچھ ہی دیر بعد مجھے رفع حاجت کے لیے جانا پڑ جاتا ہے دن میں تین تا چار بار لازمی ایسا ہو جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے میری صحت نہیں بننے پاتی اور جسم انتہائی کمزور ہے۔ میں ہر وقت کمزوری اور تھکاوٹ محسوس کرتا ہوں۔ براہِ مہربانی اس بیماری سے نجات دلانے میں میری مدد کریں۔

ج: اس مرض کو طب میں سنگرہنی کہتے ہیں۔ سنگرہنی میں عام طور پر دو چار مٹیالے رنگ کے دست روزانہ آتے ہیں اور بعض اوقات خود ہی ایک دو دن میں قبض ہو جاتی ہے اور پھر بدستور دست آنے لگتے ہیں۔ اس مرض میں مریض روز بروز دبلا اور کمزور ہوتا چلا جاتا ہے۔ حکماسے یہ بات پوشیدہ نہیں کہ یہ مرض کس مصیبت سے جان چھوڑتا ہے۔ مگر خدا چاہے تو اس نسخہ سے پورا آرام ہو جاتا ہے۔

ھوالشافی:کڑا چھال گرام لیکر باریک سفوف بنا لیں۔ اس سفوف کی سات عدد پڑیا بنا لیں اور ہر روز ایک پڑیا دہی سے کھائیں۔ حتی الوسع بھوک برداشت کریں۔ ہاں دہی جس قدر طبیعت چاہے پیتے رہیں۔ اگر دہی نہ ملے تولسی (چھاچھ) ہی پیتے رہیں۔ اگر بھوک زیادہ ستائے تو دہی چاول کھا لیا کریں۔ اِن شاء اللہ سات روز میں شرطیہ آرام ہو جائے گا۔ بارہا بار کا مجرب اور سینہ کا راز ہے۔

بواسیر

دو تین مختلف خطوط میں بواسیر کے متعلق علاج دریافت کیا گیا ہے۔ بواسیر ان کثیر الوقوع امراض میں سے ایک ہے جو ایک طویل مدت سے پاک و ہند میں وبا کی طرح پھیلی ہوئی ہیں۔ ذیل میں اس کے لیے کچھ آسان اور مجرب نسخے درج کر رہا ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے قوی امید ہے کہ افادئہ عام کا باعث بنیں گے۔ بواسیر کی دو بڑی قسمیں ہیں۔ ایک وہ جس میں خون اور بعض اوقات زرد رنگ کا پانی پاخانہ کے راستہ مسوں سے خارج ہوتا ہے۔ اسے خونی بواسیر کہتے ہیں۔

دوسری قسم میں خون وغیرہ بالکل نہیں نکلتا لیکن مقام مقعد پر خارش ہوتی رہتی ہے۔ اسے بادی بواسیر کہتے ہیں۔ خونی بواسیر میں بدہضمی اور قبض کی شکایت رہتی ہے پاخانہ نہایت تکلیف سے تھوڑا تھوڑا آتا ہے۔ خون کبھی تو پاخانہ کے ساتھ مل کر اور کبھی قطرہ قطرہ ٹپکنے لگاتا ہے۔ مسوں میں شدت سے درد رہتا ہے۔ مقعد پر ورم آ جاتا ہے۔ بادی بواسیر میں خون تو نہیں نکلتا لیکن اس کی تکلیف خونی بواسیرسے کم نہیں ہوتی۔ پیٹ میں ریح پھرتی رہتی ہے اور ازحد قبض ہو جاتی ہے۔

بدن ہر وقت ٹوٹتا رہتا ہے۔ کمر اور رانوں میں درد رہتا ہے۔ ہاضمہ خراب اور بھوک کم ہو جاتی ہیں چہرہ اور بدن کی رنگت پھیکی پڑ جاتی ہے۔ ابا جان مرحوم حکیم محمد عبداللہ نے اپنی کتاب کنزالمجربات میں ایک نسخہ اور واقعہ درج کیا ہے۔ جو یہاں پر من و عن لکھ رہاہوں۔

مشہور معالج بواسیر کا راز طشت ازبام:

میرے محب مخلص جناب حکیم محبوب عالم فرسٹ کلاس مجسٹریٹ لداخ نے اپنے خط کے اندر بیان فرمایا کہ ہمارے علاقے میں ایک حجام بواسیر کے علاج میں خاص شہرت رکھتا تھا لیکن وہ نسخہ نہیں بتاتا تھا۔ وہ ایک گولی مسوں پر گھس کر لگانے کے لیے دیا کرتا تھا جس سے مریض بفضلہ تعالیٰ شفایاب ہو جاتا۔ وہ ایک بار بیمار ہوا تو میں نے ایک شخص کو خاص طور پر اس کے پاس بھیجا تاکہ کم از کم مرتے وقت تو نسخہ بتلا جائے تاکہ خلق خدا کو فائدہ پہنچتا رہے۔ چونکہ وہ بھی زندگی سے مایوس ہو چکا تھا اور بہت ہی ضعیف العمر تھا اس لیے اس نے ذیل کا نسخہ بیان کیا جو درج ذیل ہے۔

بواسیر کی اکسیری گولی:

ھوالشافی: رسونت، سہاگا، دونوں مساوی الوزن لے کر پانی کی مدد سے ریٹھہ کے برابر گولیاں بنا رکھیں اور مسوں پر گھس کر لگائیں یا لگوائیں۔ اس کے بعد کہنے لگا بس یہی نسخہ ہے جس کو بنا کر میں تمام عمر دیتا رہا ہوں چونکہ نسخہ بظاہر معمولی معلوم ہوتا تھا اس لیے میں نے کسی کو نہیں بتایا حالانکہ بہت سے لوگ پوچھنے کے درپے تھے۔

ھوالشافی: رسونت عمدہ خالص، قلمی شورہ برابر وزن لے کر اس میں سولہ گنا مولی کا پانی ملا کر آگ پر پکائیں۔ جب گاڑھا ہو جائے تو مونگ کے برابر گولیاں بنا لیں۔ ایک گولی صبح ایک شام تازہ پانی سے دیا کریں۔ نہایت مختصر اور فوری اثر نسخہ ہے۔

ھوالشافی: مسوں کو دور کرنے کے لیے ایک نہایت آسان نسخہ درج کرتا ہوں۔ گائے کے مکھن کو کسی پتھر کی سل پر رکھ کر اوپر سکہ (سیسہ) کا ٹکڑا اتنا گھسیں کہ مکھن کا رنگ سیاہ ہو جائے۔ بس مرہم تیار ہے۔ کسی پیچ دار کھلے منہ کی ڈبیا میں سنبھال رکھیں۔ دن میں دو بار مسوں پر لگاتے رہیں۔ نہایت عجیب الاثر مرہم ہے چند ہی روز میں مسوں کو خشک کر دیتا ہے۔

ھوالشافی: اگر بواسیر میں خون کی شدت ہو تو ہلدی3 حصہ۔ گیرو ایک حصہ باریک پیس کر کپڑ چھان کر لیں۔ چائے کے چمچ کا تیسرا حصہ دن میں دو تا 3 بار سادہ پانی یا شربت انجبار سے پینا ایک سے دو خوراک ہی میں خون کو روک دے گا۔ اگر زیادہ شدت ہو تو چاول کی پچ کے ساتھ استعمال کریں۔

ھوالشافی: دادا جان ولیِ کامل مولانا محمد سلیمان بواسیر کے لیے ایک روحانی علاج بتایا کرتے تھے لگے ہاتھوں وہ بھی درج کیے دیتا ہوں۔

بواسیر کا مریض ہر روز فجر اور مغرب کی نماز سے فارغ ہو کر قبلہ رخ بیٹھ کر سات سات بار اَللّٰھْمَّ اِنَّنِی ھَدَانِی رَبِّی اِلٰی صِرَاطٍ مّْستَقِیم پڑھے اور اوّل آخر ایک ایک بار درود ابراہیمی پڑھے۔ اللہ تعالیٰ صحت عطا فرمائیں گے۔ بواسیر کے مریض کو تیز مرچ مسالا اور انڈا، مچھلی، گوشت، کریلے و دیگر گرم اشیاسے پرہیز کرنا چاہیے۔

بے خوابی

س: محترم حکیم صاحب میری عمر 65 سال ہے۔ ایک طویل عرصہ سے میرے معاشی اور خانگی حالات نہایت دگرگوں ہیں۔ پریشانیاں ہیں کہ جانے کا نام ہی نہیں لیتیں۔ ہر وقت کوئی نہ کوئی فکر دامن گیر رہتی ہے۔ ان تمام مسائل کی وجہ سے میری نیند بہت متاثر ہوگئی ہے۔ رات کو دیر تک لیٹے رہنے کے باوجود نیند آنکھوں سے کوسوں دور ہوتی ہے۔ مجھے اس مشکل سے نکالنے میں میری مدد کریں تاکہ میں بھی پرسکون نیند کے مزے لوٹ سکوں۔

ج: محترم عبدالودودآپ مندرجہ ذیل نسخہ بنا کر استعمال کریں۔ اللہ تعالیٰ سے قوی امید ہے کہ آپ کو اس مشکل سے نجات مل جائے گی اور آپ بھی خواب خرگوش کے مزے لوٹ سکیں گے۔ پوٹاشیم برومائیڈ (کسی بھی اچھے میڈیکل سٹور سے مل جاتا ہے) سونف، دانہ الائچی کلاں ہم وزن کوٹ چھان کر سفوف بنائیں۔ ایک چائے کا چمچ رات سونے سے پہلے تازہ پانی سے استعمال کریں۔ روغن کدو اور روغن خشخاش کی سر میں مالش بھی خوب فائدہ مند ہے۔

حضرت خالدؓ نے نبیؐ سے شکایت کی اور کہا کہ یارسول اللہ! میں بے خوابی کی بیماری کی وجہ سے رات میں سو نہیں پاتا۔ نبی کریمؐ نے ارشاد فرمایا کہ جب تم اپنے بستر پر جائو تو یہ دعا پڑھ لیا کرو:

اَللّٰھْمَّ رَبَّ السَّمٰوَاتِ السَّبعِ وَمَا اَظَلَّت وَرَبَّ الاَرضِینَ وَمَا اَقَلَّت وَرَبَّ الشَّیَاطِینِ وَمَا اَضَلَّت کْن لِی جَارًا مِن شَرِّ خَلقِکَ کْلِّھِم جَمِیعًا یَّفرْطَ عَلَیَّ اَحَدْمِنھْم اَویَبغٰی عَلَّی عَزَّ جَارْکَ وَ جَلَّ ثَنَائْ کَ وَلَا اِلٰہَ غَیرْکَ۔

’’اے ساتوں آسمانوں اور ان کے اندر رہنے والی تمام چیزوں کے رب! اور اے زمینوں اور جو چیز بھی اس کے اوپر ہے، ان کے رب اور شیطانوں اور جس کو انھوں نے گمراہ کیا ان کے رب! تو میرے لیے اپنی تمام مخلوق کے شر سے پناہ بن جا کہ ان میں سے کوئی مجھ پر زیادتی نہ کرے یا میرے خلاف اٹھ کھڑا ہو، آپ کی پناہ بلند ہے اور آپ کی تعریف اعلیٰ ہے اور آپ کے علاوہ کوئی معبود نہیں۔‘‘ اس کے علاوہ اگر اسم باری تعالیٰ ’’یاسلام‘‘ کا ورد کرتے رہیں تو بہت جلد نیند آ جاتی ہے۔ تو یہ بھی بے خوابی کو دور کرنے کے لیے بارہا بار کا مجرب ہے۔

کثرت ِبول

س: میرا نام ارشد اقبال ہے اور میری عمر ابھی صرف 25 سال ہے لیکن مجھے اسی عمر میں بارہا پیشاب آنے کا مسئلہ ہے اور مثانہ زیادہ دیر پیشاب روک نہیں سکتاجس کی وجہ سے نماز کی ادائی میں بہت دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہر وقت یہی اندیشہ ہوتا ہے کہ کہیں کوئی قطرہ نکل کر کپڑے کو ناپاک نہ کر دے۔ سردیوں میں یہ بیماری نہایت شدت اختیار کر لیتی ہے۔

ج: ارشد بیٹے آپ برگد کے پھل کے اندر جو خشخاش کے مانند بیج ہوتے ہیں لے کر باریک پیس کر رکھ لیں۔ ایک بڑا چمچ صبح شام قبل از غذا ہمراہ دودھ استعمال کریں۔ ان شاء اللہ آپ کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

ھوالشافی:مہندی کی چھال کو سایہ میں خشک کر کے باریک پیس کر رکھ لیں۔ نصف چائے کا چمچ صبح ناشتاسے نصف گھنٹا بیشتر پانی کے ساتھ استعمال کرنا بھی فائدہ مند ہے۔

ھوالشافی: ریوڑی، گچک یا تلوں کے لڈو جو گڑ اور تل کو ملا کر بنائے جاتے ہیں صبح و شام استعمال کرنا بھی بہت فائدہ مند ہے۔

ٹھنڈے پانی، چاول، دہی، لسی، کولڈ ڈرنکس سے حتی الوسع پرہیز رکھیں۔

آدھے سر کا درد

س: حکیم صاحب میں ایف ایس سی کی طالبہ ہوں میرا نام مریم ہے۔ پچھلے کچھ عرصے سے اکثر میرا سر گھومتا ہے اور آنکھوں کے سامنے چنگاریاں سی اڑتی محسوس ہوتی ہیں۔ کن پٹیوں کی رگیں زور زور سے پھڑکنے لگتی ہیں اور شدت درد سے سر پھٹتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ عام طور پر یہ کیفیت سورج کی روشنی میں ہوتی ہے۔ اور اکثر یہ درد آدھے سر میں محسوس ہوتا ہے۔ سردرد کی اس تکلیف کے باعث میرا پڑھنا نہایت دشوار ہے۔

امتحان سر پر ہیں اور طبیعت کا یہ حال ہے کہ زیادہ دیر پڑھنا میرے لیے انتہائی محال ہے۔ ج:آدھے سر کا درد طب میں درد شقیقہ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اکثر اوقات یہ موروثی ہوتا ہے۔ نزلہ زکام کا باقاعدہ علاج نہ ہونے کی وجہ سے کھاری رطوبت دماغ کی بعض رگوں میں رکنے سے یا خون کی خرابی وغیرہ سے یہ درد پیدا ہوتا ہے۔ بعض اوقات اس کی شدت اتنی زیادہ ہو جاتی ہے کہ کنپٹی سے ٹیس اٹھ کر آنکھ تک جا پہنچتی ہے اور مریض مارے درد کے ماہی بے آب کی طرح تڑپتا ہے اس کیفیت کو درد اْل یا شقیقہ العین کا نام دیا جاتا ہے۔

میری پیاری بیٹی ایک دو آسان نسخے درج کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس کی ذات بابرکت آپ کو جلد از جلد صحت یاب کرے اور آپ اپنے امتحانات میں امتیازی نمبر لے کر کامیاب ہوں۔

ھوالشافی: نوشادر ایک تولہ، کافور ایک ماشہ۔

پہلے نوشادر کو خوب باریک پیس کر کافور ملا دیںاور اچھی طرح حل کر کے شیشی میں سنبھال رکھیں۔ اس کو بوقت ضرورت سونگھنے سے منہ، ناک اور آنکھوں سے پانی جاری ہو جائے گا اور تھوڑی ہی دیر میں افاقہ ہو جائے گا۔

ھوالشافی: ریٹھے کو پانی میں گھسا کر شیشی میں محفوظ رکھیں۔ اور بوقت ضرورت دو بوند ناک میں ٹپکائیں۔

ھوالشافی:تمباکو اور لونگ ہم وزن لے کر پیس لیں اور کنپٹی پر لیپ کریں۔ بفضلہ تعالیٰ فوراً آرام آ جائے گا۔

ھوالشافی:جس مریض کو کسی صورت بھی چین نہ آتا ہو، درد سے بے قرار ہو کر مرغ نیم بسمل کی طرح تڑپتا ہو، حسب ِضرورت حقہ کی میل قدرے پانی میں گھسا کر مخالف جانب ناک میں صرف ایک قطرہ ڈال لے۔ اللہ رب العالمین کے فضل سے اسی وقت شفایاب ہو جائے گا۔ ترش اشیا، ٹھنڈا پانی، کولڈ ڈرنکس سے پرہیز انتہائی سود مند رہے گا۔ (بشکریہ اردو ڈائجسٹ)

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146