لذیذ پکوان

ماخوذ

دہی کی پکوڑیاں

اجزاء: دہی ایک سیر، دودھ ایک پاؤ، بیسن ایک پاؤ، زیرہ سیاہ، نمک، سرخ مرچ حسب ضرورت، میٹھا سوڈا ایک چٹکی برابر، گھی یا تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:

بیسن میں نمک مرچ، زیرہ سیاہ اور سوڈا ڈال کر بھگو دیں، نہ زیادہ پتلا کریں اور نہ زیادہ گاڑھا رکھیں اور ایک گھنٹہ تک بھیگا رہنے دیں۔

اب ایک کڑاہی میں گھی یا تیل ڈال کر اس میں پکوڑیاں چھوٹی چھوٹی گول گول ایک ہی سائز کی تل لیں۔ زیادہ سرخ نہ ہوجائیں، بادامی ہونے پر نکالتے جائیں اور نمک ملے ہوئے ٹھنڈے پانی میں ڈالتے جائیں۔ اب دہی کو خوب پھینٹ لیں اور اس میں دودھ بھی ملا دیں اور اس میں نمک، زیرہ سیاہ اور تھوڑی سی سرخ مرچ ملا دیں اور پکوڑیوں کو نچوڑ کر اس دہی میں ڈال دیں۔ دہی پکوڑیاں تیار ہیں۔ نہایت لذیذ اور خوش ذائقہ ہوں گی۔

دہی بڑے

اجزاء: دہی میٹھا ایک سیر، دال ماش ایک پاؤ، لہسن چند جوئے پیاز ایک گھٹی، ادرک چوتھائی چھٹانک، نمک، سرخ مرچ، حسب ذائقہ زیرہ سیاہ ایک چائے کی چمچی کے برابر، سوڈا میٹھا ایک چٹکی، گھی یا تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:

دال کو چار گھنٹے پہلے سے بھگو دیں۔ پھر اس کو اچھی طرح دھوکر سل پر باریک پیس لیں۔ اب سل پر لہسن، پیاز، ادرک، ہری مرچ باریک پیس کر اس میں ملا لیں اور اس میں سوڈا بھی ساتھ ملا دیں۔ اب اس میں نمک، سرخ مرچ بھی حسب پسند ملالیں، اب کڑاہی میں گھی یا تیل کڑکڑائیں اور اس میں بڑے بنا کر تل لیں۔ سرخ ہونے پر نکال لیں اور نمک ملے ہوئے ٹھنڈے پانی میں ڈالتے جائیں۔ جب اچھی طرح نرم ہوجائیں تو دونوں ہاتھوں میں دبا کر نچوڑ لیں اور نکال لیں۔ دہی کو خوب پھینٹ کر اس میں نمک، مرچ ملا دیں اور بڑے اس میں ڈالتے جائیں اوپر سے زیرہ سیاہ ڈال دیں اور اگر تیز پسند ہو تو پسا ہوا گرم مسالہ بھی اوپر سے ڈال دیں۔ بہت ہی لذیذ دہی بڑے تیار ہوں گے۔

پالک کے پکوڑے

اجزاء: پالک ایک گڈی، انار دانہ ایک بڑا چمچہ، بیسن ایک پاؤ، سرخ مرچ، نمک حسب ذائقہ، کھانے والا سوڈا ذرا سا گھی یا سرسوں کا تیل ایک پاؤ۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک بڑے برتن میں آپ پالک کو اچھی طرح دھوئیں اور جب دھو چکیں تو اسے باریک کاٹ لیں۔ اب پالک ایک برتن میں ڈال دیں اور یبسن چھان کر اس میں ملا دیں پھر انار دانہ دھوکر اور باریک پیس کر تھوڑا تھوڑا پانی ڈال کر اس کو خوب ملا دیں جیسے پھینٹے ہوئے انڈے ہوتے ہیں ویسا ہی کر کے چھوڑ دیں اور ایک گھنٹہ تک پڑا رہنے دیں۔ پھر کڑھائی کو آگ پر رکھ کر اس میں تیل یا گھی ڈال دیں اور بیسن میں ملی ہوئی پالک کی پکوڑیاں تل کر نکالتے جائیں۔ ان کے ساتھ ہرا دھنیا پودینہ اور املی کے چند دانے ملا کر چٹنی بنا لیں اور پیس لیں۔

بیسن کے پکوڑے

اجزاء: بیسن حسب ضرورت انداز، آدھا سیر، نمک، سرخ مرچ حسب ذائقہ، سبز مرچ چار چھ، سویا آدھی گٹھی، سفید زیرہ ایک بڑا چمچہ۔ پیاز ایک یا دو بڑی گٹھی۔

ترکیب:

بیسن کا پانی ڈال کر قوام سا بنالیں۔ اس میں نمک، مرچ سرخ حل کردیں۔ اب سوئے اور پیاز باریک باریک کاٹ کر اس میں ملا دیں۔ سفید زیرہ ملا دیں۔ اب کڑھائی میں تیل سرسوں یا گھی خوب کڑکڑائیں اور اس میں چھوٹے چھوٹے پکوڑے ڈالتی جائیں۔ ہلکی آنچ پر سرخ ہونے پر نکال لیں اور کھانے کے لیے پیش کریں۔

آلو کے پکوڑے بینگن کے پکوڑے

اجزاء: بینگن یا آلو ایک پاؤ۔ بیسن ایک پاؤ، لہسن چھ جوئے ادرک ایک چھوٹا ٹکڑا، سبز مرچ چار عدد، نمک، سرخ مرچ حسب ذائقہ زیرہ سفید ایک چائے کی چمچی۔ بیکنگ پاؤڈر یا میٹھاسوڈا ایک چٹکی، تیل یا گھی۔

ترکیب:سارے مسالے سل پر باریک پیس لیں اور بیسن کو چھان کر صاف برتن میں ڈال کر پسا ہوا مسالہ اس میں ملا کر پانی سے گھول دیں۔ ایک چٹکی سوڈا ملا کر ایک گھنٹہ پڑا رہنے دیں، بینگن یا آلو جو بھی ہو بڑے سائز کا ہو۔ اس کو کوٹ کر چھلکے سمیت اس کے پتلے پتلے سلائس کی طرح ٹکڑے بنا دیں۔ اور تیار شدہ بیسن میں بھگو بھگو کر تل لیں۔ ہلکی آنچ پر سرخ ہونے پر نکال لیں اور کھانے کے لیے پیش کریں۔

بہاری مٹن

اجزاء: بکرے کا گوشت آدھا کلو، تیل آدھا کپ، تلی پیاز آدھا کپ، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، کچا پپیتا ایک کھانے کا چمچہ، ناریل ایک کھانے کا چمچہ، دہی تین چار کپ، نمک ایک چائے کا چمچہ، گرم مصالحہ ایک چائے کا چمچہ، کٹی لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچہ۔

ترکیب:

پہلے آدھا کپ تلی پیاز، ایک کھانے کا چمچہ ادرک لہسن کا پیسٹ، ایک کھانے کا چمچہ کچا پپیتا اور تین چار کپ دہی کو بلینڈر میں بلینڈ کرلیں۔

اب آدھا کلو بکرے کے گوشت کو اس مکسچر کے ساتھ میری نیٹ کرلیں۔

پھر اس میں ایک چائے کا چمچہ نمک، ایک چائے کا چمچہ گرم مصالحہ اور ڈیڑھ چائے کا چمچہ کٹی لال مرچ شامل کر کے تقریباً دو سے تین گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔

اس کے بعد ایک کڑاہی میں آدھا کپ تیل گرم کر کے اس میں بکرے کے گوشت کو ہلکی آنچ پر ڈھک کر تیس منٹ فرائی کریں۔

جب وہ تیار ہوجائے تو اچھی طرح فرائی کرلیں۔

آخر میں ہری مرچ، پیاز کے رنگز اور ہرے دھنیے کے ساتھ پیش کریں۔

لذیذ قورمہ

اجزاء: بکرے کا گوشت آدھا کلو، گھی آدھا کپ، ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ، تلی اور کٹی پیاز چار کھانے کے چمچے، نمک ایک چائے کا چمچہ، تیار قورمہ مصالحہ دو کھانے کے چمچے، پھینٹی ہوئی دہی ایک کپ۔

ترکیب: ایک پین میں آدھا کپ گھی گرم کر کے اس میں ایک کھانے کا چمچہ ادرک لہسن کے پیسٹ کے ساتھ آدھا کلو بکرے کا گوشت ڈال کر پانچ منٹ بھونیں ۔ اب اس میں ایک کپ پانی کے ساتھ ایک چائے کا چمچہ نمک اور دو کھانے کے چمچے قورمہ مصالحہ ڈال کر ڈھکیں اور پندرہ منٹ کے لیے پکالیں۔

پھر اس میں ایک کپ پھینٹی ہوئی دہی شامل کریں۔ ساتھ ہی چار کھانے کے چمچے تلی اور کٹی پیاز ڈال کر پانچ منٹ بھونیں اور ڈھک کر دم پر چھوڑ دیں، یہاں تک کہ گھی اوپر آجائے۔

دیگی بریانی

ترکیب: ایک برتن میں ایک کپ پانی، آدھا کپ دہی، دو چائے کے چمچے کئی لال مرچ، آدھا چائے کا چمچہ ہلدی، ایک چائے کا چمچہ پسی لال مرچ، دو چائے کے چمچے نمک، ایک کپ تیل، ایک کھانے کا چمچہ ثابت گرم مصالحہ، ایک کھانے کا چمچہ ادرک، لہسن کا پیسٹ، آدھا چائے کا چمچہ چائنیز سالٹ، آدھا چائے کا چمچہ پسی جائفل، آدھا چائے کا چمچہ پسی جاوتری اور چار عدد بادیان کے پھول ڈال کر مکس کریں۔

اب انہیں پتیلے میں ڈال کر آدھا کلو اُبلا گوشت شامل کر کے دس منٹ پکائیں، پھر تین عدد آلو ڈال کر بھونیں۔ جب وہ آدھے گل جائیں تو ان میں اوپر ایک کپ دہی میں آدھا چائے کا چمچہ زردے کا رنگ ڈال کر پھیلائیں۔

اوپر فرائی پیاز، ایک پاؤ سلائس میں کٹے ٹماٹر، پچاس گرام آلو بخارے، آدھا گھٹی ہرا دھنیا، آدھا گٹھی پودینہ، دو چائے کے چمچے چاٹ مصالحہ، چھ عدد کڑی پتے اور ایک کھانے کا چمچہ باریک کٹی ادرک ڈال کر ابلے چاول ڈالیں۔

اب چاولوں پر آدھا کپ تیل ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے دم پر رکھ دیں اور چولہا بند کردیں۔

آلو کے کباب

اجزاء: آلو آدھا کلو، قیمہ ایک کپ ابلا ہوا، بیسن ایک کپ، پیاز آدھا کپ کٹی ہوئی، ہرا دھنیا آدھا کپ کٹا ہوا، ہری مرچ چار یا پانچ عدد کٹی ہوئی۔ نمک حسب ذائقہ، لال مرچ ایک کھانے کا چمچ کٹی ہوئی، دھنیا دو کھانے کے چمچ، زیرہ دو کھانے کے چمچ، ہلدی ایک چٹکی، سوڈا ایک چٹکی، پسی کھٹائی ڈیڑھ کھانے کا چمچ، ادرک ڈیڑھ کھانے کا چمچ کٹی ہوئی۔

ترکیب:

آلو ابال کر کچلیں اور ان میں ابلا قیمہ، کٹی پیاز، ہرا دھنیا کٹی ہری مرچ، نمک، کٹی لال مرچ، دھنیا، زیرہ، پسی کھٹائی اور کٹی ادرک مکس کر کے کباب بنالیں۔ اب بیسن کو پھینٹ کر اس میں نمک، پسی لال مرچ، ہلدی اور سوڈا ملا کر دس منٹ کے لیے رکھیں۔ پھر اس میں آلو کے کباب بنا کر ڈیپ فرائی کریں اور پیش کردیں۔

پھول گوبھی کے پکوڑے

اجزاء: پھول گوبھی ایک عدد (پھول الگ الگ کرلیں)، کارن فلور چار کھانے کے چمچ، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، سادہ میدہ ایک کھانے کا چمچ، تیل حسب ضرورت، انڈے دو عدد، نمک حسب ذائقہ، چکن کیوب ملا ہوا میدہ ایک کھانے کا چمچ، چینی ایک چائے کا چمچ۔

ترکیب: گوبھی کے پھول دھوکر چھلنی میں رکھ لیں تاکہ پانی خشک ہوجائے۔ ایک پیالے میں اوپر دی گئی ساری اشیاء اچھی طرح ملائیں۔ ایک کڑاہی میں تیل گرم کریں، جب گرم ہوجائے تو ایک ایک پھول لے کر آمیزے میں ڈبو کر ہلکی آنچ پر ڈیپ فرائیں کرلیں۔ جب گولڈن براؤن ہوجائیں تو نکال کر ایک اخبار پر پھیلا کر رکھ دیں اور ایک چٹکی بیسن چھڑک دیں۔ اس طرح کے پکوڑے آپ سویٹ اینڈ سار میں جھینگوں کی جگہ استعمال کرسکتے ہیں۔lll

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146