افطار کا سامان

ماخوذ

کریم فروٹ سلاد
اشیاء: دو کپ تازہ پھل (چوکور شکل میں کٹے ہوئے جیسے کیوی، آم، لیچی، پپیتہ، انناس سیب وغیرہ) دو بڑے چمچے شکر، ایک کپ تازہ ملک کریم، سجانے کے لیے دو تین چیری اور پودینہ کی تاز ہ ہری پتیاں۔
ترکیب: کسی برتن میں شکر، الائچی پاؤڈر اور ذرا سا پانی ملاکر کٹے ہوئے پھلوں کو ۲۰؍منٹ تک میرپینٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔ پھر کسی جالی کے ذریعے اٹھاکر کسی برتن میں کرکے فریزر میں رکھ دیں۔ کھانے سے پہلے فریزر سے نکال کر اس پر کریم ڈالیں چیری اور پودینہ سے سجا کر پیش کریں۔
راجگری کے پکوڑے
اشیاء: پچاس گرام راج گری اور پچاس گرام سنگھاڑے کا آٹا، ایک چمچہ ساگودانہ (پانی میں بھگودیں) ایک بڑا چمچہ باریک کٹا ہرا دھنیا۔ حسب ذائقہ نمک، تلنے کے لیے تیل ۔
ترکیب: تیل کے علاوہ تمام چیزوں کو ملالیں اور پانی ڈال کر گاڑھا گھول تیار کرلیں۔ اب گرم تیل میں اس کی پکوڑیاں تل لیں اور رائتے کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔
رائتہ بنانے کی ترکیب
۲۰۰ گرام دہی، دو چمچہ ساگودانہ، دو چمچہ ہری مرچ کی چٹنی، آدھا چمچہ سیندھا نمک، دو چمچہ ابلا اور باریک کٹا آلو، دو چمچہ شکر، دو چمچہ باریک کٹا ہوا ہرا دھنیا۔ دہی کو اچھی طرح پھینٹ کر تمام چیزوں کو ملالیں اور اگر چاہیں تو زیرے اور تیل سے بگھارلیں۔
ساگودانہ وڑا
اشیاء: ایک پاؤ ساگودانہ (آٹھ دس گھنٹے پانی میں بھیگا ہوا) ایک پاؤ ابلے اور مسلے ہوئے آلو، سیندھا نمک حسبِ ذائقہ، ۳ ہری مرچ، دو چمچہ کوٹا ہوا سینگ دانہ، ایک چمچہ باریک کٹا ہرا دھنیا اور تلنے کے لیے تیل۔
ترکیب: ایک برتن میں تیل کے علاوہ تمام چیزیں ملالیں۔ گول ٹکیاں بناکر سنہرا ہونے تک تیل میں تلیں اور گرما گرم نوش فرمائیں۔
آلوڈوسا
اشیا: دو ابلے ہوئے اور کدوکش کیے ہوئے آلو، دو ہری مرچ کٹی ہوئی، حسبِ ذائقہ نمک، ایک چمچہ زیرا، باریک کٹاہوا ہرا دھنیا، دو چمچہ تیل۔
ترکیب: تیل کے علاوہ تمام چیزوں کو ملالیں۔ نان اسٹک توا گرم کریں اور تھوڑا سا تیل ڈالیں۔ آلو اور اس میں ملی اشیاء کو توے پر گولائی میں پھیلادیں۔ دونو ںکناروں پر تھوڑا سا تیل ڈال کر سنہرا اور بھورا ہونے تک سینکیں۔ رائتے کے ساتھ نوش فرمائیں۔
سوجی کے دہی بڑے
اشیا: بیسن ایک پیالی، سوجی آدھی پیالی، سوڈا کھانے کا چائے کا آدھا چمچہ، نمک حسبِ ذائقہ، زیرہ چائے کا ایک چمچہ، لال مرچ پسی ہوئی حسبِ منشا، دہی آدھا کلو، کٹی ہوئی سرخ مرچ اور چاٹ مصالحہ حسب خواہش، تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب: بیسن میں تمام چیزیں اور سوجی ملا لیں۔ بیسن کے حسبِ خواہش بڑے بنا لیں۔ تیل گرم کرکے تل لیں۔ نیم گرم پانی میں چند منٹ ڈال کر بھگوئیں۔ پھینٹ کر اس میں بڑے ڈال دیں۔
ماش کی دال کے دہی بڑے
اشیا:ماش کی دال دو پیالی، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، زیرہ ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ حسب ذائقہ، ہرا دھنیا حسبِ ضرورت، نمک حسب ذائقہ، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب: ماش کی دال رات بھر بھگو کر صبح باریک پیس لیں، پسی ہوئی ماش کی دال میں تمام مصالحے باریک پیس کر ملالیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کرکے اس آمیزے کی پکوڑیاں تل لیں۔ دہی میں نمک، زیرہ، سرخ مرچ اور ہری مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ پکوڑیاں دہی میں ڈال کرملالیں اور اوپر سے ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا اور ہری مرچ باریک کٹی ہوئی شامل کرلیں۔ ماش کی دال کے دہی بڑے دستر خوان کی زینت بننے کے لیے تیارہیں۔
ڈبل روٹی کے دہی بڑے
اشیا: بریڈ سلائس چار عدد، بیسن ایک پیالی، لال مرچ پسی ہوئی حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ چائے کا ایک چمچہ، شکر چائے کا ایک چمچہ، چاٹ مسالا حسب ذائقہ، دہی آدھا کلو،تیل حسب ِ ضرورت۔
ترکیب: سلائس کے کنارے کاٹ کر چار چکور ٹکڑے کرلیں۔ بیسن میں مسالا ملا کر آمیزے میں ڈبو کر گرم کر پھینٹی ہوئی دہی میں ڈال دیں۔
میٹھے دہی بڑے
اشیاء: ماش کی دال ایک پیالی، شکر آدھی پیالی، دہی آدھا کلو، چھوٹی الائچی چائے کا آدھا چمچہ، بادام اور پستے حسبِ ضرورت تیل تلنے کے لیے۔
ترکیب:دال رات بھر بھگوکر پیس لیں۔ شکر میں تھوڑا پانی ڈال کر چاشنی بنائیں، دال پیس کر چمچے سے گرم تیل میں پکوڑے اس طرح ڈال کر تل لیں۔ اب نکال کر چاشنی میں پندرہ منٹ ڈال دیں۔ دہی پھینٹ کر چائے کے دو چمچے شکر اور چند عدد چھوٹی الائچی ملادیں۔ اب پکوڑے دہی میں ڈال کر بادام پستے چھڑک کر پندرہ منٹ فریج میں رکھ دیں۔
چھولے
اشیا: کابلی چنے ایک کلو، آلو ایک پاؤ، کھانے کا سوڈا چائے کے دو چمچے، ہرا دھنیا حسبِ ذائقہ، املی حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ، چاٹ مسالا حسبِ ذائقہ۔
ترکیب:کابلی چنے رات بھر بھگودیں۔ صبح تازہ پانی میں سوڈا شامل کرکے ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ آلو ابال لیں۔ ابلے ہوئے آلو چھیل کر باریک کاٹ لیں۔ چنے گل جائیں تو نمک ڈال کر دم پر رکھ دیں۔ ہرا دھنیا، ہری مرچ باریک کاٹ لیں۔ املی کے بیج نکال لیں۔ ایک پیالے میں آلو، مسالہ، چنے، املی کا پانی اور تمام ہرا مسالہ ڈال دیں۔ چاٹ مسالہ الگ سے رکھ لیں۔ چٹ پٹے مزے دار کابلی چنے دسترخوان پر پیش کرکے تعریفیں سمیٹیں۔
فروٹ چاٹ
اشیا: سیب تین عدد، خربوزہ ایک (درمیانہ)، انار تین عدد، کیلے چھ عدد، چیکو تین عدد، کینو تین عدد، دیگر موسمی پھل حسبِ ذائقہ، شکر ایک بڑا چمچہ، نمک حسب ِ ذائقہ، چاٹ مسالہ حسبِ ذائقہ۔
ترکیب: ایک پیالے میں کینو کے بیج نکال کر اس کا عرق نچوڑ لیں۔ تمام پھل چھلکے اتار کر باریک کاٹ لیں۔ املی شکر ملا کر بھگودیں۔ نرم ہونے پر بیج نکال دیں اور مشین میں پیس لیں۔ تمام پھل ایک بڑے پیالے میں ڈالیں۔ اس میں شکر اور املی کا آمیزہ و چاٹ مسالہ اور کینو کا عرق شامل کرکے ملائیں، آسان ذائقے دار اور غذائیت سے بھر پور فروٹ چاٹ تیار ہے۔
پنیر کے پکوڑے
اشیا: پنیر کے سلائس ایک پیکٹ، بیسن ایک پاؤ، ہری مرچ پسی ہوئی تین عدد، سفید زیرہ، پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، میٹھا سوڈا چٹکی بھر، نمک حسبِ ذائقہ، سرخ مرچ حسبِ ذائقہ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: پنیر اور تیل کے علاوہ تمام اشیاء اچھی طرح ملا لیں اور اس میں تھوڑا پانی شامل کرکے گاڑھا مرکب تیار کرلیں۔ پنیر کے سلائس دو حصوں میں کاٹ لیں اور ہر حصے کو بیسن میں بھگو کر تل لیں۔
مولی کے پراٹھے
اشیا: آٹا ایک پاؤ، مولی ایک پاؤ، نمک، مرچ، دھنیا اندازاً، ہرا دھنیا چند پتے، ادرک پسا ہوا ایک چھوٹا چمچ، کالا زیرہ آدھا چھوٹا چمچ، گھی آدھی پیالی۔
ترکیب: (۱) آٹا گوندھ لیں (۲) مولی کے چھلکے اتار کر دھولیں (۳) مولی کدوکش کرلیں (۴) تمام مصالحے ملادیں (۵) آٹے کے دس یا بارہ پیڑے بنالیں (۶) پیڑوں میں مولی بھرلیں (۷) پراٹھے بیل کر تل لیں۔ (۸) یاد رہے کہ آنچ بالکل ہلکی ہو تاکہ مولی جو پانی چھوڑے اس میں گل جائے۔
قیمہ کی پکوڑیاں
باریک قیمہ ایک کلو، بیسن ایک کلو، سیاہ مرچ ۳ تولہ، سرخ مرچ، نمک ،ہلدی، پانی حسب ضرورت۔
ترکیب: (۱) بیسن کو گاڑھا سا گوندھ لیں۔ (۲) اس میں تمام اشیا ملا کر پھینٹیں (۳) کڑاہی میں تیل گرم کریں (۴) اس میں پکوڑیاں تل لیں۔
——

مزید

حالیہ شمارے

ماہنامہ حجاب اسلامی ستمبر 2024

شمارہ پڑھیں

ماہنامہ حجاب اسلامی شمارہ ستمبر 2023

شمارہ پڑھیں

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے حجاب اسلامی کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے  وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 600 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9810957146