ماہرینِ طب کے مطابق بادام کا تیل صحت کے لیے بہترین ہے۔ چہرے پر بادام کے تیل کی مالش سے چہرہ تروتازہ اور شاداب رہتا ہے۔ یہ طریقہ ماضی میں بہت مقبول تھا۔ شاہی گھرانے کی خواتین اسے معمول میں شامل رکھتی تھیں اب اسے ’’میجک آف ایسٹ‘‘ کے نام سے مغربی ممالک میں خاصی پذیرائی حاصل ہے۔ یہ طریقہ نہایت آسان ہے اس لیے اسے اتنا سراہاگیا۔ سب سے پہلے اپنے چہرے کو دودھ میں بھیگے کاٹن سے صاف کیجیے، صفائی کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ رگڑ نہ زیادہ ہلکی ہو اور نہ بہت زیادہ تیز بس درمیانی دباؤ رکھیں۔ اب نیم گرم روغن بادام عرق گلاب چند قطرے شامل کرکے چہرے پر مساج کے انداز میں ہلکے ہلکے مالش کریں اور یہ عمل پانچ منٹ تک جاری رکھیں۔ اس طرح چہرے کی ورزش بھی ہوجائے گی اور چہرے پر نظر آنے والی جھریاں بھی آہستہ آہستہ ختم ہوجاتی ہیں۔
خواتین کے چہروں پر اکثر موسم یا جلد کی کسی بیماری سے داغ دھبے پڑجاتے ہیں جن کی وجہ سے چہرے کے نقش اپنی جاذبیت کھودیتے ہیں۔ ان کو ختم کرنے کے لیے بلیچ لگائیں، لیموں کا رس بھی ہلکا بلیچ ہے۔ جو رنگ کو صاف کرنے، داغ دھبے دور کرنے کے لیے مؤثر دوا ہے، اس کو لگانے کا طریقہ یہ ہے کہ لیموں کا رس چہرے پر لگاکر اسے خشک ہونے دیں، جب خشک ہوجائے تو منہ ہرگز نہ دھوئیں بلکہ اس کو اسی طرح رہنے دیں، چند روز کے استعمال سے داغ دھبے دور ہونا شروع ہوجائیں گے۔
کدوکش کی ہوئی مولی چار کھانے کے چمچے لے کر اس میں چند قطرے سرکے کے ملاکر لئی سے بنالیں، اسے داغ دھبوں پر لگائیں۔ اس کے علاوہ مکھن اور دودھ بھی ایک ہلکا بلیچ ہے، اسے داغ دھبوں پر لگائیے۔ لیکن خشک ہونے سے قبل مت دھوئیے یہ نسخہ روز استعمال کریں۔ اپنے چہرے کو داغ دھبوں سے بچانے کے لیے روزانہ کلینزنگ کو اپنا معمول بنائیں تاکہ جلد کی تروتازگی برقرار رہ سکے۔
گردن ہماری شخصیت کی عکاس اور اس کی حفاظت شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس حوالے سے جس امر کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے وہ یہ ہے کہ چہرے کی حفاظت کے لیے کسی بھی طریقے کو آزماتے ہوئے گردن کو نظر انداز نہیں کریں۔ اس حوالے سے ان خواتین کو خاص خیال رکھنا ضروری ہے جو اپنے حسن کی حفاظت کے لیے گھر پر ہی ٹوٹکے آزماتی ہیں۔ انہیں چاہیے کہ جو بھی ماسک بنائیں اس کی مقدار اتنی ضرور ہو کہ وہ گردن پر بھی لگ جائے۔ اپنی گردن کی صفائی کا خصوصی خیال رکھیں اور ہفتے میں کسی بھی اچھے کلینزنگ لوشن کی مدد سے اس کی صفائی کریں۔ بصورت دیگر گردن اور چہرے کے رنگ میں نمایاں فرق پیدا ہوجاتا ہے جو پُرکشش شخصیت کی حامل خواتین کو بھی مضحکہ خیز بنادیتا ہے۔ گردن کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے اس کی ورزش نمایاں کردار کی حامل ہے۔ اس مقصد کے لیے کوئی بھی ہلکے وزن کی کتاب سر پر رکھیں اور سیدھا چلنے کی کوشش کریں خیال رہے کہ کتاب سر سے نہ گرنے پائے نیز اس دوران گردن کو بھی سیدھا رکھیں۔ اس ورزش سے گردن سڈول اور خوبصورت ہوجاتی ہے۔ بعض خواتین کو بہت موٹے تکیے کی عادت ہوتی ہے انہیںچاہیے کہ وہ اس عادت سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کریں، بصورتِ دیگر گردن میں خم پیدا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ نیز جو بھی تکیہ استعمال کریں اسے گردن کے نیچے بھی لگائیں تاکہ گردن کی جملہ تکالیف سے بچا جاسکے۔
چہرے کی جھریاں، پانی سے علاج کیجیے
نوجوانی میں جلد میں چکنا پن بڑھ جاتاہے اور دانے نمودار ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔ پاؤڈر یا فاؤنڈیشن لگانے سے یہ نقص عارضی طور پر تو چھپ جاتا ہے مگر یہ مسئلے کا حل نہیں ہے کیونکہ پاؤڈر یا فاؤنڈیشن جلد کے مساموں میں بھر جاتا ہے اور نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ لہٰذا آپ اپنی جلد کو صاف ستھرا رکھیں، غیر معیاری اور بلا ضرورت کریمیں اورمیک اپ کی دوسری اشیاء استعمال نہ کریں، دن میںکئی بار چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں تاکہ گردوغبار نکل جائے اور چہرہ تروتازہ ہوجائے۔
۲۰ سے ۳۰ سال کی عمر اور آپ کی جلد
آپ کو چاہیے کہ اپنی جلد کی رنگت اور نقوش کو نکھارنے کے لیے میک اپ کی بنیادی تکنیک سیکھیں، اس کے علاوہ جلد کی حفاظت اور دیکھ بھال کو معمول بنالیں۔
معیاری سن اسکرین کریم کا باقاعدگی سے استعمال کریں۔ ٹین ایج کے مقابلے میں اب آپ کی جلد میں چکنا پن کم ہوجائے گا لیکن دانے اب بھی ہوسکتے ہیں لہٰذا ہمیشہ آئل فری فاؤنڈیشن اور میک اپ استعمال کریں اور سونے سے پہلے میک اپ اچھی طرح صاف کرلیں۔ جب آپ جلدی میں ہوں یا پھر کسی پریشانی میں مبتلا ہوں تو کوشش کریں کہ کم سے کم میک اپ کریں گہرا میک اپ نہ کریں اس سے آپ کے چہرے پر بڑی عمر کے تاثرات نمایاں ہوں گے۔
۳۰سے ۴۰ سال کی عمر میں جلد کا خیال
اس عمر میں خواتین اپنی شخصیت سے اچھی طرح واقف ہوجاتی ہیں اور یہ جان جاتی ہیں کہ ان پر کیا چیز اچھی لگتی ہے اور کیا بری لگتی ہے۔ اور کیا چیز ان کی جلد پر اچھے اثرات مرتب کرتی ہے لیکن یہی وہ عمر ہے جب آنکھوں کے گرد جھریاں نمودار ہونا شروع ہوتی ہیں، جلد کی رنگ سانولی ہونا شروع ہوجاتی ہے اور داغ دھبے پڑنے لگتے ہیں لہٰذا اس وقت آپ کی جلد کو کہیں زیادہ احتیاط اور دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔
اپنی غذا کا خاص خیال رکھیں جو کچھ آپ کھائیں گی اس کے اثرات آپ کی جلد پر بھی ظاہر ہوں گے۔ پھل اور سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں، دودھ پئیں، چکنی اور مرچ مسالے والی اشیاء سے پرہیز کریں۔ اس عمر میں جلد کی قدرتی نمی کم ہونے لگتی ہے، لہٰذا موئسچرائزنگ کریم کا استعمال کریں خاص طور پر میک اپ سے پہلے کریم ضرور لگائیں۔
نیند کی کمی کی وجہ سے آنکھیں سوج جاتی ہیں اور حلقے پڑجاتے ہیں۔ بازار میں ایسی کریمیں بآسانی دستیاب ہیں جو آنکھوں کی سوجن کو ختم کردیتی ہیں۔ اس کو لگانے کے دس منٹ بعد کنسیلر لگائیں تاکہ حلقے چھپ جائیں۔ پانی زیادہ پئیں اور بھر پور نیند لیں۔ کھیرے کے قتلے کاٹ کر چند منٹ آنکھوں پر رکھنے سے تھکن دور ہوجاتی ہے اور آلو کے قتلے رکھنے سے حلقے کم ہوجاتے ہیں۔
۲۵؍سال سے زائد عمر کی خواتین کو چاہیے کہ وہ ہلکے شیڈ کے فاؤنڈیشن اور پاؤڈر استعمال کریں جو آپ کی جلد کی رنگت اور بناوٹ کے لیے موزوں رہے گا۔
بعض اشیاء کھانے کے ساتھ ساتھ حسن نکھارنے میں بھی مدد دیتی ہیں
٭پودینہ: پودینے کی چند پتیاں ابال کر کھلے منہ کے برتن میں ٹھنڈی جگہ رکھ دیں۔ روزانہ ایک چائے کی پیالی کے چوتھائی حصے کے برابر استعمال کرنے سے رنگ سرخ و سفید ہوجائے گا۔ نہار منہ پیا جائے تو زیادہ بہتر ہے۔ پودینہ خالص سرکہ کے ساتھ پیس کر چہرے کے داغ دھبوں اور مہاسوں پر لگائیں۔ چند دن کی پابندی سے داغ دھبے ختم ہوجائیں گے۔
٭ ٹماٹر: ٹماٹر کو بلینڈر میں بلینڈ کرکے ململ کے کپڑے سے چھان لیں۔ آدھ پیالی لیموں کا رس اور آدھا پیالی ٹماٹر کا رس ملاکر اس میں ایک چائے کا چمچہ گلیسرین دو چائے کے چمچے عرق گلاب ملالیں۔ یہ لوشن رنگ صاف کرنے کے لیے مفید ہے۔ ایک ٹماٹر کو کاٹ کر چہرے پر ملیں۔ بیس منٹ کے بعد دھولیں جلد کی حفاظت کے لیے بہترین ہے۔
٭ ادرک: ادرک کا دو تین انچ کا ٹکڑا لیں۔ اسے چھیل لیں اور جس جگہ سے بال گررہے ہوں وہاں ادرک کا ٹکڑا رکھ کر مساج کریں۔ دن میں دو تین بار یہ عمل کریں۔ بال دوبارہ اگ آئیں گے یہ نسخہ بالوں کو روکنے کے لیے بھی مفید ہے۔
٭پیاز: سر میں خارش کے لیے پیاز کا اتنا عرق لیں جو کہ پورے سر کے لیے کافی ہو، اس سے سر کا مساج کریں۔ ایک دن کے بعد کسی اچھے شیمپو سے سر دھولیں، پھر نیم گرم سر کے سے متاثرہ حصے پر مساج کریں اور اگر خشکی سر کے اوپر ہو تو تولیہ سے صاف کرلیں۔
٭ کھیرا: کھیرے کی قاشیں پیس کر دو چائے کے چمچے دودھ ایک انڈے کی سفیدی میں اچھی طرح ملالیں۔ اس سے چہرے کہ اوپر اچھی طرح ماسک کریں۔ خشک ہونے پر نیم گرم پانی سے دھولیں۔ چہرے کی خوبصورتی بڑھاتا ہے۔ کھیرے کا سلاد ضرور کھائیں یہ حسن و خوبصورتی بڑھانے کا سبب بنتا ہے۔
٭ ہلدی: ہلدی اور گیہوں کا آٹا ہم وزن گائے کے کچے دودھ میں ملاکر چہرے پر بطور ابٹن ملتے ہیں۔ یہ نہ صرف چہرے کو صاف کرتا ہے بلکہ داغ دھبوں اور جھائیوں کو بھی دور کرتا ہے۔
٭بیسن: چکنائی کی وجہ سے چہرے پر دانے نکل آتے ہیں۔ اس طرح چہرے کی خوبصورت متاثر ہوتی ہے۔ چکنی جلد ہو تو بیسن سے چہرہ دھولیں۔ کچھ دن یہ عمل کریں دانے نکلنا بند ہوجائیں گے۔